All posts by Khabrain News

کورونا سے مزید 2 مریض جان کی بازی ہار گئے، 24 گھنٹے میں 194 کیسز رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے، 24 گھنٹے میں مزید 194 کیسز سامنے آئے ہیں۔
کورونا کیسز میں کمی کے باوجود ہلاکتیں جاری، 2 اموات کے بعد ملک بھرمیں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہزار 349 تک پہنچ گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 8 ہزار 591 ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 136 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد شفا پانے والے افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 85 ہزار 609 ہو گئی ہے۔ گذشتہ روز 27 ہزار 492 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں 2 کروڑ 74 لاکھ 42 ہزار 945 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا سے متاثر 432 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 5 لاکھ 4 ہزار 962 کیسز، سندھ میں 5 لاکھ 75 ہزار 109 ، خیبرپختونخوا 2 لاکھ 18 ہزار 988 جکہ بلوچستان میں 35 ہزار 471 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد ایک لاکھ 35 ہزار 58، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 700 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 43 ہزار 261 ہو گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے متحدہ اپوزیشن کیساتھ معاملات طے پا گئے، آج حکومت چھوڑنے کااعلان متوقع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن نےتحریک عدم اعتماد سے پہلےرات گئے حکومت کو بڑا سرپرائز دے دیا، حکومتی اتحادی ایم کیوایم نے عمران خان حکومت کو چھوڑنے کیلئے اپوزیشن کیساتھ معاہدہ طے کر لیا۔
ترجمان ایم کیوایم کے مطابق آج سہ پہ رپریس کانفرنس میں اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کاا علان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، متحدہ وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پراپوزیشن کا ساتھ دے گی، قانونی ڈرافٹ پر ایم کیوایم پاکستان اور متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے دستخط ہو گئے ہیں جس کے بعد دونوں وفود پریس کانفرنس کریں گے
ایم کیو ایم اور اپوزیشن کےدرمیان معاہدے کے اہم نکات موصول ہوئے ہیں جس کے مطابق بلدیاتی اداروں کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے گا، بلدیاتی قانون کو آئین کے آرٹیکل 140اے کےمطابق بنایا جائےگا اورمسودہ جلد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اپنےعہدے سے بھی مستعفی ہونگے جبکہ حیدرآباد ، کراچی میں ایڈمنسٹریٹر زکا تقرر مشاورت سے کیا جائے گا، سندھ میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا کیخلاف قانون سازی کی جائے گی، معاہدے کے تحت ایم کیوایم وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کرے گی، ذرائع کےمطابق ایم کیوایم نے سندھ کے شہری علاقوں میں بنیادی تبدیلیاں، نوکریوں کیلئےچالیس فیصد کوٹہ مختص کرنے، صوبائی مالیاتی کمیشن اورسیل شدہ دفاترکھولنے کامطالبہ کیا ہے۔
معاہدے کی تصدیق چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے بھی کی ہے، بلاول بھٹونےٹویٹ میں لکھا متحدہ اپوزیشن اور ایم کیوایم کے درمیان معاہدہ ہوچکا ہے، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی مذکورہ معاہدے کی توثیق کریں گے، ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدے نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی اور ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد باضابطہ طور پر میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ، حکومت کے قومی اسمبلی میں نمبر 164 رہ گئے ہیں جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبر 177 تک پہنچ گئے ہیں قومی اسمبلی میں نئی حکومت بنانے کیلئے 172ارکان کی حمایت درکارہے۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کے مطابق اپوزیشن کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پربحث 31مارچ کو ہو گی، آئین کے تحت رائے شماری ، تحریک پیش ہونےکے تین دن بعد اور 7 دن سے پہلے کرانا ضروری ہے۔

مچل مارش پاکستان کے ساتھ وائٹ بال سیریز سے باہر

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز سے باہر ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہپ انجری کا شکار مچل مارش کی تکلیف میں بہتری نہیں آسکی جس کے باعث آل راؤنڈر ٹیم سے الگ ہوگئےہیں اور وہ آج ہی وطن واپسی کے لیے دبئی روانہ ہوجائیں گے۔ مچل مارش پہلے ون ڈے سے قبل ہپ انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے سبب وہ گزشتہ روز پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں بھی شریک نہ ہوسکے تھے۔ دوسری جانب آسٹریلوی بیٹر میتھیو رنشا لاہور پہنچ گئے ہیں، لاہو رآمد پر ان کا پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ کہنی میں درد جب کہ ایشٹن اگر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔

بالائی خیبر پختو نخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بادل برسنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی خیبر پختو نخوا میں بارش کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج خطہ پوٹھور، مری اور گلیات میں بارش کی توقع ہے، بالائی خیبر پختونخوا میں چترال، دیراور سوات میں تیز ہوائیں اورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی ہے۔

یوکرین نیٹو سے علیحدہ رہنے پر راضی ہوگیا

استنبول: (ویب ڈیسک) یوکرین نے امن مذاکرات میں پیشکش کی ہے کہ اگر روس مکمل جنگ بندی پر رضامند ہوتا ہے تو یوکرین نیٹو میں شمولیت اختیار نہیں کرے گا۔
عالمی میڈیا کے مطابق ترک شہر استنبول میں یوکرین اور روس کے درمیان امن مذاکرات جاری ہیں۔ مذاکرات میں یوکرین نے کہا ہے کہ وہ نیٹو میں شامل نہ ہونے پر رضامند ہے تاہم اس شرط پر کہ روس مکمل جنگ بندی کا اعلان کرے۔
ترکی کے وزیر خارجہ میولت کیووسگلو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے استنبول میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری مذاکرات میں یہ اب تک کی سب سے اہم پیش رفت ہے۔
دوسری جانب روسی مذاکرات کاروں نے کہا کہ استنبول میں “بامعنی” مذاکرات کے بعد روس شمالی یوکرین اور دارالحکومت کیف کے قریب میں اپنی فوجی کارروائیوں کو محدود کردے گا۔
روس کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومین نے کہا کہ یہ دیکھتے ہوئے کہ یوکرین کی غیرجانبداری اور غیرجوہری حیثیت سے متعلق معاہدہ طے ہونے کے قریب ہے، روس نے فیصلہ کیا ہے کہ کیف اور شرنیگیو کے علاقوں میں فوجی آپریشن کو کم کردیا جائے۔

اسرائیل:مسلح شخص کی فائرنگ ،5 افراد ہلاک

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے مضافات میں مسلح شخص کی فائرنگ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے دو واقعات الگ الگ مقامات پر پیش آئے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ہی مسلح موٹر سائیکل سوار دونوں واقعات میں ملوث ہوسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری فوٹیج میں مسلح نوجوان کو ایک سائیکل سوار اور ایک گاڑی پر گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ دو دن پہلے بھی ایسے ہی واقعات میں دو اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

واٹس ایپ صارفین جلد ہی 2 جی بی تک کی فائلیں شیئر کرسکیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پیغام رسانی کی دنیا کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ آئے روز اپنے صارفین کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے نت نئے فیچرز میں اضافہ کرتی رہتی ہے، اسی تناظر میں ایک اور انقلابی فیچر پر کام جاری ہے جس کے بعد صارفین 2 جی بی تک کی فائلیں شئیر کرسکیں گے۔
واٹس ایپ اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی زیر ملکیتی ایپلی کیشن واٹس ایپ واٹس ایپ 2 جی بی سائز تک کی بڑی فائلیں بھیجنے کی صلاحیت کی جانچ کر رہی ہے، میسجنگ سروس ارجنٹائن میں ایک محدود پیمانے پر جانچ کے طور پر اس فیچر کو چلا رہی ہے، جس سے ایپ کے تازہ ترین بیٹا ورژن پر منتخب صارفین کو 2 جی بی تک کی فائلیں شیئر کرنے کی اجازت دی رہی ہے۔
رپورٹ ک مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے کام کرے گا، لیکن چونکہ یہ بیٹا ٹیسٹرز کی ایک مخصوص تعداد تک محدود ہے، اس لیے کوالیفائنگ کے درست معیار کے بارے میں کہنا مشکل ہے۔
میسجنگ پلیٹ فارم میں فی الحال 100 ایم بی سائز فائل ٹرانسفر تک محدود ہے، اگر یہ فیچر لاگو ہوتا ہے تو یہ دوسری مثال ہو گی اگر واٹس ایپ فائل سائز کی حد میں اضافے کرتا ہے، پہلے یہ حد صرف 16 ایم بی تھی جسے بعد میں بڑھا کر 100 ایم بی کیا گیا تھا۔
اس وقت ٹیلی گرام ہی ایسی پیغام رسانی کی ایپلی کیشن ہے جو کہ صارفین کو 2 جی بی سائز تک بڑی فائلیں شیئر کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

ن لیگ 3 ماہ کیلئے وزارت اعلیٰ دے رہی تھی، ترین گروپ سے معاملات طے پا گئے، پرویز الہیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ ہمیں تین سے چار ماہ کے لیے پنجاب کی وزارت اعلی دے رہی تھی۔ ہمارے ترین گروپ سے معاملات طے پا گئے ہیں، ان کے وفد سے ملاقات کل ہوگی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 35 سال بعد لاہور میں ہمارے گھر آئے، انہوں نے کھانے کی دعوت دی مگر ہم نہیں گئے، نہ جانے کی وجہ کچھ خاص لوگ تھے جو آن بورڈ نہیں تھے۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ مریم بی بی کو ہم پسند نہیں تھے، وہ پورے کا پورا گروپ ہے، اس معاملے کے پیچھے تاریخ ہے، ہم محتاط طریقے سے چلے، ہمیں خوش قسمتی سے معاملات کا علم ہو جاتا ہے۔ دونوں طرف سے لوگ شامل ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی دوران تحریک انصاف سے بھی پیشکش تھی، ہم نے کہا ہمیں آپ پر اعتماد نہیں ہے، پی ٹی آئی نے کہا اس بار وہ بات نہیں ہے، ہم نے اپنے حلقے کے لوگوں سے بھی بات کی ، حلقے کے لوگوں کا کہنا تھا کہ ہمارا قدرتی اتحاد پی ٹی آئی کے ساتھ بنتا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ پہلے مشورے میں شامل تھے،انہوں نے کہا ساڑھے تین سال تک آپ کی وجہ سے کابینہ میں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ طارق بشیر چیمہ سے ملاقات ہوئی وہ ابھی تک اپنی بات پر قائم ہیں۔
پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ شریف خاندان میں جن افراد کی حیثیت ہے انہیں براہ راست نواز شریف کی آواز سمجھا جاتا ہے، شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں لیکن اپنے بھائی کا ویٹو نہیں بدل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی آمد کے بعد ہمیں اطلاع ملی کہ بات ابھی تک کلیئر نہیں ہے۔
وزیراعظم سے حالیہ ملاقاتوں سے متعلق سوال انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے خود فون کیا کہ میں انتظار کر رہا ہوں آجائیں ، اس کے بعد ہم بنی گالہ گئے، آج وزیراعظم نے دوبارہ بلایا تھا، میں آج بھی گیا ، وزیراعظم نے کہا آپ سے متعلق فیصلے کا پارٹی میں مثبت ردعمل آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا ایم کیو ایم کے مطالبات بھی پورے کریں اور انہیں گورنرشپ بھی دیں۔ پرویز الہیٰ نے بتایا کہ ایم کیو ایم آن بورڈ ہے۔

کانگو میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 پاکستانی فوج افسران سمیت 8 فوجی اہلکارشہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں افسران و جوانوں سمیت 8 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق افریقی ملک کانگو میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر پاک فوج کا پوما ہیلی کاپٹر نگرانی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں پاک فوج کے 6 افسران و جوانوں سمیت امن مشن پر مامور 8 اہلکار شہید ہوگئے، شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل آصف، میجرسعد، معاون پائلٹ میجر فیضان علی، نائب صوبیدار سمیع اللہ خان، حوالدار محمد اسماعیل، کریو چیف محمد جمیل شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایوی ایشن یونٹ اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں 2011 سے تعینات ہیں، پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، پاکستان یو این امن مشنز میں فروغ امن میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہمارے امن دستوں نے ہمیشہ چیلنجنگ ٹاسک انجام دیے، پاکستانی اہلکاروں نے لگن کیساتھ کام کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے۔

متحدہ اپوزیشن کی بیٹھک: تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر امور پر غور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر متحدہ اپوزیشن رہنماؤں کی ایک مرتبہ پھر مشاورت شروع ہو گئی ہے۔
اس سلسلے میں ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں متحدہ اپوزیشن کے تمام اہم رہنما شریک ہیں۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ) کے سربراہ سردار اختر مینگل شریک ہیں۔
ذرائع سے بتایا ہے کہ میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں حمزہ شہباز، شریں رحمان، احسن اقبال، سید نوید قمرالزماں شاہ اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر شامل ہیں۔
ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی سمیت دیگر متعلقہ امور پر غور و خوص کیا جائے گا۔