All posts by Khabrain News

عالمی بینک نے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی، رقم زرعی شعبے کی بہتری کیلئے دی گئی ہے۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم صوبہ پنجاب کے لیے فراہم جائے گی، پاکستان کو فراہم کی جانے والی رقم زرعی شعبے کی بہتری اور چھوٹے کسانوں کے منصوبوں کے لیے خرچ ہو گی۔
عالمی بینک کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم کی فراہمی کے بعد پاکستان کو پانی کے استعمال میں بہتری اور چھوٹے کسانوں کی آمدنی بڑھانا ہو گی۔

مریم نواز کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ مریم نواز لاہور سمیت مختلف حلقوں میں انتخابی مہم چلا رہی تھیں اور کل انتخابی مہم کے آخری روز بھی انہوں نے جلسے سے خطاب کیا تھا۔

اگر دھاندلی کر کے نتیجہ بدلا گیا تو پھر انقلاب آئے گا، شہباز گل

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ عوامی فیصلے کے بعد اب کپتان کو نہیں ہرایا جا سکتا ۔ اگر دھاندلی کر کے نتیجہ بدلا گیا تو پھر انقلاب آئے گا ۔
تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان نے دس دن تک لگاتار پنجاب کے 20 حلقوں میں فرنٹ فٹ پر جارحانہ مہم چلائی ۔ دن بھر کیمپین کے بعد جب پوری ٹیم تھک جاتی تھی تب بھی عمران خان کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آتی تھی ۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا ایسا عوامی ردعمل پاکستان میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ۔ پاکستان عام انتخابات کے لئے تیار ہو چکا ہے ۔
انہوں نے کہاہے کہ عوامی فیصلے کے بعد اب کپتان کو نہیں ہرایا جا سکتا ۔ اگر دھاندلی کر کے نتیجہ بدلا گیا تو پھر انقلاب آئے گا ۔

پنجاب کے ضمنی الیکشن کا معرکہ، پی ٹی آئی اور ن لیگ نے حکمت عملی طے کرلی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے 20 حلقوں میں الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے حکمت عملی طے کر لی۔
تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ۔ تحریک انصاف کے مطابق انتخاب پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششوں کیخلاف فوری طور پر شدید مزاحمت کی جائے گی ۔
مرکزی قائدین ہر صوبائی نشست پر پورے انتخابی عمل پر کڑی نگاہ رکھیں گے ۔ تحریک انصاف کی حکمت عملی کے مطابق پولیس، انتظامیہ اور پولنگ اسٹاف کی سرگرمیوں پر بھی گہری نظر رکھی جائے گی۔
حکمران اتحاد کے امیدواروں کی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوششوں پر فوری ردعمل دیا جائے گا ۔تحریک انصاف کے قائدین خواتین پولنگ بوتھس اور حساس پولنگ سٹیشنز پر گڑبڑ کے تدارک کیلئے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں سے مسلسل فیڈبیک حاصل کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے ماڈل ٹاون لاہور میں سیل قائم کردیا ہے۔الیکشن کے دن کیلئے سینٹرل کنٹرول روم اور سوشل میڈیا ونگ قائم کیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی طر ف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ مرکزی کنٹرول روم سے تمام حلقوں کی معلومات جمع کر کے عوام اور میڈیا تک پہنچایا جائے گا۔ سیل بنانے کا مقصد ڈسکہ کے ووٹ اورالیکشن عملہ چور فسادیوں پر نظر رکھنا ہے۔

پہلا ٹیسٹ: سری لنکا پہلی اننگز میں ہی مشکلات کا شکار

گال: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے شہر گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
گال کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا دو ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلا جا رہا ہے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی اور اوپنر بلے باز کپتان دیمتھ کرونا رتنے کو بولڈ کر دیا۔ وہ ایک رن ہی بنا سکے۔
سری لنکا کے دوسرے کھلاڑی اوشادہ فرنینڈو 35 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 49 گیندیں کھیلیں اور 5 چوکے لگائے جبکہ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کوشال مینڈس 21 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت تک سری لنکا کی ٹیم مجموعی طور پر 60 رنز ہی بنا سکی تھی۔
سری لنکا کے چوتھے کھلاڑی اینجلو میتھیوز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلیئن لوٹ گئے۔ انہیں بھی یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔ پانچویں کھلاڑی دھانجا ڈی سلوا کو شاہین آفریدی نے 14 رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ کر دیا۔
میزبان ٹیم کی چھٹی وکٹ 103 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب شاہین آفریدی نے ہی ڈک ویلا کو آؤٹ کر دیا۔ ڈک ویلا 4 بالز پر 4 رنز ہی بنا سکے تھے۔ ساتویں وکٹ بھی یاسر شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے رمیش مینڈس کو ان کے 11 رنز پر آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی آٹھویں وکٹ پراباتھ جے سوریا کی گری وہ محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دنیش چندیمل نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالآخر وہ 83 بالز پر نصف سینچری کرنے میں کامیاب رہے۔
میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے کوشش ہو گی پہلی اننگز میں بڑا اسکور بنائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے آل راؤنڈر سلمان علی آغا ڈیبیو کررہے ہیں جبکہ محمد نواز اور یاسر شاہ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

احسن اقبال کا پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار

نیویارک: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کا مقصد غربت، عالمی سطح پر خوراک کے عدم تحفظ اور پانی کی قلت کے چیلنجز سے نمٹنا ہے۔
احسن اقبال نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطح کے سیاسی فورم کے اختتامی اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں عالمی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ پائیدار ترقیاتی اہداف پر عملدرآمد کیلئے اسی جذبے کا مظاہرہ کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے پائیدار ترقی کے اہداف کو اپنی قومی اہداف قرار دینے کا اعلان کیا، اسی طرح ہمارے وژن 2025 کے ایجنڈے میں بھی پائیدار ترقی کے اہداف کو شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف پر عمل درآمد کیلئے ہمارے عزم کو تقویت بخشی ہے، ہم نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ پاکستان رواں سال گروپ 77 کے جائزہ اجلاس کے انعقاد کا خواہاں ہے۔

تباہ حال معیشت کا بیڑہ اٹھایا، سمت درست کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ورثے میں ملنے والی تباہ حال معیشت کی تیز رفتار بحالی کا مشکل بیڑہ اٹھایا تھا، معیشت کی سمت درست کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی عوام کے لیے آسانیوں کے مشن کا پہلا قدم ہے، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی درست معاشی سمت کا نتیجہ ہے، ٹیم ورک کے نتیجے میں آئی ایم ایف پروگرام بحال ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اچھے دن آنے کو ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پہلی اچھی خبر ہے، خدمت کا عہد نبھانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے، عوام کے مصائب اور مشکلات دور کرنے کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے 200 ارب روپے کی تاریخی سبسڈی دی، مسلم لیگ ن نے جب بھی حکومت سنبھالی مسائل حل کر کے دکھائے۔

قومی ایئر لائن کا کرایوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن نے اندرون ملک پروازوں کے لیے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق پی آئی اے کی اندرون ملک کرایوں میں 10 فیصد رعایت دی جا رہی ہے جس پر 17 جولائی سے اطلاق ہو گا اور فی الحال یہ رعایت اگلے 30 روز کے لیے ہے۔
وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے میں 90 فیصد سے زائد مسافر اکانومی کلاس میں سفر کرتے ہیں اور اکانومی کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ اپنے مسافروں تک منتقل کرنے کے لیے کرایوں میں رعایت کا فیصلہ کیا گیا۔

انتظامیہ ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے،اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما اسد عمرکا کہنا ہے کہ انتظامیہ ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ایک طرف تمام جماعتیں اور حکومتی مشینری ہے دوسری طرف عمران خان اور پی ٹی آئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کا الزام دہرادیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ایک طرف تمام جماعتیں اور حکومتی مشینری ہے دوسری طرف عمران خان اور پی ٹی آئی ہے۔
اسدعمر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ضمنی الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔یہ الیکشن عمران خان اور پرویز الہٰی کا نہیں ہم سب کا ہے۔علی امین گنڈاپور کو پنجاب آنے سے روکنا قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔علی امین گنڈاپور کا اتنا خوف ہے پتہ نہیں وہ کیا کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ان حالات میں بھی الیکشن کمیشن کوئی کارروائی نہیں کررہا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک آرڈر بھی نظر نہیں آیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سندھ کی حالت انتہائی خطرناک ہو گئی ہے۔سندھ حکومت،آصف زرداری اور بلاول بھٹو کہاں ہے؟ملک کو اکٹھا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ متفقہ لیڈر ہو۔سندھ میں جان بوجھ کر کشیدگی پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے۔کسی بھی خدشے کو بے نقاب کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر نوازشریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تورانا ثنااللہ کارروائی کریں۔تفتیش کروائی جائے کہ نواز شریف کو کس نے فارغ کیا تھا۔اسٹیبلشمنٹ پاکستان کی سیاست میں شامل نہیں ہے ۔مسٹر ایکس کے بارے میں جب عمران خان بتانا چاہیں بتا دیں گے۔

پاکستان سری لنکا ٹیسٹ سیریز، دوسرے میچ کا مقام تبدیل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کا مقام تبدیل کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ترجمان کے مطابق سری لنکا میں معاشی بحران اور سیاسی صورتحال کے پیش نظر کولمبو میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ کے مقام کو تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ بھی گال کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سری لنکن بورڈ نے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ دوسرے ٹیسٹ کے مقام کو تبدیل کیا جائے، جس کو بورڈ نے قبول کرلیا۔