All posts by Khabrain News

جاوید شیخ کو بھی متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ مل گیا

دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکارہ جاوید شیخ کو بھی متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ مل گیا۔
اہنی ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ گولڈن ویزہ ملنے پر بہت خوش ہوں، متحدہ عرب امارات کی حکومت کا بہت شکریہ!
یاد رہے کہ جاوید شیخ سے قبل ثنا ، عمیر، فخرِ عالم، ہمایوں سعید ، وسیم اکرم ، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا یو اے ای کی جانب سے گولڈن ویزا حاصل کر چکے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے دنیا بھر کی معروف شخصیات کو گولڈن ویزا سے نوازا جاچکا ہے، جن میں کرسٹیانو رونالڈو، سنجے دت، شاہ رخ خان سمیت دیگر شامل ہیں۔

جہانگیر ترین کی لندن میں ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار سے ملاقات

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما جہانگیر ترین کی لندن میں ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات سینٹرل لندن میں پارک لین پر واقع ایک ریسٹورنٹ میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین کی ملاقات تقریباً دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی، دونوں رہنماؤں میں سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مستقبل میں مل کرکام کرنے کے آپشنز پر غور کیاگیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیر اعظم کے تعلقات مثالی ہیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعظم عمران خان کے تعلقات مثالی ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ مسلسل ایک مہم چلائی جا رہی ہے کہ حکومت اور فوج کو علیحدہ دکھایا جائے، کسی بھی صورت میں ان تعلقات پر آنچ نہیں آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واضع کر چکے ہیں افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور تحفظ کی علامت ہے۔
خیال رہے کہ آج ایک انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کبھی ایسا کام نہیں کروں گا جس سے فوج کمزور ہو، نوازشریف پاکستان کے بھی دشمن ہیں اور فوج کے بھی، آرمی چیف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی بات ن لیگ کی ڈس انفارمیشن مہم تھی، آرمی سے تعلقات اچھے ہیں، یہ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ استعفیٰ میں دوں گا نہیں البتہ الیکشن سب سے بہتر طریقہ ہے۔ اس کے بعد عوام سے کہوں گا مجھے بھاری اکثریت سےکامیاب کرائیں۔

طالبان حکومت کا افغانستان میں کل پہلے روزے کا اعلان

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان حکومت نے افغانستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔
طالبان کے ترجمان و نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کی اور بتایا کہ کل یعنی 2 اپریل کو افغانستان میں پہلا روزہ ہوگا۔
انہوں نےعوام کو ماہ صیام کی مبارکباد پیش کی۔
دوسری جانب افغانستان کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا کہ ملک میں چاند نظر آنے کی شہادت ملی ہے جس کے بعد سے کل سے ماہ صیام کا آغاز ہوگا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور وہاں پہلا روزہ کل یعنی 2 اپریل کو ہوگا۔
واضح رہے کہ طالبان کے کنٹرول میں آنے کے بعد افغانستان میں پہلا ماہ صیام ہوگا۔

سندھ حکومت کا کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبے کا معاہدہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبے کا نجی کمپنی سے معاہدہ کرلیا۔
کراچی کے نجی ہوٹل میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امتیاز شیخ نے کہا کہ منصوبے کے تحت کراچی میں کچرے سے بجلی پیدا کی جائے گی، سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے کچرے سےبجلی پیدا کر نے کا منصوبہ بنایا، اس منصوبے سے 600 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری آئے گی، جس سے صوبے میں معاشی ترقی ہوگی۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انرجی محکمہ کی کاوشوں کو سراہتاہوں، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی میں بہت بہتری آئی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ہرے بھرے پاکستان کا خواب دیکھا ہے۔

کیچ: کار اور موٹر سائکل میں تصادم، 7 افراد جاں بحق

کیچ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کیچ میں کار اور موٹر سائکل میں تصادم سے حادثے سے 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان کے مطابق حادثہ کیچ کے علاقے سامی میں پیش آیا، تیز رفتار کار سامنے سے آنیوالے موٹر سائکل سے ٹکرا گئی، حادثے کے بعد کار بے قابو ہو کر الٹ گئی جسکے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔
حسین جان کے مطابق حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔ اس کے علاوہ اکبر ایس بابر کو کیس کی کارروائی سے الگ کرنے اور کمیٹی رپورٹ پر پی ٹی آئی کا جواب اکبر ایس بابر کو نہ دینے کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں۔
تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔
فارن فنڈنگ کیس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس سے پہلے دائر درخواست نمٹا دی گئی تھی اور جسٹس محسن اختر کیانی نے 29 جنوری 2018 کو معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔
خیال رہے کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔

ملک بھر میں ہفتہ، ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کنذیومر پرائس انڈیکس کے لحاظ سے ماہانہ، ہفتہ وار اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافہ کا رجحان مسلسل جاری ہے ملک حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد مہنگائی کی شرح میں ماہانہ بنیادوں پر 0.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اور ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 16.79 فیصد رہی ہے جبکہ کنذیومر پرائس اینڈیکس کے لحاظ سے مارچ 2021 کے مقابلے میں مارچ 2022میں مہنگائی 12.7 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی بارے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق شہروں کی نسبت دیہات میں مہنگائی کا زیادہ زور رہا، مارچ میں مہنگائی 12.7 فیصد پر پہنچ گئی، ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شہروں میں چکن 33.63 فیصد، پھل 15.17 فیصد مہنگے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں خوردنی گھی 8.32 فیصد، پیاز 7.01 فیصد، خوردنی تیل 5.05 فیصد مہنگے ہوئے، شہروں میں ٹماٹر 36.53 فیصد، انڈے 14.75 فیصد اور گندم 4.89 فیصد سستی ہوئی، ایک ماہ کے دوران شہروں میں چینی 1.02 فیصد سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دیہات میں ایک ماہ کے دوران چکن 33.34 فیصد، پھل 16.67 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ خوردنی تیل 12.35 فیصد اور گھی 10.30 فیصد مہنگا ہوا، دیہات میں ایک ماہ میں ٹماٹر 33.87 فیصد، انڈے 13.97 فیصد اور آلو 3.78 فیصد سستے ہوئیسالانہ بنیادوں پر دیہات میں ٹماٹر 158.82 فیصد، خوردنی تیل 63.47 فیصد، گھی 56.43 فیصد مہنگا ہوا۔

حکومت سندھ کا 4 اپریل کو صوبے میں عام تعطیل کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر سندھ حکومت نے 4 اپریل بروز پیر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 4 اپریل کو کراچی سمیت صوبہ بھر میں چھٹی ہوگی، اس روز تمام نجی ، سرکاری دفاتر، سکولز اور کالجز بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہر سال 4 اپریل کو منائی جاتی ہے، سندھ حکومت اور پی پی پی اس روز صوبے سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کریگی۔

پہلی فلم میں کام تاریخ پیدائش کی وجہ سے ملا، بالی وڈ اداکارہ کا انکشاف

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار جان ابراہم اور اداکارہ راکل پریت سنگھ نے حال ہی میں معروف کامیڈی شو ‘دی کپل شرما شو ‘ میں اپنی آنے والی فلم اٹیک کی تشہیر کے لیے شو میں شرکت کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شو کے دوران راکل پریت سنگھ نے انکشاف کیا کہ انہیں اپنی پہلی فلم کی پیشکش ان کی تاریخ پیدائش کی وجہ سے ہوئی۔
اس بات کا انکشاف کپل کے شو کے ایک حصے میں اس وقت ہوا جب میزبان نے راکل کے بارے میں کچھ افواہوں پر بات کی۔ ان میں سے ایک یہ تھی کہ اداکارہ کو ان کی تاریخ پیدائش کی وجہ سے پہلی فلم کی پیشکش ہوئی۔
اس کی وضاحت کرتے ہوئے راکل نے کہا کہ میں کالج کے پہلے سال میں تھی جب مجھے اپنی پہلی فلم کی پیشکش ہوئی تھی، اس وقت میں نہیں جانتی تھی کہ میں اداکاری کرنا چاہتی ہوں اس لیے میں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
تاہم فلم کے پروڈیوسر نے میرے والد کو فون کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ اپنی بیٹی کو فلم میں کرنے کے لیے راضی کریں۔
راکل پریت نے بتایا کہ پروڈیوسر نے والد سے میری تاریخ پیدائش چیک کرنے کو کہا۔ انہوں نے بتایا کہ نے میری تاریخ پیدائش کے مطابق میں مستقبل میں ایک بڑی، کامیاب اداکارہ بنوں گی اس لیے وہ مجھے لانچ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے کافی حیران کن تھا تاہم میں نے فلم میں کام کرنے کیلئے ہاں کردی۔
واضح رہے کہ راکل نے 2014 میں فلم یاریاں سے بالی وڈ میں قدم رکھا جبکہ اس سے پہلے انہوں نے کئی تامل اور تیلگو فلموں میں اداکاری کی۔