All posts by Khabrain News

جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا کو بری کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا کو سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، عدالت عظمی نے ہائی کورٹ کی جانب سے ماڈل کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف کسٹم کی اپیل خارج کر دی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کسٹم کی اپیل پر سماعت کی، سپریم کورٹ نے ہیروئین سمگلنگ کیس میں کسٹمز کی اپیل ابتدائی سماعت کے بعد خارج کر دی، جسٹس اعجاز الا حسن نے استفسار کیا کہ کیا ہیروئن سیمپل قانون کے مطابق لیب بھیجے گئے تھے؟
وکیل کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے سیمپلز کی ترسیل درست قرار دی تھی، ٹیریزا نے 23 اپریل کو چیک ری پبلک واپس جانا ہے، عدالت ماڈل ٹیریزا کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیس بنتا ہوگا تو ہی نام سٹاپ لسٹ میں شامل کرینگے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا ملزمہ کو بری کرنے کا فیصلہ درست ہے، جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا کو ہیروئن بیرون لے جاتے گرفتار کیا گیا تھا۔

شہباز اور آصف کی کوششیں کامیاب، بی این پی مینگل کابینہ کا حصہ بننے پر رضا مند

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز شریف اور آصف زرداری کی کوششیں کامیاب ہو گئیں، بی این پی مینگل کو کابینہ کا حصہ بننے پر رضا مند کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے دو اراکین کابینہ کا حصہ ہونگے، مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین کو بھی کابینہ میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی ہے، ن لیگ کے جاوید لطیف بھی کابینہ میں شامل ہونگے۔ تقریب حلف برداری بھی آج متوقع ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بی این پی مینگل چاغی واقعہ پر جوڈیشل کمیشن کے مطالبے پر دستبردار ہوگئی ہے،وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں مطالبات تسلیم ہونے پر شمولیت کا فیصلہ کیا۔ آغا حسن بلوچ کو وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنایا جائے گاجبکہ ہاشم نوٹزئی کو وزیرمملکت برائے توانائی بنایا جائے گا۔ چاغی واقعے پرانکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، انکوائری کمیٹی حقائق میں ناکام رہی تو جوڈیشل کمیشن بنایا جائے گا،حکومت اور بی این پی کے مابین اتفاق رائے کے مطابق آئی جی ایف سی کے ماتحت شکایت سیل قائم کیا جائے گا۔

علی ظفر ہتک عزت کیس: ہمنا رضا اور فریحہ ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری

 لاہور: ضلع کچہری کی عدالت نے علی ظفر کے ہتک عزت کیس میں ہمنا رضا اور فریحہ ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے خلاف کیس پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے کیس پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں مقدمے میں ملوث ہمنا رضا اور فریحہ ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

عدالت نے مقدمے میں ملوث اداکار علی گل پیر اور عفت عمر کی ایک روزہ حاضری سے معافی کی منظوری بھی دی۔

عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع اور ماہم جاوید کو اگلی تاریخ پر ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔

ای سی ایل لسٹ دوبارہ مرتب ہو رہی ہے، معاشی دہشت گردوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے،رانا ثناءاللہ کا اسد عمر کی پریس کانفرنس پر ردعمل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کی پریس کانفرنس پر ردعمل

عمران نیازی کو اپنی نا اہلی، کرپشن اور لوٹ مار کی عوام سے باجماعت معافی مانگنی چاہئے، وزیر داخلہ

عمران نیازی کو سیاسی مقابلے کے بعد ہی عدم اعتماد کے ذریعے پارلیمنٹ سے باہر کیا، وفاقی وزیر داخلہ

عمران نیازی سیاست کے میدان سے بھاگے ہوئے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ

معاشی دہشت گرد قومی مجرم ہیں ، وزیر داخلہ

ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) دوبارہ مرتب ہو رہی ہے، جنہوں نے معاشی دہشت گردی کی ہے، انہیں بھاگنے نہیں دیا جائے گا، رانا ثناء اللہ

وزیر اعظم نے طارق فاطمی سے خارجہ امور کا قلمدان واپس لے لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے طارق فاطمی سے خارجہ امور کی ذمہ داریاں اوراحسان مزاری سے انسانی حقوق کے وفاقی وزیر کا قلمدان واپس لے لیا، طارق فاطمی معاون خصوصی برقرار رہیں گے، ان کا عہدہ وزیرمملکت کے برابر ہوگا۔
پہلے جاری نوٹیفکیشن میں طارق فاطمی کو وزیرمملکت کا عہدہ نہیں دیا گیا تھا۔ معاون خصوصی طارق فاطمی کو وزیر مملکت کے برابرمراعات ملیں گی، وزیراعظم نے گزشتہ روز طارق فاطمی کو معاون خصوصی خارجہ امورتعینات کیا تھا۔
دوسری جانب احسان مزاری سے انسانی حقوق کا قلمدان واپس لے کر انہیں بین الصوبائی رابطہ کا قلمدان دیدیا۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد قلمدان میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

لاہور: مینار پاکستان پر تحریک انصاف کا پاور شو ،میدان سج گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) زندہ دلان شہرلاہور میں تحریک انصاف کے پاور شو کے لیے میدان سج گیا۔
مینار پاکستان گراونڈ میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ پنڈال میں کارکنوں کی جلسہ گاہ آمد جاری ہے۔ چئیرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کھلاڑیوں سے خطاب کریں گے۔
جلسے کے لیےایک سو بیس فٹ لمبا اور چالیس فٹ اونچا اسٹیج بھی لگ گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے پنڈال میں شرکاء کیلئے پچاس ہزار کرسیاں لگانے کا دعوی کیا گیا ہے۔
جلسہ میں عمران خان کی تقریر دکھانے کیلئے پندرہ بڑی سکرین نصب کر دی گئیں ہیں۔25 لاوڈ اسپیکر، 900 روشنیوں کے ٹاور بھی نصب کئیے گئے ہیں۔
چئیرمین عمران خان کی آمد پر جلسہ گاہ میں پندرہ منٹ تک آتشبازی کی جائے گی۔جلسہ گاہ کے شرکاء میں 3 لاکھ جھنڈے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
جلسہ انتظامیہ نے انٹرنیٹ بند ہونے کی اطلاعات کے باعث جلسہ گاہ میں تین مقامات پر انٹرنیٹ بوسٹرز بھی نصب کر دیے ہیں۔
جلسے کے شرکاء کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کے لیے پنجاب پولیس نے بھی تیاری کر لی ہے۔سیاسی جلسہ پر 4 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض سر انجام دیں گے۔10 ایس پیز،25 ایس ڈی پی اوز،59 ایس ایچ اوز،207 اَپر سب آرڈینیٹس،234 لیڈیز پولیس اہلکار شامل ہوں گے
سی سی پی او کے مطابق شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لئے مربوط ٹریفک پلان وضع کیا گیا ہے۔660 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
جلسہ کے شرکا کی گاڑیوں کے لئے مختلف مقامات پر مخصوص پارکنگ زونز بنائے گئے ہیں۔سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

ٹرین کے نیچے آنے والی خاتون معجزاتی طور پر زندہ بچ گئی

ارجنٹائن : (ویب ڈیسک) ارجنٹائن میں چلتی ٹرین کے نیچے آنے والی خاتون معجزاتی طور پر زندہ بچ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ایک خاتون ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا انتظار کر رہی تھی کہ اچانک اس کی طبعیت خراب ہوئی اور وہ لڑکھڑاتے ہوئے پٹری کی جانب گر گئی جہاں سے اس وقت ٹرین گزر رہی تھی۔
خاتون کی ٹرین کے نیچے آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کو ٹرین کے نیچے آتا دیکھ کر اسٹیشن پر کھڑے مسافر گھبرا گئی اور چیخ و پکار شروع کر دی۔
حادثے کے فوری بعد ہی ٹرین ڈرائیور نے ٹرین روک لی۔ اسٹیشن پر موجود افراد نے اسٹیشن عملے کے ساتھ مل کر خاتون کو ٹرین کے نیچے سے نکالا۔ خاتون معجزاتی طور پر محفوظ رہیں تاہم انہیں معمولی خراشیں آئی تھیں۔
خاتون کا حادثے میں زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں اس لیے کہتے ہیں “جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے”۔

مغرب کے غلاموں کا سورج ڈوبتا نظر آ رہا ہے، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ مغرب کے غلاموں کا سورج ڈوبتا نظر آ رہا ہے۔
سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ قائد اعظم نے 23 مارچ 1940 کو جو سفر شروع کیا اس کی تکمیل کی جدوجہد کی ابتدا آج ہے اور عمران خان کی قیادت میں قوم حقیقی آزادی کے لیے کمر بستہ ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کے غلاموں کا سورج ڈوبتا ہوا نظر آرہا ہے اور آج کے تاریخی اجتماع میں لاکھوں لوگ عمران خان کی خود داری کے نعرے پر لبیک کہیں گے۔

کھانے میں نمک کیلئے الیکٹرک چوپ اسٹکس تیار

جاپان : (ویب ڈیسک) کھانوں میں مزا مصالحوں سے ہی آتا ہے، اور اگر نمک کم یا زیادہ ہو جائے تو یہ سواد خراب ہو جاتا ہے، اسی لیے ماہرین نے الیکٹرک چوپ اسٹکس تیار کی ہیں جو کھانے میں نمک کا ذائقہ دیں گی۔
جاپان میں سائنسدانوں نے کھانے میں نمک کو شامل کرنے کی ضرورت کو ہی ختم کردیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی ایجاد ہو گی جس کے بعد کھانوں میں نمک کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔
چوپ اسٹکس ایک منی کمپیوٹر ویئر ایبل پر کام کرتی ہے جو کھانے والے کی کلائی پر بندھا ہوتا ہے۔ اور اس کا مقصد جاپان کے مقبول ترین کھانوں میں نمک کی مقدار کو کم رکھنا ہے۔
ٹوکیو کی میجی یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیوائس سوڈیم ائیون ٹرانسمٹ کرتی ہے ، جس سے چوپ اسٹکس سے منہ میں نمکیات محسوس ہوتی ہیں۔
تجربات کے مراحل سے گزر کر اگلے سال صارفین کو یہ چوپ اسٹکس دستیاب ہوں گی۔ تاہم طبی ماہرین کی ریسرچز کے مطابق غذا میں نمک کا زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر سمیت متعدد امراض کا باعث بن سکتا ہے۔
اور جاپان میں ایک بالغ فرد اوسطاً روزانہ 10 گرام نمک استعمال کرتا ہے جو عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ مقدار سے دگنا زیادہ ہے۔

ملازم کی سرپرائز برتھ ڈے پارٹی پر کمپنی کوساڑھے4 لاکھ ڈالرز کا جرمانہ

امریکا: (ویب ڈیسک) کمپنی کواپنے ملازم کو سرپرائز برتھ ڈے پارٹی دینا مہنگا پڑ گیا۔ کمپنی پر ساڑھے چار لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک میڈیکل لیبارٹری میں کام کرنے والے ملازم کیون برلنگ کو ان کی مرضی کے خلاف برتھ ڈے پارٹی دی گئی جس کے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا اور انہیں نوکری سے بھی نکال دیا گیا۔
عدالتی تفصیلات کے مطابق کیون برلنگ نے اپنے ایک سپر وائزر کو پہلے ہی سالگرہ منانے کے حوالے سے اپنی کیفیت کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی دباو اور گھبراہٹ کا شکار ہیں اور اپنی سالگرہ پر وہ کسی قسم کی کوئی پارٹی یا سیلیبریشن نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ اس طرح کی تقریب منانا انہیں اپنے والدین کی طلاق سے جڑے تلخ لمحات کی یاد دلاتا ہے۔
اس کے باوجود 7 اگست 2019 کوان کے دفتر میں ان کی سالگرہ منانے کے انتظامات کیے گئے۔ کھانے کے وقفے میں ان کے ایک ساتھی نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
انہوں نے ہیپی برتھ ڈے کا ایک بینر دیکھا جو بریک روم میں برتھ ڈے پارٹی کے لیے لگایا گیا تھا۔ جس کے بعد وہ دفتر سے نکل کر اپنی کار میں جا کر بیٹھ گئے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا۔
کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ اگلے دن آفس میں اپنی خاتون سپروائزر اور ایک ساتھی کے ساتھ اپنے رویے کے حوالے بات کرتے ہوئے برلنگ کی مٹھیاں بھنچی ہوئی تھیں اور وہ دانت پیس رہے تھے۔ ان کا چہرہ سرخ تھا اور وہ خاموش ہو جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
برلنگ کے اس رویے پر سپر وائزر اور ساتھی ملازمین نے اپنی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جس کے بعد کمپنی نے برلنگ کو نوکری سے برطرف کر دیا۔
نوکری سے نکالے جانے پر برلنگ نے عدالت سے رجوع کیا اور موقف اپنایا کہ انہیں ذہنی بیماری اور معذوری کے باعث امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
عدالت نے گزشتہ ماہ کیون برلنگ کے نقصانات کے ازالے کی مد میں کمپنی کو ساڑھے چار لاکھ ڈالرز ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جرمانہ ان کی آمدن ختم ہونے ،ان کی تذلیل، خوداعتمادی کے متاثر ہونے کی تلافی کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
کمپنی کا موقف ہے انہیں علم نہیں تھا کہ ملازم اینگزائٹی کا شکار ہیں ۔ اب کمپنی عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رہی ہے۔