All posts by Khabrain News

پاکستان تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ  کرلیا، عمران خان نے کہا کہ میں ان چوروں کےساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہو ، فرنٹ لائن میں عمران خان کیساتھ شاہ محمود، اسد قیصر،اسد عمر اور پرویز خٹک موجود تھے۔

اجلاس کے پی ٹی آئی ممبران نے عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کیساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کرادی۔

اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندراورباہرجارحانہ سیاست پرمشاورت کی گئی ، پارٹی ارکان نے گفتگو میں کہا کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑےہیں اور کھڑے رہیں گے، استعفوں سےمتعلق عمران خان جوفیصلہ کریںگے ، قبول ہوگا۔

ارکان کا کہنا تھا کہ جوبھی وزارت عظمیٰ سے ہٹتا ہے توکرپشن الزامات لگتے ہیں، الحمدللہ عمران خان پر کوئی کرپشن کے الزامات نہیں ہیں۔

دوران اجلاس پی ٹی آئی ارکان اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر تقسیم ہوگئے ، پی ٹی آئی کےاکثریتی ارکان کا اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا استعفے دینے کی بجائے پارلیمنٹ میں جمہوری لڑائی لڑی جائے۔

فواد چوہدری،حماداظہر،شیخ رشید،علی اعوان مستعفی ہونے کےحق میں جبکہ شاہ محمود قریشی، فیصل جاوید، فخر امام ویگرارکان مستعفی نہ ہونے کے حق میں تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونےکا اختیار عمران خان کو دے دیا اور کہا عمران خان جب حکم کریں گے استعفے جمع کرادیں گے۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان نے کہا میں ان چوروں کے ساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا ، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تمام ارکان نے عمران خان کی تائید کی۔

پی ٹی آئی کے تمام ارکان قومی اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

میں ان چوروں کےساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا،عمران خان

بابر اعظم آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرارپائے۔
بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔ بابر اعظم مارچ کے مہینے کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں میچ سیونگ 196 رنز کی اننگز کھیلی۔ ون ڈے سیریز میں بابر اعظم نے دو سنچریاں سمیت 276 رنز اسکور کیے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیوی کپتان پیٹ کمنز اور ویسٹ انڈیز ریڈ بال کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ بھی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد تھے۔

سپریم کورٹ: آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فل کورٹ بنانے کی درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں تحریک انصاف نے آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فل کورٹ بنانے کی درخواست دائرکردی۔ ذرائع کے مطابق درخواست پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے دائر کی۔
موقف میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ تحریک عدم اعتماد سے متعلق کیس سن چکا ہے، کیس میں 5رکنی لارجر بینچ آرٹیکل 63 سے متعلق ریمارکس بھی دے چکا ہے، کیس میں عدلیہ کی آزادی اور عدلیہ کو دوسرے ریاستی اداروں سے الگ کرنے کا سوال ہے۔
کیس میں پارلیمان کی بالادستی اور پارلیمانی نظام حکومت کے مستقبل کا بھی سوال ہے، ذوالفقار بھٹو،اٹھارہویں ترمیم سمیت عوامی مفاد کے متعدد ریفرنس فل کورٹ میں سنے گئے۔

امپورٹڈ حکومت قائم رہ گئی تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت قائم رہ گئی تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سیاست اب شروع ہوئی ہے اب ان کو پتہ چلے گا کہ کتنے بیس کا سو ہے۔یہ لوگ اتوار کو فائلیں بدلتے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ جن کے چہرے لوگ دیکھنا نہیں چاہتے، انہوں نے اتوار کو بیوروکریسی کا سہارا لے کر فائلیں بدلی ہیں۔فائلیں بندلنے کا مقصد تھا کہ ان پر فرد جرم نہ لگے۔
ان کا کہنا ہے کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو اب سوچنا ہوگا۔امپورٹڈ حکومت قائم رہ گئی تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا۔

عمران خان کو پارلیمانی پارٹی کے شرکا نے استعفوں کا اختیار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی کے ممبران نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام فیصلوں پر ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جارحانہ سیاست پر مشاورت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق استعفوں کے معاملے پر ارکین کی الگ الگ تجاویز سامنے آئیں تاہم انہوں نے عمران خان کو استعفوں سے متعلق ہر قسم کے فیصلے پر فری ہینڈ دے دیا۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو پارلیمانی اجلاس کے اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ عوام کے پرامن احتجاج پر کیا کہیں گے، عمران خان نے جواب دیا کہ عزت اللہ دیتا ہے۔

ڈالر 1.43 روپے سستا، سٹاک مارکیٹ میں 1500 پوائنٹس کا بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر پاکستانی کرنسی کے مقابلے ایک روپیہ 43 پیسے گر گیا، دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 1500 سے زائد پوائنٹس کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی، ایک روپیہ 43 پیسے کمی سے 183 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ امریکی کرنسی کی قیمت میں 2 روز کے دوران 4 روپے 93 پیسے کی مجموعی کمی ہوئی ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج خاصی تیزی کا رجحان رہا، مارکیٹ کھلتے ہی 1300 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 45ہزار 700 پوائنٹس سے تجاوز کر گیا، بعد ازاں مزید اضافے سے 100 انڈیکس 45ہزار 861 پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا۔ مسلسل مثبت رجحان نے سرمایہ کاروں کو اعتماد بخشا جس کے سبب ٹریڈنگ میں مزید اضافے سے 100 انڈیکس 46 ہزار کی سطح پر کراس کر گیا۔

منڈی بہاءالدین: دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد کی کار پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

منڈی بہاءالدین: (ویب ڈیسک) منڈی بہاءالدین کتووال اڈہ کے قریب دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کر دی، جس کے سبب دو حقیقی بھائیوں سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
منڈی بہاءالدین تھانہ ملکوال کے علاقہ کتووال کے رہائشی دو حقیقی بھائی غلام عباس، نوید عباس ولد متعلی خاں ساکن پھپھرہ اور شہزاد غوری ساکن سرگودھا کے ہمراہ گھر سے ہریا گاوں کی طرف جا رہے تھے کہ راستہ میں گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر کار سوار تینوں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او انور سعید کنگرا موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے لاشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہیں، ڈی پی او کا کہنا تھا کہ علاقہ کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا، واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔

گلوکار احمد رشدی کو بچھڑے 39 برس بیت گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکار احمد رشدی کو بچھڑے 39 برس بیت گئے، فلمی کرئیر میں پانچ ہزار سے زائد گیت گائے، ورسٹائل گلوکار کی آواز آج بھی سماعت میں رس گھولتی ہے۔
آواز کے جادوگر کہلانے والےاحمد رشدی کے گیت سدابہار ہیں۔ وہ بچپن سے ہی موسیقی کے شوقین تھے، فنی سفر ریڈیو سے کیا، ہندوستان سے آ کر 1954ء میں ”بندر روڈ سے کیماڑی“ گا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کو کوکوکورینا جیسے کئی یادگار گیت دیئے ۔
بڑے فنکار نے اڑتالیس سال کی مختصرعمر پائی، دنیا کیلئے وہ ایک بھولی داستاں اور گزرا ہوا خیال ہو گئے مگر مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔

سری لنکا میں معاشی بحران کے بعد سیاسی بحران بھی عروج پر پہنچ گیا

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں جاری معاشی بحران کے بعد سیاسی بحران بھی عروج پر پہنچ گیا۔
خراب ملکی صورتحال پر عوام ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے، مشتعل مظاہرین نے صدر راجا پکسے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
رواں ہفتے سری لنکن صدر کی تمام کابینہ نے استعفٰی دے دیا تھا جبکہ اپوزیشن اوراتحادی جماعتوں نے بھی متحدہ حکومت تشکیل دینے سے معذرت کرلی تھی۔