All posts by Khabrain News

نوہزار کی کمی، تولہ سونا 5لاکھ 14ہزار 762روپے کاہوگیا

کراچی:

سونے اور چاندی کی عالمی ومقامی مارکیٹوں  میں قیمت کم ہو گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج منگل کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 90ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4ہزار 920ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ۔

دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں بھی 9 ہزار روپے کی کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں سونے کی فی تولہ قیمت 5لاکھ 14ہزار 762روپے کی سطح پر آگئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 7 ہزار 716روپے گھٹ کر 4لاکھ 41ہزار 325روپے کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح  ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 150روپے کی کمی سے 8ہزار 014روپے کی سطح پر آگئی  جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 129روپے کی کمی سے 6ہزار 870روپے کی سطح پر آگئی۔

پی ٹی آئی قیادت نے بانی کے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا، پھر بھی پراپیگنڈا کیا گیا: محسن نقوی

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ چار،پانچ دن سے کچھ سیاسی چیزیں چل رہی ہیں، بانی کی آنکھوں والے مسئلے پر پروپیگنڈا کیا گیا، کہا گیا بانی کی 85فیصد بینائی چلی گئی ہے، کسی نے کہا بانی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھا، ہم پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے ساتھ رابطے میں تھے، ہم نے کلیئر کیا تھا کہ کوئی بھی قیدی ہو آئین وقانون کے مطابق علاج دیں گے، ہم نے کہا تھا ایک اپنے ڈاکٹر کا نام بھی دے دیں، پی ٹی آئی نے کہا ڈاکٹر نہیں خاندان کا ایک فرد کارروائی میں ڈال لیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں چیزیں ہوگئیں تو کہا گیا بانی کو ایک ہفتے کیلئے ہسپتال منتقل کرادیں، ہم نے کہا ڈاکٹرز کی ہدایات پر بانی کو دوہفتے کیلئے بھی اسپتال منتقل کردیں گے، آئی اسپیشلسٹ نے ساڑھے3بجے بانی کاچیک اپ کیا، ہم نے سرکاری اورپرائیویٹ بہترین ڈاکٹروں کا انتخاب کیا، ان کےسیاسی رہنماؤں نے کہا ہم بانی کے علاج ومعالجے سے مطمئن ہیں۔

سابق کپتانوں کا حکومت پاکستان سے عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

چودہ سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق پاکستانی کپتان عمران خان کو جیل میں بہتر سہولیات اور مناسب طبی امداد فراہم کی جائے۔

آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 73 سالہ عمران خان کی صحت سے متعلق حالیہ رپورٹس پر سابق کھلاڑیوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سابق کھلاڑیوں نے خصوصاً عمران خان کی بینائی کی خرابی اور طویل قید کے دوران حالات پر سوالات اٹھائے ہیں۔

یہ درخواست سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے تیار کی جس پر بھارت کے سنیل گواسکر اور کپل دیو سمیت آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے کئی سابق کپتانوں نے دستخط کیے۔

یہ خط وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کیا گیا ہے۔

سابق کپتانوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کرکٹ ہمیں انصاف، احترام اور وقار کا درس دیتی ہے، اس لیے عمران خان جیسی عالمی شہرت یافتہ شخصیت کو بنیادی انسانی حقوق اور باعزت سلوک ملنا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو اپنی پسند کے ماہر ڈاکٹروں سے فوری اور مسلسل طبی معائنہ کرانے کی اجازت دی جائے، اہلخانہ سے ملاقات کی سہولت دی جائے اور قانونی کارروائی شفاف انداز میں مکمل کی جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کرکٹ ہمیشہ قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی آئی ہے اور میدان کی رقابت ختم ہونے کے بعد احترام باقی رہتا ہے۔

پاکستانیوں کو ویزہ فری انٹری دینے والے 32 ممالک کون سے ہیں؟

کراچی:

پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ میں بہتری کے بعد 32 ممالک کا ویزا فری سفر ممکن ہوگیا۔

فروری 2026 کے تازہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی بہتر ہو کر 97 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جو جنوری میں 98 اور گزشتہ سال 103 ویں نمبر پر تھی۔ 

گلف نیوز کے مطابق اس بہتری کے ساتھ پاکستانی شہری اب 32 ممالک میں بغیر ویزا، ویزا آن آرائیول یا ای-ٹی اے (eTA) کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔

یہ ممالک کیریبیئن جزائر، افریقی سفاری، جنوبی ایشیائی ثقافتی مراکز اور بحرالکاہل کے جزائر پر محیط ہیں جو سیاحت، کاروبار اور مختصر مدت کے سفر کے لیے سہولت فراہم کرتے ہیں۔

پاکستانی پاسپورٹ کی یہ ترقی سفارتی کوششوں اور بین الاقوامی معاہدوں کا نتیجہ ہے جس سے پاکستانی شہریوں کو بین الاقوامی سفر میں آسانی حاصل ہوگی اور سیاحت، کاروبار اور خطے کے ممالک سے تعلقات میں اضافہ ممکن ہوگا۔

پاکستانی شہری اب درج ذیل ممالک کا سفر آسانی سے کر سکتے ہیں:

بغیر ویزا (Visa-free) 11 ممالک:

بارباڈوس، کوک آئلینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائکرونیشیا، مونٹسیراٹ، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ گرینیڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، وانواتو، دی گیمبیا

ویزہ آن آرائیول (VOA) 18 ممالک:

برونڈی، کمبوڈیا، کیپ ورد آئیلینڈز، کومورو آئلینڈز، جیبوتی، گنی بساؤ، مڈگاسکر، مالدیپ، موزمبیق، نیپال، نیوے، پالاؤ آئیلینڈز، قطر، ساموا، سینیگال، سیرالیون، تیمور-لیسٹے، ٹوالو

ای-ٹی اے (eTA) 3 ممالک:

کینیا، سیشلز، سری لنکا

واضح رہے کہ عالمی سطح پر سنگاپور کا پاسپورٹ سب سے مضبوط ہے جو 192 ممالک تک ویزا فری رسائی فراہم کرتا ہے،

جاپان اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹ پر 187 ممالک میں ویزا فری انٹری ممکن ہے، سویڈن اور یو اے ای کے شہری 186 ممالک میں ویزا لیے بغیر جاسکتے ہیں۔ 

یورپی ممالک فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹس پر 185 ممالک ویزہ فری انٹری دیتے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری

کراچی کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ملیر ہالٹ، رفاہ عام اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ فیدڑل بی ایریا اوراطراف میں بارش ہوئی۔

گلستان جوہر اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی اور کہیں کہیں ژالہ باری ہوئی۔

دوسری جانب اسکیم 33 اورملحہ علاقوں میں بارش کے دوران ژالہ باری بھی ہوئی۔

گلشن جمال اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 5 روز سے صوبے کی مختلف سڑکیں بند ہیں، صوبے کی سڑکوں کی بندش سے کئی ایمبولینس ٹریفک میں پھنس چکی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی وجہ سے ایمبولینسوں میں لوگ مر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں لوگوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، خیبر پختونخواہ حکومت کے لیے لوگ نہیں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ اہم ہے، مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کرنے کا آپ سوچ بھی نہیں سکتے، مریم نواز کی حکومت پنجاب کے ہر ضلع ہر تحصیل اور یونین کونسل تک ڈیلیور کر رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کے پی حکومت کی رٹ پشاور میں نہیں ہے مردان، چترال اور کرم تو بہت دور کی بات ہیں، کے پی حکومت کیلئے بانی پی ٹی آئی کے نام پر جلسے کرنا سڑکیں بند کرنا اور دھرنے دینا اہم ہے، اپنے لوگوں کی جانیں بچانا اور ان کے مسائل حل کرنا کے پی حکومت کی ترجیحات نہیں ہے۔

مزید برآں، ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے بیانیے اور پروپیگنڈے کی ناکامی کے بعد اب “آنکھ کارڈ” کھیلا جا رہا ہے، ایک آنکھ 6/9 دوسری آنکھ 6/6 ہے، بانی پی ٹی آئی کو گھڑی اور اسکی سوئیاں بھی دکھ رہی ہیں۔

باجوڑ: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 12 خوارج ہلاک، دھماکے سے 11 اہلکار شہید

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر 12 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ حملے کے دوران 11 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 16 فروری 2026 کو باجوڑ ضلع میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج، جن کا تعلق “فتنہ الخوارج” سے تھا، نے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی۔

بیان کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے مستعد اور بروقت ردِعمل نے دشمن کے ناپاک عزائم کو فوری اور فیصلہ کن انداز میں ناکام بنا دیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا اور 12 خوارج کو ہلاک کر دیا، حملہ آوروں نے اپنی ناکامی پر دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شدید دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں وطن کے 11 بہادر سپوت شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 شہری زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس/سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر بہادر سیکیورٹی فورسز  کو خراج تحسین پیش کیا اور جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 11 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

محسن نقوی  نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جان دے کر 12 دہشتگردوں کو جہنم رسید کیا،  فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے جوانوں کی جرات کو سلام، شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ورلڈکپ کا سیمی فائنل نہیں بلکہ فائنل کھیل کے جائیں گے: شاداب خان

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہےکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل نہیں بلکہ فائنل بھی کھیل کر جائیں گے۔

شاداب خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ان سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ سیمی فائنل تک یہیں ہیں؟

جواب میں شاداب نے کہا سیمی فائنل نہیں بلکہ ہم فائنل بھی کھیل کر جائیں گے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست ہوئی۔

پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی اور یہ میچ ڈو اینڈ ڈائی کی صورت اختیار کرگیا ہے کیونکہ پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے نمیبیا سےمیچ جیتنا ضروری ہے۔

پاکستان اور نمیبیا کا میچ بارش کی نذرہوجائے تب بھی پاکستان سپر ایٹ میں پہنچ جائےگا۔

عماد وسیم کی دوسری شادی پر سابقہ اہلیہ کا ردعمل وائرل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم کی انفلوئنسر نائلہ راجہ سے دوسری شادی کے بعد ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے ردِعمل ظاہر کر دیا۔

ثانیہ اشفاق نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عماد وسیم کی دوسری شادی کی ویڈیو شیئر کی۔

انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ثانیہ اشفاق نے لکھا ہے کہ اب سب نے ثبوت دیکھ لیا، میرے گھر کو توڑنے والی نے کبھی میرے بچوں کے بارے میں نہیں سوچا۔

انہوں نے لکھا ہے کہ دھوکے باز بے نقاب ہو چکا ہے اور ان تمام اذیتوں سے جن سے ہم گزرے ہیں اور اپنے بچوں کے لیے انصاف چاہتی ہوں۔

ثانیہ اشفاق نے انسٹا اسٹوری میں نائلہ راجہ کے والد کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ثانیہ اشفاق نے ایک اور انسٹا پوسٹ میں اپنے سابقہ شوہر پر 2023 میں اسقاطِ حمل کا الزام بھی عائد کیا۔

اس سے قبل عماد وسیم نے انسٹاگرام پر اپنی دوسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں اپنی دوسری اہلیہ کے ساتھ پُرسکون اور دیرپا رشتہ چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ جولائی 2025ء میں عماد وسیم اُس وقت تنازع کا شکار ہوئے جب انہیں لندن میں ڈیجیٹل انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ہمراہ دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں کہ کھلاڑی اپنی اہلیہ سے تیسرے حمل کے دوران بے وفائی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

مگر اُس وقت عماد وسیم اور نائلہ راجہ نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کی تھی۔

چند ماہ بعد عماد وسیم نے خود اپنی اہلیہ ثانیہ اشفاق سے علیحدگی کی تصدیق کی، علیحدگی کے اعلان کے بعد ثانیہ اشفاق نے علیحدگی کا ذمے دار تیسرے شخص کو ٹھہرایا تھا اور اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مبینہ بے وفائی سے متعلق شواہد بھی شیئر کیے تھے۔

عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی 6 سالہ ازدواجی زندگی کے دوران اس جوڑے کے ہاں 3 بچوں کی پیدائش ہوئی۔

احتجاج کیس: بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیاء نے کی، عدالت نے متعلقہ مقدمے میں بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔

عدالت نے درخواستِ ضمانت پر مزید سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے شمسہ کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔

یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کیخلاف پاپو ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔