All posts by Khabrain News

ایشیا کپ: بھارت نے ہانگ کانگ کو شکست دیکر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 40 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔
بھارت کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں پر 152رنز بناسکی۔بابر حیات 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں2 وکٹوں پر 192رنز بنائے، سوریا کمار یادیو 26 گیندوں پر 68 اور ویرات کوہلی 44 گیندوں پر 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
سوریا کمار یادیو کی اننگز میں 6 چھکے شامل تھے۔اس کے علاوہ کے ایل راہول 36 اور کپتان روہت شرما 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے ایوش شکلا اور محمد غضنفر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہانگ کانگ نے ایشیا کپ 2022 میں اپنا پہلا جبکہ بھارت نے دوسرا میچ کھیلا، بھارت نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی،ہاردک پانڈیا کی جگہ رشبھ پنٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔
افغانستان گزشتہ روز بنگلادیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کرنا ہو گا، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔
غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پاکستان میں بڑے رقبے پر تباہی مچائی ہے،مون سون کی بارشوں کا آغاز جون سے ہوا اور اختتام اگست میں ہوا،سیلاب سے سندھ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو سیلاب سے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔سڑکیں پانی میں بہہ جانے سے لوگوں تک پہنچنے میں کچھ مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

سیلاب متاثرین کی امدادی اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹی نہ لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کی امدادی اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹی نہ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق ضروری اشیا کی درآمد پر تمام ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ ہو گی اور تمام اشیا این ڈ ی ایم اے کی تصدیق پر ٹیکس اور ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
ایف بی آر نے بتایا کہ بیرون ممالک سے موصول سامان پر بھی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس لاگو نہیں ہوں گے۔
ایف بی آر کے مطابق سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے بنیادی اشیائے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدام کیا۔

چینی شخص نے ایک ساتھ تین ریوبک کیوب اچھالتے ہوئے ساڑھے تین منٹ میں حل کردیئے

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی شخص نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے جس میں انہوں نے ہوا میں گھماتے ہوئے رنگ برنگی چھکوں پر مشتمل تین ریوبک کیوب کو حل کیا ہے اور اس میں انہیں صرف ساڑھے تین منٹ لگے ہیں۔
لی ژائی ہواؤ نے ہوا میں گھماتے ہوئے شعبدہ بازی کے کھیل کھیل میں تین ریوبک کیوب کو سیدھا کیا ہے اور اس میں صرف تین منٹ اور 29.29 سیکنڈ میں تمام رنگوں والے خانے کو یکساں طور پر برابر کیا گیا ہے۔
یہ کارنامہ انہوں ںے صوبہ فیوجیان کے شہر ژیامن میں انجام دیا ہے جس کی تصدیق اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کردی ہے۔ اس طرح انہوں نے ایک ساتھ تین ریوبک کیوب ہوا میں گھماتے ہوئے حل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس سے قبل وہ الٹا لٹک کر ریوبک کیوب اچھالتے ہوئے انہیں حل کرنے کا شاندار مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔ اسی طرح الٹا لٹک کر ایک ہاتھ سے بھی ریوبک کیوب ٹھیک کرنا ان کا محبوب مشغلہ ہے۔

سابقہ فیصلے انصاف کے ترازو کا منہ چڑھا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابقہ فیصلے انصاف کے ترازو کا منہ چڑھا رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کو 7 دن مہلت ملی تو دانیال عزیز، طلال چودھری اور نہال ہاشمی کو بھی ملنی چاہئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر آج کا فیصلہ درست ہے تو ان فیصلوں کو بھی درست کیا جائے، اگر وہ درست تھے تو اس فیصلے میں بھی انصاف ہوتا نظرآنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے مقبول ترین تین بار کے منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تا حیات نا اہل کیا گیا، تین بار کے منتخب وزیراعظم کو بیٹی کے ساتھ جیل بھجوا دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ اگر مقبولیت ہی انصاف کا پیمانہ ہے تو وزیراعظم نواز شریف کے معاملے میں یہ پیمانہ کہاں تھا؟

صدر مملکت کی عالمی برادری سے سیلاب زدگان کیلئے دل کھول کرعطیات دینے کی اپیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے قوم اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کیلئے دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔
خیبر پختونخوا کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت کے منظور شدہ فنڈز اور حلالِ احمر سمیت رجسٹرڈ تنظیموں کو دل کھول کر نقد اور اجناس عطیا کی جائیں،قوم سیلاب متاثرین کے دکھوں کا ازالہ کرنے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے عزیز کھونے اور نقصان برداشت کرنے والے متاثرین کو فوری معاوضے کی فراہمی کی ضرورت ہے، 7 لاکھ سے زائد مویشیوں، 20 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی پر فصلیں تباہ، بڑی آبادی ذریعہ معاش سے محروم ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد مکانات کو نقصان پہنچنے سے لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
صدر مملکت کاکہناتھا کہ امید ہے قوم آزمائش میں سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑے گی،سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کی تکالیف کم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،جامع حکمت عملی کے تحت متاثرین تک منظم اور شفاف طریقے سے امداد پہنچائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے ڈیلے ایکشن ڈیم تعمیر کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان کا عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں بہت کم حصہ ہے،پاکستان دنیا بھر میں کاربن اخراج سے گلوبل وارمنگ کے باعث سپرفلڈ کا شکار ہے۔

شوکت ترین نے نیب کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لینے کی اپیل دائر کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے نیب کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لینے کی اپیل دائر کردی۔
شوکت ترین نے سپریم کورٹ میں مؤقف اپنایا کہ 2014 میں نیب نے میرے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا ریفرنس دائر کیا، 30 جون 2020 کو احتساب عدالت ریفرنس میں بری کرنے کا حکم دے چکی، ریفرنس میں بری ہونے کے بعد سپریم کورٹ سے درخواست واپس لیتا ہوں۔
خیال رہے کہ شوکت ترین کی اس درخواست پر چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کل سماعت کرےگا۔

20 سے زائد ممالک کے سفارتکاروں اور نمائندوں کاسیلاب سےمتاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ 20 سے زائد ممالک کے سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔
وزیرخارجہ کے ہمراہ سفارتکاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان نے سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
ترکمانستان، بحرین، سعودی عرب، آذر بائیجان، جرمنی اور سپین کے سفارتکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔
ان کے ہمراہ امریکا، چین، فرانس، جاپان، اٹلی، جنوبی کوریا، قطر اور ترکیہ کے علاوہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے نمائندگان نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر خورشید شاہ اور وزیراعلی سندھ نے سکھر ائیرپورٹ پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سفارت کاروں کا استقبال کیا۔
سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان کو سکھر ائیرپورٹ پر سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے این ڈی ایم اے کی بریفنگ دی گئی۔
وزیر خارجہ نے مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان کو پاکستان میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔

ایشیا کپ: سوریا اور کوہلی کی شاندار اننگز بھارت کا ہانگ کانگ کو جیت کیلئے 193 رنز کا ہدف

دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے سوریا کمار یادیو کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت ہانگ کو جیت کیلئے 193 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں2 وکٹوں پر 192رنز بنائے، سوریا کمار یادیو 26 گیندوں پر 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
ہانگ کانگ ایشیا کپ 2022 میں اپنا پہلا جبکہ بھارت دوسرا میچ کھیل رہا ہے، بھارت نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،ہاردک پانڈیا کی جگہ رشبھ پنٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔
افغانستان گزشتہ روز بنگلادیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) اسپنی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کر دی جسکی نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش قبضے میں لیکر سول ہسپتال منتقل کی گئی۔
اس حوالے سے پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ہسپتال میں لاش کی شناخت عطاء اللہ کے نام سے ہوئی، فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔