All posts by Khabrain News

طالبان کی دوحہ میں انڈونیشیا اور قطر کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں

دوحہ: (ویب ڈیسک) طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے انڈونیشیا اور قطر کے نائب وزیراعظم اور وزرائے خارجہ سے ملاقات کی اور افغانستان میں تعلیمی مسائل، انسانی بحران اور معاشی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اپنے انڈونیشیائی ہم منصب کے وزیر خارجہ ریتنو مرسودی اور قطر کے نائب وزیر خارجہ لولواہ الخطر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران طالبان حکومت کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے انسانی، معاشی اور تعلیمی مسائل سے آگاہ کیا جب کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولوں کی بندش کے فیصلے سے متعلق بھی اپنا مؤقف پیش کیا۔
اس موقع پر قطر اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے یقین دلایا کہ وہ افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جب کہ افغانستان کے تعلیمی اداروں کی مدد کرنے اور افغان طلبا کو تعلیمی وظائف دینے کا وعدہ بھی کیا۔
طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے قطر کے ہم منصب سے علیحدہ ملاقات میں کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشن کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

موجودہ سیاسی صورتحال: چوہدری شجاعت ملاقات کیلئے زرداری ہاؤس جائیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کیلئے زرداری ہاؤس جائیں گے۔
ذرائع ق لیگ کے مطابق چوہدری شجاعت اور آصف زرداری کی ملاقات زرداری ہاؤس میں ہوگی۔
ذرائع ق لیگ نے بتایا کہ چوہدری شجاعت اور آصف زرداری کی ملاقات کے وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی حکومتی پیشکش قبول کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اس اعلان کے بعد سے ق لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور طارق بشیر چیمہ نے عہدے سے مستعفی ہونے اور وزیراعظم کے خلاف ووڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اپریل کو طلب

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اپریل کو طلب کرلیا گیا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اپریل کو پشاور میں ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اجلاس محکمہ اوقاف پشاورکی عمارت میں ہو گا، چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔
رویت ہلال کی ذونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوں گے اور اسلام آباد میں ذونل کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا۔
یاد رہے محکمہ موسمیات نے ہفتہ 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا پہلا روزہ اتوار 3 اپریل کو ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ شعبان 29 روز کا ہوگا اور 29 شعبان بمطابق 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں، 2 اپریل کو ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف اور کہیں کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
خیال رہے سعودی عرب میں سپریم کورٹ نے مملکت میں تمام افراد سے جمعہ یکم اپریل 29 شعبان 1443ھ کی شام رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کل ای پاسپورٹ کا اجراء کرینگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کل بروز بدھ کو جدید ترین 29 نئے سکیورٹی فیچرز والے ای پاسپورٹ کا اجراء کریں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم کل ای پاسپورٹ کا اجراء کرینگے، نئے بائیو میٹرک پاسپورٹ میں الیکٹرانک چپ استعمال کی جائے گی، ای پاسپورٹ میں جدید ترین 29 نئے سکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ای پاسپورٹ 2004 کے بعد پاکستانی سفری دستاویز کی سب سے بڑی اپ گریڈیشن ہے، ای پاسپورٹ سے دنیا بھر کے ائیر پورٹس پر ای گیٹ کی سہولت سے استفادہ کیا جاسکے گا، ابتدائی طور پر ای پاسپورٹ کی سہولت سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کے لئے ہوگی۔

خاتون نے برتن گندے چھوڑنے پر شوہر سے طلاق لے لی

لاہور: (ویب ڈیسک) میاں بیوی کا تعلق ایسا ہے جس میں ہلکی پھلکی سے لیکر شدید قسم کی نوک جھوک ہوتی رہتی ہیں اور کبھی کبھار یہ نوک جھوک اس نہج تک پہنچ جاتی ہے کہ یہ رشتہ ختم کرنے کا باعث بھی بن جاتی ہے، ایسا ہی کچھ برطانیہ میں ہوا جہاں پر واش بیسن میں مسلسل گندے برتن چھوڑنے اور گندے کپڑے نہ دھونے پر اہلیہ نے شوہر سے طلاق لے لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصنف میتھیو فرے اپنے گندے برتن دھونے والی جگہ میں چھوڑ نے کے ساتھ ہی گندے کپڑے کمرے میں یوں ہی پھینک دیتے تھے اور ان کی اس عادت کی وجہ سے اہلیہ بہت تنگ تھی، اسی وجہ سے شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق شوہر میتھیو نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے گندے گلاس اور پلیٹس سنک میں چھوڑ دیا کرتے تھے ، جس کے باعث اہلیہ نے ان سے طلاق لے لی۔
دونوں کا 4 سالہ بیٹا بھی ہے اور ان کی شادی کو 12 سال ہوئے ہیں تاہم علیحدگی کے بعد خاتون بیٹے کو ساتھ لے گئی ہے۔

آزاد رکن اسمبلی اسلم بھوتانی حکومتی اتحاد سے علیحدہ، اپوزیشن کیساتھ جا ملے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی حکومتی اتحاد سے علیحدگی کر کے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔
گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایاز صادق، سردار اختر مینگل اور مولانا عبدالغفور حیدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوادرسے آزاد حیثیت سے رکن منتخب ہوا تھا، الیکشن آرہا ہے اب ہماری الیکشن کی طرف نظرہے، آصف زرداری کے میرے اوپربہت احسانات ہیں۔ سابق صدر جہاں بھی جائیں گے ان کا ساتھ دوں گا۔ ان کا حکم تھا میں حاضر ہو گیا ہوں۔ بلاول کا عزت دینے پر شکرگزار ہوں۔ زرداری کے دور میں بلوچستان کا این ایف سی ایوارڈ بڑھا۔

پرویزالٰہی نے دیر کردی، وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کرے گی، زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے حوالے سے ہم مل کر فیصلہ کریں گے، اب پرویز الٰہی نے دیر کردی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ اب وزیراعلی پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کرے گی، نمبرز گیم صرف ہمارے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بن سکتے، نمبرز ہمارے پاس ہیں ،ان کے پاس نہیں، جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وہی پنجاب کا وزیراعلیٰ بنے گا، پنجاب میں بھی تبدیلی لائیں گے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ق لیگ والے رات بارہ بجے مبارکباد دینے آتے ہیں ، صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔
آصف زرداری نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایم کیو ایم سے متعلق اچھی خبرملے گی۔
خیال رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کو اپنے ساتھ رکھنے کی غرض سے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ لے کر ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا ہے۔
ق لیگ کے اس فیصلے پر اپوزیشن نے حیرانی کا اظہار کیا ہے کیوں کہ ان کے مطابق ق لیگ نے انہیں بھی حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی اور اچانک وزارت اعلیٰ قبول کرلی۔
اس معاملے پر آصف زرداری جلد ق لیگ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کی جاچکی ہے اور وزیر داخلہ شیخ رشید کے مطابق اس پر ووٹنگ 3 اپریل کو ہوگی۔

گرفتاری کا خدشہ، قادر پٹیل نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے گرفتاری کے خدشے پر سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، عدالت نے قادر پٹیل کی حفاظتی ضمانت منظور کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ گرفتاری کا خدشہ ہے تو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت لیں، قادر پٹیل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیاسی مصروفیات کے باعث قادر پٹیل اے ٹی سی میں پیش نہیں ہوسکے تھے، پٹیل اے ٹی سی میں پیش ہونا چاہتے ہیں گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
اس موقع پر عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر قادر پٹیل کے وکیل سے دلائل طلب کر لئے، اے ٹی سی نے دہشتگردوں کے علاج کے مقدمے میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے، اے ٹی سی نے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی استدعا بھی مسترد کردی تھی۔

لکی مروت: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد مارے گئے

لکی مروت: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے فقیرانہ کلے میں دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا گیا جس میں پولیس کے علاوہ دیگر اداروں نے بھی حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، فائرنگ کے تبادلہ کے دوران چار انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
دہشت گردوں سے مشین گنز، راکٹ ، ٹائم بم، دستی بم برآمد ہوئے، مارے جانیوالے دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، پولیس، آرمی چیک پوسٹوں پرحملوں اور دھماکوں میں ملوث تھے۔

دھمکی آمیز مراسلے میں نواز شریف ملوث ہیں، خط چیف جسٹس کو دکھاسکتے ہیں، حکومت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، انہیں جو دھمکی آمیز خط بھیجا گیا ہے اس کے مرکزی کردار نواز شریف ہیں، کسی کو شک ہے تو وزیراعظم یہ خط چیف جسٹس کو دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
فواد چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے جو خط قوم کے سامنے لہرایا وہ اسے چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں کہ کیوں کہ چیف جسٹس ایک اہم ترین منصب ہے، مراسلے کی تاریخ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل کی ہے، یہ اہم اس لیے ہے کہ اس مراسلے میں براہ راست عدم اعتماد کی تحریک کا ذکر ہے، میں اس خط کو دیکھ چکا ہوں یہ حقیقت میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مراسلے میں دو ٹوک الفاظ میں لکھا ہوا ہے کہ اگر عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوئی تو اس کے خوف ناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، کچھ قانونی بندشیں ہوتی ہیں اس لیے یہ مراسلہ صرف اعلیٰ فوج قیادت کو دکھایا گیا اور وفاقی کابینہ کے بھی چند اہم وزرا کو بھی اس کا پتا ہے، مراسلے میں براہ راست پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ذکر ہے، تحریک عدم اعتماد اور بیرونی ہاتھ آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی سینئر قیادت بھی غافل نہیں ہے کہ وہ کہتے رہے ہیں کہ سارے معاملات طے پاگئے ہیں کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ مراسلے میں کیا لکھا ہے، وزیراعظم عوام سے منتخب ہوئے اور عوام کو جواب دہ ہیں اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ مراسلے سے متعلق عوام کو ایک حد تک بتایا جائے کیوں کہ بہرحال مراسلہ ایک قومی راز ہے اور اس خط کا تعلق براہ راست ہماری خارجہ پالیسی سے ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان وزیراعظم نہ رہیں تو بہتر ہے، ارکان قومی اسمبلی چاہے ناراض ہوں یا نہ ہوں، کسی کو یہ نہیں معلوم اس تحریک کے پیچھے کون سے عناصر ملوث ہیں، وہ خود بھی نہیں چاہیں گے کہ جانتے بوجھتے ہوئے وہ کسی ایسے عمل کا حصہ بنیں جو ملک و قوم کے منافی ہو، اب تک وہ لاعلم تھے تاہم اب صورتحال ان کے سامنے آچکی ہے کہ یہ کھیل کس طرح تیار کیا گیا تو کیا اب بھی وہ اس کا حصہ بننا چاہیں گے؟
انہوں نے کہا کہ اس خط کے مرکزی کردار نواز شریف ہیں کیوں کہ وہ باہر بیٹھے ہیں اور کون کون سی غیر ملکی ایجنسیوں کےساتھ ان کی ملاقاتیں ہوئی ہیں وہ جانتے ہیں۔
فواد حسین چوہدری نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے نہ دیں ایسے لوگ باہر جاکر عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں، خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ آپ کی سیاست آپ کو کس جگہ لے جائے گی۔