All posts by Khabrain News

پاکستان میں نگران حکومت آئی تو مذاکرات میں کوئی اعتراض نہیں: آئی ایم ایف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، پاکستان پیشگی شرائط پر عمل درآمد میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان میں کبھی نگران حکومت آئی تو اس سے مذاکرات میں کوئی اعتراض نہیں۔
ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پاکستان میں کسی بھی حکومت سے بات چیت کرسکتا ہے، اگر پاکستان میں کبھی نگران حکومت آئی تو اس سے مذاکرات میں کوئی اعتراض نہیں، پاکستان سعودی عرب سے ایس ڈی آر کوٹہ کے تحت فنڈز حاصل کر سکتا ہے، سعودی عرب اپنے آئی ایم ایف قرض کا کوٹہ پاکستان کو منتقل کر سکتا ہے، ایسی مثالیں ماضی میں موجود ہیں ایس ڈی آر منقتل ہوئے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اس پر بات چیت جاری ہے۔ پاکستان کو وعدے کے مطابق پیشگی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، پاکستان پیشگی شرائط پر عمل درآمد میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، ان شرائط پر عمل درآمد کے بعد آئی ایم ایف کا بورڈ معائدے کی منظوری دے گا، ان شرائط میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ازخود تعین ہونا شامل ہے، پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں سے متعلق شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد اسٹاف لیول معائدے کا حصہ ہے، نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے پر بلا تاخیر عملدرآمد ضروری ہے، ماضی میں معاہدوں کی خلاف ورزیاں اور پالیسی اقدامات سے انحراف کیا گیا، فروری 2022ء کے بعد پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام مسائل کا شکار ہوا، اصلاحات میں تین ماہ کی تاخیر سے معیشت کو بہت نقصان پہنچا، گورننس میں بہتری کیلئے نیب سمیت احتساب کے اداروں کا جائزہ لینا ضروری ہے، صوبائی اینٹی کرپشن کے محکموں کو بھی مزید موثر بنانا ہوگا، پاکستان بجٹ میں مختص کردہ سبسڈیز ہی دے سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مختلف ملکوں کی معیشت میں استحکام کے بعد چلا جاتا ہے، پاکستان ان چند ممالک میں سے ہے جو بار بار آئی ایم ایف سے رجوع کرتا ہے، مہنگائی اور بیرونی مالیاتی دباو ایک عالمی مسئلہ ہے۔

انگلینڈ کوورلڈکپ جتوانے والے بین سٹوکس ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ورلڈکپ جتوانے والے آل راؤنڈر بین سٹوکس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انگلش آل راؤنڈر نے لکھا کہ ون ڈے کرکٹ میں کل اپنا آخری میچ جنوبی افریقا کیخلاف کھیلوں گا۔
یاد رہے کہ بین سٹوکس نے انگلینڈ کی طرف سے 104 ون ڈے میچز میں نمائندگی کی۔ اور وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر آخری میچ کھیلیں گے۔ انہوں نے 2011ء میں ون ڈے میں ڈیبیو کیا تھا، اور اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 2919 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کو اس لیے بھی یاد رکھا جائے گا کہ انہوں نے انگلینڈ کو ڈرامائی انداز میں 2019ء کا ون ڈے ورلڈکپ جتوایا تھا۔

گال ٹیسٹ، سری لنکا کو پاکستان پر 333 رنز کی برتری

گال: (ویب ڈیسک) گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو پاکستان کیخلاف 333 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
گال میں کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنا لیے ہیں،ا س وقت دنیش چنیمل 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس طرح دوسری اننگز میں پاکستان پر 333 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری میں اننگز میں کوشل مینڈس نے 76 اور اوشادا فرنینڈو نے 64 رنز سکور کیے ہیں۔
محمد نواز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یاسر شاہ نے 3 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
خیال رہے گال میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کپتان بابر اعظم کی سنچری کی بدولت سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں 218 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

روپے کی بے قدری، انٹر بینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا

کراچی: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف سے معاہدہ کے بعد صرف ایک دن امریکی کرنسی کی قیمت میں کمی ہونے کے بعد آج پھر روپے کے مقابلے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے، امریکی کرنسی کی قدر میں 3 روپے 5پیسے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 214 روپے ہو گئی ہے جبکہ ڈالر22 جون کو 211 روپے 93 پیسے کا تھا۔
ادھر اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 4 روپے 50 پیسے مہنگی ہونے کے بعد 216 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی ڈالر کی قیمت بڑھنے کے بعد انٹر بینک میں امریکی کرنسی 209 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 210 روپے 95 پیسے پر بند ہوئی تھی۔

رہنما تحریک انصاف شہباز گل کو پولیس نے حراست میں لے لیا

مظفرگڑھ: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف شہباز گل کو پولیس نے حراست میں لے لیا، وہ پی پی 272 میں ایک فیکٹری میں موجود تھے۔
وزیر داخلہ پنجاب عطاءاللہ تارڑنے شہباز گل کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے ساتھ مسلح افراد موجودتھے۔ پنجاب میں اسلحے پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے، اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش پر دفعہ 144 کا نفاذ ہو چکا ہے۔ کمانڈنٹ ایف سی کا بیان آ چکا ہے کہ ایف سی کا کوئی اہلکار شہباز گل کے ساتھ موجود نہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پھر ایف سی کی وردی ملبوس مسلح افراد کون ہیں۔ شہباز گل سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے غیر قانونی حرکات پر اتر آئے ہیں۔ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

آسٹریلوی پچ ایکسپرٹ کا دورہ قذافی اسٹیڈیم، پچ کی تیاری کیلئے استعمال مشینری کا معائنہ

لاہور : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ماہر پچ کیوریٹر ڈیمیئن ہوف نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈیمیئن ہوف نے اسٹیڈیم کی پچ اور گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ کا جائزہ لیا، ساتھ ہی وکٹ اور گراؤنڈ کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والی مشینری کا بھی معائنہ کیا۔
اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے کیوریٹر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ آغا زاہد نے ڈیمیئن ہوف کو بریفنگ دی۔بتایا جارہا ہے کہ آسٹریلوی ماہر پی سی بی کے کیوریٹرز اور مقامی کوچز کو پچز کی تیاری پر لیکچرز بھی دیں گے۔ یاد رہے کہ ڈیمیئن ہوف 2 ہفتے کے لیے پاکستان آئے ہیں، وہ لاہور کے بعد ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں موجود ٹیسٹ سینٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔

تیل کی پیداوار 1 کروڑ 30 لاکھ بیرل سے نہیں بڑھا سکتے: سعودی ولی عہد

جدہ : (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ تیل کی پیداوار ایک کروڑ 30 لاکھ بیرل سے نہیں بڑھا سکتے۔
جدہ میں امریکا عرب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پاس تیل کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ 30 لاکھ بیرل سے بڑھانے کی صلاحیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کا استحکام تیل کی قیمتوں میں استحکام سے جڑا ہوا ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی معیشت کو سہارا دینے کے لیے مزید مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، توانائی کے پائیدار ذرائع کے لیے حقیقت پسندانہ اور ذمہ دارانہ نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن بطور صدر مشرق وسطیٰ کے اپنے پہلے دورے پر تھے اور اس دوران وہ اسرائیل بھی گئے تھے۔
امریکی صدر بائیڈن مشرق وسطیٰ کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے ہیں، بائیڈن نے چار روز مشرق وسطیٰ میں گزارے۔

کراچی سے دوسرے شہروں کو جانے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار

کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے کی ٹرینیں اپنے شیڈول سے ایک بار پھر آوٹ ہو گئیں اور کئی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی سے لاہور آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 9 گھنٹے اور کراچی سے لاہور آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس 6 گھنٹے تاخیر جب کہ کراچی سے براستہ لاہور پشاور جانے والی خیبر میل 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ترجمان ریلوے نے مزید ٹرینوں کی آمد و رفت کے حوالےسے بتایا کہ کراچی سے فیصل آباد کے لیے چلنے والی ملت ایکسپریس ساڑھے 5 گھنٹے جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس ساڑھے 5 گھنٹے لیٹ ہے، اسی طرح کراچی سے براستہ فیصل آباد راولپنڈی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس بھی 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کراچی سے لاہور آنے والی گرین لائن ایکسپریس اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی جعفر ایکسپریس 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان ایکسپریس، تیزگام ایکسپریس،کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

3 پہیوں والی یہ منفرد الیکٹرک گاڑی سولر انرجی پر دوڑتی ہے

لاہور: (ویب ڈیسک) یہ منفرد نظر آنے والی الیکٹرک گاڑی دیکھنے میں اسپیس شپ کی طرح ہے مگر یہ اڑنے کی بجائے سڑک پر دوڑتی ہے۔
3 پہیوں کی یہ گاڑی درحقیقت سولر انرجی پر چلتی ہے اور متعدل استعمال پر اسے کبھی چارج کرنے کی ضرورت نہیں۔کم از کم امریکی کمپنی ایپٹیرا موٹرز کا تو یہی دعویٰ ہے۔
اس گاڑی کو ایلفا نام دیا گیا ہے اور صرف سولر انرجی ہی اسے طاقت فراہم کرنے کا واحد ذریعہ نہیں بلکہ کسی الیکٹرک گاڑی کی طرح ضرورت پڑنے پر اسے چارج بھی کیا جاسکتا ہے۔
الیکٹرک چارج پر یہ گاڑی ایک ہزار میل تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے مگر اس کا انحصار بیٹری پیک پر ہوگا۔
ویسے کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ گاڑی سولر پینلز سے ہی اتنی بجلی بناسکتی ہے جو اسے روزانہ 70 کلومیٹر تک چلانے کے لیے کافی ہوگی۔
کمپنی کے شریک بانی کرس انتھونی نے بتایا کہ اس میں موجود ہماری ‘نیور چارج ٹیکنالوجی’ کی بدولت اسے سورج کی روشنی سے چلایا جاسکتا ہے اور بیٹری پیک تک سولر انرجی پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
اس گاڑی میں کیمپنگ کا انتظام بھی ہے جبکہ ڈیوائسز کو بھی سولر انرجی سے چارج کیا جاسکتا ہے۔
اس گاڑی کی قیمت 25 ہزار 900 ڈالرز سے شروع ہوگی جسے کمپنی کی ویب سائٹ پر ریزرو کرایا جاسکتا ہے۔
اس کے مختلف ماڈلز ہیں، بیسک ماڈل میں 250 میل تک سفر کی سہولت فراہم کرنے والی بیٹری موجود ہے جبکہ ایک ہزار میل بیٹری والی گاڑی کے لیے مزید 57 ہزار ڈالرز خرچ ہونا ہوں گے۔
فی الحال تو یہ پروٹوٹائپ ہے مگر کمپنی اس کا کمرشل ماڈل جلد صارفین کو فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
کمپنی کو توقع ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لوگ اس منفرد گاڑی میں زیادہ دلچسپی لیں گے۔

الیکشن کمیشن نے شہباز گل کا ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام بے بنیاد قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے آغاز کا الزام عائد کیا ہے۔
ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ مظفر گڑھ میں ہمارے امیدوار معظم جتوئی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن 44 اور 46 سے باہر نکال دیا گیا، معظم جتوئی کے پولنگ ایجنٹس کو خالی ڈبے اور بیلٹ پیپر چیک کرنے نہیں دیے گئے۔
انھوں نے لکھا کہ فارم 46 کی شفافیت ختم کر دی گئی، اب ہمیں پتہ نہیں اس پولنگ اسٹیشن پر کتنے جعلی ووٹ ڈالے جائیں گے، دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
شہباز گل کے الزام پر الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مظفرگڑھ میں پولنگ اسٹیشنز سے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالنےکا الزام غلط ہے اور رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خواتین پولنگ اسٹیشنز پر خواتین اور مرد پولنگ اسٹیشنز پر مرد پولنگ ایجنٹس بیٹھتےہیں، سیاسی جماعت کے تصدیق شدہ پولنگ ایجنٹ کو بیٹھنے کی اجازت ہے، بغیر تصدیق کے الزامات لگا کر پولنگ کا عمل متنازع نہ بنایا جائے۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن ہارون شنواری نے بھی شہباز گل کے الزام پر کہا کہ پولنگ اسٹیشن 44 پر پی ٹی آئی کے امیر بخش ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، ‏پولنگ اسٹیشن 46 پر تا حال پی ٹی آئی کی خاتون پولنگ ایجنٹ نہیں پہنچیں،صرف مجاز پولنگ ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن کے اندر آنے کی اجازت ہے، ‏آپ کی خبر غلط ہے۔