All posts by Khabrain News

رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا پارہ پھر سے بلند ہونے لگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا پارہ پھر سے بلند ہونے لگا، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 10 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 25 اشیاء کے دام بڑھ گئے۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق مجموعی پارہ 15.67 فیصد تک پہنچ چکا ہے، رواں ہفتے برائلر مرغی کی قیمتوں نے ٹرپل سنچری بھی مکمل کر لی اور فی کلو قیمت میں 23 روپے 59 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 302 روپے 8 پیسے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے گھی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 15 پیسے اضافہ ہوا، اوسط فی کلو قیمت 466 روپے 95 پیسے پر پہنچ گئی، بیف 94 پیسے اور مٹن 5 روپے 80 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں کیلے 4 روپے 43 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، ایک ہفتے کے دوران تازہ دودھ 78 پیسے، دہی ایک روپے 37 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 9 روپے 19 پیسے مہنگا ہوا، چاول، دال ماش ، دال مونگ، خشک دودھ ، ٹوائلٹ صابن بھی مہنگا ہوا۔
حالیہ ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 3 روپے 11 پیسے فی کلو سستے ہوئے، لہسن 16 روپے 70 پیسے فی کلو سستا ہوا، انڈے 5 روپے 73 پیسے فی درجن سستے ہوئے، چینی 81 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 39 روپے 35 پیسے سستا ہوا، دال چنا، دال مسور کی قیمتوں میں بھی کمی آئی جبکہ 18 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

نارووال میں انوکھی شادی، پیسوں کے بجائے اسلحہ کی سلامی، دلہا گرفتار

نارووال: (ویب ڈیسک) ڈومالہ میں انوکھی شادی میں دوستوں نے پیسوں کے بجائے اسلحہ سلامی دے دی، پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے دلہا کو گرفتار کرلیا۔
نارووال میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب دلہے کے دوستوں کی جانب سے منفرد سلامی دی گئی، سلامی میں نائن ایم ایم پسٹل اور 44 بور خطرناک گن شامل تھی۔
باراتی اور ساتھی دوستوں کی اس منفرد سلامی پر شہری حیران رہ گئے، ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او نارووال نے ایکشن لیا، چوکی ڈومالہ نے دلہا عدیل کو گرفتار کر لیا۔
نارووال پولیس ترجمان کے مطابق ملزم سے گن اور 4 عدد گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ ناجائز اسلحہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

کراچی: سابق پولیس افسر اور ساتھی کو قتل کرنیوالا ملزم گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے صدر میں 22 مارچ کو قتل ہونے والے سابق پولیس افسر اور ان کے ساتھی کو قتل کرنے والے ایک ملزم کو پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کے بعد گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
کراچی میں پاکستان رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل نصر من اللہ نے بتایا کہ ملزم عالم بلوچ کو سی سی ٹی وی اور انٹلیجنس رپورٹ کے بعد گرفتار کیا ہے، دوران تفتیش ملزم نے اقرار کیا کہ اس نے اپنے والد ارشد پپو کا بدلہ لیا ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزم عام موٹر سائیکل چلا رہا تھا، اس سے قبل سولجر بازار میں ارشد پپو قتل کیس میں نامزد دو افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں افسران کا کہنا تھا کہ یہ خاندانی دشمنی کا واقعہ ہے جبکہ شہر میں امن و امان کے حوالے سے پولیس کی پیٹرولنگ بڑھا دی ہے۔

بھارتی اداکار ابھیشک چیتر جی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

بنگلورو: (ویب ڈیسک) بھارتی بنگالی فلموں کے مشہور اداکار ابھیشک چیتر جی 58 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیتر جی کے اہل خانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ ایک ریئلٹی شو کی شوٹنگ میں حصہ لینے کے دوران بیمار ہو گئے تھے، بعد ازاں انہیں ان کی شہزادہ انور شاہ روڈ والی رہائش گاہ پر سیلائن پلایا گیا۔ تاہم رات کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے موت کے منہ میں چلے گئے۔
آنجہانی اداکار کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور بیٹی ہیں، چیتر جی 1980 کی دہائی کے آخر اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں بنگالی فلم انڈسٹری کی سرکردہ شخصیات میں سے ایک تھے، 1986 میں ترون مجمدار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پتھ بھولا‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے ابھیشک نے کئی بلاک بسٹر بنگالی فلموں میں اداکاری کی۔

حسن علی کی وکٹ گرنے پر ڈیوڈ وارنر کی ’جنریٹر سٹائل‘کی ویڈیو وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے آل راؤنڈر حسن علی کے آؤٹ ہونے پر کینگروز فیلڈر ڈیوڈ وارنر نے ان کے انداز میں جشن منایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
لاہور ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، آسٹریلیا نے کھیل کے چوتھےروز اپنی دوسری اننگز 227 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی جس کے بعد پاکستان کو جیت کیلئے 351 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن قومی ٹیم کھیل کے آخری روز 235 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی، امام الحق 70 اور کپتان بابر اعظم 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
دوسری اننگز میں حسن علی جب نیتھن لیون کی گیند پر بولڈ ہوئے تو قریب ہی کھڑے ڈیوڈ وارنر نے حسن علی کے جنریٹر اسٹائل میں جشن منایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ حسن علی آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز میں 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔

امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر کا کراچی پورٹ قاسم کا دورہ

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے کراچی پورٹ قاسم کا دورہ کیا اور امریکی کمپنیز کارگل اور پراکٹر اینڈ گیمبل کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر کا دورے کے موقع پر کہنا تھا کہ سماجی سرگرمیوں میں تعاون کے ذریعے پاکستان میں انتہائی مثبت کردار ہے ،امریکا کا شمار پاکستان کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کے اہم ذرائع میں ہوتا ہے۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی ناظم الامور ایگلر کا دورہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے جاری کاشوں کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل اینجلا ایگلر نے ویمنز ہسٹری منتھ کی مناسبت سے خواتین کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ صحافیوں سے بھی ملاقات کی، دوران ملاقات اینجلا ایگلر نے پاکستانی خواتین کی ترقی اور خودمختاری کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

گوگل کروم میں ’جرنیز‘ فیچر کیا ہے؟

کراچی: (ویب ڈیسک) گوگل کروم کے ہسٹری ٹیب میں ایک نئے فیچر ’’جرنیز‘‘ کا اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ براؤزنگ ہسٹری بہتر طور پر منظم کی جاسکے۔
بتاتے چلیں کہ گوگل کروم ویب براؤزر میں Ctrl+H پریس کرنے پر ہسٹری ٹیب کھل جاتا ہے جس میں ان ویب سائٹس اور پیجز کے لنکس موجود ہوتے ہیں جنہیں آپ چند منٹوں، گھنٹوں، دنوں اور چند ہفتوں قبل دیکھ چکے ہیں۔
روایتی طور پر ہسٹری ٹیب میں آپ کے دیکھے ہوئے تمام پیجز وقت کے حساب سے ترتیب دیئے ہوتے ہیں: تازہ ترین دیکھا گیا پیج/ لنک سب سے اوپر اور سب سے پرانا پیج/ لنک سب سے نیچے۔
تاہم اگر آپ براؤزر ہسٹری میں کوئی خاص چیز تلاش کرنا چاہیں تو یہ کام بعض اوقات بہت مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔
براؤزر ہسٹری کو منظم کرنے اور اس میں مطلوبہ چیزوں کی تلاش بہتر بنانے کےلیے گوگل کروم نے ’’جرنیز‘‘ کے نام سے ایک نیا فیچر پیش کردیا ہے۔
ویسے تو اس فیچر کا اعلان تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل، 7 فروری کے روز کردیا گیا تھا لیکن پاکستانی صارفین کےلیے ’’کروم‘‘ میں یہ تبدیلی حالیہ اپ ڈیٹس کے دوران کی گئی ہے؛ اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد جب آپ کروم میں ہسٹری ٹیب کھولیں گے تو وہاں سب سے اوپر دو آپشنز دکھائی دیں گے: لسٹ (List) اور جرنیز (Journeys)
لسٹ آپشن سلیکٹ کرنے پر وہی پرانے انداز کا ہسٹری پیج آپ کے سامنے ہوگا لیکن اگر آپ ’’جرنیز‘‘ منتخب کرتے ہیں تو ہسٹری پیج آپ کو الگ الگ حصوں میں تقسیم دکھائی دے گا۔
ان میں سے ہر حصہ کسی خاص کی ورڈ سے متعلق تلاش اور دیکھی گئی متعلقہ ویب سائٹس، یا کسی ویب سائٹ کے الگ الگ پیجز کو گروپس کی شکل میں آپ کے سامنے پیش کرتا ہے۔
اس طرح آپ کےلیے کچھ مخصوص الفاظ یا موضوعات کو مدنظر رکھتے ہوئے براؤزر ہسٹری کا جائزہ لینا بہت آسان ہوجائے گا۔
یہی نہیں بلکہ جب آپ ’’جرنیز‘‘ فیچر میں براؤزر ہسٹری سرچ کریں گے تو سرچ رزلٹس بھی اسی انداز سے گروپس کی شکل میں آپ کے سامنے آجائیں گے۔

روبوٹ نے اب کیلے چھیلنے کا اہم کام بھی انجام دے دیا

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) روبوٹ کی گرفت کو ہمیشہ ہی سخت قرار دیا جاتا ہے لیکن اب نہایت مہارت اور نرمی سے روبوٹک ہاتھوں سے کیلے چھیلنے کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے ک اس عمل میں کیلے جیسے نرم پھل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جو اس سے قبل ممکن نہ تھا۔ یہ مشین لرننگ ہی ہے جس کی بدولت ایک پیچیدہ شکل والے نرم پھل کا چھلکا اتارا گیا ہے۔
یہ کام ایک چیلنج تھا کیونکہ اس سے قبل روبوٹک انگلیوں کی گرفت میں شیشے کے برتن چکنا چور ہوتے رہے ہیں اور پھل کچلے گئے ہیں۔ اس تجربے میں روبوٹ کی انگلیوں کی آزمائش کی گئی تو دوسری جانب اس دیکھنے کے قابل بنانے والے کمپیوٹر وژن پروگرام کی افادیت بھی دیکھی گئی ہے۔ کئی حالات میں کمپیوٹر وژن الگورتھم ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یوں انہیں روبوٹ بازو کا دماغ بھی کہا جاتا ہے۔
جامعہ ٹوکیو کے پروفیسر ہیکوئل کِم اور ن کے ساتھیوں نے دو ہاتھوں والے روبوٹ کےلیے مشین لرننگ سسٹم بنایا ہے جو عموماً چھوٹی اشیا کو اپنی دو انگلیوں میں گرفت کرتا ہے۔
اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ کیلے چھیلنے کا عمل بہت پیچیدہ ہوتا ہے۔ یہ کام ہم انسان بہت آسانی اور تیزی سے انجام دیتے ہیں لیکن روبوٹ کی تربیت ایک مشکل عمل ثابت ہوئی۔
ماہرین نے سب سے پہلے انسانوں سے کیلے کے چھلکے اتروائے اور اس ضمن میں 811 منٹ کی طویل ویڈیوز بنائی گئیں۔ اتنا ڈیٹا روبوٹ کی تربیت کے لیے کافی تھا۔ اگلے مرحلے میں روبوٹ کی ٹریننگ شروع ہوئی۔
اس عمل کے لیے کئی لوگوں کو بلایا گیا جنہیں میز سے کیلا اٹھا کر چھیلنا تھا لیکن روبوٹ کو یہ عمل دکھانے کے لیے اسے نو اہم حصوں اور اسٹیج میں تقسیم کیا گیا۔ یعنی میز سے کیلا اٹھانا، دوسرے ہاتھ سے ڈنٹھل الگ کرنا، چھلکا اتارنا اور اس دوران کیلے کو گھماتے رہنا وغیرہ۔
اس طرح روبوٹ ہاتھوں نے عین انسانوں کی طرح حرکات سیکھ لیں اور ان کی طرح نقل اتاری۔ اس کے بعد تین منٹ کے اندر اندر اس نے کیلا چھیلنے کا مشکل کام انجام دیا۔ ماہرین کے مطابق روبوٹ کو کل 13 گھنٹے کی تربیت دی گئی تھی اور یوں گرافک یونٹ پروسیسنگ کا خرچ کم ہوا اور کمپیوٹر پروسیسنگ کی ضرورت بھی کم ہوئی۔

اپریل میں نئے آرمی چیف کی تقرری کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپریل میں نئے آرمی چیف کی تقرری کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں، تعیناتی نومبر میں ہونی ہے۔
سینئر صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی عدم استحکام پھیلا جارہا ہے، تحریک عدم اعتماد قانونی اور سیاسی معاملہ ہے اس کا سامنا کریں گے، ضمیر فروشی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک پر آخری وقت تک پتا نہیں چلے گا، کتنے لوگ آتے ہیں، یہ اسی دن معلوم ہو گا۔ اتحادیوں کیساتھ رابطے میں ہیں، سارے کارڈ آخری دن سامنے آئیں گے، نمبرگیم آخری اوورتک چلے گی۔ پُر امید ہوں الیکشن جلد ہوں یا بدیر پوری طرح تیارہیں، عدم اعتماد کا نتیجہ جو بھی ہو اس کے لئے تیارہوں، جیسےبھی سیاسی حالات کا سامنا ہو ہم کبھی بھی اداروں سے متعلق اس نہج پرنہیں جائیں گے، جیسےماضی کی حکومتیں جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، نئے آرمی چیف کی تعیناتی نومبر میں ہونی ہے، اپریل میں آرمی چیف کی تقرری کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو بھی صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی صورت استعفی نہ دینے کے عزم کا اظہار کرتےہوئے کہا تھا کہ کسی کو غلط فہمی ہو سکتی ہے میں گھر بیٹھ جاؤں گا، ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا، نیوٹرل والی بات اچھائی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کے تناظر میں کی، فضل الرحمان سیاست کا بارہواں کھلاڑی ہے، فضل الرحمان کے اب ٹیم سے باہر ہونے کا وقت ہو گیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاست کے لیے فوج کو بدنام نہ کیا جائے ، فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوجاتے، مضبوط فوج ملک کی ضرورت ہے، فوج کو غلط تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سرپرائز کارڈ ابھی باقی ہیں، اپوزیشن کو صبح معلوم ہو گا کہ ان کے کتنے لوگ انکے ساتھ نہیں ہیں ، شہباز شریف کے ساتھ بیٹھ کر اپنی توہین کروں، ہم نے حکومت میں ہوتے ہوئے ارکان کی خرید نہیں کی ، شہباز شریف کرپشن کا برینڈ ہے، نواز شریف نے صحافیوں کو لفافے دینا شروع کیا، نواز شریف پریس کانفرنس بھی نہیں کرسکتا تھا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے، کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کردوں، کیا چوروں کے دبائو پر استعفی دے دوں۔ کسی صورت استعفی نہیں دوں گا، کسی غلط فہمی ہو سکتی ہے کہ گھر بیٹھ جائوں گا، چودھری نثار سے 50 سال پرانا تعلق ہے۔ چودھری نثار سے ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔ ن لیگ اور پی پی کی سیاست چوری اور چوری چھپانا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے لوگوں کو پیسے کی آفر ہوئی، پیشکش آنے کے بعد ہمارے بھی سارے ارکان کوپتہ چل گیا کیا ریٹ چل رہا ہے، 15ارب میں سب کو خرید سکتا تھا، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت تین صوبوں میں میری حکومت ہے، نواز شریف نے بینک لوٹ کر پیسہ بنایا، اپنے پہلے دور اقتدار میں نواز شریف نے من پسند بینک سربراہ لگائے، نواز شریف نے بینکوں سے قرض لے کر واپس نہیں کیا ، سابق وزیراعظم نے چوری کے پیسے سے ملیں لگا لیں، کیا آپ 20 لوگ خرید کر حکومت گرا دیں گے۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ بلیک میل کیوں نہیں ہوتے؟ جس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ میری ذات کا نہیں، اس لیے میں بلیک میل نہیں ہوتا، ہر حکمران جماعت سے لوگ ناراض ہوتے ہیں، وزیر نہ بن سکنے والوں کی ناراضی ہوتی ہے، 5 ورلڈ کپ کھیلا، 1992 میں کہا کہ اس بار جیت کر آئوں گا، پہلے بتا رہا ہوں عدم اعتماد والا میچ بھی جیتوں گا، قومی مجرموں کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں ریفرنس اس لیے بھیجا کہ ووٹوں کی خرید و فروخت کو روکا جا سکے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو سامنے آئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اب سپریم کورٹ کے سامنے سوال قانون سے آگے نکل چکا ہے۔عدالت جائزہ لے کیا پیسہ خرچ کر کے حکومت گرانا جمہوریت ہے؟
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے والی ہے۔ این آر او نہیں دوں گا۔ نہ صرف میرے ناراض کارکن واپس آچکے بلکہ نئے لوگ پارٹی جوائن کررہے ہیں۔ عوام بھی میرے ساتھ ہے۔ قوم دیکھ رہی ہے سب ڈاکو میرے خلاف اکھٹے ہوچکے ہیں۔ مجھے حکومت کے جانے یا نہ جانے کا اس لیے خوف نہیں میں نے چوری کرکے جائیدادیں نہیں بنائیں، اپنے گھر میں رہتا ہوں، گھر کا خرچہ خود اٹھاتا ہوں، میرا کوئی رشتہ دار حکومتی عہدے پر نہیں۔ بیرونی طاقتیں چاہتی ہیں کٹھ پتلیوں کو اوپر لائیں کیونکہ چور سر اٹھا کر بات نہیں کر سکتا۔ جن کا پیسہ باہر پڑا ہو، اس کو مینج کرنا آسان ہوتا ہے۔

ہم کرپٹ ٹولے کی سازش کو ناکام بنائیں گے، حماد اظہر

لاہور:(ویب ڈیسک) وزیرمملکت حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہم کرپٹ ٹولے کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیر مملکت حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ملک کو ایک خودمختار معیشت اور آزاد خارجہ پالیسی دینی ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے کبھی ہارس ٹریڈنگ نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہریوں سے اپیل ہے یہ جنگ آپ کی ہے باہر نکلیں جبکہ سب نے سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی دیکھی۔ ہم کرپٹ ٹولے کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ جس کے لیے پوری قوم کو اپنے لیڈر عمران خان کا ساتھ دینا ہو گا۔
حماد اظہر نے کہا کہ ہماری جنگ ضمیر فروشوں کے خلاف ہے جبکہ 27 مارچ کو عوامی سمندر تمام سازشوں کو بہا کر لے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف صادق اورامین جبکہ دوسری طرف ضمیر فروش ہیں۔ کیا لاہور والے انہی 2 خاندانوں کی غلامی کرنا چاہتے ہیں ؟