All posts by Khabrain News

کراچی کے شہریوں کا انتظار ختم، کل سے گرین لائن بس فعال کر دی جائے گی

کراچی کے شہریوں کا انتظار ختم ہوا، کل سے گرین لائن بس مکمل فعال کردی جائے گی۔ اکیس کلومیٹر طویل ٹریک پر 80 بسیں صبح سات سے رات دس بجے تک رواں دواں رہیں گی۔
کراچی میں گرین لائن پوری آب و تاب کے ساتھ چلنے کو تیار ہے، پیر سے بسیں اکیس کلومیٹر ٹریک پر شہریوں کو سہولت فراہم کریں گی، بائیس بس
سٹیشنز کو بھی تیار کر لیا گیا۔ سندھ اسنفراسٹرکچر کمپنی کے مطابق دس جنوری سے بس آپریشنز صبح سات سے رات دس بجے تک جاری رہیں گے۔
بہت صبر کے بعد سہولت ملی تو مسافروں نے بھی سکھ کا سانس لیا، مکمل طور پر آغاز کا دعوی ضرور ہے تاہم اب بھی گولیمار اور یوپی موڑ سمیت مختلف بس سٹیشنز پر خودکار سیڑھیوں کی تنصیب باقی ہے تو کہیں تعمیر ومرمت کا کام بھی نا مکمل ہے ۔ ایسے میں شہریوں نے کرایہ کم کرنے کا بڑامطالبہ بھی کردیا۔
ذرائع کے مطابق اسکیلیٹرز کی بیرون ملک سے درآمد میں تاخیر کے سبب مشینری کی تنصیب کا کام مکمل نہ ہوا جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ پچیس دسمبرسے اب تک کل بیس بسیں آزمائشی بنیادوں پر چارگھنٹے کے لیے چلائی جارہی تھیں۔

خیبر پختونخوا میں برفباری اور بارشوں سے نقصان کی تفصیلات جاری

پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور برفباری سے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق برفباری اور بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق، 29 زخمی ہوئے جبکہ 22 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق ڈونگا گلی سے بگنوتر تک 23 کلو میٹر روڈ کو مکمل طور پر کلیئر کردیا گیا ہے اور ڈونگا گلی سے چھانگہ گلی تک 13 کلو میٹر راستہ بھی کلیئر کر دیا گیا۔ پی ڈی ایم کے مطابق ضلعی انتظامیہ مزید بند سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اپر دیر، چارسدہ میں بارش اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا آنے والے سیاح 1700 پر کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع دے سکتے ہیں۔

ترکمانستان: “جہنم کے دروازے” کو بند کرنے کا فیصلہ

ترکمانستان میں موجود “جہنم کے دروازے” کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے ماہرین کو حکم دیا ہے کہ وہ 50 برس سے “جہنم کے دروازے” نامی گڑھے میں دہکتی آگ کو بجھانے کا کوئی راستہ نکالیں۔ ترکمانستان کے صدر نے حکام کو ہدایت کہ کہ قراکم صحرا کے وسط میں پائے جانے والے گڑھے میں گزشتہ 50 سال سے لگی آگ کو بجھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک میں قدرتی ذخائر کو نقصان پہنچا رہے ہیں جس کی وجہ سے ہم منافع کما سکتے ہیں لیکن وہ ضائع ہو رہا ہے۔ اس منافع سے ہم لوگوں کی زندگیاں بہتر کر سکتے ہیں۔ قربان قلی بردی نے کہا کہ انسانوں کے ہاتھوں بننے والے اس گڑھے کی وجہ سے ماحول اور اردگرد رہنے والے لوگوں کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس لیے ماہرین اس بارے میں کوئی راستہ نکالیں اور آگ کو بجھانے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ 1971 سے بننے والے اس گڑھے میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی متعدد کوششیں کی جا چکی ہیں لیکن ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ اس گڑھے کی چوڑائی 70 میٹر اور گہرائی 20 میٹر ہو چکی ہے اور یہ اب یہ سیاحوں کےلیے ایک پرکشش جگہ بن چکا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود رومانیہ اور سپین کے دورے پر روانہ ہو گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی رومانیہ اورسپین کے دورے پر روانہ ہو گئے، دورے کے پہلے مرحلے میں رومانیہ جائیں گے۔ وزیر خارجہ دو روز رومانیہ میں قیام کے بعد سپین جائیں گے ۔شاہ محمود رومانیہ کے وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جن میں تعلقات میں فروغ، باہمی تعاون،اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ دورے کے دوسرے مرحلے میں10 جنوری کو سپین جائیں گے جہاں اپنے ہسپانوی ہم منصب اور ہسپانوی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔ رومانیہ اورسپین دو طرفہ تعلقات اور یورپی یونین کے تناظر میں پاکستان کے اہم شراکت دار ہیں۔

نائیجیریا: ڈاکوؤں کے ہفتہ بھر حملوں میں 143 افراد ہلاک

نائیجیریا میں ایک ہفتے کے دوران ڈاکوؤں نے حملے کر کے 143 افراد کو ہلاک کر دیا۔ فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق یہ واقعات نائیجیریا کے شمال مغربی مسلم اکثریتی ریاست زمفارا کے مختلف دیہات میں پیش آئے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے سیکڑوں مسلح ڈاکو موٹر سائیکلوں پر مختلف دیہات میں گھس آئے، مقامی افراد پر فائرنگ کی، گھروں میں لوٹ مار کی اور انہیں آگ لگادی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اب تک ایک سو تینتالیس افراد کو دفنا چکے ہیں اور مزید کی تلاش جاری ہے کیونکہ بہت سے افراد لاپتہ ہیں۔ نائیجیریا کے حکام نے ان واقعات کی تصدیق نہیں کی۔

مری میں ریسکیو آپریشن،وزیراعلی پنجاب رات گئے تک نگرانی کرتے رہے

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارمری میں ریسکیو آپریشن رات گئے تک نگرانی کرتے رہے، مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا، راولپنڈی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے جوان رات بھر متحرک رہے۔ مری کی بڑی شاہراہوں پر شدید برفباری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے عمارتی درخت گرے جس سے راستے بلاک ہوگئے تھے۔ تمام سیاحوں کو رات ہونے سے پہلے ہی ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا۔ چوبیس گھنٹوں میں 500 سے زائد فیملیز کو ریسکیو کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ آئی جی پنجاب ، آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، سی ٹی او مری اور ڈی ایس پی مری رات گئے تک آپریشن میں مصروف رہے۔

سانحہ مری پر علی ظفر کا اظہار افسوس

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے سانحہ مری پر اظہار افسوس کیا ہے۔

علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مری سے نہایت ہی افسوس ناک خبریں موصول ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایسے خوفناک صورت حال کا سامنا کررہے ہیں ان کے لئے دعا گوہوں

دوسری جانب اداکارہ صبا قمر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری کی موجودہ صورتحال دیکھ کر اور اموات کے متعلق جان کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری تمام دعائیں برف میں پھنسنے والوں اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے ہیں۔

اپنے پیغام میں اداکارہ نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ اس خراب موسم کے دوران اپنے گھروں سے نکلنے پہلے موسم کی شدت کو ایک بار ضرور دیکھیں تاکہ کسی قسم کے حادثے کا شکار نہ ہوں۔

خیال رہے کہ مری میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گزشتہ روز آنے والے طوفان میں کئی گاڑیاں پھنس گئی جن کے ریسکیو کے لئے کام کیا جارہا ہے۔

مری میں اس وقت ایمرجنسی رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کے علاوہ کسی کے بھی داخلے پر پابندی ہے ،پاک فوج کے دستے انتظامیہ کے ساتھ کر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

خود کار ڈرائیونگ والی پرتعیش کیڈیلک کار

امریکی آٹو موبائل مینو فیکچرر جنرل موٹرز کے ڈویژن کیڈیلک موٹرز نے خود کار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی نئی کانسیپٹ گاڑی کو متعارف کروایا ہے۔

کیڈیلک انر اسپیس مکمل خود کار لگژری گاڑی ہے جو بجلی پر چلتی ہے، یہ دیکھنے میں ہی مستقبل کی گاڑی لگتی ہے جس کے اندر 2 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

اس گاڑی میں اسٹیئرنگ یا پیڈلز موجود نہیں بلکہ اس کی جگہ سونے والوں کے لیے کمپارٹمنٹ اور کمبل موجود ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کو چلانے کے لیے آپ کو کسی قسم کے مینوئل کنٹرول کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس گاڑی میں قدم رکھنے پر لگتا ہے کہ جیسے آپ کسی سائنس فکشن میں داخل ہوگئے ہیں، اس کے دروازے اوپر کی جانب کھلتے ہیں جبکہ ونڈ شیلڈ اور سن روف بھی اوپر کی جانب اٹھ جاتے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ الیکٹرک اور خود کار ڈرائیونگ گاڑیوں کا کردار بدل دینے والے فیچرز ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ہم اس طرح کے کانسیپٹس کے ذریعے جانچ رہے ہیں کہ ہم اس میں کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں اور اپنے صارفین کو زیادہ پرتعیش تجربے کے ساتھ اپنے لیے زیادہ وقت فراہم کرسکتے ہیں

ٹینس اسٹار نومی اوساکا زخمی، آسٹریلین اوپن میں شرکت مشکوک

جاپانی ٹینس اسٹار نومی اوساکا کی آسٹریلیا میں جاری وارم اپ ٹورنامنٹ میں زخمی ہونے کے باعث گرینڈ سلم میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

سابق عالمی نمبر ایک نومی اوساکا نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں وارم اپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی تھی۔

نومی اوساکا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا کہ انجری معمولی نوعیت کی ہے اور وہ کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔

نومی نے کہا وہ اپنے آپ کو آسٹریلین اوپن کے لئے تیار کرنا چاہتی ہیں جو کہ 17 جنوری کو شروع ہونے جارہا ہے۔

نومی نے کہا کہ وہ بہت جلد ٹینس کورٹ میں واپس آ رہی ہیں۔

نومی اوساکا نے چار مرتبہ گرینڈ سلم ایونٹ اپنے نام کئے ہیں ، انہیں گزشتہ سال یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں غیر معروف کھلاڑی لیلاہ فرنانڈیز نے اپ سیٹ شکست دی تھی۔

نومی اوساکا دو سال قبل عالمی نمبر 1 کی پوزیشن بھی حاصل کر چکی ہیں اور اس وقت وہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں 13 ویں پوزیشن پر ہیں۔

آسٹریلیا میں جاری وارم اپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل سے باہر ہونے کے بعد روس کی ویرونیکا براہ راست فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔

چیئرمین نیب کا پارلیمانی کمیٹیوں کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام پارلیمانی کمیٹیوں کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب تمام پارلیمانی کمیٹیوں میں پیش ہوں گے کیونکہ وہ معزز پارلیمنٹ کو انتہائی عزت اور احترام  کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

نیب ترجمان نے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال پہلے بھی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور آئندہ جب بھی انہیں پی اے سی یا دیگر پارلیمانی کمیٹیاں طلب کریں گی تو وہ ضرور پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو کسی بھی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

جمعرات 6 جنوری کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پی اے سی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو پیش ہونا تھا مگر وہ شریک نہیں ہوئے تھے۔

کمیٹی رکن نورعالم خان کا کہنا تھا کہ ان کیمرہ اجلاس چیئرمین نیب کے کہنے پر طلب کیا گیا تھا، اب اچانک نیب کی جانب سے لیٹر موصول ہوگیا کہ جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی منظوری نہیں دی تھی۔