پشاور : (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔
پروونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور برفباری سے 15 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک گھر مکمل تباہ ہوا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بند سڑکوں کوبحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پی ڈی ایم اے) نے شانگلہ کے متاثرہ علاقےکا دورہ بھی کیا اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو جلد معاوضہ ادا کیا جائے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہیں اور رزمک سے ڈنگین روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جنوبی وزیرستان سرحد تک سڑک سے برف ہٹا کرکنٹینرزکے گزرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے، ساتھ ہی برف میں پھنسے سیاح اور گاڑیوں کو نکالنے میں بھی مدد کر رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او ) عقیق حسین کے مطابق سیاحوں کو برف میں ڈرائیونگ سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں جبکہ سیاحوں کے لیے رزمک پولیس اسٹیشن کو کھول دیا ہے جہاں انہیں چائے،کھانے پینے اور گرم بستر کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
All posts by Khabrain News
اومیکرون کی نئی لہر، نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے اپنی شادی ملتوی کردی
نیوزی لینڈ: (ویب ڈیسک) اومیکرون کی نئی لہر کے باعث نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنی شادی کی تقریب ملتوی کردی۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے نئی کورونا پابندیوں کے اعلان کے بعد اپنی شادی کی تقریب ملتوی کردی، جیسنڈا آرڈرن کی شادی رواں سال موسم سرما میں ہونا تھی۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیلی ویژن کے میزبان کلارک گیفورڈ کے ساتھ ان کی شادی آگے نہیں بڑھے گی۔
ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ وہ اپنی شادی کی منسوخی کے بارے میں کیسا محسوس کرتی ہیں، جس پر آرڈرن نے جواب دیا کہ زندگی ایسی ہے، ہزاروں دوسرے نیوزی لینڈ کے باشندے جنہوں نے وبائی امراض سے بہت زیادہ تباہ کن اثرات محسوس کیے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ نقصان کسی عزیز کے ساتھ نہ رہنا ہے جب وہ شدید بیمار ہوتے ہیں، یہ کسی بھی دکھ کو دور کر دے گا جس کا مجھے سامنا ہے.
واضح رہے کورونا وائر س کی قسم اومیکرون کے باعث نیوزی لینڈ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے حال ہی میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔
آسٹریلین ریاستوں کا اسکولوں میں طلبہ کے ہفتے میں 2 کورونا ٹیسٹ کرانےکا اعلان
آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں بڑھتے کورونا کیسز کے سبب دو ریاستوں نے اسکولوں میں طلبہ کےہفتے میں دو کورونا ٹیسٹ کرانےکا اعلان کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیوساؤتھ ویلز اور وکٹوریا میں اگلے ہفتے سے اسکول کی کلاسز میں کورونا ٹیسٹنگ ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا بھر میں کورونا وائرس سے آج بھی 58 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، ریاست نیوساؤتھ ویلز میں 34، وکٹوریا میں 14 اور کوئنزلینڈ میں کورونا سے 10 اموات ہوئیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیوساؤتھ ویلز اور وکٹوریا میں اومی کرون ویرینٹ کی وبا عروج پر ہے، نیوساؤتھ ویلز میں کورونا کے 20 ہزار 324 کیسز اور وکٹوریا میں 13 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد اگلے ہفتے سے اسکولوں میں کلاسز شروع ہونی ہیں۔
پاک ایران سرحد کے قریب کراچی کے 2 شہری اغوا
کراچی : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاک ایران سرحدکے قریب سے کراچی کے 2 شہریوں کو اغوا کر لیا گیا۔
دونوں شہریوں کے اغوا کا مقدمہ کراچی کے علاقے لیاری کے بغدادی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہےکہ طاہر اور افتخار یورپ جانا چاہتے تھے، دونوں افراد کو زنجیروں میں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب شہریوں کے اہل خانہ کا بتاناہے کہ دونوں افراد سے آخری رابطہ کوئٹہ میں ہوا تھا۔
کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ
کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی میں رات بھریخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور شہر میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔ ادھر تیز ہواؤں اور طوفانی لہروں کے باعث ٹھٹہ کے قریب کیٹی بندر کے مقام پر تین کشتیاں الٹنے سے لاپتہ ایک ماہی گیر کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ لاپتہ ہونے والے افراد میں سے 7 کی تلاش جاری ہے۔
سندھ حکومت نے ماہی گیری اور سمندرمیں نہانے پر 7 روزکے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
مری میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں
مری : (ویب ڈیسک) ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مری میں اب تک ایک فٹ سے زائد برف پڑنےکےبعد شہری اور دیہی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔
ملکہ کوہسار میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے پر محکمہ موسمیات اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے جس کے تحت کہا گیا ہے کہ مری جانے والے محتاط رہیں، برفباری کےدوران پھسلن سے بچنےکیلئے ٹائرز میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں اور ٹائروں پر چین استعمال کریں۔
دوسری جانب بلوچستان کے شمالی اضلاع میں گزشتہ رات رواں برس کی سرد ترین رات رہی اور کان مہترزئی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر این 50 شاہراہ پرمختلف مقامات پر برف جم گئی جس کے باعث کوئٹہ ژوب ہائی وے لائٹ اور کوئٹہ زیارت شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بندکردیا گیا۔
جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخواکے کئی شہروں میں بھی بادل جم کر برسے جس سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے جبکہ پشاور میں بھی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
کراچی میں بڑی واردات، 30 سے زائد افراد سے موبائل فون چھین لیے گئے
کراچی : (ویب ڈیسک)
کراچی کے علاقے کریم آباد میں بڑی واردات ہوئی جہاں 30 سے زائد افراد سے موبائل فون چھین لیے گئے۔
کراچی کے علاقے ضلع وسطی میں موبائل فون چھینے جانے کی بڑی واردات ہوئی، کریم آبادمیں چائے کے ہوٹل میں بیٹھے 30 سے زائد افراد سے موبائل فون چھین لیے گئے، ڈاکوؤں نے نقدی اور قیمتی سامان کا بھی صفایا کردیا۔
پولیس کے مطابق 5 سے 6 ڈاکو 3 موٹرسائیکلوں پر سوار تھے اور واردات کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔
جذبہ خیر سگالی کے تحت 20 بھارتی ماہی گیر لانڈھی جیل سے رہا
کراچی: (ویب ڈیسک) جذبہ خیر سگالی کے تحت 20 بھارتی ماہی گیر قیدیوں کو کراچی کی لانڈھی جیل سے رہا کردیا گیا، قیدیوں کو لاہور میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
رہا ہونے والے بھارتی ماہی گیر مختلف وقتوں میں پاکستانی سمندری حدود سے غیر قانونی مچھلی کا شکار کرنے پر گرفتار ہوئے تھے اور لانڈھی جیل میں سزا کاٹ رہے تھے، ماہی گیروں کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاونڈیشن برداشت کر رہا ہے۔
قیدیوں کو بذریعہ بس لاہور منتقل کیا جائے گا، ڈپٹی جیل سپرنٹینڈنٹ کے مطابق پاکستانی جیلوں میں 588 بھارتی ماہی گیر قیدی موجود ہیں، 42 کے کیسز چل رہے ہیں، 516 سزایافتہ قیدی ہیں، یاد رہے بھارتی جیلوں میں بھی 620 پاکستانی ماہی گیری قید ہیں، پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی کے لیے بھارتی حکام کو اقدامات کرنے چاہئیں۔
مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی کورونا کا شکار ہو گئے
ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی کورونا کا شکار ہو گئے، خود کو قرنطینہ کر لیا۔
بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ نواز کے ممبر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی کا طبیعت خراب ہونے پر کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت نکلا۔ مرتضی جاوید نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔
دوسری جانب کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عمارہ عمار بھی کورونا کا شکار ہو گئی، ڈاکٹروں کےمشورے پر قرنطینہ میں چلی گئیں۔
‘پہلی بار عمران خان اور عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا’
لاہور : (ویب ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے جنوبی پنجاب کی عوام کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ڈسا ہوا قرار دے دیا۔
سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا تھا کہ ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے پر منافقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی عوام کو لولی پاپ دیتی آئی ہیں، اسی لیے دونوں جماعتیں جنوبی پنجاب کی محرومی میں شریک ہیں۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ پہلی بار عمران خان اور عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا، پی ٹی آئی نے بلاتفریق ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا اور اب جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں سے جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل رہے ہیں کیوں کہ جنوبی پنجاب کا مختص بجٹ صرف جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہورہا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب کے عوام کےلیے حکومت کا تحفہ اور پنجاب حکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب صوبہ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
حسان خاور نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو عملی جامہ پہنارہی ہے اگر ن لیگ اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی عوام سےمخلص ہیں تو پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔