All posts by Khabrain News

رواں ہفتے سونے کی قیمت میں تیسری بار اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ہفتے تیسری بار سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 31 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت میں 429 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اضافے کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 12 ہزار 740 روپے پر پہنچ گئی۔
گزشتہ کاروباری روز بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے فی تولے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

تیسرا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے 351 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو مزید 278 رنز درکار

لاہور: (ویب ڈیسک) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 227 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی۔
آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کو آخری ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 351 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز بنا لیے ہیں اور اسے مزید 278 رنز درکار ہیں۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو امام الحق 42 اور عبداللہ شفیق 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
قبل ازیں چوتھے روز کے کھیل میں وقفے سے قبل آسٹریلیا کی پہلی وکٹ ڈیوڈ وارنر کی مجموعی اسکور 96 رنز پر گری۔ وارنر کا شکار فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کیا۔
کھانے کے وقفے کے بعد مارنوس لبوشین 36 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اسٹیو اسمتھ نسیم شاہ کا شکار بنے جو صرف 17 رنز ہی اسکور کرسکے۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 391 رنزکے جواب میں پاکستانی کھلاڑی 268 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے تھے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-0 سے برابر ہے۔

پی سی بی نے ڈراپ اِن پچز کیلئے آسٹریلوی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈراپ اِن پچز کے لیے آسٹریلوی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلیں۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق آسٹریلوی کنسلٹنٹ اپریل میں پاکستان آئیں گے اور مختلف وینیوز کا جائزہ لیں گے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہےکہ آسٹریلیا سے پچزکی تیاری کے لیے مٹی بھی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے، آسٹریلوی کنسلٹنٹ ڈراپ اِن پچز سے متعلق تجاویز اور سفارشات دیں گے،کنسلٹنٹ کی تجاویز کی روشنی میں ڈراپ اِن پچز بچھانےکا فیصلہ ہوگا۔
خیال رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا نے 2 ڈراپ اِن پچز منگوانے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں ایک کمپنی کے ساتھ 37 کروڑ روپےکا معاہدہ بھی ہوا تھا۔
عام طور پر کرکٹ گراؤنڈ میں ہی پچ تیار کی جاتی ہے لیکن ڈراپ اِن پِچز میں ایسا نہیں ہے، دراصل ڈراپ اِن پچز ایسی پچز ہیں جنہیں کھیلے جانے والے میچ کے اصلی مقام سے دور تیار کیا جاتا ہے اور بعد میں میچ کے وقت اس مقام پر منتقل کردیا جاتا ہے۔
ڈراپ اِن پچ کو گراؤنڈ سے باہر ایک لوہے کے سانچے کے اندر تیار کیا جاتا ہے جس میں نیچے پہلے مٹی اور اوپر گھاس کی تہہ لگائی جاتی ہے ،ان دونوں تہوں کو کافی عرصے تک اسی لوہے کے سانچے میں رکھا جاتا ہے جب تک کہ پچ مکمل تیار نہیں ہوجاتی۔
جب یہ پچ میچ کے مطابق تیار ہوجاتی ہے تو انہیں مشین (کرین) کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گراؤنڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ کی جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ جاری ٹیسٹ سیریز میں مردہ پچز بنانے پر پی سی بی پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
پاکستان میں ڈراپ ان پچز کی ضرورت اس لیے بھی ہے کیونکہ ہمارے ملک کے گراؤنڈز کی پچز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی پچز سے کافی مختلف ہیں، ہمارے فرسٹ کلاس کرکٹر پاکستان میں کھیل کر جب باہر کے ملکوں کا دورہ کرتے ہیں تو انہیں وہاں کھیلنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں معاملات طے پاگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق متحدہ وفد کی پیپلزپارٹی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کی حمایت سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم اور اپوزیشن کے معاملے طے پاگئے ہیں جبکہ دونوں جماعتوں نے طے شدہ امور کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے اور معاملات کو تحریری شکل دی جا رہی ہے۔
پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کےمطالبات مان لیے، دونوں جماعتوں نے ترمیمی بلدیاتی قانون کی شقوں پر اتفاق بھی کرلیا۔
ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر ووٹ دینے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تحریری معاہدے کے مسودے کے فائنل ہونے پر حتمی اعلان ہوگا۔
قبل ازیں سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لئے ایم کیوایم وفد زرداری ہاؤس پہنچا، ایم کیوایم رہنما عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر اور جاوید حنیف نے ملاقات کی۔
ایم کیوایم وفد نے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی، ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب اور رخسانہ بنگش بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پاکستان کو مطلوب کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد عبدالوہاب افغانستان میں ہلاک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کو مطلوب دہشت گرد عبدالوہاب لاڑک افغانستان میں مارا گیا۔
پاکستان کو انتہائی مطلوب کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد عبدالوہاب افغانستان میں مارا گیا، دہشت گرد کو 22 مارچ صبح ساڑھے 10 بجے 2 نامعلوم افراد نے قتل کیا۔ مارا جانے والا دہشت گرد عبدالوہاب لاڑک عرف حکیم علی جان، عرف حکیم صالح، عرف خوشی محمد، عرف خانہ بدوش قندھار کے نام سے تخریک کاری کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھا۔
دہشت گرد عبدالوہاب لاڑک کا بنیادی طور پر تعلق لشکر جھنگوی عثمان سیف اللہ کُرد گروپ سے تھا، اور وہ پورے ملک اور بالخصوص سندھ میں متعدد دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث تھا، اگست 2020 میں اس نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی، اور اس وقت وہ کالعدم ٹی ٹی پی سندھ کا امیر تھا اور سی ٹی ڈی سندھ کی انتہائی مطلوب دہشت گروں کی لسٹ ریڈبک میں شامل تھا۔
دہشت گرد کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نے مورخہ 30 جنوری 2015 امام بارگاہ شکارپور میں خودکش حملہ کروایا جس میں 53 معصوم افراد شہید اور 57 افراد زخمی ہوئے، اس نے آرمی ایوی ایشنز بیس، پی اےایف بیس سمنگلی 20 کوئٹہ میں حملوں کی پلاننگز کی، وہ اہل تشیع افراد کی ٹارگٹ کلنگز کاروائیوں میں ملوث رہا، وہ شمالی وزیرستان میں متعدد دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث تھا، جب کہ اس وقت کراچی میں خودکش حملے کروانے کی منظم منصوبہ بندی کررہا تھا۔

ممکن ہے وقت سے پہلے انتخابات ہوجائیں، شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس اگر ہمارے بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے، ممکن ہے انتخابات وقت سے قبل ہوجائیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان تاریخی جلسہ 27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے، 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا، جے یوآئی کو ان کی ڈیمانڈ کےمطابق جلسے کی اجازت دے دی ہے، تاہم ن لیگ کی ابھی تک جلسے کی کوئی درخواست نہیں آئی ہے، کل کوئی واقعہ ہوا تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے گھر کے اندر پسوڑی پڑی ہوئی ہے، ان کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن ہو چکا ہے، ان بیوقوفوں کی حماقت نے عمران خان کو ہیرو بنا دیا ہے، بلاول کے دودھ کے دانت نہیں ٹوٹے اور کہتا تھا او آئی سی اجلاس نہیں ہوگا، تحریک عدم اعتماد کے روز بھی اپوزیشن کو بڑا سرپرائز ملے گا، میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، عثمان بزدار سے مل کر آرہا ہوں وہ بھی چٹان کی طرح کھڑا ہے، اتحادی ہمیشہ دیر سے سہی لیکن درست فیصلے کرتے ہیں اور ان سے امید ہے وہ اچھا فیصلہ کریں گے، ایم کیوایم کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اپوزیشن کے پاس اگر ہمارے بندے ہیں تو ہمار ے پاس بھی ان کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے، پارٹی بدلنے سے کوئی عزت نہیں ملتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے بعد خبریں دوں گا، باخبر آدمی ہوں کوئی کہیں نہیں جارہا، حالات روز بروز بہتری کی طرف آئیں گے، زیراعظم عمران خان خوداری کی لڑائی لڑ رہے ہیں، ممکن ہے وقت سے پہلے انتخابات ہو جائیں، چاہتے ہیں جمہوریت اور ملک آگے بڑھے، جو نسلی اور اصلی ہے وہ پاکستان کے ساتھ ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے، اب اپوزیشن کو فوج کا خیال آگیا بہت اچھی بات ہے، کوئی شک نہیں پاک فوج عظیم فوج اورعدلیہ دوراندیش ہے، ملک میں عظیم افواج کے خلاف پروپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے، جو فوج یاعدلیہ مخالف مہم چلائے گا اسے سختی سے کچل دوں گا، ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے لیکن عدلیہ کے فیصلےکا احترام کرتے ہیں، میں گورنر راج کا حامی تھا اور وزیراعظم کو اس کی تجویز بھی دی تھی جو وزیراعظم نے مسترد کردی تھی۔

مائنس عثمان بزدار کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، رہنما ترین گروپ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
جہانگیر ترین گروپ نے مائنس بزدار مطالبہ واپس لینے کی حکومتی درخواست ایک بار پھر مسترد کردی ہے۔ گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارے اپوزیشن اور حکومت سے رابطے جاری ہیں، روزانہ کی پیش رفت کے حوالے سے باہمی مشاورت بھی کررہے ہیں، حکومتی شخصیات کو ہر مرتبہ واضح کیا کہ وزیر اعلی پنجاب کی تبدیلی کے بعد ہی مزید مذاکرات ممکن ہیں، اور عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
دوسری جانب ترین گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت الجھاو پیدا کر کے مزید وقت حاصل کرنے کی بے سود کوشش کر رہی ہے، چند ارکان کی وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں آمد کی پرانی تصاویر اور خبروں کو بار بار نشر کر کے خاص تاثر دینے کی کوشش ہو رہی ہے، فیصل جبوانہ، خرم لغاری، اسلم بھروانہ، رفاقت گیلانی نے جہانگیر ترین کی قیادت کو غیر مشروط اور تہہ دل سے تسلیم کیا ہوا ہے۔ جب کہ جہانگیر ترین کی آئندہ ہفتے وطن واپسی کا قوی امکان ہے۔

یوکرین حملے میں 15ہزار روسی فوجی ہلاک ہوئے،نیٹو

برسلز: (ویب ڈیسک) نیٹونے کہا ہے کہ یوکرین پرروس کے حملے میں ایک ماہ کے دوران 7ہزارسے 15ہزارروسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
نیٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے یوکرین پرحملے کوایک ماہ ہوچکے ہیں اوراس دوران روس کے7ہزارسے15ہزارفوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔
روس نے مارچ میں اپنے 500فوجیوں کے ہلاک ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے بعد کوئی اعداد وشمارجاری نہیں کئے۔
یوکرین کے صدرنے 2ہفتے قبل 13سویوکرینی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف پرروسی بمباری سے روسی صحافی ہلاک ہوگئیں۔خاتون صحافی اپنے ادارے کی جانب سے روسی حملے کی کوریج کے لئے کیف میں موجود تھیں۔
امریکا کی جانب سے روسی سفارتکاروں کا نکالے جانے کے ردعمل میں روس نے متعدد امریکی سفارتکاروں کوملک سے بے دخل کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم کتنے امریکی سفارتکاروں کوروس بدرکیا جائے گا ان کی تعداد نہیں بتائی۔

مسلمان انصاف سے محروم،بھارتی سپریم کورٹ کا حجاب پابندی کیس کی جلد سماعت سے انکار

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی سپریم کورٹ نے حجاب پرپابندی کے خلاف کیس کی جلد سماعت سے انکارکردیا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے ایک بارپھرہندوانتہاپسندوں کے لئے جانبداری کا مظاہرہ کرتےہوئےحجاب پرپابندی کے خلاف کیس کی جلد سماعت سے انکارکردیا۔
مسلمان طالبہ کی جانب سے حجاب پرپابندی کے خلاف کیس کی جلد سماعت کی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ 28مارچ کوامتحانات شروع ہونے والے ہیں اس لئے کیس کی جلد سماعت کی جائے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے مسلمان طالبہ کے وکیل کو نہ صرف بات کرنے روک دیا بلکہ جانبدارانہ ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کوسنسنی خیز نہ بنائیں۔امتحانات کا حجاب پرپابندی سے کوئی تعلق نہیں۔
بھارتی ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہن کرآنے پرپابندی عائد ہے۔کرناٹک کی ہائیکورٹ حجاب پرپابندی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔باحجاب مسلمان طالبات کوتعلیمی اداروں میں داخل نہ ہونے دینے کیخلاف بھارت کے مختلف علاقوں میں احتجاج بھی کیا جاررہا ہے۔

کپل شرما پر پارلیمنٹ کے ٹکٹ کیلئے بھارتی وزیراعلیٰ کو ’’مکھن‘‘ لگانے کا الزام

ممبئی: (ویب ڈیسک) ایک سوشل میڈیا صارف نے کامیڈین کپل شرما پر پارلیمنٹ کا ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب کو ’’مکھن‘‘ لگانے کا الزام لگایا ہے۔
بالی ووڈ کامیڈین کپل شرما کو بھارتی پنجاب کے نو منتخب وزیراعلیٰ بھگونت مان کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما نے حال ہی میں کامیڈین سے وزیراعلیٰ پنجاب بننے والے بھگونت مان کو بدعنوانی کے خلاف ہیلپ لائن نمبر شروع کرنے پر سراہتے ہوئے کہا ’’پاجی آپ پر فخر ہے‘‘۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کو کپل کا یہ انداز پسند نہیں آیا۔ ایک صارف نے کپل پر الزام لگایا کیا وہ راجیہ سبھا (پارلیمنٹ) کی نشست حاصل کرنے کے لیے بھگونت مان کو ’’مکھن‘‘ لگارہے ہیں۔
صارف نے ٹوئٹر پر لکھا ’’ہربھجن کی طرح راجیہ سبھا کے ٹکٹ کے لیے مکھن لگارہے ہو کیا‘‘۔ تاہم کپل شرما بھی کہاں چپ رہنے والے تھے فوراً ہی صارف کو ایسا جواب دیا کہ بولتی ہی بند کردی۔
کپل نے صارف کو ردعمل دیتے ہوئے کہا ’’بالکل نہیں مٹھل صاحب، میرا چھوٹا ساخواب صرف یہ ہے کہ ملک ترقی کرے۔ اگر آپ چاہتے ہیں تو میں آپ کے لیے ملازمت کی بات کرسکتا ہوں‘‘۔