All posts by Khabrain News

9 مئی کیس: شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق تھانہ شادمان میں درج جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔

اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں جاکر سماعت کی، دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

 دیگر ملزمان میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، صنم جاوید سمیت دیگر شامل ہیں،  تھانہ شادمان پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔

9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا، اس دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا تھا، اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

شہری کو منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دیکر رشوت لینے والا اہلکار گرفتار

راولپنڈی میں شہری کو منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر رشوت لینے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

اینٹی کرپشن سرکل راولپنڈی نے تھانہ ریس کورس کے اہلکار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ تھانہ ریس کورس میں تعینات بابر نامی اہلکار نے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی۔

شہری نے بیان میں کہا کہ  حفیظ الرحمن نیازی ایک لاکھ اور بابر کانسٹیبل ایک لاکھ روپے رشوت لے چکے ہیں۔ بابر کانسٹیبل مزید 50 ہزار روپے مانگ رہا ہے۔ رشوت دینا نہیں چاہتا۔ بابر منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکیاں دے کر پیسے طلب کرتا ہے۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی کی جانب سے تشکیل دی گی ٹیم نے مجسٹریٹ کے ہمراہ پیپلز کالونی میں چھاپہ مارا۔ کانسٹیبل بابر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے نشان زدہ 50 ہزار روپے کے نوٹ برآمد کرلیے گئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

اڈیالہ جیل میں تعمیراتی کام کے دوران لفٹ گر گئی، مزدورجاں بحق

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں تعمیراتی کام کے دوران لفٹ گرنے سے مزدور جاں بحق ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق جیل کالونی میں تعمیراتی کام کے دوران لفٹ گر گئی۔ لفٹ کرنے سے ایک مزدور جاں بحق اور2 مزدور شدید زخمی ہو گئے۔

جاں بحق مزدور غلام مصطفیٰ کا تعلق  کا تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ سے ہے۔ حادثے کے بعد کام بند کردیا گیا ہے۔

سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر پاکستان کو خالصتان رہنما کی مبارک باد

خالصتان رہنما گورپتونت سنگھ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کے سیکورٹی کونسل میں غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

سکھوں کی تنظیم “سکھس فار جسٹس ” کے جنرل کونسلر، گورپتونت سنگھ پنوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط میں لکھا کہ پاکستان کا سیکورٹی کونسل میں غیر مستقل رکن منتخب ہونا اہم کامیابی ہے۔

خالصتان رہنما نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابی امن، انصاف اور یو این چارٹر کے اصولوں کے لیے پختہ لگن کی عکاسی کرتی ہے۔

گورپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابی بین الاقوامی سیاست میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اس کی سیکیورٹی اور عالمی سطح پر تعاون کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

گورپتونت سنگھ نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپ کا حالیہ بیان جس میں آپ نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی تائید کی، بروقت اور قابل ستائش ہے” پاکستان کا کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حق میں موقف سکھوں کی خالصتان کے لیے جمہوری جدوجہد کی حمایت کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔

سکھ رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی تائید عالمی برادری کو یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ مظلوم اقوام کی آزادی اور انصاف کے لئے جدوجہد کی اخلاقی اور قانونی اہمیت کو تسلیم کیا جائے۔

گورپتونت سنگھ نے کہا کہ سکھوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی حمایت پر بھی غور کریں۔ پاکستان کی قیادت سلامتی کونسل میں اہم قراردادوں کی منظوری کے لیے ممکنہ راہیں ہموار کر سکتی ہے۔

گورپتونت سنگھ نے خط اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آزادی پسند تنظیم ” سکھس فار جسٹس” پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت میں بہتری اور اس کے عالمی مسائل پر اثر انداز ہونے کی اہمیت کو سمجھتی ہے۔

پی بی 45 میں ری پولنگ؛ جے یو آئی کا نتائج تبدیل کرنے کیخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے پی بی 45 میں ری پولنگ میں نتائج تبدیل کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔

جے یو آئی کے امیدوار میر عثمان پرکانی نے سینئیر قانون دان سینیٹر کامران مرتضیٰ کے ذریعے کمیشن میں کیس دائر کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی سے متعلق کیس کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

واضح رہے کہ 5 جنوری کو ہونے والی ری پولنگ کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار امداد علی جتک کامیاب قرار پائے تھے۔ پشتونخوا میپ کے امیدوارنصراللہ زیرے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

جمعیت علماء اسلام کے امیدوار عثمان پرکانی نے الیکشن ٹریبونل میں علی مدد جتک کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

برقع پہنو اور نماز پڑھو، شاہ رُخ خان نے بیوی کو حکم کیوں دیا؟

شاہ رخ خان کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے گوری سے شادی کے وقت پیش آئے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کیا۔

فریدہ جلال کے ایک پرانے شو میں شاہ رخ نے بتایا کہ گوری کے خاندان کو ان کی مسلم شناخت کے بارے میں خدشات تھے۔ انہوں نے کہا، ’مجھے یاد ہے، گوری کا پورا خاندان بیٹھا ہوا تھا، اور میں سوا ایک بجے کے قریب وہاں پہنچا۔ وہ سب باتیں کر رہے تھے کہ یہ لڑکا مسلم ہے۔ کیا یہ گوری کا نام بدل دے گا؟ کیا یہ اسے مسلمان بنا دے گا؟‘

اسی انٹرویو میں شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کے بعد سسرال میں اپنے پہلے دن مذاق میں گوری سے کہا کہ وہ برقعہ پہن لیں اور اپنا نام عائشہ رکھ لیں۔

شاہ رخ کے مطابق ’وہ سب پنجابی میں بات کر رہے تھے۔ میں نے وقت دیکھتے ہوئے مذاق میں کہا، ٹھیک ہے گوری، اپنا برقعہ پہن لو اور نماز پڑھنے چلتے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ میرے اس مزاق پر گوری کے خاندان والے حیرت سے ہمیں دیکھنے لگے، یہ سوچتے ہوئے کہ شاید میں نے پہلے ہی اس کا مذہب تبدیل کر دیا ہے۔ پھر میں نے کہا، ’آج سے یہ ہمیشہ برقعہ پہنے گی، گھر سے باہر نہیں جائے گی، اس کا نام عائشہ ہوگا اور یہ ایسی ہی رہے گی۔‘

تاہم بعد میں شاہ رخ نے اعتراف کیا کہ ان کا اس طرح اہلیہ کے خاندان والوں کے ساتھ مذاق کرنا، خاص طور پر مذہب جیسے حساس موضوع پر، جذبات کے ساتھ کھیلنے کے مترادف تھا اور یہ عمل مناسب نہیں تھا۔

موٹرویز پر نگرانی کیلئے بائیک سروس پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر موٹرویز پر سکیورٹی و سرویلنس کیلئے موٹر بائیک سروس پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پر بیک وقت 30سے35موٹر بائیکس کو مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کرتے رہنا چاہیے،  پہلے مرحلے میں موٹروے پولیس اپنے وسائل سے بائیک سروس شروع کرے،مزید اضافہ کریں گے، این ایچ اے، موٹروے پولیس، ایف ڈبلیو او اور ضلعی پولیس مشترکہ اقدامات یقینی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹروے کے گرد حفاظتی باڑ کی چوری کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔

  وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کے اختیارات کے لئے قانون  سازی میں ترمیم کی تجویز پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کیلئے موٹروے پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی،  ایسا میکنزم اختیار کریں کہ موٹروے پر سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے، موٹروے پر جہاں جرائم اور باڑ چوری کے واقعات زیادہ ہیں اُن کی نشاندہی کریں،  جس علاقے میں باڑ چوری ہوگی وہاں کا این ایچ اے آفیسر اور موٹروے پولیس ذمہ دار ہوگی۔

عبدالعلیم خان  جن ایریاز میں حفاظتی باڑ ٹوٹ یا چوری ہو گئی ہے وہاں نئی کا بندوبست کیا جائے،  آئی جی موٹروے مقامی پولیس کے ہمراہ باڑ چوری کے کیسوں کی مکمل پیروی یقینی بنائیں۔

 وفاقی وزیر نے سیکریٹری مواصلات کو ایک ہفتے میں مربوط اقدامات کی رپورٹ پیش  کرنے کی ہدایت کردی۔

500بااثر مسلمانوں کی فہرست ، شہباز شریف ، جنرل عاصم منیر بھی شامل

وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف عاصم منیر، سابق وزیراعظم عمران خان، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی، دینی سکالر مفتی تقی عثمانی اور کئی دیگر پاکستانی 2025 کے 500 سب سے زیادہ بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل

‘دی مسلم 500: دی ورلڈز 500 موسٹ انفلوئنشل مسلمز’ ایک سالانہ اشاعت ہے، جو پہلی بار 2009 میں شائع ہوئی، جس میں دنیا بھر کے سب سے زیادہ بااثر مسلمانوں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔

یہ اشاعت اردن کے عمان میں واقع رویل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کے ذریعہ مرتب کی جاتی ہے۔

اس اشاعت میں ان مسلم شخصیات کے اثرات کا جائزہ لیا جاتا ہے جو ثقافتی، نظریاتی، مالی، سیاسی یا دیگر طریقوں سے مسلمانوں پر اہم اثر ڈال کر دنیا بھر کے مسلمانوں پر گہرا اثر چھوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس سال کی اشاعت میں کئی پاکستانیوں کے نام شامل ہیں، جن میں سول اور فوجی حکام، فلاحی کارکنان اور مختلف شعبوں میں اپنے غیر معمولی کام کے لیے جانے جانے والے افراد شامل ہیں۔

اشاعت میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے بارے میں لکھا گیا:
“شہباز شریف نے مارچ 2024 میں پاکستان کے 24ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھایا، اور اس سے پہلے 2022-23 میں وہ 23ویں وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جب سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی تھی۔”

اس فہرست میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا نام بھی شامل ہے۔
“عاصم منیر ایک دینی اور علمی خاندان کے فرد ہیں، اور وہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے فوجی سربراہ ہیں جو حافظ قرآن ہیں,” اشاعت نے لکھا۔
“انہوں نے پاکستان کی دونوں اہم ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔”

چیمپئینز ٹرافی: شکیب الحسن کے لیے خطرے کی گھنٹی

بنگلادیش کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن کی پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی 2025 میں اسکواڈ میں شمولیت غیر یقینی دیکھائی دینے لگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کاؤنٹی چیمپئین شپ کے دوران سابق بنگلادیشی کپتان و آل راؤنڈر شکیب الحسن کے بالنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیدیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ انگلینڈ کی لافبرو یونیورسٹی میں ٹیسٹ کیا گیا اور وہ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تھے، جس کے نتیجے میں ان پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں بالنگ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

تاہم شکیب الحسن چنئی میں دوبارہ بالنگ ٹیسٹ کروائیں گے جس کے بعد انکے مستقبل کا فیصلہ ہوسکے گا، اگر کرکٹر دوبارہ ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تو انکی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شرکت مشکوک ہوگی۔

چیمپئنز ٹرافی میں بنگلادیش کا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بھارت کے خلاف شیڈول ہے جبکہ ایونٹ میں شریک تمام 8 ٹیموں کو 12 جنوری تک اپنے حتمی اسکواڈ جمع کرانا ہوں گے۔

غیر یقینی صورتحال کے باوجود بنگلادیش کے کپتان نجم الحسین شانتو اور بی سی بی کے صدر فاروق احمد شکیب الحسن کی ٹیم میں شمولیت کی حمایت کررہے ہیں تاہم سلیکٹر کی طرف سے انکی اسکواڈ میں شمولیت پر اختلاف ہے۔

شیرافضل مروت کا حکومت، پی ٹی آئی کو مخالفانہ بیانات سے گریز کا مشورہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیرافضل مروت نے حکومت اور اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے ایک دوسرے خلاف بیانات سے گریز کا مشورہ دے دیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی تیسری بیٹھک تک فریقین کو تحمل سے کام لینا چاہیئے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ دکھانا اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات نہیں دینا چاہیئے۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ بیانات سے مذاکرات کا ماحول خراب ہوگا، خان صاحب نے بہت لچک دکھائی ہے، خان صاحب نے کہا کہ اگر مذاکرات ٹیم کو ملنے نہیں بھی دیا جارہا تو تیسرے، چوتھے سیشن کے لئے مذاکراتی ٹیم کو بیٹھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ  تحریری مطالبات کو انا کا مسلہ بنایا گیا تھا،  خان صاحب نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے کہ ہم مذاکرات کررہے ہیں، بانی نے کہا کہ یہ ہمارے مطالبات ہیں تو تحریری طور پر دینے میں کوئی حرج نہیں ہے، ٹرائل کورٹ سے سزاؤں کے ہم عادی ہوگئے ہیں۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ احتساب عدالت کا جو بھی فیصلہ آتا ہے اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، حیران کن بات یہ ہے کہ میڈیا کو ایک دن پہلے پتہ چلتا ہے کہ کل فیصلے کی تاریخ کو ملتوی کیاجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کس نے میڈیا کے ساتھ یہ بات شیئر کی اور عین وہی پھر ہوا بھی،  ان کیسز کا کیا انجام ہوتا ہے سب کو علم ہے۔