All posts by Khabrain News

آئی ٹی برآمدات 15 ارب ڈالر تک پہنچانے میں اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر رکاوٹ ہیں،امین الحق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر آئی ٹی آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایکسپورٹ کو آئندہ چند سال میں 15 ارب ڈالر تک لے جائیں گے تاہم اس میں اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر رکاوٹ ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو کہا ہے ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے کان پکڑنے کا اختیار دیا جائے۔
وزیر آئی ٹی نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کو اس سال کے آخری میں متعارف کروا دوں گا ، اگلے سال مارچ میں ملک کے ہر شہر میں فائیو جی ٹیکنالوجی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی آئی ٹی پارک 31 ارب روپے کی لاگت سے بن رہا ہے جس کی بنیاد اسی مہینے رکھنے جارہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن ، کے سی آر کے منصوبوں میں ایم کیو ایم کی کاوشیں شامل ہیں۔

ایف آئی اے نے ہائی پروفائل مقدمات کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ہائی پروفائل مقدمات کی تفصیلات سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کروا دیں۔
ایف آئی اے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے خلاف شوگر ملز میں خردبرد کے کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں، ایک کیس میں 4.3 ارب اور دوسرے کیس میں 2.2 ارب کی خردبرد کا الزام ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق جہانگیر ترین اور علی ترین سمیت دیگر کیس میں ملزمان ہیں، سابق رکن قومی اسمبلی کے خلاف سرمایہ کاری میں بھی خورد برد کا کیس زیر تفتیش ہے۔ ان پر سرمایہ کاری میں 3.3 ارب کی خردبرد کا الزام ہے۔ ان کے خلاف چینی سیکنڈل پر بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ای او بی آئی کرپشن کیس کی بھی سماعت کی جا رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش جاری ہے، دونوں کے خلاف 16 ارب کی منی لانڈنگ کیس میں چالان جمع ہوچکا ہے۔ ان دونوں پر ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہو سکی، منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز شریف، ملک مقصود اور طاہر نقوی مفرور ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن روک دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں 5 مخصوص نشستوں پر نامزدگی کا نوٹیفکیشن ضمنی انتخابات تک روک دیا۔
ای سی پی نے پنجاب اسمبلی میں 5 مخصوص نشستوں پر نامزدگی سے متعلق کیس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن روکتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی سیٹ کئے گئے ارکان کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے بعد مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کردیا تھا۔ ڈی سیٹ کئے جانے والے ارکان میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونیوالی خواتین سمیت 5 ارکان بھی شامل تھے۔
پاکستان تحریک انصاف نے ڈی سیٹ ہونیوالے 5 ارکان کی جگہ نئے ارکان نامزد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا تھا کہ اگر اسمبلی میں پارٹی کی نشستیں کم ہونگی تو مخصوص نشستیں بھی کم ہونگی، ضمنی الیکشن کے بعد مخصوص نشستوں پر ارکان کو نوٹیفائی کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے رکن نثار درانی سے استفسار کیا تھا کہ کیسے ابھی سے فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ضمنی انتخابات میں ایک ہی جماعت تمام نشستیں جیت کر آئے گی، ضمنی انتخابات میں وہ جماعت تمام نشستیں ہار جائے تو اس صورت میں مخصوص نشستوں پر تعینات ارکان کی کیا حیثیت ہوگی؟۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں کا آغاز

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا۔
ایل سی سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کی جانب سے نیٹ سیشن کیا گیا، کپتان بابر اعظم، فخر زمان، عبد اللہ شفیق، امام الحق سمیت دیگر بیٹرز نے ٹریننگ کی۔
بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے بیٹرز کو خصوصی ٹپس دیں، سخت گرمی میں باؤلرز نے بھی نیٹ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، فاسٹ باؤلرز کو وقفے وقفے سے ٹریننگ کرائی جارہی ہے۔

ری فنانسنگ کے معاملات طے، چین پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر دوبارہ دینے پر رضا مند

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک پر چھائی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث بڑھتے ہوئے معاشی بحران میں چین نے ایک مرتبہ پھر دوستی کا حق ادا کر دیا ، پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر دوبارہ دینے پر رضا مند ہوگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ اچھی خبر ہے ، چین پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر دوبارہ دینے پر رضامند ہوگیا، چین کے بینکوں سے ری فنانسنگ کے معاملات طے پا گئے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ دونوں جانب سے رسمی منظوری کے بعد رقم پاکستان منتقل کر دی جائے گی، اس سے زرمبادلہ کے ذخائر کے استحکام میں مدد ملے گی۔

ملکہ برطانیہ کی تخت نشینی کی پلاٹینیم جوبلی تقریبات کا آغاز

لندن: (ویب ڈیسک) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تخت نشینی کی پلاٹینیم جوبلی کی چار روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔
برطانوی ملکہ نے تخت نشینی کے 70 سال مکمل ہونے پر ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو پلاٹینیم جوبلی تقریبات کا حصہ بنے ہیں۔
دنیا بھر سے لاکھوں افراد 2 جون سے شروع ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
96 سالہ ملکہ الزبتھ دوم برطانیہ میں سب سے زیادہ عرصے تک تخت نشین رہنے والی شخصیت ہیں۔
ملکہ برطانیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ سمیت کامن ویلتھ ممالک کے ان تمام افراد کا شکریہ جو پلاٹینیم جوبلی تقریبات کا حصہ بن رہے ہیں۔
ان تقریبات کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر میں 2 بجے فوجی پریڈ سے ہوا۔
اس موقع پر ملکہ برطانیہ شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ بکنگھم پیلس کی بالکونی میں آئیں جہاں انہیں گھڑ سوار دستے نے سلامی پیش کی۔
تقریبات کے دوران توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی جبکہ شام کو ملکہ برطانیہ کے ونڈسر کیسل میں چراغاں بھی کیا جائے گا۔
3 جون کو لندن کے ایک چرچ میں تھینکس گیونگ سروس ہوگی، 4 جون کو بکنگھم پیلس میں موسیقی کی تقریب کا انعقاد ہوگا اور 5 جون کو ملک بھر میں تقریبات ہوں گی۔
خیال رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم اپنے والد کے فروری 1952 میں انتقال کے بعد ملکہ بن گئی تھیں مگر ان کی باضابطہ تاج پوشی 2 جون 1952 کو ہوئی۔

ن لیگی ایم پی اے مولانا الیاس چنیوٹی پنجاب حکومت سے ناراض ہوگئے

چنیوٹ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حکومت کے لئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی (ایم پی اے ) مولانا الیاس چنیوٹی پنجاب حکومت سے ناراض ہوگئے۔
لیگی ایم پی اے نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ چنیوٹ کو نظر انداز کیا گیا، فیصل آباد روڈ، لاہور روڈ گزشتہ کئی سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
مولانا الیاس چنیوٹی نے پنجاب حکومت کو تحریری خط بجھوا دیا جس میں لکھا کہ حکومت نے اگر ایک ارب کی گرانٹ جاری نہ کی تو پنجاب اسمبلی سے استعفیٰ دے دوں گا۔

عمران خان کے بیان کیخلاف خیبرپختونخوا اسمبلی تحریک التوا جمع

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے بیان کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحریک التوء جمع کردی ۔
مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی اور صوبائی ترجمان اختیارولی نے عمران خان کے بیان پر کے پی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کر دی، تحریک التوا میں کہا گیا کہ ہے کہ عمران خان نے پاکستان کی تقسیم کا ایجنڈا پیش کرکے قوم کی سخت دل آزاری کی ہے۔
تحریک التوا میں کہا گیا کہ عمران خان ملک کی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بھی مسلسل بیان بازی کر رہے جس کی وجہ سے قوم میں بہت زیادہ بے چینی پائی جارہی ہے، عوام یہ جاننا چاہتی ہے عمران خان کس کے ایجنڈے پر ایسی باتیں کر رہے ہیں، تحریک میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس اہم مسئلے کی نوعیت پر اسمبلی میں بحث کی اجازت دی جائے۔

عوام کو بجلی کا زوردار جھٹکا، قیمت میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ کا اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کی طرف سے چند روز قبل آئی ایم ایف کی طرف سے دباؤ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے جانے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ کا بڑا اضافہ کردیا گیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مہنگائی کے مارے عوام کو بجلی کا زور دار جھٹکا دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 2022-23 کے لئے نیشنل اوسط ٹیرف 24 روپے 82 پیسے مقرر کیا گیا ہے، اس سے پہلے نیپرا کا تعین کردہ ٹیرف 16 روپے 91 پیسے تھا جو کہ اب بڑھ کر 24 روپے 82 پیسے ہو گیا۔
نیپرا نے ٹیرف وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے جس کے بعد وفاقی حکومت اوسط اضافے پر نوٹیفکیشن جاری کرے گی، ٹیرف کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔
نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق ٹیرف بڑھانے کی وجہ کیپسٹی لاگت، عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمت میں اضافہ ہے، روپے کی قدر میں کمی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے جس میں عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے فوری طور پر قسط جاری نہ کرنے اور پٹرولیم مصنوعات سمیت بجلی کے نرخوں میں اضافے کا کہا گیا تھا جس کے بعد فوری طور پر حکومت نے 26 مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے تک کا بڑا اضافہ کیا تھا۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی وکیل اور فنانشل ایکسپرٹ کو بریفنگ جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران فنانشل ایکسپرٹ نجم شاہ نے موقف اختیار کیاکہ پی ٹی آئی نے دو ہزار نو سے دو ہزار تیرہ تک ایک ارب تینتیس کروڑ کی فنڈنگ وصول کی، جبکہ اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ کے مطابق ایک ارب چونسٹھ کروڑ روپے سے زائد وصول ہوئے۔ وکیل انورمنصور نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی صرف پاکستان کے اکاونٹس کی تفصیلات دیکھنے کی مجاز ہے ۔
فنانشل ایکسپرٹ نجم شاہ نے موقف اختیار کیاکہ پی ٹی آئی نے 2009 سے 2013 تک 1 ارب 33 کروڑ کی فنڈنگ وصول کی جبکہ سکروٹنی کمیٹی رپورٹ کے مطابق 1 ارب 64 کروڑ سے زائد وصول ہوئے۔
پی ٹی آئی ریکارڈ اور سکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں 31 کروڑ روپے سے زائد کا فرق ہے، ایسا بیانیہ بنایا جارہا ہے پی ٹی آئی نے 2 ارب سے زائد کی فنڈنگ وصول کی۔
چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ بینک فنڈز کا موازنہ کرنے کے بعد اب کیا رہ گیا ہے، جن اکائونٹس کی تفصیلات سکروٹنی کمیٹی کو نہیں دیں صرف ان کا بتا دیں، 6 سے 7 اکاونٹس متنازعہ ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے کئی فنڈز کے ذرائع نہیں بتائے۔
پی ٹی آئی کے وکیل انورمنصور نے جواب دیاکہ اسکروٹنی کمیٹی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی امریکا کے اکاونٹس کی تفصیلات نہیں دی گئیں لیکن سکروٹنی کمیٹی صرف پاکستان کے اکاونٹس کی تفصیلات دیکھ سکتی تھی۔
درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہاکہ پی ٹی آئی ابھی تک فنڈنگ کے ذرائع بتانے میں ناکام ہے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت سات جون تک ملتوی کردی۔