All posts by Khabrain News

کمار سانو کا خفیہ افیئر؟

بالی وڈ میں سائیڈ رولز کے لیے جانے جانے والی اداکارہ کُنیکا سدھانند، جو فلموں’ بیٹا‘،’ گمراہ اور’ کھلاڑی‘ میں اپنے کرداروں کے لیے مشہور ہیں، انہوں نے 90 کی دہائی میں کئی فلموں میں اپنے کرداروں سے گہری چھاپ چھوڑی ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں اعتراف کیا کہ وہ گلوکار کمار سانو کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھیں حالانکہ وہ شادی شدہ تھے، ایک انٹرویو میں کُنیکا نے انکشاف کیا کہ گلوکار اپنی ازدواجی زندگی کی وجہ سے ڈپریشن میں مبتلا تھے اور اس کا ان پر گہرا اثر تھا۔

کُنیکا نے بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات کمار سانو سے ایک دوست کے گھر پر ہوئی جہاں وہ ریکارڈنگ کے لیے آئے تھے،ایک مداح ہونے کے ناطے وہ ان کے پاس گئیں اور دونوں کے درمیان ڈائٹ اور فٹنس پر ایک گھنٹے سے زیادہ گفتگو ہوئی۔

انہوں نے یاد کیا کہ انہوں نے کمار سانو کو میٹھے کی جگہ ایک سویٹنر پیش کیا اور ان سے اپنی صحت کا خیال رکھنے کو کہا، اداکارہ کے مطابق اس پر کمار سانو نے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پیشانی پر بوسہ دیا۔

ان کی دوسری ملاقات ایک فلم شوٹ کے دوران اوٹی کے مقام پر ہوئی، جہاں کمار سانو اپنی بہن اور بھتیجے کے ساتھ چھٹیاں منا رہے تھے،کُنیکا کے مطابق کمار سانو کی شادی ناخوشگوار تھی اور ان کی اہلیہ انہیں گالیاں دیا کرتی تھیں۔

کُنیکا نے ایک خاص جذباتی واقعہ یاد کیا اور کہا کہ ہم ڈنر کر رہے تھے اور کمار سانو بہت زیادہ شراب پی چکے تھے،وہ رونے لگے اور ہوٹل کی کھڑکی سے کودنا چاہتے تھے، وہ گہرے ڈپریشن میں تھے، ان کی بہن، بھتیجے اور مجھے انہیں روکنا پڑا، میں بہت جذباتی ہوگئی کیونکہ وہ واقعی تکلیف میں تھے، وہ اپنی شادی ختم نہیں کرنا چاہتے تھے اور نہ ہی اپنے بچوں کو چھوڑنا چاہتے تھے، انہیں پرسکون کرنے کے بعد میں نے انہیں ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی جو ان کے بچوں اور کام کے حوالے سے تھیں،میرا خیال ہے کہ اس لمحے نے ہمیں ایک دوسرے کے قریب کر دیا۔

اس کے بعد وہ واپس آئے اور میرے قریب ایک فلیٹ میں منتقل ہوگئے، ہم نے کھانے کا تبادلہ کرنا شروع کیا اور میں نے ان کا وزن کم کرنے میں مدد دی، اسی طرح ہمارا تعلق شروع ہوا۔

کُنیکا نے انکشاف کیا کہ ان کا تعلق چھ سال تک رہا لیکن کمار سانو کے خاندان اور بچوں کے احترام میں اسے نجی رکھا گیا، انہوں نے کہا ہم صرف عوام میں اس وقت نظر آتے تھے جب شوز میں ایک ساتھ پرفارم کرتے تھے، میں ان کے کپڑے منتخب کرنے میں مدد کرتی اور ان کے پرفارمنس کے انتظامات کرتی، میں ان کی بیوی جیسی تھی اور انہیں اپنے شوہر کی طرح سمجھتی تھی۔

کُنیکا نے مزید دعویٰ کیا کہ کمار سانو کی اہلیہ ریتا بھٹاچاریہ کو ان کے تعلق کے بارے میں پتہ چل گیا تھا اور انہوں نے ردعمل میں ان کی کار کو ہاکی اسٹک سے توڑ دیا تھا۔

واضح رہے کہ کمار سانو نے اپنی پہلی بیوی ریتا بھٹاچاریہ سے 1980 میں شادی کی تھی اور 1994 میں طلاق لے لی تھی،اس سابق جوڑے کے تین بچے ہیں، 2001 میں کمار سانو نے سلونی بھٹاچاریہ سے شادی کی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔

بشریٰ انصاری: اسلام آباد کی اداسی اور تکالیف

پاکستان کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے جڑی اپنی زندگی کی تلخ یادوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر انہیں اداس کردیتا ہے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کردہ ولاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے اسلام آباد میں اپنی مصروفیات کا احوال سنناتے ہوئے یہاں اپنے اوپر گزری آزمائش کا بھی اشارہ دیا۔

اگرچہ اداکارہ نے کھل کر خود کو درپیش مسائل بتانے سے گریز کیا لیکن ان کی گفتگو سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی پہلی شادی خاصی پریشانی اور مشکلات کا شکار تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اسلام آباد میں مقیم رہی ہوں، یہاں پی ٹی وی اسلام آباد سینٹر پر کام بھی کیا ہوا ہے، یہاں بچوں کو اسکول چھوڑنے بھی جاتی تھیں، بہت سی تکلیف دہ یادیں بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد 1989 میں آئی اور 1991 میں واپس گئی اور ان دو برس میں نے بہت تکلیف اٹھائی، بہت پریشان رہتی ہیں لیکن اپنے مسائل میں نے آپ کو نہیں بتائے، سڑکوں پر ماری ماری پھرتی تھی، بچوں کو لانا لے جانا پھر انہیں کھلانا پلانا حالانکہ میرے دل میں سوراخ تھا۔

اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ دکھ بھرے دل کے ساتھ مائیں سب کام کرتی ہیں، مائیں بچوں کو نہیں پتا چلنے دیتیں ، ان پر جو بھی گزر رہی ہوں بچوں کی زندگیوں میں پریشانی نہ آئے، بہت کچھ ہورہا ہوتا ہے لیکن مائیں چھپاتی ہیں اور کوشش کرتی ہیں کہ بچے متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لیکن بچوں کو معلوم ہوجاتا ہے یہ بھی میں نے محسوس کیا، شروع میں میں چاہتی تھی کہ انہیں کچھ پتا نہ چلے، انہیں سلا کر چپکے سے کمرے میں بند ہو کر رویا کرتی تھی لیکن آہستہ آہستہ بچے متاثر ہوتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ چاہے آپ کی کوشش ہو کہ انہیں کچھ پتا نہ چلے کچھ چیزیں وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ لیتے ہیں اور کچھ چیزیں وہ سمجھ جاتے ہیں، اس کے بڑے اثرات ہوتے ہیں۔

انہوں نے یاد کیا اس وقت نریمان (بڑی بیٹی) کو انزائٹی اٹیک ہوتا تھا لیکن اس وقت مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ یہ کیا ہوتا ہے اور اسے سانس کا مسئلہ تھا تو اس کی سانس رک جاتی تھی تو میں سمجھتی تھی کہ اس کی طبیعت خراب ہے لیکن وہ سب کچھ دیکھ رہی تھی جو مجھ پر گزر رہی تھی اور زیادہ متاثر ہورہی تھی البتہ چھوٹی بیٹی خاموش ہوگئی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ اسلام آباد آکر مجھے یہاں گزارے ساڑھے 3 سال یاد آجاتے ہیں، اگرچہ دیگر شہروں میں بھی وہی عجیب و غریب معاملات درپیش تھے لیکن میں نے یہاں بہت مصیبتیں اٹھائیں اور بہت مسائل تھے، اس لیے اسلام آباد مجھے بہت اداس کردیتا ہے، میرا دل گھبرا جاتا ہے اور میں یہاں نہیں رہنا چاہتی۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے پہلی شادی پروڈیوسر اقبال انصاری سے کی تھی اور شادی کے 36 سال بعد ان کے طلاق لے لی تھی۔

اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں جب پہلی بار انہیں طلاق لینے کا خیال آیا، اس وقت ان کی بچیاں اسکول جاتی تھیں اور انہوں نے یہ سوچ کر طلاق لینے کا فیصلہ ٹال دیا کہ لوگ ان کی بچیوں کو کیا کہیں گے؟

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ جب ان کی بیٹیوں کی شادیاں ہوگئیں اور ان کے بچے بھی ہوگئے، تب انہوں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا۔

بشریٰ انصاری نے پہلی بار مئی 2023 میں دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا، تاہم ان کی دوسری شادی کی خبریں نومبر 2019 میں آنا شروع ہوئی تھیں کہ انہوں نے ڈراما نگار اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی۔

انوکھا مشورہ: ناراض بیوی کو منانے کا طریقہ، ریمبو کا انکشاف

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار جان ریمبو نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں ازدواجی تعلقات کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔

ریمبو کا کہنا تھا کہ ازدواجی جھگڑوں میں مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب دونوں فریق ایک ساتھ غصے میں آجاتے ہیں اور ان کا مشورہ یہ ہے کہ جب آپ کی بیوی غصے میں ہو اور آپ سے ناراض ہو، تو آپ خاموش رہیں۔

یہ مشورہ سن کر شاید کچھ لوگوں کو سمجھداری کا گمان ہو، لیکن ریمبو کی بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا، “پانچ منٹ بعد وہ خود آکر معافی مانگے گی اور ساتھ چائے بھی لائے گی۔”

رمبو نے خبردار کیا کہ اگر شوہر بھی بیوی کی طرح چیخنا شروع کرے تو سنگین نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی شور کریں گے تو بیوی اپنی ماں کو فون کرے گی، اور پھر اس کی ماں آپ کے گھر پہنچ جائے گی۔

اداکار کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ریمبو نے اپنے مشورے میں خواتین کو قصوروار ٹھہرا کر ازدواجی مسائل کو ایک طرفہ انداز میں پیش کیا ہے۔

شاہین آفریدی اور نسیم شاہ ٹیم سے باہر؟

قومی ٹیم جنوبی افریقا سے شکست کے بعد اب ویسٹ انڈیز سے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ سیریز کیلیے تیار ہے جس کا ممکنہ اسکواڈ سامنے آگیا۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے لیے مہمان ٹیم دو روز قبل پاکستان پہنچ چکی ہے۔

اسکواڈ میں کون ان کون آؤٹ ہوسکتا ہے؟

جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ٹخنے کی انجری کا شکار صائم ایوب اس سیریز میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیونکہ ڈاکٹرز نے انہیں 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں صائم کی جگہ عبداللہ شفیق کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔

کپتان شان مسعود شفیق اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر پاکستان کا ٹاپ آرڈر بنائیں گے جنہوں نے دورہ جنوبی افریقہ میں شاندار اننگز کھیلی تھیں۔

اس کے علاوہ مڈل آرڈر میں کامران غلام، سعود شکیل اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، سلمان علی آغا شامل ہوں گے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں سلمان علی آغا ہوم گراؤنڈ اور پچ کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے تاہم یہ امکان بھی ہے کہ سلمان علی آغا کو چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے آرام کا موقع دے کر اُن کی جگہ قاسم اکرم کو اسکواڈ میں جگہ دی جائے۔

شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے لیے کوئی جگہ نہیں؟

جہاں شاہین آفریدی کام کے بوجھ کے انتظام کی وجہ سے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، وہیں ان کے دیرینہ ساتھی نسیم شاہ کو بھی آئندہ ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔

دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کو سپر اسپورٹ پارک میں سیریز کے افتتاحی میچ میں خراب کارکردگی کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے الیون سے ڈراپ کیا گیا تھا۔

جنوبی افریقا میں شاندار باؤلنگ کرنے والے محمد عباس ممکنہ طور پر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میں نسیم شاہ کو آرام کا موقع دینے کا مقصد چیمپئنز ٹرافی پر فوکس ہے۔ پی سی بی ان کے کام کے بوجھ کو سنبھالنے اور اسے اگلے ماہ سہ فریقی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے تازہ دم رکھنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

شاہین اور نسیم کی غیر موجودگی میں میر حمزہ اور خرم شہزاد ممکنہ طور پر فارم میں محمد عباس کے ساتھ پاکستان کی تیز رفتار بیٹری کی قیادت کریں گے۔

دریں اثنا، ساجد خان اور نعمان علی کی مضبوط اسپن باؤلنگ جوڑی انگلینڈ کی ہوم سیریز میں پاکستان کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد اسپن کے شعبے کی قیادت کریں گے۔

ویسٹ انڈیز ٹیسٹ کے لیے پاکستان کا ممکنہ اسکواڈ

شان مسعود (سی)، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (ڈبلیو کے)، آغا سلمان، میر حمزہ، محمد عباس، نعمان علی، ساجد خان، خرم شہزاد، حسیب اللہ خان (ڈبلیو کے)، محمد ہریرہ ، قاسم اکرم

رام کپور کے بیان نے ایکتا کو مشکل میں ڈال دیا

انڈین ڈرامہ سیریز “بڑے اچھے لگتے ہیں” کے پہلے متنازعہ کسنگ سین پر رام کپور کے تبصرے کے بعد ایکتا کپور کا سخت ردعمل سامنے آیا۔

مشہور پروڈیوسر ایکتا آر کپور نے سوشل میڈیا پر ایک مبہم پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں “غیر پیشہ ورانہ اداکاروں” پر تنقید کی گئی۔

اگرچہ پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا گیا، لیکن ان کی یہ پوسٹ اداکار رام کپور کے حالیہ انٹرویو کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے ڈرامہ “بڑے اچھے لگتے ہیں” کے مشہور کسنگ سین کے بارے میں تبصرہ کیا۔

رام کپور نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ یہ سین بالی وڈ کے بجائے ٹیلی ویژن پر ایک انوکھا قدم تھا۔

انہوں نے بتایا کہ: “ایکتا وہی ہیں جنہوں نے یہ سین لکھا اور اسے کرنے پر اصرار کیا… میں نے ان سے پوچھا، ‘کیا آپ واقعی یقین رکھتی ہیں؟ یہ ٹیلی ویژن پر پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تین نسلیں ایک ساتھ یہ شو دیکھتی ہیں، لیکن ایکتا پُر اعتماد تھیں کہ ہمیں یہ سین کرنا چاہیے۔”

رام نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی بیوی گوتمی سے اجازت لی اور ساکشی تنور سے بھی ان کی رضامندی کے بارے میں بات کی، تاکہ وہ سین کے دوران مکمل آرام دہ ہوں۔

رام کے انٹرویو کے بعد، ایکتا نے انسٹاگرام پر لکھا: “غیر پیشہ ورانہ اداکاروں کو میرے شوز کے بارے میں جھوٹ بولنا بند کرنا چاہیے! غلط معلومات اور جھوٹی کہانیاں… لیکن خاموشی میں بھی وقار ہوتا ہے۔”

ڈرامہ “بڑے اچھے لگتے ہیں” نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ اس کی کہانی درمیانی عمر کے دو افراد کے گرد گھومتی ہے، جو ایک سمجھوتہ شدہ شادی میں محبت تلاش کرتے ہیں۔

رام کپور اور ساکشی تنور کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا، خاص طور پر ان کی کیمسٹری نے مداحوں کو متاثر کیا۔

سارک اسنوکر چیمپئن شپ: محمد آصف فائنل میں

سارک اسنوکر چیمپیئن شپ میں عالمی چیمپین محمد آصف نے ہم وطن محمد نسیم اختر کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری چیمپئین شپ کے پہلے سیمی فائنل میں عالمی چیمپین محمد آصف نے سخت جدوجہد کے بعد دوسرے پاکستانی کھلاڑی سابق عالمی جونیئر چیمپین محمد نسیم اختر کو3-5 سے مات دے کر ٹائٹل پر نظریں مرکوز کر دیں۔

محمد نسیم اختر بھارتی کھلاڑی کمال چاؤلہ کو 2-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچے تھے۔

فائنل میں جمعے کو محمد آصف کا مقابلہ سری لنکا کے طحہ ارشاد سے ہوگا، جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں سخت جدوجہد کے بعد نیپالی کھلاڑی انکت مان کو3-5 سے قابو کیا تھا۔

انجرڈ صائم ایوب کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آگئی

جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ٹخنے کی سنگین انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے بلے باز صائم ایوب کی صحت کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آگئی ہے۔

صائم ایوب اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ساتھ ان دنوں لندن میں علاج کی غرض سے موجود ہیں اور آج اُن کی ایک ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹر سے ملاقات ہوئی۔

ڈاکٹر لکی جیاسیلان نے صائم ایوب کے ٹیسٹ اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ انہیں ٹخنے کی انجری کیوجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔

صائم ایوب نے ملاقات کے بعد بتایا کہ ’ڈاکٹرز کے مطابق انجری کی وجہ سے میرے ٹخنے کو نقصان نہیں پہنچا اور اب صورت حال نارمل ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر نے مجھے سیدھے پیر (جس پر چوٹ لگی) پر وزن ڈالنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

تاہم ڈاکٹر نے صائم ایوب کو چھ ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ بھی دیا جبکہ مزید ڈاکٹرز کا ایک پینل رپورٹس، ایکسرے سمیت دیگرصورت حال دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

غیرملکی کمپنیوں سے فراڈ کرنے والا گینگ گرفتار

ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے شہرمیں کارروائی کے دوران غیر ملکی کمپنیوں سے سی فوڈ، چکن سمیت دیگرمصنوعات سپلائی کرنے کے نام پرلاکھوں ڈالرزبٹورنے والے گینگ کے 4ارکان کوگرفتارکرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف بی ایریا میں کارروائی کے دوران گرفتار4 ملزمان ڈمی کمپنیز کے جعلی اشتہارات کے ذریعےغیرملکی کمپنیوں سےفراڈ کرتے تھے، انہوں نے سی فوڈ،چکن مصنوعات سپلائی کے نام پر کمپنیوں سے لاکھوں ڈالرز بٹورے۔

اسکیمرز نے چین،تھائی لینڈ، سنگاپور، ہانگ کانگ، جرمنی اورقازقستان کی کمپنیز سےفراڈ کیا،ملزمان نے میسرزچان پاک شان سےایک لاکھ امریکی ڈالرزاور 2 لاکھ 23 ہزارچینی یوآن بٹورے، جرمن رابرٹ ویزنامی کمپنی سے 36 ہزار 4 سو پچاس ڈالرز کا فراڈ کیا، سری لنکن کمپنی زم زم سے19 ہزارامریکی ڈالرز اور لاکھوں روپےفراڈسے وصول کیے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق عارف،سلیم،شارق اور نوید نامی ملزمان نے سوگومیٹ، سلور ہائبرڈ نامی جعلی کمپنیاں بنا رکھی تھیں، فیس بک پراشتہارات کے ذریعے کمپنیوں  کے ساتھ سپلائی کا فراڈ کیا جاتا تھا،ملزمان کے خلاف مقدمہ اندراج کے بعد مزید کارروائی جاری ہے۔

26 نومبر احتجاج: پی ٹی آئی کارکنان کی 150 سے زائد ضمانتیں منظور

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی کے 150  سے زائد کارکنان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

انسدادِ دہشت گردی کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے 26 نومبر کے احتجاج پر درج کیے گئے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے 150 سے زائد کارکنان کی ضمانتیں منظور کر لیں جبکہ 10 سے زائد ورکرز کی ضمانتیں مسترد کردی گئیں۔
واضح رہے کہ عدالت نے آج ہی دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کارکنان پر تھانہ کھنہ، مارگلہ سیکریٹریٹ، شمس آباد، نون ودیگر میں مقدمات درج ہیں۔

ہانیہ عامر کا فالوورز کا نیا ریکارڈ

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام فالوورز کی دوڑ میں ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا۔

ڈمپل گرل ہانیہ عامر اپنے ڈانس، مزاحیہ سوشل میڈیا پوسٹس، ٹرینڈنگ رِیلز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر اپنا ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

پاکستانی ڈول ہانیہ عامر اپنی خوبصورتی، ٹیلنٹ، اور معصومیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ چاہے وہ ان کی ڈراموں میں بہترین اداکاری ہو یا انسٹاگرام پر ان کے دلکش پوسٹس ہانیہ ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔

ان کے پاس انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی سیلیبرٹی ہونے کا اعزاز تو تھا ہی لیکن اب انہوں نے اپنےا س ریکارڈ کو مزید پختہ بنادیا اور ساتھی فنکاروں کو ٹکر دے دی۔

یہ نیا سنگِ میل ہانیہ عامر کو پاکستان کی ان چند سیلیبریٹیز میں شامل کرتا ہے جنہوں نے دنیا بھر میں اتنی بڑی فین فالوونگ حاصل کی۔

ہانیہ عامر انسٹاگرام پر 17 ملین فالورز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی اداکارہ بن گئی ہیں۔

ہانیہ عامر کو ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مداح خوب محبت اور احترام سے نوازتے ہیں، اس کی واضح دلیل انکا دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں اسٹیج پر جانا ہے۔