All posts by Khabrain News

وزیراعظم کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی، کسی نے استعفیٰ مانگا نہ دینگے: فواد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، عمران خان سے استعفیٰ مانگا نہ ہی وہ دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں خط رکھا گیا تھا، خط کے مندرجات صحافیوں کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں، خط کو پارلیمان میں ان کیمرہ اجلاس میں لائیں گے، خط کل پارلیمان میں رکھیں گے، عمران خان ملک اور قوم کے لیے لڑیں گے، کسی نے استعفیٰ مانگا اور نہ ہی وہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی خود مختاری کے لیے لڑے گا، آگے جو ایونٹس ہوں گے اس میں اسی کا نقصان ہو گا جو سندھ ہاؤس میں بیٹھیں گے۔ جب گیم پلٹے گی تو سارے دیکھیں گے، اس وقت صورتحال 1992ء کے ورلڈ کپ جیسی ہے، لگ رہا ہے کہ ہم پیچھے ہیں لیکن ہم پیچھے نہیں ہیں۔
صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور عمران خان کی ملاقات ہوئی ہے، اس پر وفاقی وزیر اطلاعات نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کی وزیراعظم سے دو بار ملاقات ہوئی ہے۔ پاک فوج پاکستان کے استحکام کی ضامن ہے، نوازشریف اداروں کو فتح کرنے کی چکر میں رہتے تھے۔

بیرونی سازش کو سب مل کر ناکام بنائیں گے، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بیرونی سازش کو سب مل کر ناکام بنائیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان 100 فیصد کامیاب ہوں گے اور ہم کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی دی اور خط عمران خان کی خارجہ پالیسی پر حملہ ہے اور اگر وزیر اعظم خط کے مندرجات سامنے لائیں تو اپوزیشن تباہ ہو جائے گی۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ووٹنگ والے دن ان کے نمبرز پورے نہیں ہوں گے اور اپوزیشن کو چند روز میں لگ پتہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش کو سب مل کر ناکام بنائیں گے اور یہ سازش تقریباً ناکام ہوچکی ہے۔

ایم کیوایم اوراپوزیشن کے درمیان 18 نکات پرمشتمل معاہدہ ، نام چارٹر آف رائٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایم کیوایم اوراپوزیشن کے درمیان 18 نکات پرمشتمل معاہدہ کیا گیا ہے، معاہدے کو چارٹر آف رائٹس کا نام دیا گیا ہے، معاہدے پر ایم کیوایم کی جانب سے خالد مقبول صدیقی اور پیپلزپارٹی کی جانب سے بلاول بھٹونے دستخط کیے ہیں جبکہ معاہدے پر شہبازشریف، مولانافضل الرحمان، اخترمینگل اورخالد مگسی نے بطورِ ضامن دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کے نکات کے مطابق لوکل گورنمٹ ایکٹ پرسپریم کورٹ کے فیصلے کےمطابق عمل ہوگا سرکاری ملازمتوں پر طے شدہ کوٹہ شہری اوردیہی سندھ کے مطابق عمل کیاجائےگا جعلی ڈومیسائل کے معاملے پرمشترکہ تمام فورم جدوجہد کی جائے گی اورجعلی ڈومیسائل پر تحقیقات کے بعد اسے منسوخ کردیاجائےگا۔
معاہدے کے مطابق ملازمتوں کے کوٹہ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جواسے مانیٹرکرےگی اورگریڈ ایک سے 15 تک کی ملازمتوں پرسختی سے مقامی حکومتوں کے حوالے سے عمل کیاجائے گا۔
معاہدے کے مطابق امن وامان کی بہتری اوراسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے مقامی پولیسنگ کانظام متعارف کرایاجائے گااورشہری اوردیہی علاقوں کی ترقی کے لیے مشترکہ کمیٹی کام کرے گی اورخصوصی پیکج کااعلان ہوگا، کراچی کے ماسٹرپلان کے لیے فوری طورپر نوٹی فیکشن نکال کر کام کیاجائے گا۔ دونوں جماعتوں نے کراچی ٹرانسپورٹ سسٹم کو اپ گریڈ کرنے پراتفاق کیا ہے اورسیف سٹی منصوبے کو فوری مکمل کیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق دونوں جماعتیں کاٹیج انڈسٹریل زون بنانے پربھی متفق ہوگئیں اوردونوں جماعتوں نے انڈسٹریل ایریاز کی حالت بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا، معاہدے کے مطابق دونوں جماعتیں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ہنگامی بنیادوں پر سرمایہ کاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے معاہدے کے تحت حیدرآباد یونیورسٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جبکہ متروکہ اراضی اور زمینوں کے معاملات کے حل کیلئے کمیشن بنانے پر متحدہ او رپی پی پی متفق ہوگئی ہیں، تمام سیاسی ایڈمنسٹریٹو اورمعاشی فیصلوں پر قانون کے مطابق عمل کیاجائے گا۔

سندھ کو شکست، بلوچستان نے پاکستان کپ کے فائنل میں جگہ بنالی

لاہور: (ویب ڈیسک) حسیب اللہ خان کی سنچری کی بدولت بلوچستان نے سندھ کو 13 رنز سے شکست دے کر پاکستان کپ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
ملتان میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
264 رنز کا ہدف سندھ کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 250 سکور بناسکی، عمیر بن یوسف نے سب سے زیادہ 60 رنز بنائے، شرجیل خان 50، صائم ایوب 30، خرم منظور 55، سرفراز احمد 1، محمد طہٰ 1، حسن محسن 14 اور محمد عمر 1 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
فاتح ٹیم کے کاشف بھٹی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ خرم شہزاد اور یاسر شاہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سندھ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بلوچستان نے 263 رنز بنائے، حسیب اللہ خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 چھکے اور 18 چوکوں کی مدد سے 114 گیندوں پر 131 رنز کی اننگز کھیلی، عمران بٹ 11، عبدالواحد بنگلزئی 12، اسد شفیق 64، ایاز تصور 1، بسم اللہ خان 10، عماد بٹ 13، کاشف بھٹی 5 اور عاکف جاوید صفر پر آؤٹ ہوئے۔
شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے محمد عمر اور سہیل خان نے 3،3 جبکہ میر حمزہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مابین ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ یکم اپریل کو ہوگا۔

سعودی عرب نے آسٹریلیا کو شکست دیکر فیفا ورلڈکپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا

ریاض: (ویب ڈیسک) قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ مقابلوں کے لیے سعودی عرب نے براہ راست کوالیفائی کرلیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور آسٹریلیا کے مابین کو کھیلے جارہے فیفا ورلڈکپ 2022 کا اہم کوالیفائنگ میچ کے دوسرے ہاف تک بغیر کسی گول کے برابر تھا تاہم سلیم آل داورسی نے میچ کے 65 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے ٹیم کو سبقت دلادی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔
اس سے قبل آسٹریلیا کو جاپان کے ہاتھوں 0-2 کی شکست کے ساتھ ہی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے، سعودی عرب پانچ مرتبہ پہلے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں آخری 16 ٹیموں میں شرکت کرچکا ہے۔
واضح رہے کہ قطر میں ہونے والا فیفا ورلڈکپ 2022 رواں سال 21 نومبر سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

ٹانک:دہشتگردوں کا حملہ پسپا، 3 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان وطن پر قربان

ٹانک: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے6 جوان شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے، کارروائی میں تین دہشتگرد بھی جہنم واصل ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں تین دہشتگردوں نے فوجی کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیکر تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں نوشہرو فیروز کے 48 سالہ صوبیدار میجر شیر محمد، خیرپور کے 39 سالہ نائب صوبیدار زبید، راولپنڈی کے 39 سالہ حوالدار سہیل، ٹنڈو الہ یار کے 36 سالہ لانس نائیک غلام آل، خیرپور کے 32 سالہ سپاہی مسکین علی، سکھر کے 37 سالہ سپاہی میر محمد نے وطن کی خاطر جان کی قربانی دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

روجھان: بیٹی کو برائی کے اڈے پر فروخت کرنے پر والد گرفتار

روجھان: (ویب ڈیسک) کمسن بیٹی کو برائی کے اڈے پر فروخت کرنے پر لڑکی کے والد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سوشل میڈیا میں خبر آنے پر ڈی پی او راجن پور کی ہدایت پر روجھان پولیس نے برائی کے اڈے پر چھاپہ مار کر کمسن لڑکی کو برآمد کر کے موقع سے ایک ملزمہ کو گرفتارکیا۔
روجھان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ روجھان کی حدود میں برائی کا اڈا چلاتی تھی، گرفتار ملزمہ کے بیان پر لڑکی کے والد کو گرفتار کرلیا ہے، برائی کے اڈے پر کمسن لڑکی سے مبینہ زیادتی کا انکشاف بھی کیا گیا۔

انٹیل دنیا کا تیزرفتارڈیسک ٹاپ پروسیسر اپریل میں پیش کرے گا

لندن: (ویب ڈیسک) انٹیل نے کہا ہے کہ وہ دنیا کے طاقتور اور تیزرفتار ترین ڈیسک ٹاپ پروسیسر کو جلد ہی پیش کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کور آئی نائن 12900 کے ایس ماڈل کا 16 کور پروسیسر ہے جو ٹویلفتھ جنریشن ’اسپیشل ایڈیشن‘ بھی ہوگا۔ اس میں کل 16 کور شامل ہیں جن میں سے آٹھ کور پرفارمنس پروسیسر ہے اور دوسری آٹھ کور کو ایفیشنٹ کور کہا جاتا ہے۔ اس میں 24 تھریڈ ہیں اور 30 ایم بی کی ایل تھری کیشے بھی ہے۔ اس بار انٹیل نے پروسیسر کی کلاک اسپیڈ 5.2 گیگا ہرٹز سے بڑھا کر 5.5 گیگاہرٹز کی گئی ہے۔ اس کے لیے بجلی کو 125 سے 150 واٹ تک بڑھایا گیا ہے۔
دوسری جانب اے ایم ڈی نے اپنے تیزرفتار ترین گیمنگ پروسیسر کا اعلان بھی کیا ہے جس کی قیمت 449 ڈالر رکھی گئی ہے۔ یہ ریزن سیون 5800X3D ماڈل ہے۔ اے ایم ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں تھری ڈی وی کیشے انٹیل کے نئے پروسیسر سے زیادہ تیزرفتار ہے جو پانچ اپریل کو منظرِ عام پرآرہا ہے۔
تاہم انٹیل کا نیا پروسیسر غیرمعمولی قیمت رکھتا ہے جو 740 ڈالر کے لگ بھگ ہے اور یہی وجہ ہے کہ صارفین اور تجزیہ کاروں نے بھی اسے مہنگا ترین پروسیسر کہہ رہے ہیں۔
انٹیل نے کہا ہے کہ اس کا نیا پروسیسر پہلے والے ماڈل سے 19 فیصد تیزرفتار بھی ہے۔ اس طرح یہ اڈوبی آفٹر ایفیکٹ کے مشہور پیمانے سے بھی دوگنی رفتار رکھتا ہے۔ تجزیہ کاروں نے اس پروسیسر کو ایک بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم سے اہم ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات جاری ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم بیٹھک میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہیں۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور اور دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی جارہی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی سینئر صحافیوں سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے خط دکھائے بغیر اس کے مندرجات سے شرکا کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اگر ملک کا نام لے لیا تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کابینہ اراکین کے سامنے پیش کیا اور ساری صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خط میں درج ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب معاف کردیا جائے گا اور ناکامی کی صورت میں پاکستان کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

روس نے یوکرین کی عسکری تنصیبات پر بیلسٹک میزائل داغ دیے

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کی متعدد عسکری تنصیبات پر اسکندر بیلسٹک میزائل داغ دیے، حملے میں یوکرین کے ائیر ڈیفنس سسٹم تباہ ہوگئے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق دو مختلف مقامات پر روسی فوج نے اسکندر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا، حملے میں یوکرین کے ایمونیشن ذخائر تباہ ہوگئے۔
حملے میں تین ائیر ڈیفنس سسٹم، تین ملٹی بیرل راکٹ لانچرز، 2 ہاؤٹزر گنز اور 49 بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک تباہ ہوگئے۔
روسی فوج نے کیف کا محاصرہ نرم کر کے فوج کو مشرقی محاذ پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔