اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بورڈ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے 201 ارب روپے کے ٹرانزیکشن اسٹرکچرکی منظوری دیدی۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے نجی شعبے کو کم از کم ریونیو گارنٹی دی جائے گی۔ کرائے اور دیگر ذرائع سے آمدن کے لیے سرکلر ریلوے اسٹیشنوں پر کمرشل امور شروع کرنے کا حق بھی دیا جائے گا۔ منصوبے کا مقصد میٹروپولیٹن سٹی کو قابل اعتماد، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔ منصوبے میں 43 کلومیٹر کا دوطرفہ ٹریک اربن ریل ماس ٹرانزٹ سسٹم کی 3 سال میں تعمیر شامل ہے،جس سے ساڑھے 4 لاکھ مسافروں کو یومیہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ منصوبے کی 33 سالہ رعایتی مدت کے اختتام تک مسافروں کی 10 یومیہ آمدورفت متوقع ہے۔ یہ منصوبہ الیکٹرک ٹرینوں کا استعمال کر ے گااور ہفتے میں 7 دن اور دن میں 17گھنٹے کام کرے گا،اس میں30 اسٹیشنوں کی تعمیر شامل ہے۔ اسدعمر نے بتایا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ، حادثات ، وقت کی بچت اور صنفی مساوات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ واضح رہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ739 ارب روپے کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے۔ اجلاس میں شامل حکام کے مطابق بورڈ کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ نفع بخش نہیں ہوگا اور اسے نجی شعبے کے لیے نفع بخش بنانے کے لیے بڑی مقدار میں سبسڈیز دینی ہوں گی۔ اس کے علاوہ منصوبے سے مالیاتی، ڈیفالٹ، انٹرفیس اور ڈیمانڈ رسک جیسے خطرات بھی جڑے ہوئے ہیں۔
All posts by Khabrain News
کراچی میں کورونا کے وار جاری، پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس اوپیز کی سرعام خلاف ورزی
کراچی: (ویب ڈیسک) شہرِ قائد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک بار پھر 40 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس اوپیز کی سرعام خلاف ورزی کی جا رہی ہے، گرین لائن بسوں میں سفر کرنے والوں میں سے اکثر ماسک تک پہننے کو تیار نہیں ہیں۔ تعلیمی اداروں میں بھی کورونا کے مسلسل کیسز سامنے آ رہے ہیں جبکہ شہر کی انتطامیہ بھی کورونا پابندیوں پرعمل درآمد کرانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ادھر راولپنڈی میں مزید 6 اسکول اور 3 کالجز 3 فروری تک سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ پشاور میں خیبر گرلز میڈیکل کالج سمیت 5 تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں، ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 15مریضوں کا انتقال ہوا جب کہ 5 ہزار 200 نئے کیسز سامنے آئے اور کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد رہی۔
18سالہ ذہنی معذور لڑکی سے زیادتی کا معاملہ، 5 ماہ بعد واقعے کا مقدمہ درج
) کراچی کے علاقے بزرٹہ لائن میں 18برس کی ذہنی معذور لڑکی سے زیادتی کیس میں پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کالونی میں مبینہ طور پر پولیس اہلکار کی جانب سے 18 سال کی لڑکی سے ذیادتی کا واقعہ 5ماہ قبل پیش آیا لیکن واردات کا مقدمہ گزشتہ روز ویمن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی تاخیر اہل خانہ کی جانب سے ہوئی، مقدمہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا،جس کے مطابق 20جنوری کو جب بیٹی کے پیٹ میں درد ہوا اور جناح اسپتال میں الٹراساؤنڈ کرایا گیا تو زیادتی کے معاملے کا پتا چلا۔پولیس کے مطابق والد کی جانب سے معلوم کرنے پر بیٹی نےبتایا 28جولائی کو رانا مختیار جو پڑوسی اور رشتہ دار بھی ہے بیٹی کے بلانے کا بہانہ کرکے گھر لے گیا،اور اسلحہ کے زور پر زبردستی کی ۔ واقعے کے خلاف لڑکی کےاہل خانہ نے کراچی پولیس ہیڈ آفس پر احتجاج کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا اہلکار مختیار ایس ایس پی سینٹرل کا ڈرائیور ہے ۔ رپورٹس کے مطابق مظاہرے میں تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے بھی شرکت کی اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ۔ دوسری جانب پولیس اہلکار رانا مختیار نے خود کو ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ کے سامنے پیش کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے تمام پہلوؤں اور حقائق کی روشنی میں مقدمے کی تفتیش کی جائیگی اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ معاملے کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
سعودی حکومت نے غیرملکیوں کے اقامے اور ویزوں میں مفت توسیع کردی
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے کورونا پابندیوں کے باعث واپس مملکت نہ ہونے والے تارکین وطن کے اقاموں اور ویزوں میں ایک بار پھر مفت توسیع کا اعلان کردیا۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سفری پابندی والے ممالک میں موجود سعودی اقامہ ہولڈرز کے اقامے اور ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں 31 مارچ 2022 تک مفت توسیع کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی وزارت خزانہ اور قومی ادارہ برائے معلومات کے مشترکہ تعاون سے اقامہ (سعودی عرب کا رہائشی اجازت نامہ) اور ایگزٹ ری انٹری ویزے کی مفت تجدید کی گئی ہے۔ یہ سہولت خودکار طریقے سے مذکورہ زمروں میں شامل غیرملکیوں کو فراہم کردی جائے گی۔ اسی طرح وہ ممالک جہاں سے سعودی عرب آنے پر پابندی ہے وہاں موجود سعودی وزٹ ویزا ہولڈرز کے ویزے کی میعاد بھی 31 مارچ 2022 تک بڑھا دی جائے گی۔ خیال رہے کہ یہ سہولت صرف ان غیرملکیوں کے لیے ہے جو سعودی سفری پابندی سے متاثر ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا طریقہ انتخاب درست نہیں: محمد حفیظ
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم محمد حفیظ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخاب کے طریقہ کار پر سوال اٹھا دیا۔ نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ آج تک پاکستان کے ڈریسنگ روم میں سیاست نہیں دیکھی۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے چیئرمین کے انتخاب کا طریقہ کار درست نہیں، چیئرمین پی سی بی کا انتخاب سلیکشن کے تحت ہوتا ہے۔ محمد حفیظ نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا چناؤ انتخابات کے ذریعے کرنا چاہیے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی سیاسی بنیادوں پر آتا ہے، سیاسی طور پر آنیوالے چیئرمین کو کرکٹ کی سمجھ ہی نہیں ہوتی۔ محمد حفیظ نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈپارٹمنٹ کرکٹ ختم کرنے کے فیصلے پر اعتراض ہے۔
کورونا کی پانچویں لہر مزید 15 جانیں لے گئی، 24 گھنٹے کے دوران 5196 کیسز
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح دس اعشاریہ ایک سات فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 137 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 86 ہزار 348 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 196 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 67 ہزار 698، سندھ میں 5 لاکھ 31 ہزار 8، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 86 ہزار 537، بلوچستان میں 34 ہزار 32، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 526، اسلام آباد میں ایک لاکھ 20 ہزار 813 جبکہ آزاد کشمیر میں 35 ہزار 734 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 46 لاکھ 91 ہزار 5 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 63 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 71 ہزار 87 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 293 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 15 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 137 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 119، سندھ میں 7 ہزار 753، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 980، اسلام آباد میں 979، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 752 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
سعودی عرب کی پاکستان کیساتھ سزا یافتہ مجرموں کی حوالگی کے معاہدے کی توثیق
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ سزا یافتہ مجرموں کی حوالگی کے معاہدے کی توثیق کردی۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم مسائل پر غور کیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں دوست ممالک سے طے پائے معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کابینہ اجلاس کے اختتام میں 10 معاہدوں کی توثیق کی گئی۔
کابینہ نے حوثی باغیوں کے سعودی عرب سمیت خطے کے دیگر ممالک پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل حوثی باغیوں کی مسلسل کاروائیوں کا نوٹس لے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ سزایافتہ مجرموں کی حوالگی کےمعاہدے کی منظوری دی جبکہ انسداد جرائم میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور نشہ آوراشیا کے اجزا کی غیرقانونی تجارت روکنے کیلئے ایم اویوکو حتمی شکل دینے کی توثیق کی گئی۔
پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا، وزیراعظم عمران خان کا عزم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بحرین کے ولی عہدووزیراعظم شہزادہ سلام بن سلمان بن عیسی نے وزیر اعظم عمران خان سے فون پر لاہور میں دہشت گردحملے کی مذمت کی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کے ولی عہد،وزیر اعظم اور ڈپٹی سپریم کمانڈر شہزادہ سلمان بن عیسیٰ الخلیفہ نے ٹیلی فون کیا۔
ولی عہد نے20 جنوری کو لاہور میں دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی جس میں 3 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
ولی عہد نے پاکستان کے عوام، قیادت اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے بحرین کے ولی عہد کی جانب سے تعاون اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ تعزیت اور ہمدردی پران کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے ایک بار پھر دہشت گردی کی کسی بھی شکل کے خلاف جنگ کےپاکستان کے عزم کااعادہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی اورعالمی امور پر قریبی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
اُمید ہے ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی: وزیراعظم کا پی ایس ایل 7 کیلئے پیغام
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 شروع ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امید ہے ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 7 کا میلہ سجنے کو ہے اور ایسے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ تمام ٹیمیں اچھا کھیل پیش کریں گی۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جو27 فروری تک جاری رہے گا۔
گذشتہ ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی ) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کی شرکت کی منظوری دے دی تھی۔
وزیراعظم عمران خان ماضی میں ان کی ٹیم کا اہم حصہ رہنے والے کھلاڑی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین رمیز راجہ کے ساتھ نظر آئے۔
پیغام میں عمران خان نے کہا کہ پی ایس ایل 7 کو اوپن کر رہا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی اور لوگوں کو محظوظ کرے گی۔
دھند کے باعث موٹرویز کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے کے بعد موٹرویز کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم تھری لاہور سے سمندری تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہے۔موٹروے کو عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کیا گیا ہے۔شہری موٹروے پر سفر سے قبل ہیلپ لائن 130 سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔