All posts by Khabrain News

عراق میں مسافر بس کو حادثہ؛ 9 اسکول ٹیچرز سمیت11 افراد جاں بحق

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق میں افطار سے واپس آتے ہوئے اسکول انتظامیہ کی بس سامنے سے آنے والی گاڑی ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 9 اسکول ٹیچرز بھی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے شہر کربلا میں مسافر بس اور ہیوی گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 11 افراد موقع پر ہی جان بحق ہو گئے جن میں 9 اسکول ٹیچرز بھی شامل ہیں۔
بس کے مسافر ایک افطار پارٹی سے واپس آ رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی تیز رفتار گاڑی سے بس ٹکرا گئی۔ حادثے میں 5 مسافر زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عراق میں ٹریفک حادثات عام ہیں، گزشتہ برس بھی 1 ہزار سے زائد مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

2022-23 سیزن، ملک میں کرکٹ کی بہار خوشبو پھیلاتی رہے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) 2022-23سیزن کے دوران ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بہار خوشبو پھیلاتی رہے گی جب کہ شیڈول میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے ڈبل ٹورز شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیموں کی آئندہ 12 ماہ میں مصروفیات پر مشتمل انٹرنیشنل سیزن کی پوری ڈیٹ شیٹ جاری کردی ہے،آسٹریلوی ٹیم کی دورے کے بعد نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی آمد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بہار جوبن پر ہوگی۔
مئی 2022 سے مئی 2023 تک مختلف اوقات میں 5 ٹیمیں ٹور کریں گی، مجموعی طور پر سیزن میں 7 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل 7 میچز میں سے 2 سری لنکا، 3 انگلینڈ اور 2 نیوزی لینڈ کیخلاف شیڈول ہیں،مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 12 ون ڈے میچز ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور نیدر لینڈز کے خلاف ہوں گے۔
اس دوران پاکستان ٹیم اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی حصہ لے گی، ان 2 ایونٹس کے علاوہ گرین شرٹس آئندہ 12 ماہ میں انگلینڈ سے 7 ، ویسٹ انڈیز3 اور نیوزی لینڈ کیخلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلیں گے۔
انگلش ٹیم ستمبر، اکتوبر کے بعد نومبر، دسمبر میں دوبارہ پاکستان آئے گی، نیوزی لینڈ کی ٹیم دسمبر ، جنوری کے بعد آئندہ سال اپریل، مئی میں بھی پاکستانی میدانوں کی رونقیں بڑھائے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈین سائیڈ 3ون ڈے میچز 5 سے 12 جون تک راولپنڈی میں کھیلے گی،جولائی اور اگست میں پاکستان ٹیم دورئہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلوں میں شریک ہوگی۔
اگست میں ہی گرین شرٹس نیدر لینڈز میں 3 ون ڈے میچز کھیلیں گے،یکم تا 17 ستمبر تک پاکستان ٹیم اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا حصہ بنے گی، ستمبر، اکتوبر میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان میں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،آسٹریلیا میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، بعد ازاں نومبر ، دسمبر میں انگلش مینز ٹیم پاکستان میں 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے آئے گی۔
دسمبر ، جنوری میں نیوزی لینڈ کا اسکواڈ پاکستانی میدانوں کی رونقیں بڑھاتے ہوئے 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلوں کا حصہ بنے گا، جنوری میں گرین شرٹس 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کیریبیئنز کے میزبان ہوں گے،اپریل، مئی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں 5 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل رہی ہوگی۔دوسری جانب قومی ویمنز ٹیم بھی 8 انٹرنیشنل سیریز میں حصہ لے گی۔
ان میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں، گرین شرٹس 24 مئی تا 5 جون تک کراچی میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سری لنکا کی میزبانی کریں گی،12 تا 24 جولائی پاکستان ٹیم میزبان آئرلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بیلفاسٹ میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی، گرین شرٹس 25 جولائی تا 8 اگست برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں شریک ہوں گی۔
10 تا 25 ستمبر 19ویں ایشین گیمز چین کے شہر گانگزو میں شیڈول ہیں،30 اکتوبر تا 19 نومبر آئرلینڈ کی ویمنز ٹیم پہلی بار پاکستان کے دورے پر ہوگی، اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ نومبر اور دسمبر میں ہوگا، 4 جنوری تا یکم فروری پاکستان ٹیم دورئہ آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے گی،جنوری اور فروری میں آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور2 تا 26 فروری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جنوبی افریقہ میں ہونگے۔

پرویز الہیٰ کی زخمی حالت میں مخالفین کو ہاتھ اٹھا کر بدعائیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پرویز الہیٰ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کا الزام انہوں نے مسلم لیگ ن اور حمزہ شہباز پر عائد کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کا چھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والا ہنگامہ خیز اجلاس کی ووٹنگ کے بعد نتیجہ بھی آگیا، جس میں حمزہ شہباز 197 ووٹ لے کر پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی صدارت میں شروع ہونے والے اجلاس میں حکومتی بینچز پر بیٹھے اراکین نے شدید نعرے بازی کی اور لوٹے پھینکے، تھوڑی دیر بعد صورت حال کشیدہ ہوئی اور اراکین نے دوست محمد مزاری کو گھیر کر اُن پر تشدد کیا، جس پر سیکیورٹی اہلکار انہیں تحویل میں اپنے ساتھ لے کر روانہ ہوئے۔
بعد ازاں اراکین آپس میں گتھم گتھا ہوئے اور منحرف ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران پولیس کی بھاری نفری بھی ایوان میں پہنچی۔ اسی دوران کچھ اراکین سابق وزیراعلیٰ اور سینئر سیاست دان چوہدری پرویز الہیٰ کی نشست کی جانب بھی بڑھے اور انہیں زدوکوب کیا۔
اس دوران چوہدری پرویز الہیٰ کی طبیعت خراب ہوئی جس پر انہیں ایوان میں تعینات سیکیورٹی اہلکار اپنے ساتھ لے کر گئے اور چیمبر میں منتقل کیا، جہاں اُن کو آکسیجن فراہم کی گئی۔ اس کے بعد پرویز الہیٰ ہاتھ پر پٹی باندھے اور منہ پر آکسیجن ماسک لگا کر سامنے آئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں مسلم لیگ ن کے رکن رانا مشہود اور ساتھیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث ان کا ہاتھ ٹوٹ گیا اور سانس لینے میں بھی دشواری پیش آئی۔
ایوان میں ووٹنگ سے قبل چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک ویڈیو ریکارڈ کی جس میں وہ ہاتھ اٹھا کر تشدد کرنے والے اراکین کو بدعائیں دے رہے تھے۔

کراچی کی 70 فیصد اسٹریٹ لائٹس بند، شہری ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر

کراچی: بلند وبانگ دعووں کے باوجود شہر قائد کا کوئی پرسان حال نہیں، یہاں کی ستر فیصد اسٹریٹس لائٹس بند پڑی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کی ستر فیصد اسٹریٹ لائٹس بند ہیں، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے ذمہ داران اور متعلقہ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی کے باعث رات بھر اندھیرا چھایا رہتا ہے۔

سینئر بلدیاتی افسروں کا کہنا ہے کہ چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے جبکہ ماضی میں شہر میں ایک ساتھ اتنی اسٹریٹ لائٹس بند نہیں ہوئیں، جن اہم سڑکوں کی اسٹریٹ لائٹس بندہیں ان میں شاہراہ فیصل، ملیر ہالٹ تا سپر ہائی وے، جہانگیر روڈ، راشد منہاس روڈ، شاہراہ نورجہاں، یونیورسٹی روڈ، ایکسپریس وے سمیت لانڈھی کورنگی، ملیر ،گلشن اقبال،فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نایاپ پرندوں کی بقاء و سلامتی، رات کے وقت اسٹریٹ لائٹس بند کرنے کا فیصلہ

ایک اندازے کے مطابق شہر کے ستر فیصد اسٹریٹ لائٹس بند رہتی ہیں، مرکزی شاہراہوں اور فلائی اوورز پر اندھیروں کے باعث شہری اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر گزرتے ہیں، یہ وہی شاہراہیں ہیں جنہیں اسٹریٹ کرائم میں ملوث افراد کی آماجگاہیں بھی کہا جاتا ہے۔

واضح رہے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز سے فی پول کے حساب سے بل چارج کیا جاتا ہے، لائٹس بند رہنے سے بجلی کا بل کم نہیں ہو تا۔

پی ٹی آئی کا آج کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ، عمران خان و دیگر خطاب کرینگے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، باغ جناح گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں مکمل، عمران خان اور دیگر قائدین خطاب کریں گے جبکہ انتظامیہ نے جلسہ رات بارہ بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
حکومت سے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے، پشاور کے بعد شہر قائد میں میدان لگ گیا ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن دیا گیا کہ مزارِ قائد کے سائے تلے بانیانِ پاکستان کی اولادیں آج پھر ایک بار انگریزوں کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے عمران خان کی قیادت میں اس تاریخی جدوجہد کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد ان کی وزارت عظمیٰ کا دور اپنے اختتام کو پہنچا اور ان کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

جس طرح پرویز الٰہی کو زخمی کیا گیا یہ قابل افسوس ہے: چودھری شجاعت

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جس طرح پرویز الٰہی کو زخمی کیا گیا یہ قابل افسوس ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران چودھری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے تھے۔
چودھری پرویز الٰہی کے زخمی ہونے کے واقعے پر بات کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج جو پنجاب اسمبلی میں ہوا وہ افسوس ناک ہے، جس طرح چودھری پرویز الٰہی کو زخمی کیا گیا یہ قابل افسوس ہے، میں اور چودھری وجاہت بھی اسمبلی کی کی جانب روانہ ہیں، ہمیں مال روڈ کے قریب پولیس نے روکا اور آگے نہیں جانے دے رہے۔

پنجاب کے بھائیو اور بہنو ! آپ کا چھینا ہوا مینڈیٹ آپ کو لوٹا دیا گیا: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے بھائیو اور بہنو ! 2018 میں آپ سے آپ کا چھینا ہوا مینڈیٹ آپ کو لوٹا دیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پنجاب کے بھائیو اور بہنو ! 2018 میں آپ سے آپ کا چھینا ہوا مینڈیٹ آپ کو لوٹا دیا گیا ہے، آپ کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے ٹوٹا تھا، آپ کا حق آپ کو ملے گا، لاھور سے چلنے والی ”مال گاڑی“ سے بنی گالہ نہیں جائے گا۔
قبل ازیں پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کے بعد دوبارہ شروع ہوا، ووٹنگ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف 197 ووٹ لیکر پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے جبکہ ان کے مقابلے میں چودھری پرویز الٰہی کو کوئی ووٹ نہیں پڑا۔
قبل ازیں مریم نواز نے کہا تھا کہ غنڈہ گرد اور سڑک چھاپ پی ٹی آئی کا جڑ سے خاتمہ ہر پاکستانی کا اولین فرض ہے، یہ کلچر کسی طرح بھی ملک و قوم کے لیے اچھا نہیں بلکہ تباہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فوری سدباب اور خاتمہ ضروری ہے، پنجاب کے عوام ان کے چہرے پہچان لیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنا چاہے پھڑپھڑا لو، پنجاب کا حق پنجاب کے عوام کو آج انشاءاللّہ مل کر رہے گا، وہ ترقی جو 2018 میں ان سے چھین لی گئی تھی، وہ پنجاب واپس لے کر رہے گا۔

183 جانوروں کو زندہ حالت میں فریز کرنے والا گرفتار

امریکا میں 183 جانوروں کو زندہ حالت میں فریز کرنے والے ظالم شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا میں حکام نے ایک شخص کو جانوروں پر ظلم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے، مائیکل پیٹرک ٹرلینڈ کے گیراج میں موجود فریزر سے 183 مردہ جانور برآمد ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے کچھ جانوروں کو زندہ حالت میں ہی منجمد کر دیا گیا تھا۔
جمعرات کو مقامی پولیس نے بتایا کہ پولیس حکام اور محکمہ اینیمل کنٹرول کے افسروں نے یہ جانور ایک خاتون کی شکایت کے بعد تین اپریل کو گیراج کے فریزر میں دریافت کیے۔
خاتون نے شکایت کی تھی کہ مائیکل پیٹرک ٹرلینڈ نے ان سے افزائش نسل کے لیے سانپ لیے تھے، جو واپس نہیں کیے گئے۔ پولیس کے مطابق منجمد جانوروں میں کتے، چوہے، خرگوش، چھپکلیاں، کچھوے، پرندے اور سانپ شامل تھے۔
اہل کاروں نے کہا کہ کئی جانوروں کے جسم کی حالت دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ وہ زندہ ہی جم گئے تھے، ملزم کو بدھ کے روز ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
انھوں نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ کچھ جانوروں کو اس وقت فریزر میں رکھا گیا جب وہ زندہ تھے۔

سی پیک کے معاملے میں بھی سابق حکومت کی آنا اڑے آگئی، وزیراعلیٰ پنجاب

پنجاب کے نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے صوبائی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے معاملے میں بھی سابق حکومت کی انا آڑے آگئی جس کی وجہ سے ملکی ترقی کو داؤ پر لگادیا گیا۔
انہوں نے بطور قائد ایوان اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب اسمبلی میں آئین و قانون کا مذاق اڑایا گیا جبکہ دوہفتوں سے ہیجانی کیفیت طاری رہی لیکن برا وقت آتا ہے اللہ کے کرم سے چلا جاتا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا تھا خودکشی کرنا تھی،جوزیادہ بدتمیزی کرتا ہےاسے ٹائیگرکہا جاتا ہے، عمران نیازی نے عوام کو ایک کروڑنوکریوں کاجھانسہ دیا،بجلی61 فیصد گیس167 فیصد نیازی کےدومیں مہنگی ہوئی۔
حمزہ شہباز پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ منتخب
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تشدد، گرفتاریوں، ہنگامہ آرائی کے باوجود حمزہ شہباز 197 ووٹ لے کر پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ہنگامہ آرائی کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے نئے وزیراعلیٰ کے لیے ووٹںگ کرائی۔ بعدازاں دوست محمد مزاری کی جانب سے باضابطہ نتیجے کا اعلان کردیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ کے لیے امیدوار پرویز الٰہی کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکے جب کہ حمزہ شہباز 197 ووٹ لے کر پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

دی ہنڈریڈ ایئرز: فلم تیار ہے، لیکن 2115 میں ریلیز ہوگی

فلمی دنیا کا ایک دلچسپ واقعہ سال 2015 میں اس وقت سامنے آیا جب اگلی صدی کی دنیا پر مبنی ایک مختصر فلم بنائی گئی اور اسے محفوظ کرلیا گیا۔ اب یہ فلم ٹھیک ایک سو برس بعد سال 2115 میں ریلیز کی جائے گی۔
اس فلم کے مرکزی کردار جان مالکووچ اورشویا چینگ ہیں جنہوں نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ فلم مین 2015 کے لحاظ سے اگلے سو برس کی دنیا دکھائی گئی ہے۔ اس فلم کا اگرچہ کوئی ٹریلر ریلیز نہیں کیا گیا ہے لیکن ٹیزر دستیاب ہے۔
فلم کے ہدایت کار رابرٹ روڈریگز ہیں اور اس کی کہانی بھی جان مالکووچ نے ہی تحریر کی ہے۔ فلم کا پورا نام ’دی ہنڈریڈ ایئرز: دی مووی یو ول نیور سی‘ رکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اسے اپنی زندگی میں نہیں دیکھ سکیں گے تاہم سو سال بعد کے لوگ اسے دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے کہ ہم نے اگلے سو برس کی ترجمانی درست کی تھی یا نہیں۔
اس سے قبل بوائے ہڈ نامی فلم بھی اسی موضوع پر تھی جس میں ایک بچے کو مسلسل بارہ برس تک فلمایا گیا اور اسے بچپن سے بالغ ہوتے دکھایا گیا تھا۔ تاہم دی ہنڈریڈ ایئرز ایک مختلف قسم کی سائنس فکشن فلم ہے جو ایک صدی بعد ریلیز ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ اسے آرٹ کا ایک طویل عرصے تک جاری رہنے والا منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔
لیکن یاد رہے کہ اس فلم میں لوئی ہشتم سے معنون انگوروں کی شراب کو فروغ دیا گیا ہے جو دنیا کی پرانی ترین اور مہنگی ترین شرابوں میں سے ایک ہے۔ کئی دہائیوں پرانی ایک بوتل اب بھی 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوتی ہے۔
اس فلم کو ایک خودکار بلٹ پروف لاکر میں رکھا گیا ہے جس میں ٹائمر لگا ہے اور 2115 کے 18 نومبر کو وہ ازخود کھل جائے گا۔ 2115 میں فلم کی ریلیز میں دنیا بھر کے 100 مشہور افراد کو مدعو کیا جائے گا۔