All posts by Khabrain News

پنجگور میں پاک فوج سے والہانہ محبت، ننھے بچے نے جوان کا ہاتھ چوم لیا

پنجگور: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے پنجگور میں بچوں نے سکیورٹی پر مامور جوان کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
بچوں کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہار محبت کا دلفریب منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب پنجگور میں ایک کم سن بچے نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ہم وطنوں کی جان کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کے جوان کے ہاتھ چومے۔
ننھے بچے کی پاک فوج کے جوان سے والہانہ محبت کا یہ منظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔

‘عمران خان عوام پر بوجھ ڈال کر خود چلے گئے، آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑیگا’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے سستی شہرت کیلئے غلط فیصلے کیے، عمران خان عوام پر بوجھ ڈال کر خود چلے گئے، اوگرا سفارشات کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت 200 روپے سے زیادہ بنتی ہے، روپے کی کمزوری کے باعث صورتحال یہاں تک پہنچی، کوئی شک نہیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہی پڑے گا۔
پٹرولیم مصنوعات کی دونوں سمریاں مسترد ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پچھلی حکومت نے پٹرول کی قیمت 30 جون تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، کابینہ کی کوئی منظوری نہیں لی گئی، اس فیصلے پر پچھلے 15 دنوں میں 35 ارب روپے حکومت پاکستان نے ادا کئے، 30 جون تک قیمتیں برقرار رہیں تو 240 ارب روپے اپنی جیب سے دینا ہوگا، 2400 کروڑ روپے حکومت پاکستان اضافی لے کر اس فیصلے کی وجہ سے ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، اوگرا کی سفارش کو مسترد کر دیا گیا، پٹرول پر فی لٹر 21 اور ڈیزل پر51 روپے حکومت خود ادا کرتی ہے ، یہ عمران خان کے شخصی فیصلے تھے، ہرماہ 200 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا، 200 ارب اضافی رقم کو ادا کرنے کے لیے اضافی قرض لینا پڑے گا، اتنی لاپرواہی، ملک دشمنی جیسے حالات پہلے نہیں دیکھے، تین ماہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کی وجہ سے 240 ارب روپے حکومت کو ادا کرنا پڑیں گے، سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے پچھلی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اتنی رکھیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اوگرا نے پٹرول کی نئی قیمت 171 روپے کرنے کی سفارش کی، وزیراعظم شہباز شریف نے اوگرا کی سفارش کو قبول نہیں کیا، ٹیکس ملا کر اوگرا کی سفارش مانی جائے، پٹرول 235 اور ڈیزل 264 کا ہونا چاہیے، پی ٹی آئی حکومت نے جان بوجھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ابہام پیدا کیا، وزیراعظم نے کہا مسائل کے شکار عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، بدقسمتی سے سابقہ حکومت نے سستی شہرت کے لیے غلط فیصلے کئے، عمران خان کے شخصی فیصلوں نے ملک پر ماہانہ200 ارب روپے کا بوجھ ڈالاہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کو میثاق معیشت کا پہلا قدم سمجھیں، کوئی شک نہیں آئی ایم ایف سے ری انگیج کرنا پڑے گا۔

آرمی چیف سے تیونس کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تیونس کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے تیونس کے سفیر بورہین ال کامل نے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان تیونس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کثیر ڈومین تعلقات کو بڑھانےکیلئے پرامید ہیں۔
ملاقات میں تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں تیونس کے سفیر نےعلاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کیساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی بربریت پر عمران خان کا اہم بیان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی بربریت پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا بیان آگیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد الاقصیٰ میں دوران نماز جمعہ اسرائیلی فوج نے حملہ کیا، مسجد الاقصیٰ مسلمانوں کے لیے تیسرا بڑا مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ پر حملے سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے دل غمگین ہیں۔

ٹوئٹر کی خریداری؛ایلون مسک کی پشکش پر عرب شہزادے میدان میں آگئے

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی ارب پتی شہزادے ولید بن طلال نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کو مسترد کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی شہزادے ولید بن طلال نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے لیے دی گئی پیش کش اس کی گروتھ کی قدر کے مطابق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر کے بطور دوسرے بڑے شراکت دار کے طور پر میں اس پیشکش کو مسترد کرتا ہوں۔
اس سے قبل گشتہ روز ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 43 بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی تھی، مسک نے اپریل کے شروع میں ٹوئٹر کے 9.2 فیصد حصص خریدے تھے، جن کی تعداد 7 کروڑ 34 لاکھ سے زائد ہے اور ان کی کل مالیت تقریبا 3 ارب ڈالرز ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ٹوئٹر کے سب زیادہ شیئر ہولڈر رکھنے والے ممبر ہیں۔
یاد رہے کہ ایلون مسک کی پیش کش 54.20 ڈالر فی حصص بنتی ہے جو کہ یکم اپریل کو ٹوئٹر کے اسٹاک کی اختتامی قیمت کے 38 فیصد پریمیئم کی نمائندگی کرتی ہے۔

عمران خان نے تبدیلیِ حکومت کی ’سازش ناکام‘ بنانے کیلئے اوورسیزپاکستانیوں سے چندہ مانگ لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے ’بیرون ملک سازش کے تحت حکومت کی تبدیلی کی سازش ناکام‘ بنانے اور ’پاکستان کی حقیقی آزادی‘ کی مہم کے لیے چندہ مانگ لیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ’نامنظور ڈاٹ کام‘ کی ایک ویب سائٹ بنائی ہے جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں سے چندہ جمع کیا جائے سکے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ بیرون ملک سازش کے تحت ریجیم چینج کی سازش کی گئی اور پاکستان کے کرپٹ ترین لوگوں ہم پر مسلط کیا گیا۔
انہوں ںے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو ضمانت پر رہا ہیں یا وہ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں اور 30 سال سے چوری کررہے تھے۔
سابق وزیر اعظم نے بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ جاگی ہوئی قوم کو اور جگا رہا ہوں، پوری کوشش ہے کہ اس سازش کو ناکام بنائیں اور پاکستان کو الیکشن کے لیے تیار کیا جائے، عوام الیکشن کے ذریعے فیصلے کریں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستان کے فنڈز کی ضرورت ہے جس میں وہ بھرپورطریقے سے شرکت کریں، یہ پاکستان حقیقی آزادی کی مہم ہے۔

پنجاب کا نیا وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی یا حمزہ شہباز، فیصلہ کل ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہو گا؟ فیصلہ کل ہو جائے گا، چودھری پرویز الہٰی اور حمزہ شہباز کے درمیان مقابلہ ہو گا، ڈپٹی اسپیکر سردار دوست مزاری پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کے کل ساڑھے گیارہ بجے ہونے والے کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے ووٹنگ ہو گی، آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت قائد ایوان کا انتخاب ہو گا۔
نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ڈپٹی اسپیکر سردار دوست مزاری کی زیر صدارت ہو گا، اجلاس میں یک نکاتی ایجنڈ ے کے تحت وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگا، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق پر مشتمل حکومتی اتحاد کے وزیراعلیٰ کے لئے امیدوار چودھری پرویز ا لٰہی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 183 اور مسلم لیگ ق کے 10 ارکان ہیں، حکومتی اتحاد کو مسلم لیگ ن کے پانچ منحرف ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے، حکومتی اتحاد کا دعویٰ ہے کہ انہیں 189 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے 24 سے زائد ارکان پنجاب اسمبلی منحرف ہوکر اپوزیشن سے مل چکے ہیں، ترین گروپ،علیم خان اور اسد کھوکھر اپنے حامیوں کے ساتھ حمزہ شہباز کی حمایت کر چکے ہیں، تحریک انصاف منحرف ارکان کے خلاف اسپیکر کے پاس ریفرنس جمع کراچکی ہے۔
مسلم لیگ ن کے پنجاب اسمبلی میں 165 ارکان اور پیپلزپارٹی کے 7 ارکان ہیں، راہ حق پارٹی کا ایک رکن اور 4 آزاد ارکان بھی حمزہ شہباز کے حمایتی ہیں، مسلم لیگ ن کا دعویٰ ہے کہ اسے 202 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
کامیاب امیدوار کو کم از کم 186 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے، اگر کوئی امیدوار 186 ووٹ حاصل نہ کرسکا تو سیکنڈ رن ہو گا، سیکنڈ رن میں سادہ اکثریت حاصل کرنے والا قائد ایوان ہو گا۔
پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اوپن ووٹنگ سے فیصلہ ہوگا، منحرف ارکان کے ووٹنگ کے معاملے میں ہنگامہ آرائی کا بھی خدشہ ہے۔

صیہونی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، افغان طالبان کا شدید ردعمل

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت نے صیہونی فوج کی جانب سے ماہ رمضان میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز نے جعمہ کی صبح مسجد اقصیٰ پر اچانک دھاوا بولتے ہوئے کمپاؤنڈ میں موجود نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ان پر ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں۔
مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کے باعث 152 فلسطینی زخمی ہوئے۔
مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے دھاوے پر طالبان حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے۔
افغان وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک فلسطینیوں کے انسانی حقوق کی بحالی اور اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔

’پیٹرولیم مصنوعات پر کوئی درمیانی راستہ نکالیں گے‘، وزیراعظم شہباز کے افطار ڈنر کی اندرونی کہانی

اسلام آبار: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا اور ملکی کٹھن حالات کا مل کر مقابلہ کرنے کےعزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے، گزشتہ حکومت نے جان بوجھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، پیٹرولیم مصنوعات پر کوئی درمیانی راستہ نکالیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کو مشکل حالات سے نکالیں گے۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ اچھے ایڈمنسٹریٹر ہیں، ملک کو مشکل حالات سے نکال لیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ چینی کو باہر نہیں جانے دوں گا، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ جلد حلف اٹھائے گی، پی ایم ہاؤس میں تمام صوبوں کے افسران ہوں گے، عوام کی فلاح کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے، ہر سال رمضان پیکج میں آٹا سستا ملتا تھا، اس مرتبہ کسی کو پروانہیں۔

پاکستان کی مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملے کی مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں پر مظالم کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج مسجدالاقصیٰ پر اسرائیلی حملے میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے اسرائیلی افواج نے300 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔
دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ عبادت گزاروں پر قابل مذمت حملہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے حالیہ چند ہفتے میں اسرائیلی افواج نے درجنوں فلسطینیوں کا قتل عام کیا اسرائیلی افواج نےمشرقی یروشلم ودیگرعلاقوں میں فلسطینیوں کو زخمی کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سےفلسطینی علاقوں میں تشددکی مذمت کرتےہیں۔
قبلہ اول پر ایک بار پھر صیہونی فورسز نے حملہ کر دیا اور نمازیوں پر گولیاں برسادیں، فائرنگ اور شیلنگ سے 150 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطینی حکام نے بتایا کہ صیہونی فورسز نے ایک بار پھر مسجد اقصہ پر حملہ کردیا، صیہونی فورسز جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوئی اور نمازیوں پر براہِ راست گولیاں چلادیں۔