All posts by Khabrain News

ٹوبہ ٹیک سنگھ: ٹریفک حادثے میں قومی کبڈی کے کھلاڑی جاں بحق

ٹوبہ ٹیک سنگھ: (ویب ڈیسک) ٹوبہ ٹیک سنگھ گوجرہ روڑ پر ٹریفک حادثے میں انٹر نیشنل پاکستان کبڈی ٹیم کے موجودہ کھلاڑی شکیل جٹ جاں بحق ہو گئے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ گوجرہ روڑ پر ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر حادثے کے نتیجے میں انٹر نیشنل کبڈی پلیئر شکیل جٹ جاں بحق اور ان کادوست شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور شہریوں کی کثیر تعداد موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو 1122 نے لاش اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا، شکیل جٹ کا تعلق ٹوبہ کے نواحی چک 320 ج ب سے ہے وہ مسلسل پانچ سال سے قومی کبڈی ٹیم میں کھیل رہے تھے۔

گیس بندش اور پریشر کی کمی: سندھ حکومت نے حماد اظہر کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے گیس بندش اور پریشر کی کمی کے خلاف وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو خط لکھ دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تین سالوں سے تسلسل کے ساتھ سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔
سندھ حکومت کے محکمہ توانائی کی جانب سے لکھے گئے خط میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو سوئی سدرن گیس کمپنی ہمارے حوالے کر دے، حماد اظہر صاحب ہم گیس کی پیداوار اور درست تقسیم کر کے دکھا سکتے ہیں، صوبے کو گیس پیدا کرنے کے باوجود حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ نومبر سے سندھ میں گیس کی بندش اور لو پریشر سے شہری مشکلات میں ہیں، کراچی کے شہری ملازمتوں اور بچے بھوکے اسکول جانے پر مجبور ہوگئے ہیں، کراچی سمیت سندھ کے شہری لکڑی، کوئلے، سلنڈر استعمال کر رہے ہیں، دو ماہ سے سندھ کا سی این جی سیکٹر بند، لاکھوں مزدور بیروزگار ہوگئے، سی این جی بندش سے کراچی میں رکشہ، ٹیکسی اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہیں، سندھ کی گیس ضرورت 750 اور فراہمی 560 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز: دوران پرواز 17 جنوری سے کھانے کی تقسیم پر پابندی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے دوران پرواز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں 17 جنوری سے کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد کر دی۔ سول ایوی ایشن کو دوران پرواز ماسک کا استعمال اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی بڑھتی صورتحال اور اضافے کی صورت میں مجوزہ بندشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں خصوصا سندھ کے ساتھ بڑھتی وباء کے کنٹرول کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ این سی او سی نے تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں ایس او پیز کے حوالے سے 17 جنوری کو خصوصی اجلاس طلب کرلیا، جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے۔ این سی او سی کی جانب سے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کر دی۔

‘ملتان نشتر ٹو اور ڈی جی خان میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے’

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے ملتان نشتر ٹو اور ڈی جی خان میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں بڑا نشتر ہسپتال 1953ء میں بنایا گیا، راولپنڈی اور بہاولپور میں ڈینٹل کالج بھی بنائے جا رہے ہیں، پنجاب میں مجموعی طور پر 8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں، چنیوٹ، حافظ آباد اور چکوال میں نئے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کیساتھ منڈی بہاؤالدین کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نامکمل منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، مجموعی طور پر صوبہ بھر میں 158 ہسپتالوں اور مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں ہیلتھ کے 91 نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے، صوبہ بھر کے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں مفت ادویات کے لئے مجموعی طور پر سوا 37 ارب روپے مختص کئے گئے، پنجاب میں 14 سوشل سیکورٹی ہسپتال تھے، ہم نے صرف تین سال میں 9 نئے ہسپتال بنائے۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کو نجی بینکوں کی ناکامی قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کو نجی بینکوں کی ناکامی قرار دے دیا۔ ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بے نامی بینک اکاؤنٹس سے ہی منی لانڈرنگ کی۔
شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی تحقیقات سے متعلق نئی رپورٹ آگئی، جس میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کے ماسٹر مائنڈ مرکزی ملزمان ہیں۔ منی لانڈنگ کے لیے بے نامی اکاؤنٹس کا استعمال نہ روکنا بینکوں کی واضح ناکامی ہے، ایف آئی اے نے بے نامی اکاؤنٹس نہ پکڑنے پر اسٹیٹ بینک کو نجی بینکوں کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی دے دی ہے۔

پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ریفرنس: شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کے شریک ملزمان بری

لاہور: (ویب ڈیسک)پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کمپنی میں خرد برد کے ریفرنس میں اہم پیشرفت، احتساب عدالت نے کیس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کے شریک ملزمان کو بری کر دیا۔
ریفرنس میں عدالت شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ احتساب عدالت نمبر 2 کے جج نسیم احمد ورک نے پی پی ڈی سی خرد برد کیس میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملزم رانا محمد عثمان خان، فرہاد اکرام، ثمینہ اکرام، احسن اکرام اور عمر شمشاد کو بری کیا۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر بریت کی درخواستوں پر دونوں فریقين کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔
ملزمان پر ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی سمیت دیگر محکموں میں خردبرد کا الزام تھا۔ عدالت نے ریفرنس میں ملوث پانچ ملزمان کو بری کرنے کا مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالت ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

امریکا اقوام متحدہ کے افغان اثاثوں کی بحالی کے مطالبے پرفوری عمل کرے، طالبان

کابل: (ویب ڈیسک)
طالبان حکومت نے جوبائیڈن انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے امریکا میں منجمد افغان فنڈز کی فوری بحالی کے مطالبے پر توجہ دے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے امریکا انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے منجمد افغان فنڈز کو فوری طور پر بحال کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ذبیح اللہ مجاہد نے مزید لکھا کہ امریکا کو عالمی آواز کا مثبت جواب دینا چاہیے اور افغانستان کے فنڈز جاری کردینے چاہیئے تاکہ انسانی بحران کے شکار ملک اپنے عوام کو سہولیات اور آسانی فراہم کرسکے۔
ترجمان طالبان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں رونما ہونے والے ڈراؤنے خواب کو روکنے کے لیے منجمد فنڈز بحالی میں پہل کرے۔
گزشتہ برس اگست میں طالبان نے افغانستان کا اقتدار سنبھالا تھا جس کے بعد امریکا نے افغان مرکزی بینک کے تقریباً 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کے اثاثے منجمد کردیئے جب کہ کئی مغربی ممالک، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے بھی فنڈز اور ترقیاتی سرگرمیاں معطل کر دیں۔
عالمی فنڈز منجمد ہونے اور معاشی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث افغانستان میں بھوک و افلاس نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے عفریت پر قابو پانے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے طالبان حکومت اور اقوام متحدہ کئی بار عالمی برادری کو خبردار کرچکے ہیں۔

کامران اکمل نے ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک)
کامران اکمل نے پاکستان ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹwww.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ میں اب ملک کی نمائندگی کا نہیں سوچ رہا،محمد رضوان نمبر ون وکٹ کیپر بیٹر اور بڑی محنت سے اس مقام تک پہنچے ہیں، انھیں ہر فارمیٹ میں بھرپور موقع دیاجائے،ساتھ ہی متبادل بھی تیارکرنا بہتر ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ابھی میری ریٹائرمنٹ کا وقت نہیں آیا، جب محسوس کیا کہ پہلے جیسی فٹنس اور فارم نہیں رہی تو محمد حفیظ کی طرح پی سی بی کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کروں گا، ابھی 2، 3 سال تک مزید کھیلنے کی خواہش ہے۔
پی ایس ایل ڈرافٹ کی سلور کیٹیگری میں منتخب ہونے کے بعد پہلے انکار اور پھر اقرار کرنے کے سوال پر تجربہ کار وکٹ کیپر نے واضح کیا کہ پشاورزلمی نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا، اب بھی اسی جذبے اور محنت سے کھیلوں گا، 6سال میں ایک فائنل جیتنا اور4فائنل کھیلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا کمبی نیشن زبردست ہے، وہاب ریاض بڑے اچھے طریقے سے قیادت کررہے ہیں، انضمام الحق کے صدر بننے سے نوجوان بیٹرز کو زیادہ فائدہ ہوگا۔
کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل میں زیادہ پیسہ دیں گے تو غیرملکی کھلاڑی بھی کھیلنے کو ترجیح دیں گے، اگر پاکستان اور بھارت کی کرکٹ سیریز بحال ہوئی تو اس سے مجموعی طورپر کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پی سی بی کا کھلاڑیوں کو ایوارڈ دینا خوش آئند ہے، فواد عالم ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے مستحق تھے۔

ایران پرامریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں، چین

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کا کہنا ہے کہ ایران پرامریکا کی یکطرفہ پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب حسین عامر سے ملاقات میں کہا کہ ایران پریکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جاری مشکلات کی ذمہ داری امریکا پرعائدہوتی ہے جس نے یکطرفہ طورپر2015میں کئے گئے ایران اورعالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیارکی۔ چین ایران سے جوہری مذاکرات کے دوبارہ شروع ہونے کا حامی ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 25 سال کے تعاون کے معاہدے کا اعلان متوقع ہے۔

بپن راوت کا ہیلی کاپٹرراستہ بھٹکنے کے باعث گرا، رپورٹ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے ہیلی کاپٹرکوحادثہ راستہ بھٹکنے کے باعث پیش آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے ہیلی کاپٹرتباہ ہونے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی جس میں پائلٹ کی غلطی اورخراب موسم کوحادثے کی وجہ قراردیا گیا ہے۔ رپورٹ میں تکنیکی خرابی، سازش یا غفلت کو مسترد کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تامل ناڈو میں موسم اچانک تبدیل ہونے سے ہیلی کاپٹر بادلوں میں داخل ہوا اور پھر تباہ ہو گیا۔ بھارتی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم تبدیل ہونے کی وجہ سے پائلٹ راستہ بھٹک گیا اور اپنی سمت درست نہیں رکھ پایا۔ اس طرح کے حادثاث میں پائلٹ اور عملے کو آخر وقت تک خطرے کا اندازہ نہیں ہوتا کیونکہ وہ غلط سمت میں جا چکے ہوتے ہیں۔ گزشتہ سال 8 دسمبرکو تامل ناڈو میں کُنور کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔