All posts by Khabrain News

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، پارہ 47 ڈگری تک جانے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب میں موسم شدید گرم رہے گا، ملتان ،ڈیرہ غازی میں درجہ حرارت 43، لاہور میں 44 اور بہاولپور میں 45 تک جانے کی پیشگوئی ہے۔ سندھ کے علاقے موہنجو دوڑو میں درجہ حرارت 46 ،دادو اور نوابشاہ میں پارہ 47 تک جانے کی توقع ہے، بلوچستان میں نوکنڈی اور تربت میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

امریکا نے روس پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے روس پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے یوکرین پر روس کے حملے پر دباؤ بڑھاتے ہوئے جمعرات کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے منی منیجر اور ماسکو کی اشرافیہ کو لگژری بحری جہاز فراہم کرنے والی ایک کمپنی کو بلیک لسٹ میں ڈال دیا۔
امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ نئی امریکی پابندیوں میں روس کی17 شخصیات بشمول پیوٹن کے قریبی ساتھی سرگئی رولڈوگن، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروف سمیت 5 اشرافیہ کے نام بھی لسٹ میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بلیک لسٹ میں 16 ادارے،7 بحری جہاز اور تین ہوائی جہاز بھی شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ پابندیاں روس کی اشرافیہ بشمول صدر ولادیمیر پیوٹن کے استعمال کردہ کلیدی نیٹ ورکس کو نیچا دکھانے کے لیے لگائی گئی ہیں، جو پیسہ چھپانے اور منتقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور گمنام طور پر دنیا بھر میں لگژری اثاثوں کا استعمال کرتے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات مہنگی، عمران خان کی عوام سے پر امن احتجاج کی اپیل

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئر مین عمران خان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد موجودہ وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر امن احتجاج کے لیے باہر نکلیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وزیراعظم نے لکھا کہ امپورٹڈ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے (40 فیصد) فی لٹر اضافہ کر دیا، اس سے عوام پر 900 ارب روپے کا بوجھ اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بجلی کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ پورے ملک کو جھٹکا دے گا اور افراط زر کی شرح 75 سالوں میں سب سے زیادہ 30 فیصد پہنچ سکتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران مسلسل دباؤ برداشت کیا اور عوام کو 1200 ارب روپے کا معاشی ریلیف پیکیج دیا، رواں سال سال ہم نے سیلز ٹیکس کو صفر فیصد تک کم کیا اور اس کے علاوہ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے 466 ارب روپے کی توانائی کی سبسڈی فراہم کی۔ ہمارے لیے ہماری ترجیح ہمیشہ ہمارے لوگ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں 3 جون کو نماز جمعہ کے بعد سب باہر نکلیں اور عوام کو کچلنے اور ملک میں معاشی تباہی پھیلانے کے لیے امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بے تحاشا قیمتوں میں اضافے کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کریں، اس ملک میں ان کے کوئی مفاد نہیں کیونکہ حکمرانوں کے تمام اثاثے بیرون ملک ہیں۔

معاشی بحران: سری لنکن مسلمان رواں سال حج کی سعادت سے بھی محروم

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں رہنے والے مسلمان ملک میں جاری بدترین معاشی بحران کے سبب رواں سال حج کی سعادت سے بھی محروم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ آبادی والے ملک سری لنکا کی مجموعی آبادی کے تقریباً 10 فیصد افراد مسلمان ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اپریل میں سعودی عرب کی جانب سے 10 لاکھ ملکی اور غیر ملکی زائرین کو حج کی اجازت دینے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ رواں سال ایک ہزار 585 سری لنکن مسلمان حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
تاہم گزشتہ دنوں سری لنکن حج انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ملک میں جاری بدترین معاشی بحران کی وجہ سے رواں سال سری لنکن شہری حج کی سعادت حاصل نہیں کرسکیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے محکمہ مذہبی امور کے تحت قومی حج کمیٹی کے چیئرمین احکم اویس کا کہنا ہے کہ ‘سری لنکا کے عازمین کے پورے حج آپریشن پر تقریباً ایک کروڑ ڈالر لاگت آئے گی جو کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے دوران بہت بڑی رقم ہے’۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکن حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملک کو درپیش ڈالر کے شدید بحران کی وجہ سے متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کو 70 سال سے زائد عرصے کے دوران بدترین مالیاتی بحران کا سامنا ہے۔
سری لنکا کے مرکزی بینک کے گورنر نے اعلان کیا تھا کہ اب ملک دیوالیہ ہوگیا ہے کیونکہ ہم 18 مئی تک قرضوں پر عائد سود کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہے۔
اس کے علاوہ حکومت کے پاس تیل کی درآمدکے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران ہے اور تیل کی قلت کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے، شہری پیٹرول اور ایندھن کے لیے گھنٹوں قطار میں لگنے پر مجبور ہیں۔

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مدد سے بلدیاتی انتخابات کا کامیاب انعقاد ہوا: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مدد سے بلدیاتی انخابات کا کامیاب انعقاد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے ان کا استقبال کیا۔
بیان کے مطابق سپہ سالار نے فیکلٹی ممبرز کی کارکردگی کو سراہا اور فیکلٹی سے ملاقات کی ۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورس شرکا مستقبل کی جنگوں کے چیلنجز اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہیں۔
آرمی چیف نے کالج کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی، شرکا کو موجودہ جنگی چیلنجز سے نبرآزما کی تلقین کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بہتر امن و امان سے صوبے بھر میں سماجی و اقتصادی صورتحال میں بہتری آئی، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مدد سے بلدیاتی انخابات کا کامیاب انعقاد ہوا۔

عراق میں زیرِ آب چھپا 3400 سال پرانا شہر خشک سالی میں ظاہر ہوگیا

اربل: (ویب ڈیسک) رواں سال عراق میں شدید خشک سالی کے باعث دریائے دجلہ سے 3,400 سال پرانا شہر نمودار ہوا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ 2000 قبل مسیح کی میتنی سلطنت کا مرکز تھا۔
کردستان آرکیالوجی آرگنائزیشن کے ماہرین آثار قدیمہ اور جرمنی کی یونیورسٹی آف فریبرگ اور یونیورسٹی آف ٹوبینگن کے ماہرین آثار قدیمہ کی ایک ٹیم نے وسیع شہر کے بڑے حصوں کی کھدائی کی جس میں ایک محل، دیواروں اور میناروں پر مشتمل بڑی عمارتوں، کثیر المنزلہ اسٹوریج بلڈنگ اور ایک صنعتی کمپلیکس دریافت کیا گیا۔
فریبرگ یونیورسٹی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ عراق اور خاص طور پر ملک کا جنوبی حصہ مہینوں سے شدید خشک سالی سے متاثر ہے جس کی وجہ سے فصلوں کو خشکی سے بچانے کے لیے دسمبر سے موصل کے ذخائر سے بڑی مقدار میں پانی نکالا جا رہا ہے۔
پانی کی سطح میں کمی کی وجہ سے عراقی کردستان کے کیمون خطے پر واقع کانسی کے زمانے کا شہر دوبارہ نمودار ہوا جو کئی دہائیوں پہلے ڈوب گیا تھا۔
سائنسدانوں نے عراقی کرد علاقے دوہوک میں ڈائریکٹوریٹ برائے نوادرات اور ورثہ کے تعاون سے شہر کا تجزیہ کیا۔

حکومت کا پٹرول مزید 30 روپے مہنگا کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے پٹرول مزید 30 روپے مہنگا کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 209 روپے 86 پیسے ہوجائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 209 روپے 86 پیسے کا ہوگیا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ڈیزل کی فی لیٹر میں قیمت بھی تیس روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، ڈیزل کی نئی قیمت 204 روپے 15پیسے ہوگی، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھا کر 178 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت بڑھا کر 181 روپے 94 پیسے کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ چین نیا قرضہ جاری کرےگا، بلکہ شرح سود بھی کم کرےگا، پچیس مارچ کو چین نے2.3 ارب ڈالر کا قرض واپس لے لیا تھا، چین نے کافی شرائط عائد کر دی تھیں اور شرح سود بڑھا دی تھی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے چین جانے پر معاملات طے ہوئے اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کےموقع پر معاملات فائنل ہوئے، یہ قرض 1.5 فیصد کی شرح سود پر حاصل کیا جائےگا۔

اکشے کمار کی نئی فلم ’سمرات پرتھوی راج‘ پر عمان اور کویت میں پابندی عائد

ممبئی: (ویب ڈیسک) ہندوستانی بادشاہ پرتھوی راج چوہان کی زندگی پر بننے والی تاریخی فلم ’سمرات پرتھوی راج‘ پر عمان اور کویت میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی نئی فلم سمرات پرتھوی راج کل 3 جون کو ریلیز ہونے جارہی ہے تاہم پابندی کے باعث خلیجی ملک عمان اور کویت میں ریلیز نہیں ہوگی۔ مذکورہ ممالک کی جانب سے پابندی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی لیکن ممکن ہے فلم میں تاریخ کو مسخ کرکے پیش کرنے یا پھر یکطرفہ کہانی دکھانے کے سبب یہ اقدام اٹھایا گیا ہو۔
کہا جارہا ہے کہ فلم میں ہندو بادشاہ کو بہادر اور انصاف پسند جبکہ مسلمانوں کو شکست خوردہ دکھایا گیا ہے۔ سمرات پرتھوی راج میں اکشے کمار نے مرکزی کردار نبھایا ہے جبکہ فلم کو چندرا پرکاش نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
اس فلم میں سنجے دت اور سونو سود نے بھی اداکاری کی ہے۔ فلم سازوں نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں پابندی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنیکا اعلان کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ حمزہ شہباز کو مسلط رکھنے کیلئے لوٹوں کا نامزد الیکشن کمیشن ہر حد تک جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 224 کو عملی طور پر معطل کیا گیا،
فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے خطرے کا سامنا ہے، مہنگائی کے عفریت نے لوگوں کو دبوچ لیا ہے، نہیں معلوم حکومت بجٹ کیسے دے گی؟
فواد چودھری نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف غداری کے مقدمے درج کرا رہی ہے، سیاسی جماعتیں گفتگو بھی نہیں کر سکتیں، حالات یہ ہیں کہ ملک سیاسی تقسیم کا شکار ہے۔

جہاز کے پرَ کے اوپر ماڈلنگ کرتا شخص

انڈو نيشيا: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک آدمی کو جہاز کےپرَ کے اوپر چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کا جزیرہ بالی سرسبز پہاڑیوں والے خوبصورت مناظر کے لیے جانا جاتا ہے، یہ ایک مشہور سیاحتی مقام ہے جو بہت سے مسافروں اور یہاں تک کہ غوطہ خوروں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
انسٹاگرام پر ’ارتھ پکس‘ کے نام سے پیج نے بالی کے ایک فوٹوگرافر کی دلکش ویڈیو پوسٹ کی ہے جس کو دیکھ کرصارفین بھی حیرت میں پڑ گئے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوٹوگرافر سمندر کنارے ایک پہاڑی کی چوٹی پر کھڑے ہوائی جہاز کے معلق پَر کے اوپر بے خوف چل رہا ہے البتہ اسے دیکھنے والوں کی سانسیں تھم گئی ہیں۔
ایک صارف نے مذکورہ ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر میں وہاں ہوتا تو اپنے قدموں پر قابو نہ رکھتے ہوئے گر پڑتا‘۔
ویڈیو کے کیپشن میں واضح کیا گیا ہے کہ طیارے کو پہاڑی کی چوٹی پر زیادہ سے زیادہ سیاحوں کی توجہ مرکوز کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔