All posts by Khabrain News

توہین الیکشن کمیشن، عمران خان، فواد، اسد عمر 11 اکتوبر کو طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے توہین آمیزبیانات پر عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو 11 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، ممبر خیبرپختونخوا نے اعتراض اٹھایا کہ کیا عمران خان قانون سے مبرا ہیں؟ الیکشن کمیشن کو اختیارآئین اور قانون نے دیا ہے، وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکازنوٹسز قانون کے مطابق نہیں ہیں۔
دوران سماعت ممبر بلوچستان نے سوال اٹھایا کہ کیا ذاتی حیثیت میں طلب کرنا کسی کیخلاف ہوتا ہے؟ وکیل فیصل چوہدری نےکہا کہ الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی دونوں ہی ہائیکورٹ میں فریق ہیں۔ مناسب ہوگا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے، ممبر پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں آپکے پیش ہونے کا مطلب اسے تسلیم کرنا ہے۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ کیسے ممکن ہے کہ آئینی اداروں کو تسلیم نہ کیا جائے، شوکاز نوٹسز قانون کے مطابق نہیں، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ فرد جرم عائد کرنا ملزم کیخلاف کوئی حکم جاری کرنا نہیں ہوتا۔ فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ کے فیصلے تک سماعت کو موخر کیا جائے۔
ممبر کے پی نے کہا کہ عمران خان نے کونسا پیش ہونا ہے تاریخ جب کی مرضی دیدی جائے، اس پر فیصل چوہدری بولے کہ الیکشن کمیشن دل بڑا کرے۔ ممبر کے پی اکرام اللہ نے کہا کہ دل بڑا ہونے سے کہیں ہم مر ہی نہ جائیں۔ کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو 11 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

انڈونیشیا سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پرواز کراچی پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے، اسی تسلسل میں انڈونیشیا بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے عالمی کوششوں میں شامل ہوگیا، انڈونیشیا کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی۔
انڈونیشیا کی جانب سےسیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ایک امدادی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچی، انڈونیشیا کے سفیر، قونصل جنرل، صوبائی وزیر سعید غنی، ساجد جوکھیو، این ڈی ایم اے اور پاک فوج افسران بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
اس موقع پر پاکستانی حکام نے سیلاب متاثرین کیلئے امداد بھیجنے پر انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا۔

ناک کی سرجری بعد لوگوں نے مجھے ‘پلاسٹک چوپڑا’ کہا، پریانکا کا انکشاف

نیویارک: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ناک کی سرجری غلط ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے مجھے “پلاسٹک چوپڑا” کہا۔
پریانکا چوپڑا نے گزشتہ سال اپنی بائیوگرافی کتاب “انفنشڈ” لکھی، اس کتاب سے اداکارہ کا ایک بیان انٹرنیٹ پر دوبارہ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنی سانس لینے میں دشواری اور ناک کی سرجری کے بارے میں بتایا ہے۔
پریانکا نے لکھا کہ “مجھے سانس لینے میں دشوری کا سامنا تھا جس کی وجہ سے ناک کی سرجری کروانی پڑی جوکہ غلط ہو گئی، میری اصلی ناک چلی گئی تھی، سرجری کے بعد میرا چہرہ بالکل مختلف نظر آرہا تھا، میں نے نہیں سوچا تھا کہ میرا خود کا احساس یا میری عزت نفس اس دھچکے سے کبھی ٹھیک ہو جائے گی”۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میڈیا نے میری سرجری کے بعد مجھے “پلاسٹک چوپڑا” کا نام دیا تھا اور سب مجھے اسی نام سے پکارنے لگے تھے ۔

ماحور شہزاد پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بیڈمنٹن کیلئے برانڈ ایمبیسڈر مقرر

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی پہلی بیڈ منٹن خاتون اولمپک کھلاڑی اور مسلسل چھ بار کی قومی ویمن بیڈ منٹن چیمپئن ماحور شہزاد کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحت منعقد ہونے والے پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بیڈمنٹن کے لیے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے۔
پروگرام میں اقرا یونیورسٹی کو سندھ میں خواتین اور وفاقی ریجن میں مرد و خواتین دونوں کے ٹیلنٹ ہنٹ کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
ماحور شہزاد نے کہا ہے کہ یہ پروگرام اسپورٹس کے میدان میں پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے میں مدد و معاون ثابت ہوگا اور اس کے ذریعے مستقبل کے ستاروں کو نئی راہیں اور بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

ساجد سدپارہ کا تاریخی کارنامہ، بغیر آکسیجن ماؤنٹ مناسلو کی بلند ترین چوٹی سر کر لی

کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور کوہ پیما ساجد سدپارہ نے ماؤنٹ مناسلو کی بلند ترین چوٹی بنا آکسیجن سر کر کے نئی تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق ساجد سد پارہ کی جانب سے یہ تاریخی کارنامہ سر انجام دیے جانے کی اطلاع خود ان کے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ماؤنٹ مناسلو کی بلند ترین چوٹی سر کرنے والے وہ پہلے پاکستانی ہیں، ان سے قبل یہ کارنامہ کسی اور کوہ پیما نے انجام نہیں دیا، نیپال میں واقع یہ دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ہے۔
ماؤنٹ مناسلو پر برفانی تودہ گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا ہے جس کے بعد دیگر تمام کوہ پیماؤں کی سمٹ مہم التوا کا شکار ہے۔
ساجد سد پارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر برفانی تودہ گرنے کے بعد یہ اطلاع دی تھی کہ دونوں پاکستانی کوہ پیما حفاظت سے ہیں البتہ کچھ دیگر لوگ زخمی ہوئے ہیں اور وہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو کیے جانے کے منتظر ہیں۔

لوئر اورکزئی میں پہلی بار 3 روزہ روایتی سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

پشاور: (ویب ڈیسک) لوئر اورکزئی کلایہ سپورٹس کمپلیکس میں ایف سی اورکزئی سکاوٹس کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار 3 روزہ روایتی سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، فیسٹیول میں والی بال، کرکٹ، رسہ کشی، کبڈی، سائیکل ریس کیساتھ متعدد کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے۔
قبائلی علاقے لوئر اورکزئی میں منعقدہ پروقار تقریب میں کمشنر کوہاٹ کساتھ ساتھ کمانڈنٹ اورکزئی سکاوٹس ڈی سی اورکزئی ڈی پی او اور قبائلی مشیران یوتھ اور سکول کے بچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر کوہاٹ جاوید مروت تھے، فیسٹیول میں کراٹے اور جمناسٹک کے کرتب بھی دکھائے گئے جس نے پروگرام کے شرکاء سے خوب داد وصول کی، فیسٹیول میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں امن کے حوالے سے تقاریر کی، پروگرام کے آخر میں کرکٹ، والی بال، جمناسٹک میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

رائل میل نے ملکہ الزبتھ کی یاد میں ڈاک ٹکٹ جاری کردئیے

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں رائل میل نے ملکہ الزبتھ کی یاد میں ڈاک ٹکٹ جاری کردئیے۔
تمام ڈاک ٹکٹوں پروہی تصاویرشائع کی گئی ہیں جو 2002 میں گولڈن جوبلی کے موقع پر چھاپی گئی تھیں، نئی ٹکٹوں پر ملکہ کی پیدائش اور وفات کا سال درج کیا گیا ہے۔
ٹکٹوں کی منظوری بادشاہ چارلس دیں گے جس کے بعد اس کی فروخت 10 نومبرسے شروع کردی جائے گی۔

شہریار آفریدی نے عدالت میں معافی مانگ لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی نے عدالت میں معافی مانگ لی۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا معاملہ پر کیس کی سماعت ہوئی۔ شہریار آفریدی ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شہریار آفریدی آپ بہت لیٹ آئے ہیں، جس پر شہر یار آفریدی نے کہا کہ میں کوہاٹ سے آرہا تھا اس لیے تاخیر ہو گئی معافی چاہتا ہو۔
عدالت نے وکیل انتظار پنجوتھا سے استفسار کیا کہ کیس میں آپ کونسل ہیں۔
وکیل انتظار پنجوتھا نے مؤقف اختیار کیا کہ جی میں شیخ رشید اور دیگر کا وکیل ہوں۔ جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ مزید بحث کریں گے یا کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
انتظار پنجوتھا نے کہا کہ کیا اس کیس میں درخواست ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ ہوا ہے۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ملزمان کی حاضریاں پوری کر رہے ہیں۔
جج نے وکیل فیصر جدون سے استفسار کیا کہ کیا آپ مزید بحث کریں گے یا کچھ کہنا چاہتے ہیں، وکیل نے کہا کہ صبح بابر اعوان بحث کر چکے ہیں ہم مزید نہیں کریں گے۔
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان لاہور میں ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے۔

جاپان کے سابق وزیراعظم کی آخری رسومات، اہم شخصیات ٹوکیو پہنچ گئیں

ٹوکیو : (ویب ڈیسک) قتل کیے جانے کے دو ماہ بعد جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے کی باضابطہ آخری رسومات شروع ہو گئی ہیں، جن میں شریک ہونے کیلئے کئی ملکوں کی اہم شخصیات ٹوکیو پہنچ گئی ہیں۔
سابق وزیراعظم شنزو آبے کی آخری رسومات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شرکت کی جہاں انہوں نے موجودہ وزیراعظم سے ملاقات بھی کی، آخری رسومات میں چار ہزار ملکی اور ایک ہزار غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
سابق جاپانی وزیر اعظم کی آخری رسومات کا خرچہ پونے 3 ارب روپے کے قریب ہے، جس پر عوام کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے مظاہرین کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی آخری رسومات پر آنے والا خرچہ عوام کے پیسوں سے کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو ایبے 8 جولائی کو قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس مؤخر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس مؤخر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل نہیں ہو گا۔ اجلاس میں وزیر اعظم ہاؤس آڈیو لیکس اور سیکیورٹی معاملات پر مشاورت ہونی تھی۔
اجلاس وفاقی کابینہ اور وزیر اعظم شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث مؤخر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کرنا تھی۔
وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بھی تشکیل دی ہے جس میں حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔