All posts by Khabrain News

مچھلیوں کے فارم پر سمندری شیر کا حملہ، باہر نکلنے سے بھی انکار

برٹش کولمبیا، کینیڈا: (ویب ڈیسک) سامن مچھلیوں کے بنائے گئے فارم پر اچانک سمندری شیر (سی لائن) نے حملہ کردیا ہے اور ہفتوں تک مچھلیوں کی دعوت اڑانے کے بعد بھی وہاں سے نکلنے سے انکاری ہیں۔
کینیڈا میں ٹوفینو کے علاقے میں سمندر کے ساتھ ہی جنگلوں اور تاروں سے محفوظ ایک بڑا فارم قائم کیا گیا تھا جہاں سامن مچھلیوں کی افزائش جاری تھی۔ اتنے میں بھاری بھرکم شیرِ سمندر نے ان کی بو سونگھ لی اور فارم پر دھاوا بول دیا ہے۔ دن دہاڑے مالِ مفت مچھلیاں کھانے کا یہ واقعہ مارچ کے وسط سے شروع ہوا۔
سی لائن بہت ہوشیار جانور ہوتے ہیں اور وہ غول کی صورت میں حملہ کرتے ہیں جس میں مچھلیوں کو گھیرکر شکار کیا جاتا ہے۔ اب وینکووا میں ایک بڑے مچھلی فارم پران کا حملہ جاری ہے کیونکہ وہاں ایک چھوٹے سے رقبے پر مچھلیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہیں۔
فارم کے مختلف گوشوں پر جالیاں لگا کر حد بندی کی گئ ہے اور ایک مقام پر کم سے کم 20 ہزار مچھلیاں موجود ہیں۔ جب جب سی لائن ممالیوں کو بھوک لگتی ہیں وہ یہاں آکر دعوت اڑاتی ہیں اورسیر ہونے کے بعد لوٹ جاتی ہیں۔ لیکن وہ ڈرانے دھمکانےکے باوجود وہاں سے نہیں نکلتیں جب تک مچھلیوں سے اچھی طرح بیٹھ نہ بھرلیں۔
تاہم فارم مالکان نے حکومت سے حملہ آور جانوروں کو مارنے کی اجازت لی ہے اور اب تک 15 سی لائن کو مار چکے ہیں۔ لیکن اب بھی سمندری ممالیہ خوفزدہ نہیں ہوئے اور وہ بار بار مچھلیوں کی چاہ میں یہاں غول در غول پہنچ رہے ہیں۔
منصوبے کے تحت یہ فش فارم اپریل کے تیسرے ہفتے میں تیار ہوجائے گا جہاں سامن مچھلیاں مقررہ حد تک فروغ پاکر فروخت کے لیے تیار ہوجائیں گی۔ اب جانوروں کے تحفظ کی ایک ایجنسی بھی اس میں شامل ہوگئی ہے اور وہ سی لائن کو دور رکھنے میں مدد کررہی ہے۔
تاہم سمندری حیات کے ماہرین پہلے ہی سمندرکنارے ایکواکلچر اور سامن فارمنگ کے خطرات سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔ کئی سیاسی جماعتوں نے بھی کہا ہے کہ 2025 میں اس رحجان کو مرحلہ وار ختم کیا جائے۔ ماہرین کا اصرار ہے کہ ایک جانب تو اسے پانی میں مرکوز مچھلیوں سے ایک ہی مقام پرآلودگی پیدا ہوتی ہے اور دوم کئی جراثیم اور امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔
فارم انتظامیہ کے مطابق ایک فارم پر ایک وقت میں پانچ سے بیس سی لائن کو دیکھا گیا ہے۔ بالغ سی لائن مچھلی کو سالم نگل جاتے ہیں اور ایک دون میں دس تک مچھلیاں ان کے پیٹ میں جاتی ہیں۔

سافٹ ڈرنک اور مصنوعی مٹھاس سے جگر متاثر ہوسکتا ہے

وسکانسن: (ویب ڈیسک) انسانی جسم کی سب سے پیچیدہ مشین جگر ہے جو 50 ہزار کیمیائی تعامل انجام دیتی ہے۔ اب ماہرین نے سالماتی سطح پر معلوم کیا ہے کہ سافٹ ڈرنکس، سوڈا اور مصنوعی مٹھاس کے مشروبات جگر کو متاثر کرتے ہیں اور بالخصوص اس کی زہرربائی (ڈی ٹاکسفکیشن) کی کیفیت ختم ہوجاتی ہے۔
یوں ان مشروبات سے جگر کی وہ صلاحیت متاثر ہوتی ہے جس سے وہ زہریلے مرکبات نکال باہر کرتا ہے۔ اس ضمن میں میڈیکل کالج آف وسکانسن میں ایک تحقیق ہوئی ہے جس میں پہلی مرتبہ وہ پورا سالماتی اور کیمیائی عمل معلوم کیا جس کے تحت سافٹ ڈرنکس اور مصنوعی مٹھاس والے مشروبات جگرپراثر ڈال کر اس کی زہریلے مرکبات نکال باہر کرنےکی صلاحیت متاثر کرتےہیں۔
اس ضمن میں ایک اہم پروٹین متاثر ہوتا ہے جو استحالے کے تحت بدن سے فاسد مواد باہر نکالتا ہے۔
میڈیکل کالج سے وابستہ ڈاکٹریٹ کی طالبہ لارا ڈینر کہتی ہیں کہ زیرہ شکر والے مشروبات اورکم چینی والے پیک شدہ دہی بھی یکساں مضر ہیں۔ اس کے علاوہ میک اپ اور دیگر ناقابلِ تناول اشیا کے کیمیکل بھی جگر پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
اس پروٹین کا نام پی گلائکوپروٹین (پی جی پی) ہے۔ جب اس پر پر جب سافٹ ڈرنکس کے دو اہم کیمیائی اجزا ایسیسل فیم پوٹاشیئم اور سکلریروز پڑتے ہیں تو وہ اس پروٹین کو متاثر کرتے ہیں جسے ملٹی ڈرگ پروٹین ون (ایم ڈی آر ون) بھی کہا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ پی جی پی ہمارے بدن کو زہریلے مرکبات اور فاسد مادوں سے پاک کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی مٹھاس کے اجزا پی جی پی سے چپک جاتے ہیں اور اس کی صلاحیت پراثرانداز ہوتے ہیں۔ یوں جگر زینو بایوٹکس، ادویاتی کیمیائی اجزا اور بائل تیزاب بھی باہر نہیں نکال پاتے۔
سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مقدار سے کم مٹھاس والے مشروبات بھی جگر کو یکساں طور پر متاثر کرسکتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کے جگر اپنے پی جی پی پروٹین کی بدولت دوا کے مضر کیمیکل بھی نکال باہر کرتا ہے ۔ یہ زہریلے کیمیکل اینٹی بایوٹکس اور بلڈ پریشر کی دوا سے وجود میں آتےہیں۔
اگرچہ اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن تحقیقی ٹیم نے لوگوں کو میٹھے مشروبات اور سافٹ ڈرنکس سے پہلے ہی خبردار کرتے ہوئے ان کا استعمال کم سے کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

واٹس ایپ نے میڈیا فائل منتقلی کے ممکنہ وقت کا فیچر پیش کردیا

لندن: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی مقبول ترین ایپ ’’واٹس ایپ‘‘ نے حال ہی میں دو جی بی تک کی میڈیا فائل بھیجنے کی سہولت کا اعلان کیا تھا اور اب اس کےلیے بعض صارفین کو ای ٹی اے یعنی مقررہ وقت کے اندازے کا آپشن پیش کیا ہے۔
اس سے قبل ہم صرف 25 ایم بی کے فائل ہی بھیج سکتے تھے جسے اب بڑھایا گیا اور فائل بڑھنے سے اس کا دورانیہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ صارفین بڑی میڈیا فائل بھیجنے کے لیے ایک ایسی سہولت کی تلاش میں تھے جو فائل ٹرانسفر کے مقررہ وقت کو ظاہر کرسکے۔ اب واٹس ایپ نے بعض صارفین کے لیے اسی سہولت یا ای ٹی اے کی سہولت پیش کردی ہے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ کے نئے فیچرمیں بڑی فائل مکمل ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد اس کی اطلاع بھی مل جاتی ہے کہ فائل مکمل ڈاؤن لوڈ ہوجاتی ہے۔ یعنی ایسٹمیٹڈ ٹائم آف ارائیول میڈیا کی ڈاؤن لوڈنگ اور اپ لوڈنگ دونوں کا وقت ہی ظاہر کرتا ہے۔
واٹس ایپ کے اس نئے اور اہم فیچر کی خبر خود سب سے مشہور پلیٹ فارم نے پہلے پیش کی ہے جس کا نام ’ویب بی ٹا انفو‘ ہے۔اس کے بعد سافٹ ویئر اور ایپس کی خبر دینے والے دیگر اہم ویب سائٹس نے بھی اس پر روشنی ڈالی ہے۔ فی الحال ارجنٹینا کے بی ٹا ٹیسٹر اس آپشن کی آزمائش کررہے ہیں۔
اس طرح آئی او ایس، ویب، اور ڈیسک ٹاپ کے تمام ورژن پر بھی یہ سہولت موجود ہوگی لیکن فی الحال بی ٹا ٹیسٹ جاری ہے۔ واٹس ایپ نے کہا ہے کہ مختلف نیٹ ورکس پرڈیٹا ٹرانسفر کی رفتار مختلف ہوسکتی ہے۔ فائیو جی رابطے یا بہتر انٹرنیٹ میں اس سے فرق پڑسکتا ہے۔
واٹس ایپ نے یہ بھی کہا ہے کہ بی ٹا ٹیسٹنگ کے بعد اس آپشن کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

سری لنکا میں معاشی بحران: ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے قرضوں کی ادائیگیاں معطل

سری لنکا : (ویب ڈیسک) سری لنکا میں معاشی بحران شدید ہوگیا۔ حکومت نے ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگیاں معطل کردیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا میں معاشی بحران بے قابو ہو گیاہے۔ حکومت نے دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے عارضی طور پر بین الاقوامی ادائیگیاں روک دیں۔ ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگیوں کو معطل کردی گئیں ہیں۔
گورنر مرکزی بینک سری لنکا کا کہنا ہے کہ قرض کی ادائیگی کرنا مشکل اور ناممکن ہے۔بہترین اقدام جو لیا جا سکتا ہے وہ قرضوں کی تشکیل نو اور ہارڈ ڈیفالٹ سے بچنا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکامیں معاشی بحران نے سیاسی بحران کا رخ اختیار کر لیا ہے،گزشتہ دنوں عوام نے صدر کے گھر کے باہر احتجاج کیا۔ملک میں پرتشدد احتجاج کے باعث ایمرجنسی کے بعد فوج کو تعینات کردیا گیا تھا۔
سری لنکن حکومت کے پاس تیل کی درآمد کے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران ہے۔تیل کی کمی کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔ عوام کو اشیائے ضروریہ کی کمی ہے اور قیمتیں بھی آسمان پر جا پہنچی ہیں۔

میں امریکہ کا مخالف نہیں ہوں، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ میں نے 13 سال امریکہ میں گزارے ہیں میں امریکہ کا مخالف نہیں ہوں۔
سابق معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہو یا خلاف لیکن ہم دل سے ہر صورت عدالت کا احترام کرتے ہیں۔ عدالت نے ہمارے عدم اعتماد پر فیصلہ کیا جس پر ہمیں مایوسی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مایوسی ہونے کے باوجود ہم نے عدالت کے فیصلے کو قبول کیا جبکہ میں نے 13 سال امریکہ میں گزارے ہیں اور میں امریکہ کا مخالف نہیں ہوں۔
شہباز گل نے کہا کہ ہم امریکہ کی پالیسی پر تنقید تو کر سکتے ہیں مگر ان کی عوام سے نفرت نہیں کر سکتے۔ امریکہ میں کافی وقت گزارنے کے باوجود کبھی امریکی سفیر سے نہیں ملا تو راجہ ریاض کو کیا ضرورت پیش آئی کہ انہوں نے امریکی سفیر سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کے کارکنوں کو اداروں کا احترام کرنا چاہیئے اور راجہ ریاض نے مجھے خود ایک بار کہا تھا ڈی سی فیصل آباد انہیں ٹائم نہیں دے رہا اور جسے ڈی سی نہیں ملتا اسے امریکی ایمبیسی مل رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں 13 سال امریکہ میں رہا ہوں لیکن پچھلے 3 سال سے مجھے تو کوئی نہیں ملا اور نہ مجھے امریکیوں سے ملنے کی ضرورت پڑی نہ انہیں، مسلح افواج ہوں یا عدالتیں ہم نے ان سے متعلق ایسا کوئی بیان نہیں دینا جس سے ان کی گستاخی ہو۔

امریکی کرنسی روپے کے مقابلے میں مزید گر گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال مستحکم ہوگئی ہے اور اسی تناظر میں امریکی کرنسی روپے کے مقابلے میں مزید گر گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 91 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 182 روپے 93 پیسے سے کم ہو کر 182 روپے 2 پیسے ہوگئی ہے۔
تین کاروباری دن میں ڈالرکی قیمت 6 روپے 16 پیسے کم ہوئی، ڈالر کی قیمت کم ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 800 ارب روپے کمی واقع ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی میں ہونے والے جلسے کی تاریخ تبدیل

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں ہونے والے جلسے کی تاریخ تبدیل کر دی گئی۔ مزار قائد کے بلمقابل میدان میں جلسہ اب 17 کے بجائے 16 اپریل کو ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے اپنی ٹویٹ میں تاریخ کی تبدیلی کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کپتان کے ساتھ، یہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کا کہنا ہے کہ چئیرمن پی ٹی آئی عمران خان نے 16 اپریل بروز ہفتہ کو کراچی آنے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی کے عوام کا جوش دیکھ کر عمران خان ایک روز پہلے عوام کے درمیان موجود ہوں گے۔۔
بلال غفار کا کہنا تھا کہ 16 اپریل 9 بجے عمران خان کراچی میں تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے اور اپنا آگے کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

گورنر پنجاب کا عثمان بزدار سے رابطہ، سوشل میڈیا ارکان کو ہراساں کرنے کی تحقیقات کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنرپنجاب نے وزیراعلی عثمان بزدار سے رابطہ کرلیا، تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے ارکان کو ہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات کروانے کی ہدایت کردی۔
تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کو ہراساں کرنے کے واقعات کے بعد گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے سوشل میڈیا ٹیم کو ہراساں کرنے کے واقعات کی مذمت کی۔
گورنر پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب کو واقعات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت نوشتہ دیوار پڑھ لے، عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل چکی ہے، عوام نے سڑکوں پر آ کر عمران خان کی قیادت پر اعتماد اور حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں اور انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔

جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کے سرمایہ کاروں کیلئے اہلیت کی شرائط میں نرمی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی جانب سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی منظوری کے تحت جی ای ایم بورڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی اہلیت کے لیے شرائط میں نمایاں طور پر نرمی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، تسلیم شدہ سرمایہ کاروں میں وہ انفرادی سرمایہ کار شامل ہیں جن کے پاس کم از کم 50 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں، جن میں ان سرمایہ کاروں کے متعلقہ سی ڈی سی سرمایہ کار اکاؤنٹ یا ذیلی اکاؤنٹ میں موجود سیکیورٹیز کی مالیت شامل ہے تاہم یہ ان تک محدود نہیں ہے۔
اہلیت کے نظرثانی شدہ معیار کے تحت، سرمایہ کاروں کے مجموعی اثاثوں پر غور کیا جائے گا تاکہ ان کی GEM بورڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کی اہلیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔ رئیل اسٹیٹ کی جائیدادیں، گاڑیاں اور دیگر اثاثے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں تاکہ تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کے اثاثوں کی وضاحت کی جا سکے۔ تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی اہلیت کے تقاضے میں اس ترمیم کے سبب، مزید سرمایہ کارجی ای ایم بورڈ میں درج ہونے والی کمپنیوں کی فہرست سازی سے پہلے کے عمل میں حصہ لے سکیں گے۔ یہ ترمیم پی ایس ایکس میں جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کے حصص کی تجارت کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی بنیاد کو وسیع کرنے کا باعث بنے گی، جس سے نہ صرف لیکویڈیٹی میں اضافہ ہوگا بلکہ حصص کے حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔
سیکیورٹیز بروکرز کے سامنے تسلیم شدہ سرمایہ کار اب خود اعلان کریں گے کہ وہ کم از کم 50 لاکھ روپے کے اثاثوں کے حامل ہیں تاکہ وہ جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کی فہرست سازی یا ان کی لسٹنگ کے بعد کی تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے اہل ہوں اور جی ای ایم بورڈ اور جی ای ایم کمپنیوں سے وابستہ خطرات کو بھی سمجھ سکیں۔ ریگولیٹری تبدیلی کے علاوہ، پی ایس ایکس نے سیکیورٹیز بروکرز کی طرف سے خود اعلان کرنے والوں (سیلف ڈیکلریشن) کی قبولیت کے طریقوں کے حوالے سے بھی مطلع کیا ہے۔
جی ای ایم کی پرائمری مارکیٹ میں e-IPO کے ذریعے حصہ لینے والے انفرادی سرمایہ کاروں کی آٹو مارکنگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ انفرادی سرمایہ کار جن کی مالیت 50 لاکھ روپے کے کم از کم تقاضے سے کم سے کم 40 فیصد زیادہ ہے انھیں NCCPL کے NCSS میں خودکار طور پر تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی حیثیت سے نشان زد کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ، سیکیورٹیز بروکرز NCCPL کے NCSS میں کسی سرمایہ کار کا نشان ہٹا سکتے ہیں اگر ان کے پاس یہ یقین کرنے کی وجہ ہو کہ سرمایہ کار اپنے KYC/ CDD چیک کی بنیاد پر جی ای ایم میں تجارت کرنے کے لیے نااہل ہے۔ سیکیورٹیز بروکرز کی جانب سے ایسے نااہل سرمایہ کار کو اپنے جی ای ایم حصص کو ختم کرنے کی اجازت دی جائیگی جس کا سیکیورٹیز بروکرز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ اقدامات سیکیورٹیز بروکرز کے آپریشنل طریقوں کے لحاظ سے سہولت کا باعث بنیں گے۔ اس ترمیم کے ساتھ، یہ توقع کی جاتی ہے کہ ایڈوائزرز اب رہنمائی کرتے ہوئے اِجرا کنندگان اور سرمایہ کاروں کوجی ای ایم بورڈ میں فہرست سازی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کے حوالے سے سہولت فراہم کریں گے۔
تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کی اہلیت کے معیار میں اس ترمیم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ، ”جی ای ایم بورڈ SMEsکے لیے مارکیٹ سے قرض اور ایکویٹی کیپٹل حاصل کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اختراع ہے۔ یہ تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے دلچسپ مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی اہلیت میں ترمیم، جی ای ایم بورڈ کمپنیوں میں حصہ لینے کے عمل کو نمایاں طور پر بہتر بنانے میں مدد کرے گی۔
مزید یہ کہ خود اعلان کرنے کا عمل (سیلف ڈیکلریشن) سیکیورٹیز بروکرز کے لیے آپریشنل انتظام کو مزید آسان بناتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ان اقدامات سے تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ ہو گا اوریہ جی ای ایم بورڈ سیکنڈری مارکیٹ میں لیکویڈیٹی اور قیمت کی دریافت کو بہتر بنانے کا سبب بنے گا۔“
فرخ خان نے مزید کہا کہ ”پاکستان اسٹاک ایکسچینج، ایک فرنٹ لائن ریگولیٹر کی حیثیت سے، ہمیشہ مارکیٹ کے شرکا کے فیڈ بیک پر توجہ دیتا ہے اور پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کو آسان بنانے اور بڑھانے کے حوالے سے اپنے ریگولیٹری فریم ورک میں مثبت تبدیلیوں کی حمایت کرتا ہے۔ تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کو اسے پری-لسٹنگ کے مرحلے میں اس طور پر لینا چاہیے کہ انھیں جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کی ترقی کی کہانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، پوسٹ -لسٹنگ ٹریڈنگ کے مرحلے میں، انھیں اس موقع کو مکمل طور پر استعمال کرنا چاہیے اور جی ای ایم بورڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے، جس کے نتیجے میں،جی ای ایم بورڈ میں زیادہ لیکویڈیٹی آئے گی۔“

کراچی: بھینس کالونی میں ڈکیتی کی واردات، چار ملزمان نے شہری کو لوٹ لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں ڈکیتی کی واردات، چار ملزمان نے شہری کا پیچھا کر کے اسے لوٹ لیا۔
واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری کو موٹر سائیکل پر گلی سے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پیچھے سے آنے والے ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے روکا، ایک ملزم نے اترتے ہی شہری کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، اسی دوران پیچھے سے ملزمان کے دو مزید ساتھی آ پہنچے۔
فوٹیج کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے رہے، واردات کے وقت گلی میں موجود شہری تماشا دیکھتے رہے۔ ملزمان شہری کو تشدد کا نشانہ بنا کر موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔