All posts by Khabrain News

مسلم لیگ ن نے وزیر اعلی پنجاب کے انتخابات کرانے کیلئے پٹیشن تیار کرلی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے وزیر اعلی پنجاب کے انتخابات کرانے کے لیے پٹیشن تیار کرلی۔ حمزہ شہباز کل لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کریں گے۔
حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ یکم اپریل سے چیف منسٹر پنجاب کا عہدہ خالی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا سیشن کال کر کے فوری چیف منسٹر کے انتخابات کرائے جائیں، پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کا اقدام بھی غیر قانونی ڈکلئیر کیا جائے۔ حمزہ شہباز کی طرف سے درخواست کل دائر کی جائے گی۔

عدالت اللہ اور پاکستان کے نام پر پارلیمنٹ کو بحال کرے، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف جاری سماعت میں چیف جسٹس نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو روسٹرم پر بلالیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکرکے رولنگ پر عدالت نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ آئینی ہے یا غیر آئینی ، ہم عدالت کی عزت کرتے ہیں ججز پر ہمیں فخر ہے ، میری درخواست ہے کہ وقفے سے پہلے جو ریمارکس دیئے اس پر کہوں گا کہ پارلیمنٹ کو بحال کریں۔ پارلیمنٹ سپریم ہے۔ پارلیمنٹ خودمختار ہے۔
عام آدمی ہوں قانونی بات نہیں کروں گا، عدالت کے سامنے پیش ہونا میرے لئے اعزاز ہے، رولنگ ختم ہونے پر تحریک عدم اعتماد بحال ہو جائے گی، اسپیکر کی رولنگ کالعدم ہو تو اسمبلی کی تحلیل ازخود ختم ہوجائے گی۔
ہماری تاریخ میں آئین کئی مرتبہ پامال ہوا، جو بلنڈر ہوئے انکی توثیق اور سزا نہ دیے جانے کی وجہ سے یہ حال ہوا، عدالت اللہ اور پاکستان کے نام پر پارلیمنٹ کو بحال کرے، پارلیمنٹ کا عدم اعتماد پر ووٹ کرنے دیا جائے۔
ہمارا اتحاد ملک کے بہترین جماعتوں پر مشتمل ہے۔ ہم ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھالنے کے وقت میثاق معیشت کی بات اپنی تقریر میں کی تھی۔ ہمارے پاس ایک ایجنڈا ہے ، آپ یقین کریں ہم آگے بڑھیں گے۔ اس حکومت کے ایک اتحادی نے اپوزیشن کیمپ کو جوائن کیا، ہمارے پاس 177 ووٹ ہیں، ہم اپنے ائین کی حفاظت کرینگے اور پاکستانیوں کی خدمت کریںنگے۔
چیف جسٹس کا شہباز شریف سے سوال کیا کہ آپ نے 2018 میں کتنی سیٹیں حاصل تھیں؟ ہم نے 115 سیٹیں حاصل کیں تھیں۔
بطور اپوزیشن لیڈر چارٹڈ آف اکنامکس کی پیش کش کی، 2018 میں ڈالر 125 روپے کا تھا، اب ڈالر 190 تک پہنچ چکا ہے، پارلیمنٹ کو اس کا کام کرنا چاہیے، پارلے منٹ ارکان کو فیصلہ کرنے دینا چاہئے، پی ٹی آئی نے بھی اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی، اپنی پہلی تقریر میں چارٹر آف اکانومی کی بات کی تھی، عوام بھوکی ہو تو ملک کو قائد کا پاکستان کیسے کہیں گے، مطمئن ضمیر کیساتھ قبر میں جائوں گا، سیاسی الزام تراشی نہیں کروں گا، آج بھی کہتا ہوں چارٹر آف اکانومی پر دستخط کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سیاست پر کوئی تبصرہ نہیں کرینگے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اپوزیشن پہلے دن سے الیکشن کرانا چاہتی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ آئین توڑنے کا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آئین کی مرمت ہم کر دینگے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدم اعتماد اگر کامیاب ہوتی ہے تو اسمبلی کا کرنا دورانیہ رہے گا؟ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیڑھ سال پارلیمنٹ کا ابھی باقی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اپنی اپوزیشن سے ملکر انتخابی اصلاحات کرینگے تاکہ شفاف الیکشن ہو سکے، عام آدمی تباہ ہوگیا اس کیلئے ریلیف پیدا کرنے کی کوشش کرینگے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ سب چاہتے ہیں اراکین اسمبلی کے نہیں عوام کے منتخب وزیراعظم بنیں، جنہوں نے عمران خان کو پلٹا ہے وہ شہباز شریف کو بخشیں گے،؟ اپوزیشن کا الیکشن کا مطالبہ پورا ہو رہا ہے تو ہونے دیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے، وکیل ن لیگ نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی آخری باتیں دھمکی آمیز تھیں۔

پاکستان میں کرکٹ کے دروازے کھل گئےاب کوئی بورڈ بہانہ نہیں بنا سکتا، رمیز راجا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے دروازے باقاعدہ طور پر کھل گئے۔ اب کوئی بورڈ بہانہ نہیں بنا سکتا۔ مستقبل میں ٹرائی اینگولر اور چار ملکی سیریز کھیلنے کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔
چئیرمین پی سی بی رمیز راجا کہتے ہیں اب کوئی بھی ٹیم پاکستان میں نہ کھیلنے کا بہانہ نہیں بنا سکے گی۔ انگلینڈ اور نیوزی لیںڈ کی ٹیمیں پاکستان چھوڑ کرگئیں جو کہ بھیانک لمحہ تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب پاکستان نہ آنے کا کوئی جواز نہیں ہے،اب کوئی کرکٹ بورڈ بحانہ نہیں بنا سکتا۔ چھوٹے چھوٹے قدم لینے کے بعد پاکستان اب اس جگہ پہنچ چکا جہاں اب صرف کرکٹ ہی کرکٹ ہے۔
رمیز راجا نے کہا ہے کہ دو طرفہ سیریز سے عوام کا لگاو کم ہوتا جارہا ہے۔ ہمیں کرکٹ کی بہتری کے لیے ٹرائی اینگولر اور چار ملکی سیریز کی طرف جانے کی ضرورت ہے،اس سے مالی اعتباد سے بھی فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پہلی دفعہ ہے کہ تین بورڈز کے سربراہ کرکٹرز ہے۔ سورو گنگولی میں اور مارٹن ، ہمیں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی فورم پر پاکستان میں کم سے کم تین یا پانچ ٹیسٹ میچوں کی مشتقمل دو طرفہ سیریز کرانے کی کوش کی جائے گی۔ جبکہ دیگر کرکٹ بورڈ سے مشاورت کے بعد ویمن اور انڈر نائنٹین پی ایس ایل کے فریم ورک کو آگے بڑھایا جائے گا۔

فواد چودھری کاتحریک عدم اعتماد اورڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے تحریک عدم اعتماد اور ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن ترتیب ہو اور اس معاملے کو دیکھے۔آزاد قوم کو غلام قوم میں تبدیل کرنا ہے تو سیاسی ریجیم تبدیل ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں جعلی ووٹ پڑ جائیں تو سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم مداخلت نہیں کر سکتے۔ سپیکر کی رولنگ غلط ہے یا سہی تو وہ سپیکر کے پاس موجود مواد منگواکر دیکھیں۔اگر یہ رولنگ کو غلط قرار دینا چاہتے ہیں تو شہادتیں دیکھیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بدلنے کے لئے پاکستان میں بیرونی سازش کی گئی۔حکومت بدلنے کی کوشش کامیاب ہوتی ہے تو 1940 کے دور پر ہم چلیں جائیں گے۔یہ ایک بدترین سامراج پر قبضے کی کوشش ہو گی ۔
ان کا کہنا ہے کہ عدلیہ اور پارلیمان کو آئین کی حدود پر آگے بڑھنا ہے۔ہم نے معیشت کو بڑی مشکل سے سمبھالا تھا اور آج ڈالر اوپر چلا گیا ہے۔پاکستان کی معیشت تباہی کی طرف چلی گئی ہے۔پاکستان اور معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے۔

ریاست مدینہ کے نام پر سیاست کر کے عوام کو لوٹا گیا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے نام پر سیاست کر کے عوام کو لوٹا گیا۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرائے کے ترجمان دوسروں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں اور جمہوریت کے لباس میں آمرانہ اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں سویلین مارشل لا لگایا اور آج پانچواں دن ہے ملک میں آئین معطل ہے جبکہ آئین شکنوں کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈالر کی قیمت اس وقت 190 روپے کے قریب پہنچ چکی ہے اور اگر حکومت جانے کی سازش تھی تو خود اسمبلی تحلیل کیوں کی ؟ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ آئین پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ الزامات پر فرح خان کی تردید نہیں آئی وہ عثمان بزدار کی جگہ وزیر اعلیٰ بھی تھیں۔ لیٹر گیٹ کمیشن کے بجائے ایک ہی بنے گا وہ ہو گا فرح خان کمیشن۔ الیکشن میں جانا پاکستان کی عوام کا فیصلہ ہے، ہم الیکشن میں جائیں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے الزام عائد کیا کہ مدینہ کے نام پر سیاست کر کے عوام کو لوٹا گیا اور جعلی مراسلہ منگوا کر نیشنل سیکیورٹی کا نام استعمال کر کے وفاق پر حملہ کیا گیا۔ بات اب انتخابات کی نہیں بلکہ آئین شکنی کی ہے۔

فرح خان کے گاوں کیلئے پنجاب میں غیرمعمولی فنڈز دیئے جانیکا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے گاوں کیلئے پنجاب میں غیرمعمولی فنڈز دیئے جانیکا انکشاف سامنے آگیا۔
دستاویزات کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب کی سفارشات پر فرح خان کے گاوں کو 11 کروڑ 90 لاکھ روپے کے فنڈز دیئے گئے۔
فرح خان کے گاوں گھنگ میں 11 کروڑ روپے کا ترقیاتی کام ہوا۔ فرح خان کے گاؤں میں سیوریج،سڑکیں، ٹف ٹائیلز، فیملی پارک اور اسٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق شیخوپورہ کو 3 سال میں 45 ارب روپے مالیت کے منصوبے دینے میں بھی فرح خان کی سفارشات شامل تھیں۔
واضح رہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر پر اپوزیشن کی جانب سے کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے منحرف رکن علیم خان نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر پنجاب میں تعیناتیوں اور تبادلوں کے لیے رشوت لیتے رہے ہیں۔

قاسم سوری اوردوست محمد مزاری ٹوئٹر پر آمنے سامنے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری میں ٹوئٹر پر لفظی گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ٹوئٹر پر حالیہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے قاسم سوری بننے سے انکار کردیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں آئین سے غداری کا مرتکب نہیں ہوسکتا، چاہے عمران خان مجھ پر غداری کا لیبل لگادیں۔
دوست محمد مزاری کی جانب سے تنقید پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور ٹوئٹر پر ہی ان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے جوابی ٹویٹ داغ دیا۔
قاسم سوری نے اس ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ آپ قاسم خان سوری بن بھی نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ قاسم خان سوری بننے کے لیے خون میں وفا، بہادری، جذبہ، دھرتی ماں سے محبت، غلامی سے نفرت، ذہنی آزادی، زندہ ضمیر چاہیے ہوتاہے۔

شہباز شریف نیازی قوم سے معافی مانگیں، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف نیازی قوم سے معافی مانگیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے رات کی تاریکی میں ایک بیان دیا کہ اگر عدالت کا یہ فیصلہ آیا تو ہمیں منظور نہیں ہو گا۔ یہ لوگ آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کو۔ فضل الرحمان عدالت میں بتائیں کہ فیصلہ نہیں مانتا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نیازی قوم سے معافی مانگیں۔ باپ اور بیٹے میں مقابلہ چلتا ہے۔ یہ لوگ بار بار فرح خان کا سوال پوچھتے ہیں لیکن فرح خان آپ کے ہی رکن صوبائی اسمبلی کی بہو ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ سبطین خان کو نیب نے کیس میں بلایا جس کا اس سے کوئی تعلق نہیں تھا اور ایک طرف علیم خان ہیں جن کو نیب کا نوٹس جنوری میں آیا۔ یہ لوگ بار بار کہتے تھے کہ عوام کے پاس جائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ویک اینڈ پر بیرون ملک جا رہا ہوں اور پیر کو واپس آجاؤں گا یہ میں اس لیے بتا رہا ہوں کہ کہیں یہ لوگ یہ نہ کہیں کہ بھاگ گیا۔ عمران خان کے ساتھ ہوں اور ساتھ ہی کھڑا رہوں گا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان واپس آئیں گے اور شوگر مل والوں سے کسانوں کے پیسے دلوا کے رہیں گے۔ ایک شخص یہاں آ کر کہتا ہے ایبسلوٹلی فراڈ ہے اور وہ شخص ایبسلوٹلی نیچ ہے۔ اسد عمر ہماری جماعت کے لیڈر ہیں ہم ان کے سپورٹر اور ووٹر ہیں۔

کورونا وائرس کی ایک اور نئی قسم سامنے آ گئی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اومیکرون کے بعد کورونا وائرس کی ایک اور نئی قسم سامنے آ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اومیکرون کے بعد کورونا وائرس کی نئی قسم بھارتی ریاست مہاراشٹر میں سامنے آئی ہے۔ جس کے بعد بھارتی انتظامیہ الرٹ ہو گئی۔
کورونا وائرس کی نئی قسم ”ایکس ای“ کا کیس سامنے آیا ہے۔ کُل 376 نمونے لیے گئے تھے جن میں سے 230 ممبئی کے تھے اور 230 میں سے 228 نمونے اومیکرون جب کہ باقی 2 ایکس ای ویرینٹ کے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی ایکس ای کی مختلف قسم کے بارے میں الرٹ کر چکی ہے۔
کورونا وائرس کی یہ مختلف قسم اومیکرون کے ذیلی تغیرات یعنی بی اے ون اور بی اے ٹو کا مجموعہ اسٹرین ہے۔ یہ بی اے ٹو سے 10 فیصد زیادہ مہلک ہے تاہم ایکس ای کتنا خطرناک ہے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ میں ایکس ای ویریئنٹ دریافت ہوا تھا اور یہ اومیکرون کی دیگر اقسام کی نسبت 9.8 فیصد زیادہ تیزی سے منتقل ہوتی ہے۔
حکومتی اعداد وشمار کے مطابق 22 مارچ تک ایکس ای کے 637 کیسز سامنے آئے۔ برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق 16 مارچ تک اس کی نمو، BA.2 کی نسبت 9.8 فیصد زائد تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فروری کے بعد انگلینڈ اور ویلز میں کوویڈ سے اموات کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ 25 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ میں انگلینڈ اور ویلز میں 780 اموات ہوئیں۔ اموات کی یہ تعداد گزشتہ ہفتہ کی نسبت 14 فیصد زائد ہے۔

زندہ افراد کے پھیپھڑوں میں پلاسٹک کے باریک ذرات موجود ہونے کا انکشاف

برطانیہ : (ویب ڈیسک) زندہ افراد کے پھیپھڑوں میں پہلی بار پلاسٹک کے باریک ذرات موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تازہ تحقیق میں زندہ افراد کے پھیپھڑوں میں پلاسٹک کے باریک ذرات پائے گئے ہیں۔یہ ذرات حاصل کیے گئے تقریباً تمام نمونوں میں پائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تحقیق کے لیے سرجری سے گزرنے والے13 مریضوں کے پھیپھڑوں سے ٹشوز کے نمونے لیے گئے۔ نمونوں میں پائے جانے والی ذرات میں سب سے عام پولی پراپیلین کے ذرات تھے جو پلاسٹک بیگز اور پلاسٹک پائپس میں پائے جاتے ہیں۔
اس سے قبل مارچ میں کی جانی والی ایک تحقیق میں انسانی خون کے اندر مائیکرو پلاسٹک ذرات پائے گئے تھے۔ ماہرین نے دیکھا کہ یہ ذرات پورے جسم میں سفر کرتے ہیں اور کسی بھی اعضا میں جگہ بنا سکتے ہیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پلاسٹک ذرات کی آلودگی اب دنیا بھر میں عام ہو چکی ہے اور ان کے صحت میں مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں اب تشویش بڑھ رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا کہ یہ ذرات صحت پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں۔ لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ مائیکرو پلاسٹک انسانی خلیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔