لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے طویل سوال کے جواب میں صرف ‘نوکمنٹس’ کہہ دیا۔
بابراعظم نے لاہور میں ہونے والی میڈیا ٹاک میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بندش پر لب کشائی نہیں کی۔ صحافی نے بابر اعظم سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے طویل سوال پوچھا۔ بابر سوال سنتے رہے لیکن جب جواب دینے کا وقت آیا تو مسکراتے ہوئے صرف ‘نو کمنٹس’ کہا۔
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی نوجوان نسل کے پسندیدہ گلوکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر یہ کبھی شیئر نہیں کروں گا کہ میرے اور اہلیہ، اداکارہ عروہ حسین کے درمیان کیا چل رہا ہے۔
فرحان سعید کی جانب سے گزشتہ روز ایک انٹرویو دیا گیا، اس دوران اْن کا کہنا تھا کہ ‘جب آپ مشہور شخصیت ہوتے ہیں تو لوگ یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کے گھر میں کیا ہو رہا ہے، میرے مداح یہ چاہتے ہیں اور مجھ سے سوال پوچھتے ہیں کہ میں اپنی نجی زندگی سوشل میڈیا پر کیوں شیئر نہیں کرتا ہوں۔’
فرحان سعید نے کہا کہ ‘اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں اْنہیں کوئی غصے سے کڑوا جواب دوں، یہ ایک عام بات ہے کہ بس میں نہیں شیئر کرنا چاہتا کہ میرے گھر میں کیا چل رہا ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے استعفیٰ دے دیا۔ قاسم سوری نے استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوا دیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو استعفیٰ موصول ہوگیا۔
خیال رہے ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں آج ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی۔ اپوزیشن نے 8 اپریل کو ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں۔ مقررہ وقت تک صرف راجہ پرویز اشرف نے ہی کاغذات جمع کروائے، وقت ختم ہونے کے بعد راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے، وہ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے صبح سویرے راول چوک فلائی اوور کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے منصوبے کی تاخیر میں تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تحقیقات تھرڈ پارٹی سے کروائی جائیں۔ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے منصوبے کا کام مکمل نہ ہوسکا، کمپنی کو نااہلی کے باعث بلیک لسٹ کیوں نہیں کیا گیا ؟ ماضی میں اسطرح کے منصوبے چھ ماہ میں مکمل کیے گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی دلچسپی کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جانا چاہیے، غریب عوام کا پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے، منصوبے کا آغاز اکتوبر دو ہزار بیس میں ہوا تھا لیکن مکمل نہیں ہوسکا۔
قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
آج طلب کیے گئے ایوانِ زیریں کے اجلاس میں قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جانی تھی تاہم وہ اس سے قبل ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
اس ضمن میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’قومی اسمبلی سے استعفیٰ میری پارٹی کے وژن، اس کی شاندار وراثت اور جمہوریت کے ساتھ اس کی وابستگی کی علامت ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ملکی مفادات اور آزادی کے لیے لڑیں گے اور ملک کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قاسم سوری کے استعفیٰ کے باعث قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کی جائے گی کیوں کہ وہ غیر متعلقہ ہوگئی ہے۔
تاہم اجلاس میں آج پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ سنبھالیں گے جس کے بعد وہ قاسم سوری کا استعفیٰ قبول کر کے ایوان میں نئے ڈپٹی اسپیکر کا تقرر کریں گے۔
خیال رہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بعد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف 8 اپریل کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔
تحریک عدم اعتماد کے متن میں کہا گیا تھا کہ قاسم سوری نے 3 اپریل کو وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کی رولنگ دی، سپریم کورٹ آف پاکستان نے قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ کو خلاف آئین قرار دیا جبکہ اس سے قبل بھی وہ آئین و قانون، اور اسمبلی قواعد و ضوابط کے خلاف اقدامات اٹھاتے رہے ہیں، قاسم سوری نے جان بوجھ کر آئین کے خلاف قدم اٹھایا، ان کے اقدامات آئین کے آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتے ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن نے 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر تاخیر کے بعد 3 اپریل کو ووٹنگ متوقع تھی۔
تاہم ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہیں وقفہ سوالات میں بات کرتے ہوئے وزیر قانون فواد چوہدری کی جانب سے قرارداد پر سنگین اعتراضات اٹھائے گئے۔
فواد چوہدری نے اپوزیشن کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کو بیرونِ ملک سے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ تین صفر فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار 151 ہوگئی۔
این آئی ایچ کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 76 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 5 ہزار 614، سندھ میں 5 لاکھ 76 ہزار 517، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 19 ہزار 362، بلوچستان میں 35 ہزار 483، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 723، اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 148 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 304 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 78 لاکھ 80 ہزار 235 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 363 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 14 لاکھ 90 ہزار 947 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 211 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پنجاب میں 13 ہزار 559، سندھ میں 8 ہزار 98، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 322، اسلام آباد میں ایک ہزار 23، بلوچستان میں 378، گلگت بلتستان میں 191 اور آزاد کشمیر میں 792 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کچھ دیر بعد ہوگا، اپوزیشن اتحاد کی جانب سے حمزہ شہباز امیدوار ہے جبکہ تحریک انصاف نے ق لیگ کے پرویز الہٰی کو نامزد کر رکھا ہے، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری صدارت کریں گے۔
پنجاب میں نئے قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکردوست مزاری اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کےانتخاب کیلئے ووٹنگ ہوگی۔ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 183، ق لیگ کے 10 ارکان ہیں۔ ن لیگ کے 165 اور پیپلزپارٹی کے 7 ارکان ہیں۔ راہ حق پارٹی کا ایک اور 4 آزاد ارکان ہیں۔ کامیاب امیدوار کو کم از کم 186 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی کےایوان میں اوپن ووٹنگ سے فیصلہ ہوگا۔
ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام دوستوں سے تعاون کی اپیل ہے، اسمبلی رولز کے مطابق الیکشن کراؤں گا، عدالت کا فیصلہ ہے وزیراعلیٰ کا انتخاب شفاف ہونا چاہیئے، کوئی سمجھتا ہے ماحول خراب کرے گا تو پریشر لوں گا نہیں پریشر دوں گا، آج انتخاب صاف اورشفاف ہوگا، کل آئی جی سے ملاقات ہوئی، سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں جاری رمضان کپ فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچ میں کھلاڑیوں کی ملی بھگت سے میچ فکسڈ کیا گیا جو ویڈیو کی مدد سے سامنے آگیا۔ نیشنل شاہین اور بابل اسپورٹس کے درمیان کھیلاگیا میچ فکسڈ ثابت ہوا، ٹورنامنٹ کے منتظمین نے فوری ایکشن لیا کھلاڑیوں کے بیانات لیے گئے اور فکسنگ میں ملوث ٹیم نیشنل شاہین کو سیمی فائنل سے باہر کردیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے سیکرٹری ناصر اسماعیل کا کہنا تھا کہ بابل اسپورٹس پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر تھی ،میچ فکسنگ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ملوث تھے۔ کراچی فٹبال ٹورنامنٹ میں لیاری کی خواتین کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی دوسری جانب میچ میں شریک بابل اسپورٹس کلب نے بھی اپنے کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کھلاڑیوں پر چار چار ماہ کی پابندی عائد کردی ۔ لہٰذابرما آفریدی ملیر کو کامیاب قرار دیتے ہوئے سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں شامل کرلیا گیا۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے خلیج اور عمان کی خلیج کے ساتھ ملک کی ساحلی پٹی سے غیر قانونی طور پر ایندھن اسمگل کرنے والے دو بحری جہازوں کو قبضے میں لیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایران میں بھاری سبسڈیز اور کرنسی کی کم قدر کے باعث دنیا میں سب سے سستا ایندھن ملتا ہے۔
جس کی وجہ سے یہ ملک زمینی راستوں سے ہمسایہ ممالک جبکہ بحری راستے سے خلیجی عرب ممالک کو ایندھن کی اسمگلنگ سے روکنے کی جدوجہد کررہا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک بیان کے مطابق پاسدارانِ انقلاب بحریہ کے یونٹس نے ایک جہاز پر اسمگلنگ کا ڈھائی لاکھ لیٹر ایندھن جبکہ دوسرے پر لدا ایک لاکھ 30 ہزار لیٹر ایندھن قبضے میں لیا۔
یوں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قبضے میں لی گئی اسمگلنگ کے ایندھن کی مجموعی مقدار 6 لاکھ 50 ہزار لیٹر ہوگئی۔
پاسدارانِ انقلاب کے ایک عہدیدار نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بحری جہاز پر سوار عملے کے 7 اراکین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تاہم انہوں نے مزید تفصیلات دیے بغیر صرف اتنا بتایا کہ گرفتار افراد میں ایرانی شہری اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے پاسدارانِ انقلاب نے خلیج میں 2 لاکھ 20 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایندھن سے لڈا ایک غیر ملکی بحری جہاز قبضے میں لیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارن فنڈنگ کیس 30 روز میں نمٹانے سےمتعلق اسلام آبادہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ای سی پی کا کہنا ہے کہ کیس کی روزانہ سماعت 19 اپریل سے شروع ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے حکم کے خلاف پی ٹی آئی کی دو درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے یہ فیصلہ جاری کیا تھا، عدالت کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کو خارج کرتے ہوئے درخواست گزار اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کرنے اور پی ٹی آئی کی دستاویزات کو خفیہ رکھنے کی درخواست مسترد کی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے تفصیلی حکم نامے میں پی ٹی آئی کی درخواست کو مسترد کر تے ہوئے کہا تھا کہ قانون اکبر ایس بابر کو کیس کی کارروائی میں حصہ لینے کی اجازت دیتے ہوئے اور ای سی پی کو آئینی ادارہ ہونے کے ناطے اکبر ایس بابر کی مدد لینے اور کیس کا نتیجہ میرٹ پر آخذ کرنے کا حق حاصل ہے۔
ای سی پی کی اسکروٹنی کمیٹی کی مرتب کردہ ایک رپورٹ 4 جنوری کو سامنے آئی تھی جس میں تصدیق کی گئی تھی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے اور حاصل شدہ فنڈز اور اپنے درجنوں بینک اکاؤنٹس کو چھپایا۔
رپورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے بڑی ٹرانزیکشنز کی تفصیلات دینے سے انکار اور پارٹی کو غیر ملکی اکاؤنٹس اور بیرونِ ملک سے حاصل ہونے والے فنڈز کی تفصیلات کے حصول میں کمیٹی کی بے بسی کا تذکرہ کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے مالی سال 10-2009 اور مالی سال 13-2012 کے درمیان 31 کروڑ 20 لاکھ روپے کم ظاہر کیے، سالانہ تفصیلات بتاتی ہیں کہ صرف مالی سال 13-2012 میں 14 کروڑ 50 لاکھ روپے کم رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’اس عرصے میں پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کا جائزہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی رائے میں رپورٹنگ کے اصولوں اور معیارات سے انحراف نہیں کرتا‘۔