All posts by Khabrain News

اسرائیلی وزیر اعظم کا دورہ بھارت ملتوی

اسرائیل : (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے دورہ بھارت ملتوی کردیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے کورونا میں مبتلا ہونے پر موجودہ ہفتے کے لیے طے شدہ دورہ بھارت ملتوی کر دیا ہے۔
بینیٹ کے دفتر سے جاری شدہ ایک بیان کے مطابق ان کی صحت یابی کے بعد اس دورے کا وقت نئے سرے سے طے کیا جائے گا۔
اسرائیلی سربراہ حکومت کو بھارتی ہم منصب نریندرمودی کی دعوت پر تین روزہ دورے پر بھارت جانا تھا۔
پیر کے روز ان کا کورونا وائرس کی جانچ کے لیے کرایا گیا ٹیسٹ مثبت آیا تھااور اس وقت وہ قرنطینہ میں ہیں۔

ٹرمپ انتقال اقتدار روکنے کی کوشش میں جرائم کے مرتکب ہوئے، امریکی عدالت

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی عدالت کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتقال اقتدار روکنے کی کوشش میں جرائم کے مرتکب ہوئے تھے۔
ایک امریکی عدالت کے جج کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے2020 کے صدارتی الیکشن کے بعد انتقال اقتدار روکنے کی کوشش کرتے ہوئے جرائم کا ارتکاب کیا۔
عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق اس وقت صدر کے عہدے پر فائر ریپبلکن سیاستدان ٹرمپ نے اپنے ڈیموکریٹ حریف جو بائیڈن کی انتخابی کامیابی کی کانگریس کے ذریعے توثیق رکوانے کی غیر قانونی کوشش کی تھی۔
واضح رہے کہ اس عدالتی فیصلے کو امریکی ایوان نمائندگان کی تحقیقاتی کمیٹی کی بڑی قانونی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔ کمیٹی واشنگٹن میں کانگریس کی کیپیٹل ہل کہلانے والی عمارت پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کی چھان بین کر رہی ہے۔

کورونا کی چوتھی ویکسین کی تجویز

جرمن : (ویب ڈیسک) جرمن وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ یورپی یونین کو یہ باقاعدہ تجویز دینا چاہتے ہیں کہ تمام رکن ممالک میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے ہر شہری کو کورونا کی چوتھی ویکسین بھی لگائی جائے۔
لاؤٹرباخ نے برلن میں کہا کہ وہ برسلز میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے صحت کے اگلے اجلاس میں تجویز پیش کریں گے کہ تمام بزرگ شہریوں کو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کا چوتھا ٹیکہ بھی لگایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چوتھی ویکسین ممکنہ طور پر اس سال ستمبر سے لگانا شروع کی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے جوان لوگ جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے یا وہ کسی بڑی بیماری میں مبتلا ہیں ان کے لیے بھی بوسٹر ک تجویز دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نئی بوسٹر ڈوز کے لیےضروری ہے پچھلی ویکسین لگوائے ہوئے 4 ماہ کا عرصے گزر چکا ہو۔
واضح رہے کہ ایف ڈی اے کی ویکسین سے متعلق ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل کو ہوگا جس میں بوسٹر ڈوز سے متعلق بحث کی جائے گی۔

دروازے اور دل کھلے ہیں،جیسے چاہیں گے کر لیں گے، حکومت کی ایم کیو ایم کوآفر

کراچی: (ویب ڈیسک) اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے ہونے کے بعدحکومتی وفد بھی وزیر اعظم کا ایم کیو ایم کے پاس پہنچ گیا۔
رات گئے تحریک عدم اعتماد پراپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے پانے کےبعد حکومتی وفد بھی پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم سے ملاقات کے لیے جا پہنچا۔حکومتی وفد میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور گورنر سندھ عمران اسماعیل شامل تھے۔
حکومتی وفد نے وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام ایم کیو ایم کو پہنچایا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد وزیراعظم عمران خان کا پیغام لے کر پہنچا ہے۔ ایم کیو ایم کو ایک وزارت کی آفر کی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا اہم پیغام خالد مقبول صدیقی کو پہنچایا ہے۔ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ہمارے دروازے اور دل کھلے ہیں،جیسے چاہیں گے کر لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے لیے کچھ بھی حاضر ہے۔امید ہے ایم کیو ایم سوچ سمجھ کر انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی۔صبح ایم کیو ایم کی کال کا انتظار کروں گا۔ایم کیو ایم کے ساتھ ہر قسم کے معاہدہ کیلئے موجود ہیں۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کنوینئر خالد مقبول صدیقی اجلاس کی صدارت کریں گے، کراچی میں موجود رابطہ کمیٹی کے اراکین کو بہادرآباد پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔
اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے ساتھ معاہدے کو توثیق کیلئے پیش کیا جائے گا۔

مبارک ہو پاکستان، ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا، بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) ایک طرف اپوزیشن ایک طرف حکومت، پاکستان میں جوڑ توڑ کی سیاست اپنے عروج پر ہے۔
رات گئے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ میں اپنے ساتھ ایم کیو ایم کے شامل ہونے کا اعلان کر دیا، بلاول نے ٹوئٹ کی کہ متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، پیپلز پارٹی کی سی ای سی، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی مجوزہ معاہدے کی توثیق کرے گی۔
انہوں نے ٹوئٹ میں پاکستان کو مبارکباد بھی پیش کی، کہا کہ تفصیلات سے آج باضابطہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

ترکی میں مذاکرات کے بعد یوکرین میں روسی جنگی کارروائیوں میں کمی

کیف: (ویب ڈیسک) ترکی میں مذاکرات کے بعد یوکرین میں روسی کارروائیوں میں کمی آنے لگی، روسی افواج کیف کے مضافات سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس فوجی انخلاء نہیں کر رہا بلکہ اپنی فوج کو نئی پوزیشن پر تعینات کر رہا ہے۔
ترکی میں مذاکرات کے بعد روسی حکمت عملی تبدیل، کیف کے محاصرے سے روسی افواج پیچھے ہٹنے لگیں۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، یہ روس کی نئی چال ہے، امریکا نے خبردار کردیا۔ استنبول میں روسی وفد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ کیف پر حملوں میں کمی لارہے ہیں، روس فوج کیف کے محاصرے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ دوسری جانب روسی طیاروں نے میکولائیف شہر میں ایک سرکاری عمارت پر بمباری کی، حملے میں عمارت زمین بوس ہو گئی، 7افراد ہلاک، 22 زخمی ہوگئے۔ یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹایا جارہا ہے، ہلاکتیں زیادہ بھی ہوسکتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے یوکرینی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ روسی فوج کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا ہے، روس کو شکست دینے کے لیے اس مرحلے پر انہیں مزید ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔ یوکرینی فوج نے روس سے چھینے گئے بھاری ہتھیاروں کی ویڈیو جاری کردی۔ یورپی ملکوں سے روسی سفارتکاروں کی بے دخلی کا سلسلہ بھی جاری ہے نیدر لینڈ نے 17 روسی سفارتکاروں کو جاسوسی کے الزامات کے تحت ملک بدر کردیا۔ بیلجئیم نے بھی 21 روسی سفارتکاروں کو جاسوس قرار دے کر بے دخل کیا۔ برطانیہ نے روسی ارب پتی کالگژری جہاز قبضے میں لے لیا۔

آزاد کشمیر میں مضر صحت دودھ کی کھلے عام فروخت جاری، حکام خاموش تماشائی

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں مضر صحت دودھ کی فروخت کرتے ہوئے منظم مافیا شہریوں میں بیماریاں بانٹ رہا ہے اور حکام خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔
مظفرآباد میں کھلے مضر صحت دودھ کی فروخت کا مکروہ دھندہ جاری ہے جبکہ دودھ کی ٹیسٹنگ کے لئے حکومتی دعووں اور عدالتی احکامات کے باوجود سالوں بعد بھی مقامی سطح پر لیبارٹری کا قیام عمل میں نہیں لایا جاسکا ہے۔
شہریوں کی جانب سے دودھ کی ترسیل کی نگرانی کے بوگس نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو انتظامی اداروں کے حکام درپیش مسائل کے ساتھ موجود وسائل سے مثالی کام کرنے کے دعویدار ہیں۔
مظفرآباد میں لاکھوں کی آبادی کو دودھ کی فراہمی کے لئے صرف 42 باڑے قائم ہیں جبکہ 50 فیصد سے زائد دودھ دیگر علاقوں سے سپلائی کیا جاتا ہے۔

سندھ میں بلدیاتی انتخاب کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی فہرست مرتب

کراچی: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخاب کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی فہرست مرتب کرلی ہے، آئندہ 48 گھنٹوں میں نوٹیفکیشن کا اجراء متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہونگے، کراچی اور حیدرآباد ڈیویژن میں دوسرے مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔ سندھ حکومت نے کراچی کے 6 ٹائونز میں 13 یونین کمیٹیوں کے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد کراچی میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 233 سے بڑھکر 246 ہوگئی ہے، اورنگی ٹائون میں ایک یونین کمیٹی کم کرنے سے آبادی کی حد اوسطاً فی یونین کمیٹی 87 ہزار زائد ہوگئی ہے، حلقہ بندی کا عمل مکمل ہونے کے بعد جاری اس نوٹیفکیشن پر حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہوگا۔
محکمہ بلدیات حکومت سندھ نے درستگی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کراچی کے دو اضلاع ضلع کیماڑی اور ضلع غربی کے 5 ٹائونوں میں 13 یونین کمیٹیوں کا اضافہ کیا جبکہ ایک ٹائون میں ایک یونین کمیٹی کم کردی ہے۔ یہ تصحیح نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کے دن ہی جاری کیا گیا ہے۔ حلقہ بندی قواعد و ضوابط کے مطابق دونوں اضلاع کے تمام 6 ٹائونوں میں از سر نو حلقہ بندی ہوگی۔

خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا میدان کل سجے گا

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں میدان کل سجے گا، انتخابات کے لیے پولیس فورس نے انتظامات مکمل کرلیے، صوبہ بھر میں 1500 سے زائد پولنگ سٹیشنز حساس قرار دے دیئے گئے ۔
خیبر پختونخوا کے 18 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولیس فورس نے انتظامات مکمل کر لیے، صوبے بھر میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی، مجموعی طور پر سکیورٹی کے لئے پولیس کے ہمراہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے بھی تعینات کیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی اضلاع جن میں مالاکنڈ۔ ہزارہ ریجن، کوہستان اپر و لوئر چترال اور وزیرستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے 6176 پولنگ سٹیشنز میں سے 1609 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ مجموعی طورپر54 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق انتخابی مواد کی پولنگ سٹیشن تک ترسیل اور بیلٹ بکس کی واپسی تک فول پروف سیکورٹی پلان مرتب دیاگیا ہے۔