All posts by Khabrain News

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی کا وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو فوری طور پر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی حمایت میں پاکستانی اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ٹیلی فون کیا۔ ٹیلیفونک رابطے کے دوران عمران خان نے یوکرین کی صورتحال اور جنگ جاری رہنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازع کے حل کی حمایت میں پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے یوکرائنی حکام کی پاکستانی طلبہ، شہریوں اور سفارتی عملے کے انخلاء میں مدد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے دیگر ممالک کی جانب سے سفارتی حل کی سہولت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔
عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک پر تنازعات کے باعث منفی معاشی اثرات کو مسلسل اجاگر کر رہے ہیں، معیشت پر اثرات تیل اور اشیاء خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ظاہر ہورہے ہیں، پاکستان نے یوکرین میں لوگوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے سامان کے دو طیارے روانہ کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے یوکرین کے تنازعے سے پیدا ہونے والی بگڑتی سلامتی اور انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزرائے خارجہ نے فوری طور پر دشمنی کے خاتمے پر زور دیا، رکن ممالک نے مذاکراتی عمل کی حمایت اور سہولت کاری فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ پاکستان جیسے غیرجانبدار ممالک سفارتی حل کے لیے کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سات سالہ اوپرا گلوکارہ نے گنیز بک میں نام درج کرالیا

پٹس برگ: (ویب ڈیسک) پیدائشی طور پر گلوکاری کے فن سے آگاہ بچی کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کی کم عمر ترین اوپرا گلوکارہ کی سند دی ہے۔
وکٹری برنکر کی عمر ابھی دس برس ہے لیکن گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے سات برس کی عمر میں ہی کم عمر ترین اوپرا ہاؤس گلوکارہ قرار دیا ہے۔
2019 میں انہوں نے 8 کم سن گلوکاروں کے ساتھ پٹس برگ کے پبلک تھیئٹر میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔ سننے والے ناقدین کا کہنا ہے کہ دس برس کی عمر میں اتنی پختہ اور بہترین آواز انہوں نے نہیں سنی تھی۔ وکٹری نے بتایا کہ ان کی والدہ کے مطابق وہ بہت جلدی بولنا سیکھ گئی تھیں۔ پھر انہوں نے دو سے ڈھائی سال میں پہلا گانا بھی گالیا تھا۔
اب دس برس کی عمر میں وہ تین مختلف انداز سے سات مختلف زبانوں میں گانا گاسکتی ہیں۔ ان میں اوپرا کی گائیکی بھی شامل ہے جو بہت ہی مشکل اندازِ گلوکاری بھی ہے۔ اوپرا گلوکاری میں گلے کے اتارچڑھاؤ کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ امریکا گوٹ ٹیلنٹ نامی پروگرام میں وہ گولڈن بزر کے درجے تک پہنچ چکی تھیں جو وکٹری کی زندگی کا ایک یادگار لمحہ بھی تھا۔
تین سے چار برس کی عمر میں سی ڈی پر گانے سننے کے بعد انہیں یاد رہنے لگے اور وہ ہر پلیٹ فارم پر اپنی گائیکی کا مظاہرہ کرنے لگی تھیں۔ وکٹری کے والدین نے اسے گود لیا تھا اور وہ جانتے تھے کہ یہ بچی اور اس کی آواز خداداد تحفے سے کم نہیں۔

پہلا ون ڈے میچ: آسٹریلیا کی پاکستان کو 88 رنز سے شکست

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 88 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
314 رنز کا ہدف پاکستانی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی اور45 اعشاریہ 2 اوورز میں 225 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، امام الحق کی سنچری بھی گرین شرٹس کو شکست سے نہ بچاسکی، انہوں نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 96 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان 18، کپتان بابر اعظم 57، سعود شکیل 3، محمد رضوان 10، افتخار احمد 2، خوشدل شاہ 19، حسن علی 2 اور محمد وسیم جونیئر صفر اور حارث رؤف 7 سکور بناکر پویلین لوٹے۔

فاتح ٹیم کی جانب سے ایڈم زمپا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، ٹریوس ہیڈ،مچل سویپسن نے2، 2، شان ایبٹ، نیتھن ایلس نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
شاہینوں کے خلاف کینگروز بلے بازوں نے جارحانہ اننگز کا آغاز کیا، اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 72 گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ایرون فنچ 23، بین مک ڈرموٹ 55، مارنس لبوشین 25، مارکس سٹوئنس 26 اور الیکس کیری 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کیمرون گرین 40 اور نیتھین ایلس 3 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔
اس طرح آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے زاہد محمود، حارث رؤف نے 2،2 ، افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

دھمکی آمیز خط کو پارلیمان میں لایا جائے، شاہد خاقان عباسی کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کو پارلیمان میں لایا جائے، سوال یہ ہے کہ دھمکی آمیز خط تحریک عدم اعتماد کے دوران ہی کیوں آیا؟
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اُس وزیراعظم پر الزام لگایا ہے، جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، عمران خان فوری ثبوت پیش کریں۔ دھمکی آمیز خط کو پارلیمان اور نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں لایا جائے، وزیراعظم اپنی سیاست کے لیے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو داؤ پر نہ لگائیں۔
سابق وزیراعظم نے سوال کیا کہ جب آپ اپنے وزیر کو خط دکھا سکتے ہیں تو 22 کروڑ لوگوں کے نمائندوں کو کیوں نہیں دکھا سکتے؟ وزیر اعظم کو لکھے گئے خط کو پارلیمان میں لایا جائے، سوال یہ ہے کہ دھمکی آمیز خط تحریک عدم اعتماد کے دوران ہی کیوں آیا؟
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اگر واقعی آپ کو دھمکی آمیز خط لکھا گیا ہے تو اس کو پارلیمان میں لائیں، ورنہ اپنے جھوٹ پر معافی مانگیں۔ اگر خط اس ہفتے یہ لوگ پارلیمان میں نہیں لائے تو اگر حقیقت میں کوئی خط ہے، ہم اگلے ہفتے پارلیمان میں لے آئیں گے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ایسی دھمکی کبھی نہیں ملی، اگر ایسا ہوا ہے تو یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، اس معاملے کو پارلیمان میں لایا جانا چاہیے۔ خط وزیر اعظم کو نہیں پوری قوم کے لئے ہے، آپ نے یہ خط اب تک کیوں چھپائے رکھا؟، کیا ہم اتنےکمزور ہوگئے ہیں کہ لوگ خط لکھ کر دھمکیاں دے رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمان کو بتائیں کس نے پاکستان کو دھمکی دی، کس نے اتنی جرات کی کہ پاکستان کے عوام کو دھمکی دی، آپ کے 2 وفاقی وزراء نے بھی پریس کانفرنس میں یہی باتیں دہرائی ہیں۔ ہمارےملک کو دھمکی آئی ہے تو ہم سب نے مل کر اس کامقابلہ کرنا ہے، اگر آپ اب خط نہیں دکھائیں گے تو 4 اپریل کوخط دیکھیں گے اخبار میں چھاپا جائے گا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معافی مانگیں یا ثبوت پیش کریں، ہم نے تو کبھی رو رو کر تقریر نہیں کی، ہم نے تو کبھی خط نہیں دکھائے، اگر آپ جھوٹ بول رہے ہیں تو آپ کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس ملک سے تعلقات توڑ کر سفیر کو ملک بدر کریں، اگر وزیراعظم سچ بول رہے ہیں تو یہی رویہ ملک کا ہونا چاہیے پارلیمان آپ کے ساتھ ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ خط ہے یا نہیں، یہ کسی کو علم نہیں، اب یہ پتا نہیں کہ عسکری قیادت نے خط دیکھا ہے یا نہیں، 2 دن سے ملکی سلامتی سے متعلق وزیراعظم اور وزراء نے باتیں کی ہیں، اپوزیشن کو ان کی باتوں پر بے پناہ تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرسوں اسلام آباد میں جو جلسہ ہوا 9 لاکھ 70 ہزار آدمی تشریف نہیں لاسکے، وہ آدمی جو دوسروں کو گھبرانا نہیں ہے کہتا تھا، آج وہ گھبرایا ہوا ہے، 23 کروڑ مسلمانوں کے ملک کے وزیراعظم نے کاغذ لہرایا۔ نواز شریف آج بھی سیاست کا محور ہیں، نواز شریف ملک میں نہیں لیکن آج بھی عمران خان رو رو کر ان کا نام لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کا مرحلہ جاری ہے، ق لیگ کو عدم اعتماد میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے ان کو مبارک ہو۔ ایم کیو ایم کسی کے تابع نہیں وہ اپنا فیصلہ کرلیں گے، ہم نے ایم کیو ایم کو دعوت دی ہے امید ہے وہ بہتر فیصلہ کرلیں گے۔

بیلجیئم فٹبال ٹیم کے گول کیپر کینسر کے باعث چل بسے

لاہور: (ویب ڈیسک) بیلجیئم کی فٹبال ٹیم کے گول کیپر میگوئل وین ڈیمے کینسر کے باعث 28 سال کی عمر میں چل بسے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میگوئل وین ڈیمے کو پہلی مرتبہ کینسر کی تشخیص پانچ سال قبل ہوئی تھی، میگوئل کے ساتھی کھلاڑیوں اور کلب انتظامیہ نے بھی گول کیپر کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ ساڑھے پانچ سال گول کیپر کے لیے ناقابل یقین حد تک مشکل رہے اور انہوں نے اپنا پورا پیشہ ورانہ کیریئر بیلجیئم کی پرو لیگ سائیڈ میں گزارا۔
سال 2016/17 کی مہم سے پہلے طبی معائنے کے بعد گول کیپر کو پہلی بار خون کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی۔
قبل ازیں وین ڈیمے نے دو مرتبہ پہلے بھی اس مرض کو شکست دی لیکن ستمبر 2020 میں فٹبالر کو بتایا گیا کہ بیماری تیسری بار واپس آچکی ہے۔

عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن کوئی اسمبلی نہ آئے، وزیراعظم کا پارٹی ایم این ایز کو خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران کوئی پارٹی رکن اسمبلی اجلاس میں شریک نہ ہو۔
خط کے متن کے مطابق اسمبلی اجلاس میں شرکت پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوگا۔
وزیراعظم کی جانب سے تمام اراکین کو انفرادی طور پر خط ارسال کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے اور اب 31 مارچ یا اس کے بعد کسی بھی دن تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔
پی ٹی آئی کے 14 ارکان اسمبلی منحرف ہوچکے ہیں اور انہوں نے تحریک کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

بیلاروس: گاڑی پر ’یوکرین! معاف کردو‘ کا اسٹیکر لگانے والے پادری پر جرمانہ

منسک: (ویب ڈیسک) بیلاروس میں اپنی گاڑی پر ’یوکرین! ہمیں معاف کردو‘ کا اسٹیکر چسپاں کرنے والے یونانی کیتھولک پادری پر 490 ڈالرز کا جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق مشرقی بیلاروسی شہر ماہلیو کی ایک عدالت نے 28 مارچ کو واسل یاہورؤ پر اپنی گاڑی پر متنازع اسٹیکر لگانے کے جرم میں 490 ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
یاہورؤ ماہلیو کے قریب بیالینچی نامی قصبے میں کیتھولک چرچ کے پادری ہیں۔ یاہورؤ یوکرینی شہر ایوانو فرینکیوسک کے ایک یونانی کیتھولک اسکول میں تعلیم بھی حاصل کرچکے ہیں۔
پادری کو 25 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں سماعت تک حراستی مرکز میں رکھا گیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ پادری کی جانب سے سرزد ہوئے جرم کی نوعیت کیا تھی
واضح رہے کہ روسی اتحادی ملک بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکا روس کو یوکرین کیخلاف بیلاروسی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دے چکے ہیں جبکہ روسی میزائل حملوں میں سے کچھ بیلاروسی سرزمین سے بھی کیے گئے ہیں۔

ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 4 ہزار رنز، بابر اعظم پہلے ایشین بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ریکارڈ بک کو الٹنے میں مصروف ہیں، اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 4 ہزار رنز بنانیوالے تیز ترین ایشین کھلاڑی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کی گئی جس میں بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 4 ہزار رنز بنانے کی مبارکباد دی گئی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں اپنی اننگز میں 15واں رنز مکمل کیا جس کے بعد وہ4 ہزار رنز بنانے والے تیز ترین ایشین پلیئر بن گئے۔
انہوں نے 82ویں اننگز میں یہ سنگ میل حاصل کیا جبکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے دوسرے تیز ترین 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بابر اعظم 100 سے کم اننگز میں 4 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بھی ہیں، بابر نے تین ہزار سے چار ہزار رنز کا سفر صرف 14 اننگز میں مکمل کیا۔
اگر تیز ترین 4 ہزار رنز کی بات کی جائے تو اس فہرست میں ہاشم آملہ پوری دنیا میں پہلے 81 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کر کے پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ویو رچرڈز دوسرے، جو روٹ تیسرے اور بھارت کے ویرات کوہلی چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 5ویں پوزیشن اپنے نام کر رکھی ہے۔

اسرائیل میں اہم اجلاس؛ امریکا اور متحدہ عرب امارات سمیت 4 عرب ممالک کی شرکت

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی میزبانی میں ہونے والے اہم اجلاس میں امریکا، متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تاریخ میں پہلی بار 4 عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی سرزمین میں کسی اہم ایونٹ میں شرکت کی۔ اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی شرکت کی۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپید کی میزبانی میں 6 ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس اسرائیل کے ایک چھوٹے سے شہر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء نے خطے کی بدلتی صورت حال اور مشرق وسطیٰ میں ایران کے اثر و رسوخ پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں اسرائیل، امریکا، متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے ایران کی مشرق وسطیٰ میں مداخلت کو کم کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان نے 2 روزہ اجلاس کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیا بلاک دنیا میں ایک مختلف مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بحرین، مصر اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے اجلاس کے انعقاد پر اسرائیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مفادات کے تحفظ اور اہداف کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور مستحکم تعلقات کے لیے اتحاد اور اتفاق کی سب سے زیادہ ضرورت ہے جس کی جانب یہ اجلاس پہلی سیڑھی ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپید نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں انتشار پھیلانے والوں کا مل کر مقابلہ کیا جائے جس کے لیے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل، امریکا اور 4 عرب ممالک کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کی افواہیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ دونوں اگلے ماہ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ اور رنبیر کو حالیہ دنوں ایک ڈیزائنر کی شاپ پر دیکھا گیا جس کے بعد سے دونوں کی جلد شادی کے حوالے سے خبریں پھیلی ہوئی ہیں اور اب اداکار کی پھپھو کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
پھپھو ریما جین کا کہنا ہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے لیکن عنقریب شادی کی باتیں من گھڑت ہیں، ابھی تک شاپنگ کا نہیں سوچا تو اتنی جلدی شادی کیسے ہوسکتی ہے؟
انہوں نے بتایا کہ دونوں اسٹارز کی شادی کب ہوگی یہ ابھی نہیں کہا جاسکتا جیسے ہی اس بارے میں فیصلہ ہوگا سب کو آگاہ کردیا جائے گا، اپریل میں ہی اگر شادی ہوئی تو یہ میرے لیے حیران کن ہوگا لیکن ایسا ممکن نہیں لگتا۔
خیال رہے کہ رنبیرکپور اورعالیہ بھٹ 2018 سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور دونوں کے خاندان بھی شادی کے لیے رضامند ہیں، یہ جوڑی ان دنوں آیان مکھرجی کی فلم ‘برہمسترا’ کی شوٹنگ میں مصروف ہے۔