All posts by Khabrain News

شام: امریکی فورسز کی کارروائی، متعدد شہری مارے گئے

دمشق: (ویب ڈیسک) امریکی فورسز نے شام کے شمال مشرقی صوبے ادلب میں کارروائی کی جس میں کئی سویلینز جان سے مارے گئے۔
ادلب کے گھر میں امریکی سپیشل فورسز نے آپریشن کیا جس میں 13 افراد ہلاک ہوگئے، ،مرنے والوں میں 6بچے اور 4خواتین شامل ہیں، کئی گھنٹے تک امریکی ہیلی کاپٹرز علاقے پر پرواز کرتے رہے۔
پینٹاگون کے مطابق امریکی اسپیشل فورسز نے ادلب میں کامیاب انسداد دہشت گردی آپریشن کیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی کا ہدف القاعدہ کے دہشت گرد تھے، ادلب کا بیشتر علاقہ القاعدہ سے منسلک دہشت گرد تنظیم تحریر الشام کے قبضے میں ہے۔

بھارت میں مسلم سیاسی رہنما اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور رکن اسمبلی اسد الدین اویسی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ اُس وقت ہوئی جب وہ اترپردیش میں الیکشن مہم مکمل کر کے دہلی واپس آرہے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ میں اسد الدین اویسی مکمل محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ ’میں میرٹھ سے دہلی جارہا تھا کہ چھجرسی ٹول پلازہ کے قریب تین سے چار مسلح افراد میری گاڑی کے قریب آئے اور انہوں نے تین چار فائر کیے‘۔
رکن اسمبلی نے بتایا کہ ’فائرنگ سے میری گاڑی کے ٹائر پنکچر ہوگئے، واقعے کے بعد میں دوسری گاڑی میں بیٹھ کر محفوظ مقام کی طرف منتقل ہوا‘۔

پی ایس ایل7:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسلام آباد کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میں سے ایک میچ جیت کر تیسرے جبکہ کوئٹہ 3 میں سے ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

نوشہرہ: پولیس موبائل پر فائرنگ ، 2 پولیس اہلکار شہید

نوشہرہ: (ویب ڈیسک) جلوزئی میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکارشہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
نوشہرہ جلوزئی کے علاقہ ارنڈو خوڑ میں پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل پر فائر نگ شروع کر دی جس میں موجود اے ایس آئی فیاض اورکانسٹیبل سجاد زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہو گئے ۔
ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا، جس کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا، پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے تلاش شروع کردی ہے۔

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت، بلاول کا اظہار افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے ضلع پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک افسر سمیت متعدد جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا دہشگردی کسی بھی شکل میں ہو، تہذیب اور انسانیت کی قاتل ہے، ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہماری قومی خودمختاری کی حفاظت کے عزم کی دلیل ہے، پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم وفاقی وزراء کے ہمراہ 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان وفاقی وزراء کے ہمراہ چار روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔ وزیراعظم کا بیجنگ پہنچنے پر چین کے سفر اور چین میں تعینات پاکستانی سفیر نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان 4 روز تک چین میں قیام کریں گے، ان کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر قومی سلامتی معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری خالد منصور ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وہ چینی صدر شی جن پنگ اور چینی پریمئیر لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اور اس کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ڈیرہ اسماعیل خان: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر علی امین کو ضلع بدر کرنےکا حکم

پشاور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو ضلع بدر کرنےکا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو احکامات پر عمل درآمد کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہےکہ علی امین گنڈا پور اپنے بھائی کے لیے سٹی میئرکے الیکشن کی مہم چلا رہے تھے، انہیں ضلع بدرکیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمدکریم کنڈی کی گرفتاری کا نوٹس بھی جاری کیا ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

فی تولہ سونے کی قدر یکدم گر گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قدر یکدم گر گئی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت برقرار رہی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس کی قدر 1803 پر مستحکم ہے۔
دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مستکم رہنے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد،پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 124300 روپے ہو گئی ہے۔
دس گرام سونے کی قیمت میں 600 روپے کی قدر میں گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 106567 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں بھی استحکام ریکارڈ کیا گیا اور نئی قیمتیں بالترتیب 1450 روپے اور 1243.14 روپے پر برقرار ہے۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کیلیے اٹارنی جنرل کا پنجاب حکومت کو خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اٹارنی جنرل نے محکمہ داخلہ پنجاب کو کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی نوازشریف کی میڈیل رپورٹ کا پنجاب حکومت کا قائم کردہ میڈیکل بورڈ جائزہ لے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اٹارنی جنرل پاکستان نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔
اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈاکٹر فیاض شاول کی بنائی ہوئی نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی تھی، پنجاب حکومت کا قائم کردہ میڈیکل بورڈ رپورٹ کا جائزہ لے، پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ کی رائے آنے کے بعد ہی مزید پیش رفت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی 3 صفحات پر مشتمل طبی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروادی گئی تھی، جس کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ کلثوم نواز کی وفات کے بعد سابق وزیراعظم زیادہ دباؤ میں ہیں، اور اگر وہ علاج کے بغیر پاکستان گئے تو ان کی حالت بگڑ سکتی ہے، ذہنی دباؤ کے ماحول میں ان کی بیماری مزید بگڑ سکتی ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی کے والد انتقال کرگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے والد انتقال کرگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوٹر پر وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے پوسٹ شیئر کی کہ میرے والد سید سجاد حیدر زیدی علالت کے باعث دارفانی سے کوچ کرگئے۔
علی زیدی کے والد کافی عرصے سے بیمار تھے اور وہ کل سے وینٹی لیٹر پر تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ سید علی زیدی کے والد محترم کے انتقال کا سُن کر نہایت دُکھ ہوا، اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور سید علی زیدی سمیت سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کریں۔