All posts by Khabrain News

گریٹ پاور گیم میں چھوٹے ممالک کو نشانہ نہیں بننا چاہیے: چینی وزیر خارجہ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ گریٹ پاور گیم میں چھوٹے ممالک کو نشانہ نہیں بننا چاہیے۔
چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں بتایا گیا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ممالک سرد جنگ کا حصہ نہ بنیں، ایشیا میں سرد جنگ کی سوچ کو دوبارہ پروان چڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایشیائی ممالک میں محاذ آرائی کی کیفیت کونہ دہرایا جائے۔

پی ٹی آئی منحرف اراکین اسمبلی کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی میں منحرف اراکین کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 22 منحرف اراکین سامنے آئے ہیں جس پر پارٹی کی طرف سے ان اراکین کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کے معاملے پر غور کیا گیا۔ مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران منحرف اراکین قومی اسمبلی کو اظہار وجوہ کے نوٹسز کے اجراء کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، اظہار وجوہ کے نوٹسز کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی گئی۔ نوٹسز دستور پاکستان کے آرٹیکل 63-اے کے تحت جاری کئے جارہے ہیں، دستور پاکستان کا آرٹیکل 63-اے اراکین اسمبلی کے فلور کراس کرنے پر کڑی قدغن عائد کرتا ہے، آئین کے تحت پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی جانب سے جاری پارٹی پالیسی سے انحراف کا مرتکب رکن قومی اسمبلی کو اپنی نشست سے ہاتھ دھونا ہوتے ہیں۔
نوٹسز کے مطابق تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی کو یکم اپریل دن 12 بجے تک اپنی پوزیشن واضح کرنے کی مہلت دی جائیگی۔ یکم اپریل دن 12 بجے تک جماعت کو مطمئن نہ کرنے والے اراکین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ملاقات میں پارٹی پالیسی سے کھلے انحراف کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف باضابطہ ریفرنسز سپیکر کو بھجوائے جائیں گے۔ تحریک انصاف دستور کے آرٹیکل 63-اے کے تحت سپیکر سے منحرف اراکین کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی سفارش کرے گی۔

ویڈیو سکینڈل کیس: فرخ حبیب، ملیکہ بخاری و دیگر کے پیش نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر برہم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن میں سینیٹ الیکشن ویڈیو سکینڈل کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوزب اور عالیہ حمزہ کے پیش نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر برہم ہو گئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے دورانِ سماعت ریمارکس میں کہا کہ کس بنیاد پر الیکشن کمیشن کو الزام دیا جاتا ہے؟ کیس میں 17 مرتبہ التواء ہو جس میں سے 10 مرتبہ التواء پی ٹی آئی والوں نے لیا۔
یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ صرف میڈیا ٹرائل کیلئے کیس لٹکایا جا رہا ہے، گیلانی کیخلاف الیکشن حفیظ شیخ نے لڑا تھا،انہوں نے نہ الیکشن چیلنج کیا نہ میڈیا پر کوئی بیان دیا، تمام درخواست گزار انفرادی حیثیت میں آئے ہیں،تحریک انصاف نے بطور پارٹی درخواست نہیں دی، درخواست گزاروں کا یوسف رضا گیلانی کا حق دعوی ہی نہیں بنتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے کیس میں گیلانی پر کوئی براہ راست الزام ہی نہیں، فرانزک کے بغیر ارشد ملک کی ویڈیو سپریم کورٹ نے بھی کارروائی نہیں کی۔
الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی نے استفسار کیا کہ کیا اسٹنگ آپریشن کو بطور ثبوت تسلیم کیا جا سکتا ہے؟ جس پر گیلانی کے وکیل کا کہنا تھا کہ سٹنگ آپریشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی، بغیر اجازت کسی کی بھی ویڈیو بنانا جرم ہے، جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے بھی گرفتار ہیں یا ملک سے باہر ہیں۔
ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے استفسار کیا کیا علی حیدر گیلانی نے ویڈیو بنانے پر کارروائی کی؟جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ سیاسی نوعیت کا معاملہ تھا شاید علی حیدر نے رابطہ کیا ہو۔
گیلانی کے وکیل نے مزید کہا کہ الیکشن پر اعتراض ہو تو ٹربیونل سے رجوع کیا جا سکتا ہے، تحریک انصاف نے الیکشن ٹربیونل سے رجوع ہی نہیں کیا، اللیکشن کمیشن 60 دن بعد فیصلہ کرنے کا مجاز نہیں۔
اس پر ممبر سندھ نے کہا کہ کیس نمٹانے کی مدت تو نیب قانون میں بھی ہے لیکن فیصلے اسکے بعد ہوتے ہیں،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے جواب الجواب کیلئے کیس 5 اپریل تک ملتوی کر دیا۔

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی 183 روپے کی حد بھی کراس ہو گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 84 پیسے مہنگی ہو گئی۔
اعداد و شمار کےمطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 182 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 183 روپے 48 پیسے ہو گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں 591 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس 591 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
591 پوائنٹس اضافےکے بعد 100 انڈیکس 44 ہزار 928 پربند ہوا، انڈیکس اور کیپٹلائزیشن میں اضافہ ہوا اور کاروباری حجم بہتر ہوا۔
بازار میں آج 41 کروڑ 56 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرزبازارکےکاروبارکی مالیت 9 ارب 67 کروڑ روپے رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 101 ارب روپے بڑھ کر 7582 ارب روپے ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی ختم، عدم اعتماد پر بحث نہ ہوسکی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کا اہم اجلاس شروع ہوتے ہی چند منٹ میں ختم ہوگیا، وقفہ سوالات میں ارکان عدم اعتماد پر ووٹ کا مطالبہ کرتے رہے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس اتوار تک ملتوی کردیا اور بحث نہ ہوسکی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ اسپیکر نے وقفہ سوالات شروع کیا اور ارکان سے کہا کہ ایجنڈے کی کارروائی کے مطابق سوالات کریں جس پر ایک کے بعد ایک رکن کھڑے ہوئے اور انہوں نے ایک ہی سوال کیا کہ اسپیکر عدم اعتماد کی ووٹنگ کب کرائیں گے؟
وقفہ سوالات میں پے درپے ہر رکن کی جانب سے ’’ووٹنگ کب کرائیں گے‘‘ کہ سوال پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ لگتا ہے کوئی بھی رکن سنجیدہ نہیں ہے اس لیے اجلاس تین اپریل بروز اتوار تک ملتوی کیا جاتا ہے۔
اجلاس ملتوی ہونے کی وجہ سے وزیراعظم کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع ہی نہ ہوسکی۔
قبل ازیں چند روز قبل منعقدہ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے قائد احزب اختلاف میاں شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس پر بحث کے لیے 31 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی تھی جب کہ تین دن یا زائد دن بعد بحث ختم ہوتے ہی اسپیکر ووٹنگ کا اعلان کریں گے۔

اپوزیشن کا وزیراعظم کو فیس سیونگ دینے سے انکار، مصالحت کی امیدیں دم توڑ گئیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کو فیس سیونگ دینے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی جاری رہے گی انہیں کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا۔
متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کو فیس سیونگ دینے سے انکار کر دیا، اہم شخصیات نے اپوزیشن قیادت سے رابطہ کیا اور مختلف تجاویز پر بات چیت کی، اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی رات بھر باہمی مشاورت جاری رہی، لندن میں بھی رابطے کئے گئے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے کوئی بھی معاہدہ کرنے سے متفقہ طور پر انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپوزیشن قائدین کا مؤقف ہے کہ عمران خان کے لئے کوئی رعایت نہیں ہوگی، وہ استعفیٰ دیں یا تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروا لیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائش گاہ پر متحدہ اپوزیشن کے قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن اوراس کا ساتھ دینے والی جماعتوں کے 172 ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکا نے متحدہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورے ہونے اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے ارکان قومی اسمبلی کی مطلوبہ سے زائد تعداد میں دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شرکا نے آئین، قانون اور پارلیمانی جمہوری عمل کے ذریعے تحریک عدم اعتماد کو طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے فیصلے کا اعادہ کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ عمران نیازی کو اپوزیشن کوئی این آر او نہیں دے گی، اس ضمن میں ذرائع سے چلائی جانے والی گمراہ کن خبریں متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کو تبدیل نہیں کراسکتیں۔
اعلامیے کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے متحدہ اپوزیشن ملک میں نئی جمہوری اور آئینی روایات قائم کرے گی اور ماضی کے غیر جمہوری رویوں کو ہمیشہ کے لئے ترک کرکے نئے جمہوری و آئینی سفر کا آغاز کرے گا۔
اعلامیے کے مطا بق اجلاس نے قرار دیا کہ عمران نیازی اکثریت کھو چکے ہیں اور وزیراعظم کے منصب پر غیر آئینی طور پر قابض ہیں، اقتدار سے چمٹے رہنے کی آمرانہ خواہش میں وہ ایک لاکھ لوگوں کو اسلام آبادلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ملک کو تصادم، انتشار اور افراتفری سے دوچار کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ ایسے عاقبت نااندیشانہ اقدام کے تمام تر نتائج کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے، اجلاس حکومتی مشینری بشمول آئی جی اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں پر واضح کرنا چاہتا ہے کہ وزیراعظم نہ رہنے والے شخص کے غیر آئینی اور غیر قانونی احکامات نہ مانیں، ایک سیاسی جماعت کا آلہ کار بننے کی کوشش کرنے والے حکام کو آئین اور قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان میں 19 اشیائے ضروریہ پر ریلیف دیا جائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کے 4000 سے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز پر رواں سال رمضان المبارک ریلیف پیکج کے تحت 19 بنیادی اشیائے ضروریہ پر ریلیف دیا جائے گا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس پیکج کے تحت عوام الناس اپنا قومی شناختی کارڈ دکھا کر ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی برانچز سے 3,000 روپے تک کی سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 20 کلوگرام گندم کے آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 سے 1350 روپے کے لگ بھگ ہوگی، جب کہ پیکج کے تحت صارفین کو 20 کلوگرام گندم کے آٹے کا تھیلا 950 روپے میں فراہم کیا جائے گا، ایک کلوگرام چینی 85 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں چینی 86 سے 93 روپے میں دستیاب ہوگی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز میں ایک کلو سبسڈائزڈ گھی کی قیمت 260 روپے ہے، اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں خوردنی گھی 470 روپے کا ہے، رمضان کے دوران اسٹورز پر ایک لیٹر تیل کی قیمت 494 روپے کی بجائے 407 روپے ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کے تحت اوپن مارکیٹ میں 250 سے 260 روپے فی کلو بکنے والا سفید چنا یوٹیلیٹی اسٹورز پر 213 روپے میں دستیاب ہوگا، بیسن 190-220 روپے کی بجائے 170 روپے کی قیمت پر فراہم کیا جائے گا، ایک کلوگرام دال چنا 162 روپے، دال مونگ فی کلو170 روپے، دال ماش 268 روپے، دال مسور 215 روپے اور تمام اسٹورز پر اعلی کوالٹی کی کھجوریں 140 روپے فی کلوگرام میں کافی مقدار میں دستیاب ہوں گی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر چائے کی (950 گرام) 1042 روپے میں فراہم کی جارہی ہے، جب کہ اسی برانڈ کی اوپن مارکیٹ میں چائے (950 گرام) 1250 روپے میں دستیاب ہے، مصالحہ جات، ہماری غذا کا لازمی حصہ ہیں جن پر رمضان ریلیف پیکج کے دوران دس فیصد تک خصوصی رعایت دی جائے گی، اس کے علاوہ 1500 دیگر غذائی اور غیر غذائی اشیاء (جام، اچار، ڈیٹرجنٹ، شیمپو ،وغیرہ) پر 15 فیصد رعایت ہوگی۔

کراچی میں جوان بیوی کی بوری بند لاش کاندھے پر لادا شوہر گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) نصرت بھٹو کالونی میں شوہر نے اہلیہ کو قتل کردیا ، ملزم لاش کو بوری میں بند کرکے پھینکنے جارہا تھا کہ موقع پر موجود افراد نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑوں کا شاخسانہ ہے ، جمعرات کو علی الصبح نصرت بھٹو کالونی میں نماز فجر کے بعد مسجد سے نکلتے ہوئے شہریوں نے ایک شخص کو کاندھے پر بوری اٹھائے مشکوک حالت میں دیکھا ، اس سے جب باز پرس کی تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکا ، موقع پر موجود افراد نے جب بوری کو کھول کر دیکھا تو اس میں خاتون کی لاش تھی۔
واقعے سے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا گیا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایچ او پیرآباد راجہ صنور نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت راحت زوجہ جاوید کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر تقریباً پچیس برس تھی ، مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی جبکہ اس کا آبائی تعلق سوات سے تھا۔
مقتولہ راحت اور ملزم جاوید کے درمیان گھریلو جھگڑے روزانہ کا معمول بن گئے تھے اور گزشتہ روز بھی ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ، اس دوران ملزم نے مشتعل ہوکر اپنی اہلیہ کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا ، مقتولہ کے والدین کے سوات سے آنے کے بعد ہی قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا ۔

اسرائیلی فورسزکی فلسطینی مہاجرکیمپ میں فائرنگ،2نوجوان شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کے فلسطینی مہاجرکیمپ میں فائرنگ سے2 فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فورسزنے مغربی کنارے میں واقع فلسطینی مہاجرکیمپ پردھاوا بول دیا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے اورمتعدد زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کرتوڑپھوڑ کی اورکئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا۔اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی کیمپ کا محاصرہ جاری ہے۔