All posts by Khabrain News

مراسلہ ہمارے سفیر نے لکھا، ابھی اسد عمر کے پاس ہے دکھا نہیں سکتا، وزیراعظم

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے آج دھمکی آمیز خط سینیئر صحافیوں کو دکھانے کا اعلان کیا تھا لیکن اب انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کی ہے لیکن اس میں خط نہیں دکھایا بلکہ مندرجات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اسد عمر نے دھمکی آمیز خط سے متعلق بریفنگ دی اور خط سے متعلق صرف مندرجات شیئر کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بتایا کہ خط عسکری قیادت سے شیئر کیا جا چکا ہے، خط میں جو زبان استعمال ہوئی وہ بتا بھی نہیں سکتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ خط پر پارلیمنٹ کو ان کیمرا بریفنگ دیں گے جبکہ یہ خط ہمارے اپنے سفیر کی جانب سے لکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ خط سے متعلق ملک کا نام نہیں بتا سکتے، خط پر نیشنل سکیورٹی قوانین لاگو ہوتے ہیں۔

عامرلیاقت سمیت پی ٹی آئی کے مزید 3 ارکان قومی اسمبلی سندھ ہاؤس پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض ارکان قومی اسمبلی کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
سندھ ہاؤس میں اپوزیشن قائدین کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری اورشہبازشریف نے شرکت کی۔ پی ٹی آئی کے مزید 3 ارکان قومی اسمبلی بھی سندھ ہاؤس پہنچ گئے جس کے بعد اجلاس میں شریک تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی تعداد 22 منحرف ہوگئی۔
منحرف ارکان میں رکن قومی اسمبلی میں عامر لیاقت حسین بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ ہاؤس میں مجموعی طور پر 196ارکان قومی اسمبلی موجود تھے۔

پی پی اور ایم کیو ایم میں معاہدہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی ایک دو روز میں عہدہ چھوڑ دیں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان معاہدے کے تحت ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب آئندہ ایک دو روز میں عہدہ چھوڑ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں، وہ ایک دو روز میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ایم کیو ایم کی سفارش پر کسی سیاسی فرد کو کے ایم سی کا ایڈمنسٹریٹر لگایا جائےگا۔
خیال رہے کہ رات گئے ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد آج ایم کیو ایم کے دو وفاقی وزراء بیرسٹر فروغ نسیم اور سید امین الحق نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کے بعد قومی اسمبلی میں عمران خان حکومت کے نمبرز 164 تک رہ گئے ہیں جبکہ اپوزیشن کی تعداد 177 تک پہنچ گئی ہے۔

قونصل جنرل آف پاکستان لاس اینجلس عبدالجبار میمن انتقال کر گئے

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) قونصل جنرل آف پاکستان لاس اینجلس عبدالجبار میمن انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالجبار میمن کینسر جیسے موذی مرض سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
عبدالجبار میمن 21 دسمبر 2015 سے بطور قونصل جنرل لاس اینجلس کام کر رہے تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا آج قوم سے خطاب موخر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا آج قوم سے خطاب موخر ہوگیا ہے۔
اس بات کی تصدیق انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کی۔

ملٹری اکیڈمی کاکول میں 145ویں پی ایم اے لانگ کورس سمیت مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 145ویں پی ایم اے لانگ کورس سمیت مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمان خصوصی تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 145ویں پی ایم اے لانگ کورس، 12ویں مجاہد کورس، 19ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 64 ویں انٹگریٹڈ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، عراق، اردن، مالدیپ، آذربائیجان اور نائیجیریا کے 17 کیڈٹس بھی شامل تھے جبکہ دوست ممالک کی لیڈی کیڈٹس بھی پاس آئوٹ ہوئیں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمان خصوصی تھے، پاک فضائیہ کے سربراہ نے پریڈ کا معائنہ کیا، اور اپنے خطاب میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی، پاک فضائیہ کے سربراہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور اعزازات تقسیم کئے 145 ویں لانگ کورس کے سینئر انڈر آفیسر آسو عبدالقہار کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔
145ویں لانگ کورس کے سینئر انڈر آفیسر عبید الرحمان کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل، 145ویں لانگ کورس کے عراق سے فارن کنٹری سینئر انڈر آفیسر عیسیٰ عناد المسعودی کو گولڈ میڈل اور لیڈی کیڈٹ کورس کی کمپنی سارجنٹ میجر ندا کو کمانڈنٹ کی چھڑی سے نوازا گیا، نائیجیریا سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے تقریب میں شرکت کی ۔
مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہلکاروں، کیڈٹس کے والدین اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے پریڈ کا مشاہدہ کیا، پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس میں قبائلی اضلاع کے 6 کیڈٹس جبکہ بلوچستان سے بھی 43 کیڈٹس کورسز مکمل کرکے پاس آئوٹ ہوئے۔

خلائی اسٹیشن سے ایک امریکی اور دو روسی خلاء باز زمین پر واپس آگئے

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس اور امریکا کے درمیان سفارتی محاذ پر کشیدگی کے باوجود بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے ایک امریکی اور دو روسی خلاء باز اکٹھے زمین پر واپس آگئے۔
روسی خلائی ایجنسی کے مطابق تینوں خلا باز قازقستان میں موجود روسی خلائی لانچنگ پیڈ کے قریب زمین پر اترے، امریکا اور روس کے خراب تعلقات کے باعث دیکھا جارہا ہے کہ امریکی خلا باز روسی کیپسول میں واپس آئے گا یا خلاء میں رہنے کو ترجیح دیگا۔
دونوں ملکوں کے تعلقات، خلاء مشن میں تعاون پر اثر انداز نہیں ہوئے اور امریکی خلا ء باز نے روسی کیپسول میں ہی واپس زمین پر آگیا۔

وزیرستان میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن سمیت 2 جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) جنوبی وزیر ستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد مارے گئے، ایک کیپٹن اور جوان نے مادر وطن پر لہو نچھاور کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں سکیورٹی فورسزنے مؤثرجواب دیا، فائرنگ کےتبادلےمیں 4 دہشتگردہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے دوران مادر وطن کی حفاظت پر مامور کیپٹن سعدبن عامر اور لانس نائیک ریاض نے جام شہادت نوش کیا۔
کیپٹن سعد بن عامرکی عمر 25 سال اورتعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ لانس نائیک ریاض کی عمر37 سال اور تعلق ٹانک سے تھا، دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کا آپریشن کلیئرنس جاری ہے۔

علیم خان کے بعد ترین گروپ بھی حکومت کا ساتھ دینے سے انکاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں حکومت سازی اور سیاسی ہلچل میں بڑی تبدیلی آگئی، علیم خان کے بعد ترین گروپ بھی حکومت کا ساتھ دینے سے انکاری ہو گیا اور سفارشات جہانگیر ترین کو بھجوا دی گئیں۔
پنجاب میں عمران خان کے نامزد امیدوار کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، ترین گروپ کی اکثریت نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا مشورہ دے دیا ہے، ترین گروپ نے غیر رسمی مشاورت میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا مشورہ دیا۔
اس حوالے سے اراکین کا کہنا ہے کہ ہمیں اب حکومت کی طرف نہیں بلکہ اپوزیشن کی طرف جھکاؤ کرنا ہوگا، ترین گروپ نے جہانگیر ترین کو تمام تجاویز ارسال کر دیں جبکہ مسلم لیگ ن نے ترین گروپ کو حکومت سازی میں ہر طرح سے ایڈجسٹ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ ترین گروپ کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔
ادھر وفاقی اور صوبائی وزرا کے ترین گروپ سے رابطے ناکامی کا شکار ہیں۔

آسٹریلیا میں تباہ کن بارشیں، نظام زندگی متاثر

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار تباہ کن بارشوں سے نظام زندگی متاثر ہو کر رہ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران لزمور میں چار سو ملی میٹر بارش سے دریا بپھر گیا، سڑکیں ندی نالوں کا منظرپیش کرنے لگیں، پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے ہزاروں افراد گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہوگئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیموں کی جانب سے کارروائیوں کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ سڈنی میں پانچ سو 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔