All posts by Khabrain News

حیدرآباد: کوٹری ریلوے ٹریک پر دھماکا، پٹری کو نقصان، ایک فٹ سے زائد حصہ ٹوٹ گیا

حیدر آباد: (ویب ڈیسک) حیدرآباد میں کوٹری ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا، جس میں پٹری کو نقصان پہنچا اور ریلوے لائن کا ایک فٹ سے زائد حصہ ٹوٹ گیا۔
پولیس اور ریلوے حکام کے مطابق ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں اپ ٹریک کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے نتیجے میں کوٹری ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد رفت بند کر دی گئی تھی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ، پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کیں اور شواہد اکٹھے کیے۔

آسٹریلوی سکواڈ کے تمام ارکان کی کورونا رپورٹ منفی

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی سکواڈ کے تمام ارکان کے عالمی وبا کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔
ترجمان آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ تمام دستیاب کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، ان ارکان کے ٹیسٹ گزشتہ شب میچ کے بعد دوبارہ کئے گئے، ان کی رپورٹس موصول ہوگئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلوی سکواڈ کے 2 کرکٹرز اور ایک سٹاف ممبر کا کووڈ 19 مثبت آیا تھا جس کے بعد ارکان آئسولیشن مکمل کر رہے ہیں۔ کورونا مثبت آنے والے کھلاڑیوں میں آسٹریلوی ٹیم کے سپنر ایشٹن ایگر اور جوش انگلس کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کی تصدیق کرکٹ آسٹریلیا نے کی تھی۔
اس کے علاوہ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ برینڈن ولسن بھی وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے۔ جوش انگلس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد متبادل کے طور پر طلب کئے جانے والے کرکٹر میٹ رنشا گزشتہ رات لاہور پہنچ چکے ہیں۔

ایڈم زمپا نے بابر اعظم کی کھل کر تعریف کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زمپا کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ون ڈے فارمیٹ کے گریٹ پلیئر ہیں، ان کو آؤٹ کرنا بہت اہم تھا، بھارت کے ویرات کوہلی بھی ایسے ہیں۔
آن لائن پریس کانفرنس میں ایڈم زمپا نے کہا کہ بابر اعظم ون ڈے کے کامیاب بیٹسمین ہیں، ان کے لئے بالنگ میں پلان کرنا پڑتا ہے۔ ایڈم زمپا کا کہنا تھا کہ پاکستان سائیڈ کی سب سے بڑی وکٹ حاصل کی، میچ سے قبل ہمارے 2 کھلاڑی ایشٹن ایگر اور جوش انگلس کووڈ کا شکار ہوئے تھے ، ہم نے ری گروپ ہونے کی کوشش کی اور ہر کھلاڑی نے ذمے داری لی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں، بالنگ میں چیزوں کو سادہ رکھنے کی کوشش کی جس کا فائدہ ہوا، نیتھن ایلس اور سویپسن نے ڈبیو پر موجودگی کا احساس دلایا، سویپسن بہتر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ان کنڈیشنز میں کھیل کر آئندہ برس انڈیا میں ورلڈ کپ کیلئے فائدہ ہورہا ہے۔

کپتان کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، ہر سازش کو ناکام بنائیں گے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، کپتان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، جس میں ڈاکٹر اختر ملک، خیال احمد کاسترو، اشرف رند، نیاز احمد، عامر نواز چانڈیا اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عزت سے جینا سکھایا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جیسے لیڈر کسی بھی قوم کا فخر ہوتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گی۔ کل بھی وزیراعظم عمران خان کا سپاہی تھا اور آج بھی ان کا سپاہی ہوں۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی 8 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ

لاہور: (ویب ڈیسک) ایندھن کی کمی اور پاور پلانٹس میں تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی 8 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی جبکہ طلب و رسد کا فرق بھی بڑھ گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گرمی کی شدت بڑھنے پر لیسکو کی بجلی کی طلب 3900 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 2800 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، لیسکو کا شارٹ فال 1100 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔
شارٹ فال بڑھتے ہی لیسکو ریجن میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد 1 گھنٹہ فورس لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، دیہی اور شہر کے مضافاتی علاقوں کے لیے کوئی شیڈول ہی جاری نہیں کیا گیا، متعدد دیہی اور مضافاتی علاقوں میں گھنٹوں غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں بجلی کی طلب 19000 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی۔

ناظم جوکھیو کیس میں نامزد پی پی رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم پاکستان پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پی پی رکن قومی اسمبلی اور ناظم جوکھیو کیس میں نامزد جام عبدالکریم پاکستان پہنچ گئے۔ حفاظتی ضمانت کے باعث ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ایم این اے کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
ممبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم نجی ایئر لائن سے کراچی پہنچے۔ صوبائی وزیر امتیاز شیخ، رہنما پیپلزپارٹی سہیل سیال اور شبیر بجارانی نے استقبال کیا۔ جام کریم کو امیگریشن کے بعد ایف آئی اے حکام نے ایس ایس پی ملیر کے حوالے کیا۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر جام کریم کو پولیس سیکیورٹی میں اپنے ہمراہ لے گئے۔ رکن قومی اسمبلی عدالت سے حفاظتی ضمانت پر ہیں اس لئے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔
ایک روز قبل ناظم جوکھیو کی بیوہ نے قتل میں ملوث ملزمان کی معافی کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جام کریم وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں اپنا ووٹ بھی استعمال کریں گے۔ دوسری جانب ناظم جوکھیو کیس میں سیکریٹری داخلہ سندھ نے پراسیکیوٹر جنرل کی تجویز پر تفتیشی افسر کی تبدیلی کیلئے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا۔
پراسیکیوٹر جنرل سندھ کے مطابق موجودہ انویسٹی گیشن افسر نااہل ہیں اور انہوں نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ تفتیشی افسر پراسیکیوٹر جنرل کے بغیر انسداد دہشتگردی کی ایڈمنسٹریٹو عدالت میں پیش ہوا۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات: دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ جاری

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں الیکشن ہو رہے ہیں۔ ایبٹ آباد، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان، کولائی پلاس، لوئر کوہستان، مانسہرہ، جنوبی وزیرستان، اپر کوہستان، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، لوئر دیر، اپر چترال میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ 15 سو سے زائد پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے گئے، جہاں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ 54 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔

قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج پھر ہو گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج پھر ہو گا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ ایجنڈے کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث کی جائے گی۔
قرارداد کے متن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، عمران خان اب وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائِز نہیں رہ سکتے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کریں گے۔
خیال رہے کہ 28 مارچ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔
نمبر گیم کی صورتحال پر بات چیت کی جائے تو جمہوری وطن پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہو چکے ہیں، جس کے بعد متحدہ اپوزیشن کو عددی نمبر سے بھی زیادہ تعداد حاصل ہو گئی ہے۔ سندھ ہاؤس میں 196 اراکین اسمبلی نے شرکت کی، اپوزیشن کی طرف سے تمام رہنماؤں سے دستخط لے لیے گئے ہیں۔
اُدھر اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں بڑی بیٹھک ہوئی، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 22 اراکین اسمبلی نے شرکت کی، شرکت کرنے والوں میں نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض، احمد حسین ڈیہڑ، رانا محمد قاسم نون، عبدالغفار وٹو، سید باسط احمد ، عامر طلال، خواجہ شیراز محمود، سردار ریاض محمود خان، وجیہہ قمر، نزہت پٹھان، رمیش کمار، جویریہ ظفر آہیر، فواد چودھری کے کزن فرخ الطاف، عامر لیاقت حسین اور عاصم نذیر میں شامل تھے۔

ویمنز ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو بڑے مارجن سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 306 رنز ہدف کے تعاقب میں 148 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پہلا سیمی فائنل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ویلنگٹن میں کھیلا گیا جو بارش کی وجہ سے 45 اوورز کا کردیا گیا۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اورآسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز سکور کئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز الیسا ہیلی نے 129 رنز بنائے جبکہ ان کا ساتھ ریچل ہینس نے دیا اور 85 رنز سکور کئے۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی کھلاڑی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھاسکیں اور 148 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سٹیفنی ٹیلر نے 48 رنز سکور کئے۔ آسٹریلیا نے یہ میچ 157 رنز سے اپنے نام کیا جبکہ میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز الیسا ہیلی کو دیا گیا۔

ملک بھرمیں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 6 اموات، 244 کیسز رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 355 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 24 ہزار 793 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 244 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 5 ہزار 3، سندھ میں 5 لاکھ 75 ہزار 257، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 19 ہزار 26، بلوچستان میں 35 ہزار 472، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 702، اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 72 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 261 کیسز رپورٹ ہوئے۔