All posts by Khabrain News

بلوچستان کے 32اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا عمل جاری

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ اورلسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں آج بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں، پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق 32 اضلاع میں 5 ہزار 226 پولنگ سٹیشنز ہیں جن میں سے 2 ہزار 54 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس، ایک ہزار 974 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ الیکشن میں 16 ہزار 195 امیدوار مدمقابل ہیں جن میں سے 102 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر پولیس، لیویز اور ایف سی کے جوان تعینات ہیں۔
سبی، ڈیرہ بگٹی، پشین ، بارکھان ، چاغی ، قلات اور ژوب سمیت سوراب میں بھی پولنگ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر سوراب کے مطابق علاقے میں ووٹرز کی کل تعداد 57 ہزار 339 ہے، ضلع بھرمیں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں۔ دوسری جانب بولان کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھاگ میں جعلی ووٹ کے اندراج پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کے احتجاج پر پولنگ روک دی گئی تاہم کچھ دیر بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بے خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام الیکشن دوران کسی قسم کی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

نائیجیریا: گرجا گھر میں بھگدڑ سے 31 افراد ہلاک ہوگئے

ابوجا: (ویب ڈیسک) نائیجیریا کے ایک گرجا گھر میں بھگدڑ مچنے سے 31 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نائیجیریا کی ریاست ریورز کےگرجا گھر میں پیش آیا جہاں کھانےکی تقسیم کےدوران بھگدڑ مچ گئی۔
مقامی حکام کا کہنا ہےکہ واقعےکے وقت سیکڑوں افراد گرجا گھر اور اس کے باہر موجود تھے، حادثے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کھانے کی تقسیم کے دوران کچھ لوگوں کی جلد بازی سے بھگدڑ مچی، جائے وقوعہ کی نگرانی اور حادثے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ای سی سی اجلاس : وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت سبسڈی کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت سبسڈی کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی، چاول اور دالوں پر سبسڈی جاری رکھی جائے گی جب کہ گھی کی فی کلو قیمت پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی۔
وزارت خزانہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت بقاجات کی بھی کلیئرنس کرے گی۔ ملکی ضروریات کے مطابق چین سے 2 لاکھ میٹرک ٹن کھاد کی درآمد کی اجازت دی گئی۔
ای سی سی نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمینٹ کی تمام پورٹ فولیو پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ کی منظوری دی۔

آج یا کل یہ حکومت ختم ہو کر ہی رہے گی: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج گرے یا کل، یہ حکومت ختم ہوکر ہی رہے گی اور اسے گرنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم کے ریلیف پیکج پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ عوام چوروں کے فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کررہے ہیں جو ایک ووٹ کی اکثریت اور 20 کروڑ کے ساتھ بھی اپنی حکومت نہیں بچا سکتے۔ آج گرے یا کل، یہ حکومت ختم ہوکر ہی رہے گی اور اسے گرنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جس ملک کا وزیراعظم منی لانڈرنگ کیس پر گخر کرے اور ادارے اس کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہوں تو اس کا اللہ ہی نگہبان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت تباہ حال ہے اور ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے، اس کی بہتری کے لئے جلد اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ معاشی تباہی ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ پاکستان کو معاشی بدحالی سے بچانے کے لئے جلد ہی عدلیہ اور سیاستدانوں کو بڑے اور اہم فیصلے کرنے ہونگے ۔ حکومت کی جانب سے عوام کو دی جانے والی جھوٹی تسلی ملک کی معیشت کو بہتر نہیں بنا سکتی ہے۔

عمران خان دوبارہ فساد کی کوشش کی تو جیل کا ٹچ دیکر حوالات بھیج دینگے: حمزہ شہباز

بہاولپور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران قاسم سوری کان میں کہتا ہے اسلامی ٹچ دو، یہ ہے اس کا اصل چہرہ، عمران نیازی نے جتنے ٹچ دینے تھے دے چکے،چھ روز بعد دوبارہ فساد کی کوشش کی تو ہم جیل کا ٹچ دیکر حوالات بھیج دیں گے۔
بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوم تکبیرکے موقع پرحاضرہوئے ہیں، شدید گرمی کے باوجود شیروں نے نکل کر ثابت کر دیا آپ (ن) لیگ کے سچے سپاہی ہیں، بہاولپورکے لوگ چار سال سپیڈو بس سے محروم رہے، 8ہزار لوگ سپیڈو بس پر سفر کر رہے ہیں، آپ نےاتنا پیار دیا اب 12 سپیڈو بسیں نہیں 24 آئیں گی، بہاولپوروالوں کی دن رات خدمت کروں گا، چولستان میں پانی کی کمی کا مسئلہ ہے، خورشید شاہ کو کہا پنجاب کو اس کے حصے کا پانی دیں، چولستان میں پانی کی کمی سے جانور مر گئے، خورشید شاہ کا شکرگزارہوں پنجاب کے حصے کا پانی دیا، 3 سال بہاولپور کے لوگوں سے فری نیٹ سروس چھینی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی مارچ کے لیے نکلا تھا، شہید کانسٹیبل کے 12 سال کے بچے کوحوصلہ دیا، عمران نیازی نے بچوں کوباپ کے سائے سے محروم کردیا، سیالکوٹ میں کانسٹیبل جاوید کے بچوں نے کہا ہمارا سب کچھ چلا گیا، عمران نیازی تم نے انتشار پھیلایا۔ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کو استعمال کیا، قوم اس کا 126دن دھرنا نہیں بھولی تھی، انہوں نے رینجرز، پولیس کے جوانوں کو زخمی کیا، اس نے توالیکشن کی تاریخ لینا تھا ایک دن بھی نہ رُک سکا، یہ بزدل آدمی ہے، اس نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کرغریبوں کے گھرگرائے، اس نے اپنے گھر کو ریگولرائزکرایا، ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی چکی میں پیس دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قاسم سوری کان میں کہتا ہے اسلامی ٹچ دو، یہ ان کا اصل چہرہ ہے، عمران تم نے عوام کوسبزباغ کا ٹچ دیا، اسلام آباد میں صبح 8 بجے خالی کرسیوں سے خطاب کیا، اس نے جتنے ٹچ دینے تھے دیدیئے، عمران نیازی میری بات سن لو اگر تم نے دوبارہ ایسا کیا تو تمہیں جیل کا ٹچ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ٹیلی فون آڈیولیک ہوئی اس نے سازش کا بھانڈا ہی پھوڑدیا ہے، جن کو تم بُرا بھلا انہی سے حکومت بچانے کی بھیک مانگ رہے تھے، یہ جھوٹا، فریبی ہے، جب یہ اسلام آباد گھوم رہا تھا تواس کے 24 لاکھ 90 ہزارلوگ کم تھے، جنوبی پنجاب صوبے کا ڈھونگ رچایا گیا، ابھی آٹا سستا کیا چند دنوں میں گھی، چینی سستا کرنے کی بھی خوشخبری سناؤں گا، نوازشریف نے کہا اگر گورنر ہو گا تو بہاولپورسے ہو گا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کہتا تھا آئی ایم ایف گیا تو خودکشی کر لوں گا، ہم تمہیں مجبور کریں گے تم سیاسی خود کشی کرو گے، جاوید میانداد نے کہا اس کو ایک کام بھیک مانگنی اچھی آتی ہے، آڈیولیک میں بھی یہ اپنی حکومت کے لیے بھیک مانگ رہا تھا، پٹرول مہنگا کرتے ہوئے دل کو بڑی تکلیف ہوئی، جب بیماری حد سے بڑھ جائے تو پھر الیکٹرک شاک دینا پڑتا ہے، عوام کو مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران نیازی نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا ہے، دوبارہ شیروں کی طرح آگے بڑھ کر ملک کو قائد کا خوشحال پاکستان بنائیں گے، اگر آزاد حقیقی مارچ کا مقصد یہ ہے تمہارے توشہ خانہ کے ڈاکوؤں کا سوال کوئی نہ پوچھے تو ایسا نہیں چلے گا، تمہاری انا آئین پاکستان سے بڑھی نہیں، تمہاری انا کو گریبان سے پکڑ کر اس مٹی میں دفن کردیں گے، تم نے بڑی کوشش کی میری کابینہ اورگورنرنہ آسکے، دو ماہ سے آئینی بحران پنجاب کا پیچھا کر رہا ہے۔ اب کہانی میں جیل کا ٹچ رہ گیا ہے، تمہیں جیل بھیجیں گے، دوبارہ انتشارپھیلانے کی کوشش کی توتمہیں جیل جانا پڑے گا۔

لاہور بورڈ نے لانگ مارچ کی وجہ سے ملتوی ہونیوالے پرچے کی تاریخ کا اعلان کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے 10 ویں جماعت کے ملتوی پرچے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
25مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث 10 ویں جماعت کا پرچہ منسوخ کیا گیا تھا۔
اب لاہور بورڈ نے 10 ویں جماعت کے ملتوی پرچے کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مطالعہ پاکستان کا پرچہ 11 جون کو لیا جائےگا۔

ایران: زیرِزمین ڈرون بیس کی میڈیا پر نمائش

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون طیاروں کے خفیہ بیس کی میڈیا پر رونمائی کی جس میں مختلف قسم کے ڈرون طیارے رکھے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی میجر جنرل باقری نے ملکی ڈرون پاور کے حامل خفیہ مرکز کا معائنہ کیا جس کے دوران انہوں نے اس شعبے میں مسلح افواج کی جدید ترین توانائیوں اور قومی سطح پر تیار ہونے والے انواع واقسام کے جدیدترین ڈرون طیاروں کا جائزہ لیا۔
زمین کی گہرائی میں بنے ایرانی ڈرون کے اس خفیہ مرکز کے آپریشنل ہو جانے کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران خطے کی ممتاز ڈرون پاور میں تبدیل ہو چکا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کوہ زاگرس میں موجود زیر زمین ائیربیس پر سو سے زائد ڈرون موجود ہیں، ان ڈرونز ابابیل بھی شامل ہے، جس میں قائم نو نامی میزائل استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آسمان سے زمین پر مار کرنے والا یہ میزائل امریکی ہل فائر میزائل کے برابر ہے۔

عمران خان جو انقلاب عدالت کے ذریعے لانا چاہتے ہو، ناکام بنائیں گے: مریم نواز

بہاولپور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کو بیرونی خطرہ نہیں بلکہ اندرونی انتشار اور فتنے کا خطرہ ہے اور سب سے بڑا فتنہ عمران خان ہے۔ پی ٹی آئی چیئر مین جو انقلاب تم بذریعہ سپریم کورٹ لانا چاہتے ہو عوام اس انقلاب کوبھی ناکام بنائیں گے، عدالت عظمیٰ فتنہ باز سے دور رہے اورخود کو غیر جانبدار رہنا ہو گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں، اتنی شدید گرمی میں جلسے میں شرکت پر شکریہ ادا کرتی ہوں، نوازشریف نے دباو کے باوجود بھارت کے مقابلے میں6ایٹمی دھماکے کیے، کون ہے وہ لیڈر جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے لیڈر کا نام نوازشریف ہے، پاکستان اپنی حفاظت کرنا جانتا ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی امداد ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا۔ یہ ہوتی ہے خودداری، یہ ہوتی ہے آزادی، نوازشریف نے ملک کواتنی بڑی طاقت بنادیا، اس کے بعد کارگل ہوا،ن لیگی قائد نے صرف ایٹمی دھماکے نہیں جے ایف تھنڈرکے طیارے بھی دیئے، ملک سے یہ محبت کرنے والا کر سکتا ہے، نوازشریف نے ملک کوموٹرویز، کارخانے دیئے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف، ذوالفقار علی بھٹو، افواج پاکستان، سائنسدانوں سمیت سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پاکستان کو ایٹمی دھماکے کرنے سے منع کیا گیا، کہا گیا ایٹمی دھماکے کئے تو تمہیں پتھر کے زمانے میں دھکیل دیں گے، نواز شریف نے کہا جو کرنا ہے کر لو میں ایٹمی دھماکے کر کے دم لوں گا، میرے قائد نے تو کوئی خط نہیں لہرایا، کسی سازش کا ڈرامہ نہیں کیا، ایٹمی دھماکوں کے بعد کسی کی جرات نہیں ہوئی کہ میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔ ملکی سرحدوں کو اس طرح محفوظ صرف اپنے وطن کی مٹی سے محبت کرنے والا کر سکتا ہے، نواز شریف نے اس ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کئے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے دن رات ملک کی خدمت کی، فتنہ خان تم سے پوچھتی ہے تم نے قوم کوکیا دیا؟، تم نے گالیوں، غربت، افلاس، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، فتنہ خان چیلنج کرتی ہوں اپنا ایک کارنامہ بتادو۔ آج پاکستان کو کوئی بیرونی سکیورٹی کا کوئی خدشہ نہیں، آج پاکستان کو اندرونی انتشار، فتنہ سے ہے، انتشار اور فتنہ کا دوسرا نام کیا ہے؟ پاکستان میں سب سے بڑے فتنہ اورانتشارکا نام عمران خان ہے، پاکستان کوکسی دشمن سے نہیں فساد اورفتنہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا لانگ مارچ بھی بُری طرح فیل ہوگیا ہے، نمبربدل گیا ہے تو آج سپریم کورٹ میں خط لیکرچلا گیا ہے۔ یاد ہے ناں 2014ء کے دھرنے، اقتدارکے لالچی کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی تھی، اس کا 2014ء کا بھی لانگ مارچ ناکام ہوا تھا، اس کے منہ سے نکل گیا، جسٹس کھوسہ نے کہا ہمارے پاس آؤ فیصلہ کرتے ہیں۔ کیا اب عدالتوں کا یہ کام رہ گیا جہاں عمران فیل ہوا س کی مدد کو آئیں، عمران خان جوانقلاب تم بذریعہ سپریم کورٹ لانا چاہتے ہو عوام اس انقلاب کوبھی ناکام بنائیں گے، سپریم کورٹ فتنہ باز سے دور رہے، سپریم کورٹ کو غیرجانبداررہنا ہوگا، کیاعدالتوں کایہی کام رہ گیاجہاں عمران خان فیل ہواس کی مددکوآئیں؟
مریم نواز نے کہا کہ بندے لانے کی تمہاری تیاری نہیں تھی لیکن پولیس کو سیدھی گولیاں مارنے کی پوری تیاری تھی۔ اب کہتا ہے تیاری کے بغیر نہیں آنا چاہیے، جانوروں کے بھی حقوق ہوتے ہیں تم نے 22 کروڑعوام کو بھی جانوروں سے کم سمجھ لیا، عمران خان کارکنوں کے گھر گیا اور دوسروں کی نقل کر کے گود میں لیے، کارکنوں کے بچے پوچھتے ہوں گے تمہارے بچے ٹھنڈی جگہ رہتے ہیں، اگریہ حقیقی آزادی، جہاد کا سفرہے تو اپنے بیٹے قاسم، سلیمان کو لندن کیوں بٹھایا ہوا ہے؟ قوم کے بچے سڑکوں پر لو کے تھپڑے کھا رہے ہیں، پہلے تمہارے بچے برٹش پاسپورٹ کو آگ لگائیں اور پھر آزادی مارچ کو لیڈ کریں۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ فتنہ خان شہید کانسٹیبل کمال احمد کے گھر بھی جاؤ، کانسٹیبل کوگولی مار کر شہید کر دیا گیا، شہید کے 5 بچوں کو دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا، فتنہ خان کو اقتدارسے باہر رہنے کی عادت نہیں، یہ سیاست چمکا کر واپس وزیراعظم ہاؤس جانا چاہتا ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، اس نے اپنے کارکنوں کو گندی زبان سکھا دی ہے، اس کی پیروکار خاتون نے پولیس اہلکار کو گندی گالیاں دیں، کبھی مذہب کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے، کبھی بسم اللہ، کبھی ایاک نعبدو پڑھ کر جھوٹ کے انبار لگا دیتا ہے، قاسم سوری کہتا ہے خان صاحب تھوڑا سا اسلامی ٹچ دیدیں، جو انسان اپنی سیاست کے لیے مذہب استعمال کرے اس سے زیادہ کوئی خطرناک نہیں، اسے صلح حدیبیہ نہیں کہنا آتا،
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، قیمتیں بڑھا کر دل خون کے آنسو رویا، ایک روپیہ بھی جب بڑھتا ہے تو نوازشریف، شہبازشریف، مریم کا دل روتا ہے، یہ تو کہتا تھا آلو، پیازکے ریٹ بتانے نہیں آیا، ہاں! نوازشریف، شہبازشریف آلو کے ریٹ پتا کرنے آئے ہیں، کل بڑے شوق سے شہبازشریف کا خطاب سنا تھا، وزیراعظم کے خطاب میں مذہب، غداری کارڈ نہیں تھا، شہبازشریف نے کل 28 ارب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا، تم تو چارسال کی کارکردگی کا حساب نہیں دے سکتے، شہباز شریف کی 5 ہفتے کی کارکردگی آٹا کی قیمت 40 روپے کم کر دی، شہباز شریف چینی اور کھاد کی قیمت نیچے لے آیا، یہ صرف 5 ہفتے کی کارکردگی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ضرب عضب لڑی تھی، آج (ن) لیگ اور اتحادیوں کی حکومت کے لیے سپورٹ مانگنے آئی ہوں، شہبازشریف دن رات محنت سے بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے،
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر دیکھا عمران خان عدم اعتماد کے دوران اپنے ایک دوست سے منتیں کر رہا تھا، جلسوں میں فتنہ خان کہتا ہے زرداری کو بندوق کی نشست پر رکھا ہوا تھا، اگر بقول تمہارے سازش ہوئی تھی تو انہی سازشیوں سے چپکے، چپکے کیوں منتیں کرتے تھے، جوانقلاب ہوتے ہیں وہ پولیس کے ڈر سے گھروں میں نہیں بیٹھ جاتے، اس نے25 لاکھ لوگوں کو لانے کی بات کی تھی، پورے پاکستان سے 25 ہزاربندہ بھی نہیں نکلا، تیاری نہ ہونے کا جھوٹ بولتے ہو، خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری وسائل استعمال کیے۔ مجھے خوشی ہے آپ نے فتنہ، فساد کو جہاں سے نکلا وہیں واپس بھیج دیا، خیبرپختونخوا کی عوام نے بھی فتنہ، فساد کو مسترد کر دیا، پنجابیوں نے بدلہ لے لیا، انٹیلی ایجنس رپورٹ کے مطابق پنجاب کے کسی شہر سے 200 سے زائد بندے اکٹھے نہیں کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت سے نکلا اچانک مہنگائی، ڈالرکی قیمت بھی یاد آگئی ہے، چار سال بعد نیند سے اٹھا ہے، کہتا ہے روس سے سستا معاہدہ ہونے جا رہا تھا تو معاہدہ ہوا کیوں نہیں؟ جب پٹرول کی قیمتیں بڑھاتے تھے تب معاہدہ کیوں نہیں ہواَ؟ عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا، نوازشریف نے آتے ہی بہاولپورسے گورنر کا انتخاب کیا۔ بلیغ الرحمان بہاولپور کا بیٹا ہے، جنوبی پنجاب کو چمکتا، دمکتا بنائیں گے، اگر اس ملک کی خاطر مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے تو نوازشریف کا ساتھ دوگے؟ اگر اسی طرح ساتھ دو گے تو وعدہ کرتی ہوں نوازشریف، شہبازشریف چند ماہ میں ملک کو مشکلات سے نکال لیں گے۔

عمران خان لکھ لیں اگست 2023ء میں الیکشن ہوں گے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہناہے کہ عمران خان لانگ مارچ میں 20 لاکھ لوگ لانے کا دعوے کرتے تھے، 20ہزار ہی لے آتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ آپ الیکشن کی تاریخ مانگتے ہیں، میں آج آپ کو الیکشن کی تاریخ دیتی ہوں ،لکھ لیں اگست2023 میں الیکشن ہوں گے، عدالت کو فیصلہ کرنا ہوگا عمران خان کی دھمکی میں آکر کوئی ایسا فیصلہ نہ دیں۔ عمران خان صاحب آپ نے جھوٹ بول بول کر وقت ضائع کر دیا ہے،عمران خان صاحب اب ہم کہتے ہیں آپ کو این آر او نہیں ملے گا، اس ذہنی حالت میں آپ کو بالکل بھی ٹی وی پر آنے کی ضرورت نہیں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ آپ کہتے ہیں آپ نے ٹھیکا نہیں لیاہوا، آپ کو ٹھیکا دیا کس نے ہے ،پاکستان کے وزیراعظم میں تکبر، انا اور ضد نہیں ہے، وزیراعظم دن رات محنت کررہے ہیں تاکہ پاکستان عوام آرام اور سکون سے سو سکیں ۔ سوشل میڈیا پر پولیس کے خلاف کوئی بھی مہم چلائی گئی تو اس کے نتائج آپ کو بھگتنا پڑیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب سکون کی گولی کا اثر ختم ہوتا ہے تو عمران خان ٹی وی سکرین پر نمودار ہو جاتے ہیں، ہر روز آکر اپنی ناکامی کا ماتم کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،عوام پوچھتے ہیں جو باتیں آپ آج کر رہے ہیں وہ اپنے دور اقتدار میں کیوں نہیں کیں،آپ کی پنجاب میں چار سال حکومت رہی، ماڈل ٹاﺅن واقعے کا فیصلہ کیوں نہیں کروایا۔
انہوں نے کہاکہ آپ کہتے ہیں کہ آپ نے پرامن احتجاج کی کال دی تھی،اگر احتجاج پرامن کرنا تھا تو اسلحہ اور ڈنڈے کیوں اکٹھے کئے گئے تھے،آپ کی بات مان کر کس طرح عوام 2014 کی بات بھول جاتے،آپ کی سرکاری املاک کوآگ لگانے کی تیاری تھی جو آپ نے کیا بھی،آپ کی تیاری اتنی ناقص تھی کہ ایف نائن کے پارک میں آپ جلسی بھی نہ کر سکے،سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے پر آپ نے میٹرو سٹیشن کو آگ لگائی، درختوں کو آگ لگائی۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرکے احتجاج کی کال دینا کوئی جمہوری حق نہیں،آپ سپریم کورٹ کو کہتے ہیں کہ پیسے لے کر ن لیگ کو بچاتی ہے، اگر آپ سرکاری املاک کو آگ لگانا چاہتے ہیں تو آپ کو اس کی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی،آپ تیاری کرنے کی بات کرتے ہیں ، آپ کی تیاری سو سال بھی نہیں ہوگی،آپ جتنا مرضی بول لیں، پاکستان کی عوام اب آپ کے ساتھ نہیں ہے۔

10ماہ میں برآمدات میں 27.8 فیصد اور درآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا، وزارت خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ نے ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ترسیلات زر 7 اعشاریہ 6 فیصد اضافے سے 26 ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ کی گئی اور ملکی برآمدات 27.8 فیصد اضافے سے 26.9 ارب ڈالرکی سطح تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ملکی درآمدات 39 فیصد اضافے سے 59.8 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارےمیں 13.8 ارب ڈالر کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 1.6فیصدکمی سے 1.45 ارب ڈالر رہی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی رجحان کےساتھ 473.5 ملین ڈالر ہوگئی۔
آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 57.1 فیصدکمی کے ساتھ 1570.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، زرمبادلہ ذخائر مئی کے تیسرے ہفتے تک 16.108 ارب ڈالر رہے، ڈالر کی شرح تبادلہ 201.92 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، 9 ماہ میں ٹیکس ریونیو 28.5 فیصد اضافے سے 4855 ارب روپے رہا۔