All posts by Khabrain News

’سندھی پٹھان بھائی بھائی‘، کراچی میں سیاسی جماعتوں اور قومیتوں کی امن ریلیاں

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ’سندھی پٹھان بھائی بھائی‘ کے عنوان سے مختلف سیاسی جماعتوں اور قومیتوں کی جانب سے امن ریلیاں نکالی گئیں۔
سندھ خصوصاً کراچی میں بعض شرپسند عناصر کی جانب سے لسانی تنازعات کو بڑھاوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن دوسری طرف یہاں کے مختلف سیاسی اور قومیتوں کے سرکردہ افراد اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دے رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ملیر کینٹ کے قریب بٹھائی آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں نے ’سندھی پٹھان بھائی بھائی‘ کے عنوان سے پرامن ریلی نکالی۔
ریلی کا آغاز بھٹائی آباد کے مرکزی بازار سے ہوا جو مختلف مقامات سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہوئی۔
اس ریلی کی دلچسپ بات یہ دیکھنے میں آئی کہ ملکی، صوبائی اور مقامی سطح پر سیاسی طور پر حریف پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ ن، تحریک لبیک سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنما بھی شریک تھے۔
ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امن اور یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کے موقع پر ملیر کینٹ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
دوسری جانب سندھی پٹھان بھائی بھائی کے عنوان سے ملیر میں بھی مختلف قومیتوں کی جانب امن ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا پیپری بن قاسم روڈ اور نیشنل ہائی وے سے ملیر پریس کلب تک پہنچے۔
ریلی کے شرکا نے قومی یکجہتی کے نعرے لگا ئے۔

ویرات کوہلی نے قومی کپتان بابر اعظم کے ٹویٹ کا جواب دیکر دل جیت لیے

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹوئٹ کا جواب دے دیکر سب کے دل جیت لیے۔
چند روز قبل بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کے ہمراہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں لی گئی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مضبوط رہیں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت کے سابق کپتان اور آؤٹ آف فارم ویرات کوہلی کے لیے پیغام جاری کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے کھلاڑی کی حیثیت سے پتہ ہے کہ مشکل صورتحال سے کیسے گزرا اور نکلا جاتا ہے، کھلاڑیوں کو ایسے وقت میں سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔
اب بابر کی ٹوئٹ پر ویرات کوہلی کا جواب آیا ہے۔
ویرات کوہلی نے بابر کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ شکریہ، چمکتے رہیں اور بلندی حاصل کرتے رہیں، آپ کیلئے میری نیک تمنائیں ہیں۔

عالمی صرافہ میں اضافے کے باوجود ملک میں سونا سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوگئی۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 250 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 40 ہزار 850 روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 214 روپےکم ہوکر120970روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونےکی قدر 4 ڈالرز اضافے سے 1709ڈالرز فی اونس ہے۔

اداروں اور عوام میں فاصلے بڑھتے رہے تو ملک کا نقصان ہو گا، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنےملک میں کمزور فوج افورڈ نہیں کرسکتے۔ امپورٹڈ ٹولے نے آتے ہی این آر او ٹُو لے لیا، اب پوری ریاستی مشینری ان کو ضمنی الیکشن جتوانے میں لگی ہے۔بحیثیت وزیراعظم مجھے 3 سال عدالت سے ریلیف نہیں ملا۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ میں ایوب خان کے دور میں بڑا ہوا، ہم نے کبھی جمہوریت نہیں دیکھی تھی، اگر عدالتیں انصاف دے رہی ہیں تو ہم کبھی تباہ نہیں ہوں گے، میں 18سال کی عمر میں برطانیہ گیا وہاں جمہوریت دیکھی، مغربی ممالک میں جمہوریت مستحکم ہے، پاکستان میں طاقتور شخص قانون سے اوپر ہے، برطانیہ میں قانون کی بالادستی ہے جس کی وجہ سے جمہوریت مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو زمین پر انصاف کے لیے بھیجا ہے، برطانیہ میں کسی کی کردار کشی کرنے پر سخت قوانین ہیں، قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے ملک تباہ ہوا، یورپ میں آزادی اظہار رائے کی اجازت ہے، یورپ میں کسی کی کردار کشی نہیں کی جا سکتی، خوشحال اور غریب معاشرے میں صرف قانون کا فرق ہے، جس معاشرے میں انصاف ہو وہ کامیاب ہوتا ہے، میں نے کبھی بھی جمہوریت نہیں دیکھی تھی، میں 18 سال کی عمر میں برطانیہ گیا تو جمہوریت دیکھی ، سارے آمروں نے خود کو قانون کے اوپر رکھ دیا اداروں کو کمزور کیا، آمروں نے ملکی اداروں کو کمزور دیا، جب آمر جمہوری بننے کی کوشش کرتا ہے تو میڈیا کو کنٹرول کرتا ہے، عدلیہ بحالی تحریک چلی تو پرویز مشرف نے میڈیا کو کنٹرول کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ دونوں خاندان کرپشن میں پکڑے گئے، جس معاشرے میں قانون اور انصاف ہے وہ خاموش ہے، پرویز مشرف نے اقدتار سنھبالا تو لوگ خوش تھے۔ دو خاندانوں کے دورمیں رول آف لاء کیوں نہیں آیا، ان دو خاندانوں نے میڈیا کو کنٹرول کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے جتنی مجھ پر تنقید کی گئی کسی اور پر نیں کی گئی۔ بحیثیت وزیراعظم مجھے تین سال عدالت سے ریلیف نہیں ملا۔ میڈیا کو پیسے کھلانے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ میں وزیراعظم بنا تو مجھے میڈیا سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔ میرے وزیروں کے خلاف ٹیکس چوری کی فیک نیوز چلائی گئیں، بطورِ وزیراعظم میری ہدایت تھی کسی صحافی کو نہیں اٹھانا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ آج عوام اور فوج میں فاصلے بڑھ رہے ہیں، ہم اپنی فوج کو کمزور نہیں کر سکتے، مضبوط فوج ملک کے لیے بہت ضروری ہے، ہم اپنے ملک میں کمزور فوج افورڈ نہیں کرسکتے کیونکہ جن ممالک کی فوج کمزور تھی ان کا حال سب نے دیکھا۔ جنہوں نے بھی امریکی سازش نہ روکنے کا فیصلہ کیا بتائیں یہ ملک کے مفاد میں ہے؟ صدر مملکت نے سائفر چیف جسٹس کو بھیجا لیکن سائفر کے معاملے کو دبانے کی کوشش کی گئی اور یہ بھی کہا گیا کہ ایسے سائفر تو آتے رہتے ہیں۔ سپریم کورٹ اس سائفر کی انکوائری نہیں کرتا الٹا دھمکی دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے سائفر تو بنانا ری پبلک کو بھی نہیں آتے، سوال ہے کیا اس طرح کسی بڑے ملک کے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا جاسکتا ہے؟ اگر آج ایسا ہوا تو آگے کوئی کسی کی دھمکی کے سامنے کھڑا ہوسکے گا؟ ملک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، یہ سازش تھی یا مداخلت تھی، ہم نے تمام فورمز پر یہ معاملہ اٹھایا، ان لوگوں نے یہ معاملہ دبا دیا۔
عمران خان نے کہا کہ جمہوریت اخلاقیات کی بنیاد پر چلتی ہے، برطانیہ میں اخلاقیات ہیں اسی لیے وہاں جمہوریت ہے، وہاں اظہار رائے کی آزادی ہے، کسی کی کردار کشی نہیں کی جاتی اس لیے کہ ان کا اخلاقی معیار بہتر ہے، لیکن یہ رویہ میں نے پاکستان میں کبھی نہیں دیکھا۔ برطانیہ میں بھاری اکثریت سے جیتنے والے بورس جانسن کو صرف جھوٹ بولنے پر فارغ کردیا گیا، لیکن یہاں شہباز شریف اور بیٹے پر فرد جرم لگنے والی تھی تو انہیں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنادیا گیا۔ حمزہ شہباز پنجاب میں غیر آئینی وزیراعلیٰ بنا ہوا ہے اور وہاں ضمنی الیکشن جیتنے کے لیے انہوں نے پوری ریاستی مشینری لگائی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اس وقت اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ طاقت انکے پاس ہے، معاملات درست کرنے کیلئے تعمیری تنقید ضروری ہے، تعمیری تنقید سے اسٹیبلشمنٹ کو نقصان نہیں فائدہ ہوگا، صحافیوں کو تعمیری تنقید کرنے کا موقع دینا چاہیے کیونکہ تنقید ہی بند کردینگے تو کیا درست ہے کیا غلط ہے؟ فیصلہ ہی مشکل ہوجائے گا۔سوشل میڈیا پر گند اور غلیظ چیزیں آرہی ہیں، اس وقت پوری دنیا میں بحث چل رہی ہے کہ سوشل میڈیا کو کیسے سنبھالا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری معیشت برباد ہوتی جا رہی ہے پاکستان اس وقت دنیا میں ڈیفالٹر کے طور پر چوتھے نمبر پر ہے، تمام فیصلے بند کمروں میں ہو رہے ہیں، ایک ہی راستہ بچا ہے اور وہ ہے شفاف الیکشن ہیں، آج بھی کہتا ہوں شفاف الیکشن کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں۔ مارشل لا کا وقت نکل چکا ہے بس ہمیں اپنی جمہوریت مضبوط کرنا ہے اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے میڈیا کا آزاد ہونا ناگزیر ہے، کوئی نیا قانون بنانے کی ضرورت نہیں جو قانون ہے اس پرعمل کرنا چاہیے کیونکہ معاشرے کو بچانے کیلئے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنا ضروری ہے۔ 2 خاندان کرپشن میں پکڑے گئے جس کے بعد انہوں نے عدلیہ اور میڈیا کو کنٹرول کیا۔ ان 2 خاندانوں کے دور میں کیوں رول آف لا نہیں آیا، انہیں جب تک قانون کے نیچے نہیں لائیں گے مسائل حل نہیں ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ جتنی تنقید مجھ پر ساڑھے 3 سال میں میڈیا نے کی کسی اور وزیراعظم پر نہیں ہوئی، میرے وزیروں کے خلاف ٹیکس چوری کی فیک نیوز چلی لیکن میں نے تو میڈیا کو کبھی پیسا نہیں کھلایا اور نہ کبھی کبھی میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے اپنے دور میں عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی، عدالتی فیصلوں کے لیے کبھی کال نہیں کی۔

ضمنی الیکشن میں متعلقہ حلقے سے پولنگ ایجنٹس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا متعلقہ حلقے سے پولنگ ایجنٹس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ایجنٹس کی تعیناتی کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں متعلقہ حلقے سے ہی پولنگ ایجنٹس مقرر کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس شاہد جمیل نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کی چند ذمہ داریاں ہیں، پولنگ ایجنٹ ووٹ ڈالنے والے بندے کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولنگ ایجنٹس کہیں سے بھی لیے جا سکتے ہیں، ضروری نہیں ہے پولنگ ایجنٹس متعلقہ حلقے کا ہی ہو، پہلے بھی یہی ہوتا تھا لیکن اب تو الیکشن کمیشن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ آج سے پہلے کبھی الیکشن کمیشن نے پولنگ ایجنٹس کے حوالے سے کوئی نوٹیفیکیشن کیا؟۔ وکیل نے جواب دیا کہ آج سے پہلے کبھی نہیں کیا۔
جس پر عدالت نے کہا کہ زبانی کیسے ایسا حکم جاری کیا جاسکتا ہے۔ اس پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ حلقہ کے باہر سے لوگ آئے تو لڑائی جھگڑا اور پولنگ کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔
عدالت نے کہا کہ باہر سے کوئی خلائی مخلق تو نہیں آنی، الیکشن کمیشن کو صاف شفاف طریقے سے الیکشن کرانے چاہئیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا متعلقہ حلقے سے پولنگ ایجنٹس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ صرف ضمنی انتخابات کے لیے یہ نوٹیفیکیشن معطل کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن رولز میں ترمیم کرکے پولنگ ایجنٹس کی تقرری متعلقہ حلقے سے کرنے کا حکم دیا جاسکتا ہے۔

ووٹرز کی حفاظت کیلئے فوج کی تعیناتی ضروری ہے: چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو لاہور کیمپ آفس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کی حفاظت کے لئے فوج و رینجرز کے جوانوں کی تعیناتی ضروری ہے۔
دوسری طرف سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان لاہور پہنچ گئے۔ ضمنی انتخابات کے لئے سکیورٹی اور اتوار کو ہونے والے الیکشن انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمشنر کے دفترمیں کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن خان نے کہا کہ یہ فیصلہ امن و امان کی ممکنہ صورتحال کے باعث کیا گیا۔ الیکشن کے دوران کسی قسم کی بدامنی برداشت نہیں کرینگے اورتخریبی عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ریاستی اداروں کی بھرپور مدد حاصل ہے۔ بہتر انتظامات اور مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ عوام بلا خوف و خطر گھر سے باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔

خان پور:غیرت کے نام پر 20 سالہ لڑکی قتل، دونوں ملزمان گرفتار

خان پور: (ویب ڈیسک) خان پور میں غیرت کے نام پر 2 افراد نے 20 سالہ لڑکی کو قتل کر دیا۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا
ترجمان پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود مڈ الیاس میں پیش آیا جہاں پر دو ملزمان نے 20 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر گولی مار کر قتل کر دیا۔
ڈی پی او رحیم یار خان نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا احکامات دیئے جس پردونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق موقع سے تمام شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

لاہور میں تشدد سے جاں بحق کم عمر ملازم کا والد گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے تشدد سے جاں بحق کم عمر ملازم کے والد عرفان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد سے ہلاک ہونے والے گھریلو ملازم کے والد عرفان نے بیٹی اور دو بیٹوں کو ابوالحسن کے پاس رکھوایا ہوا تھا جبکہ ملزم 12 سالہ بیٹی کی شادی ابوالحسن سے کر رہا تھا، بچوں کا والد قتل کیس کے مرکزی ملزم ابولحسن کا مرید بھی تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے کم سن بچوں کامران، رضوان اور منیبہ کو ملزم کے پاس رکھوایا تھا، کامران کے قتل کی اطلاع کے باوجود والد عرفان سامنے نہیں آ رہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف غیر قانونی طور پر پیسے لے کربچوں کو ملازم رکھوانے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہلاکت اور تشدد کا واقعہ عید کے دوسرے روز پیش آیا تھا۔

مقبول گجر داخلے پر پابندی کے باوجود لاہور پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں داخلے پر پابندی کے باوجود پی ٹی آئی رہنما مقبول گجر لاہور پہنچ گئے۔
جوہر ٹاؤن پولیس نے مقبول گجر کو روکا اور ایس ایچ او عاطف ذوالفقار نے سرکاری کاغذ پر دستخظ کروائے۔
پولیس نے مقبول گجر کو تھانے لے جانے کی کوشش کی، تاہم وہ دوسری کار میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ مقبول گجر کو ٹریس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر پر پنجاب میں داخلے پر پابندی قانونی طور پر لگائی گئی، مقبول گجر کو پنجاب داخلے پر پابندی کا علم ہونے کے باوجود پنجاب میں داخلے کی کوشش ان لوگوں کے مذموم مقاصد ظاہر کرتی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مقبول گجر کے پنجاب میں داخلے کے پلان سے ان کے خطرناک ارادے ظاہر ہوگئے ، پابندی اس لئے لگائی گئی کہ خدشہ موجود تھا کہ اسلحہ سے لیس جتھے پختونخواہ اور آزاد کشمیر سے پنجاب آئیں گے، ان کا ارادہ تھا کہ ضمنی الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال خراب کریں۔

گال ٹیسٹ پہلا روز: لنکن ٹیم 222 سکور پر ڈھیر، پاکستان کے دو وکٹوں پر24 رنز

گال: (ویب ڈیسک) گال ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکن ٹیم 222 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے۔
سری لنکا کا ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا، میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ گیارہ رنز پر گر گئی، سری لنکن کپتان کرونارتنے ایک رن بنا کر شاہین آفرید ی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، 60رنز پر سری لنکا کی دوسری اور تیسری وکٹ گر گئی ، کوشال مینڈس یاسر شاہ جبکہ اوشادا فرنینڈو حسن علی کا شکار بنے۔
68 رنز پر یاسر شاہ نے اینجلیو میتھیوز کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی چوتھی وکٹ حاصل کی ، 99 کے اسکور پر سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔
دنیش چندیمل نے 77 اور مہیش تھیکشنا نے 38 رنز کے ساتھ مزاحمت کی ، آخری وکٹ کے لیے سری لنکن بلے بازوں نے 45 رنز کی شراکت داری قائم کی، سری لنکن ٹیم 222 رنز پر ڈھیر ہوئی، قومی ٹیم کی طرف سے شاہین آفریدی نے چار، یاسر شاہ اور حسن علی نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے کیا، تاہم دونوں بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین 2 سکور بنا کر رجیتھا کی گیند پر ایل بی ڈبیلو ہوئے جبکہ عبد اللہ شفیق 13 رنز بنا کر جے سوریا کا شکار بن گئے۔
کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے ہیں۔ کپتان بابر اعظم اور اظہر علی کریز پر موجود ہیں۔ دونوں نے بالترتیب 1 اور تین سکور بنائے ہوئے ہیں۔