All posts by Khabrain News

سعودی آرامکو پر حملے کے بعد ایرانی پاسدارانِ انقلاب پر نئی امریکی پابندیاں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے 13 مارچ کو عراق کے اربیل (سعودی آرامکو) اور 25 مارچ کو سعودی آرامکو کی تنصیب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کے بعد ایرانی پاسدارانِ انقلاب پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے ایسے وقت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا جب دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن انتظامیہ پاسدارانِ انقلاب کو امریکا کی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی بلیک لسٹ سے نکال سکتی ہے۔
امریکا کے مطابق پابندیاں ایرانی شہری محمد علی حسینی اور ان کی ’کمپنیوں کے نیٹ ورک‘ پر عائد کی گئیں جو آئی آر جی سی کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے درکار مواد کی خریدار میں ملوث رہے۔
انسداد دہشت گردی اور فنانشنل انٹیلی جنس کے عہدیدار برائن نیلسن نے کہا کہ یہ کارروائی ایران کو جدید بیلسٹک میزائلوں کے استعمال کو روکنے کے لیے کی گئی۔ خیال رہے کہ امریکا اور ایران اس وقت ویانا میں 2015 کے جوہری معاہدے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے بالواسطہ بات چیت کر رہے ہیں۔
جس کے بارے میں ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ پابندیوں میں ریلیف میں اربوں ڈالر تک رسائی کے بدلے ایران کے جوہری پروگرام کو روک دیا گیا ہے۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین میں رابطہ، پنجاب اور وفاق میں تعاون پر تبادلہ خیال

لندن: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین میں رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اور اسحاق ڈار کے درمیان گفتگو نصف گھنٹہ جاری رہی جس میں پنجاب اور وفاق میں ممکنہ تعاون سے متعلق تبادلہ خیال بھی ہوا۔
قریبی ذرائع کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ کیلئے مشترکہ امیدوار اور مستقبل میں روابط رکھنے پر غور ہوا۔
قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق گفتگو بھی کی۔
دونوں رہنما ملاقات سےمتعلق تبصرے کیلئے دستیاب نہیں تھے۔ ترین گروپ حالیہ دنوں میں وفاق اور پنجاب کی سیاست میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
خیال رہے کہ اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین دونوں ہی اس وقت لندن میں موجود ہیں۔

معروف برطانوی گلوکار ٹام پارکر 33 سال کی عمر میں چل بسے

لندن: (ویب ڈیسک) معروف برطانوی گلوکار ٹام پارکر کینسر کے باعث 33 سال کی عمر میں چل بسے۔
گلوکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اہلیہ کیلسی ہارڈوک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے دل ٹوٹ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ٹام ہماری دنیا کا مرکز تھا، ہم اس کی مسکراہٹ اور پرجوش موجودگی کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کر سکتے۔

دھمکی آمیز خط پر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دکھائے گئے دھمکی آمیز خط کے بعد پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن پر الزام عائد کیا تھا کہ باہر سے پیسے لے کر حکومت گرانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی اور حکومت بدلنے کی کوشش باہر سے کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے وفاقی وزیر مونس الٰہی، بی اے پی کی وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خفیہ خط کے معاملے پر ارکان کو اعتماد میں لیا گیا۔
اُدھر وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، کابینہ اراکین کوخفیہ مراسلہ ٹیلی پرامپٹر پر دکھایا گیا، خفیہ مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی اسمبلی کے اِن کیمرہ اجلاس میں وزیرخارجہ مراسلہ پر بریفنگ دیں گے، وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی اجلاس بلائیں گے، اجلاس میں عسکری قیادت کو خفیہ مراسلہ دکھایاجائےگا۔
مزید برآں خط کے معاملے پر وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خط پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں لایا جائے گا۔
اُدھر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ دھمکی آمیز خط سے متعلق اگر پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈرز متفق ہوتے ہیں تو پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرہ اجلاس میں بات ہو سکتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں خط رکھا گیا تھا، خط کے مندرجات صحافیوں کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں، خط کو پارلیمان میں ان کیمرہ اجلاس میں لائیں گے، خط کل پارلیمان میں رکھیں گے۔

ن لیگ کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کا پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی نے چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کی سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں مولانا غیا ث الدین، فیصل نیازی، اشرف انصاری نے شرکت کی۔
چودھری پرویز الٰہی سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما یونس انصاری، چیف وہپ سید عباس علی شاہ، ایم این اے حسین الٰہی، صوبائی وزیرحافظ عمار بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ہمیشہ شرافت اور وضع داری کی سیاست کی ہے، آپ کے ساتھ چلیں گے، ماضی میں بھی پرویزالٰہی نے وزارت اعلیٰ کے منصب پر صوبے کے عوام کی خدمت کی ہے۔
مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ن لیگ کے 16 ایم پی اے بھی چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ چلیں گے۔
مولانا غیاث الدین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں کامیابی عطا فرمائے، پاکستان باالخصوص صوبہ پنجاب کی خدمت کرنا ان کی اور ان کے خاندان کی روایت ہے، ہمارے گروپ کے تمام ارکان اسمبلی پرویزالٰہی کو کندھے سے کندھا ملا کر کامیاب کرائیں گے، سپیکر پنجاب اسمبلی نے جس طرح پہلے صوبہ کی خدمت کی وہ اب بھی اسی طرح خدمت کریں گے۔
یونس انصاری کا کہنا تھا کہ ہمارا پورا گروپ چودھری پرویزالٰہی کی مکمل حمایت کرے گا، کسی قربانی کی ضرورت ہو وہ بھی انشاء اللہ پیش کریں گے۔

عالیہ اور میں جلد شادی کرنے والے ہیں، رنبیر کپور کا اعلان

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی مایہ نازجوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ جوڑا اگلے ماہ اپریل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائے گا، تاہم اب اس حوالے سے رنبیر کا بیان سامنے آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں عالیہ اور ان کی شادی جلد ہونے کا اعتراف کیا لیکن انہوں نے اپنی شادی کی تاریخ بتانے سے انکار کردیا۔
رنبیر نے کہا کہ مداحوں کیلئے ایک اچھی خبر ہے، عالیہ اور میرا جلد شادی کرنے کا ارادہ ہے ، ہاں تو ہم جلد شادی کریں گے۔

متحدہ اپوزیشن نے پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس کل طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹیوں کامشترکہ اجلاس کل طلب اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس سہہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر حکمت عملی پر غور ہو گا۔
خیال رہےکہ کل قومی اسمبلی کا اجلاس 4 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفی کل منظور کیے جانے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لیے گئے استعفی کو کل منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعلی پنجاب کا استعفیٰ گورنرہاؤس کو موصول ہو گیا ہے، عثمان بزدار کا استعفی کل منظور کیے جانے کاامکان ہے، کل گورنرپنجاب چودھری محمد سرور استعفے کی منظوری کے حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کردیں گے۔
گورنر پنجاب سے استعفے کی منظوری کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے اقدامات کرے گا، استعفے کی منظوری کے بعد اسمبلی اجلاس طلب کرنے اور انتخاب کا شیڈول جاری کیاجائے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی بنی گالہ میں ملاقات ہوئی تھی جس میں انہیں وزارتِ اعلیٰ کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے قبول کر لی تھی۔
دوسری طرف پنجاب میں حکومت سازی کے چیلنج کے پیش نظر سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے لاہور پہنچتے ہی جوڑ توڑ کا محاذ سنھبال لیا، صوبائی وزرا کے اجلاس میں مشاورت کی گئی۔
سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب حکومت کے سینئر صوبائی وزرا کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، ظہیرالدین، راجہ راشد حفیظ، سبطین خان، مراد راس اور رکن اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے شرکت کی۔
پنجاب میں حکومت سازی اور ارکان اسمبلی سے رابطوں بارے مشاورت کی گئی پنجاب میں جوڑ توڑ اوررابطوں بارے وزراء کو ٹاسک سونپ دئے گئے ہیں۔

پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا: آرمی چیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کےمکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کورہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے پر پہنچے تو کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے استقبال کیا۔
آرمی چیف نے کیپٹن سعد اور لانس ئانیک عرفان شہید کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ گورنر کے پی اور صوبائی وزرا بھی نمازجنازہ میں شریک تھے۔ دونوں اہلکار جنوبی وزیرستان میں لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور ضم اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
سپہ سالار نے نئے انضمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی تعریف کی اور کہا کہ منصوبے علاقے کے پائیدار استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہیں۔
جنرل باجوہ نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سازگار ماحول کی فراہمی پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں دیرپاترقی اوراستحکام اتنہائی ضروری ہے۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، شہدا کی فروغ امن کیلئے قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: وزیراعظم کو خفیہ دستاویزات پبلک کرنے سے روک دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم عمران خان کو خفیہ دستاویزات پبلک کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیر اعظم کو خفیہ دستاویز پبلک کرنے سے روکنے کے حوالے سے دائر درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔
شہری نعیم نے عمران خان کے خلاف دائر درخواست میں استدعا کی کہ عدالت وزیر اعظم کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سیکریٹ دستاویز یا اس کا متن جاری کرنے سے روکے۔
درخواست میں وزیراعظم عمران خان، سیکرٹری قانون اور سیکریٹری خارجہ کو فریق بنایا گیا اور لکھا گیا تھا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ خفیہ دستاویز ریلیز کریں گے، 27 مارچ کو خفیہ دستاویز کی بنا پر وزیر اعظم نے کہا مبینہ طور پر حکومت کے خلاف غیر ملکی سازش کی گئی، اُن کا بیان آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی سیکشن 5 کی خلاف ورزی ہے۔
چیف جسٹس نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں وزیراعظم کو سیکریٹ دستاویز پبلک کرنے سے روکتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوئی بھی خفیہ معلومات پبلک کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ امید رکھتے ہیں وزیر اعظم آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی نہیں کریں گے، خط کی تشہیر سے روکنے والی استدعا پر روکنے کا حکم وزیراعظم پر اعتبار نہ کرنے جیسا ہوگا۔