All posts by Khabrain News

آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے بینچ کی تشکیل پر جسٹس فائز عیسی نے سوالات اٹھا دئیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے معاملے پر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے بینچ کی تشکیل پر سوالات اٹھا دئیے۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ یہ خط لکھنے سے قبل دو بار انہوں نے سوچا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو بھجوایا گیا خط تین صفحات پر مشتمل ہے جبکہ خط کی کاپی اٹارنی جنرل اور سپریم کورٹ بار کے صدر کو بھی بھجوائی گئی ہے۔
قاضی فائز عیسی نے خط میں لکھا کہ بینچ کی تشکیل کے دوران سینئر ججز سے مشاورت نہیں کی گئی، جسٹس قاضی فائز عیسی نے سول سرونٹ کی بطور رجسٹرار تقرری پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رائے میں رجسٹرار کی تقرری خلاف آئین ہے۔

تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) قائدحزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کیلئے مفاہمت سے مل کر کام کرنا ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا۔
شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن تحریک پاکستان کے شہدا اور غازیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان نے تعمیر وترقی کا شاندار سفر طے کیا، بحیثیت قوم بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے فرمان پرعمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانان برصغیر کے خوابوں کی تعبیر کے لئے پاکستان کو معاشی قوت بنانا بنیادی تقاضا ہے۔

دشمن سن لے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دشمن سن لے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب ملے گا، تمام ممالک کےساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
اسلام آباد کی شکرپڑیاں گراونڈ میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے، جمہوری روایات سے رواداری، ہم آہنگی اوربرداشت کو فروغ ملے گا۔
چوہدری فواد حسین نے یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہاکہ 23 مارچ کا دن ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قرارداد لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کو عظیم مقصد کے لئے متحد کیا، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے قائدین کی قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہے جب کہ ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم بزرگوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کوعظیم ترملک بنائیں گے، رواں برس 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کا انعقاد مسلم دنیا میں پاکستان کے کلیدی کردار کا واضح مظہر ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرے۔

قرارداد پاکستان امن، رواداری اور خوشحالی کی ضمانت دیتی ہے: شیری رحمان

لاہور : (ویب ڈیسک) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان امن، رواداری خوشحالی کی ضمانت دیتی ہے۔
شیری رحمان نے تیئس مارچ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو 23 مارچ یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کرتی ہوں، 23 مارچ 1940 کے دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، قرارداد میں مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست ہو گی، قائد نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں عوام کو بنیادی حقوق، شخصی آزادی اور جان و مال کا تحفظ حاصل ہو، ہمیں پاکستان کو ترقی پسند اور خوشحال ملک بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہمیں اقلیتوں کے حقوق اور اظہار کی آزادی کو یقینی بنانا ہے، پیپلز پارٹی قرارداد پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے، پیپلز پارٹی نے پاکستان، جمہوریت اور وفاق کو مضبوط کرنے کے لئے آئین دیا، ہمیں قائد اعظم کی سوچ کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم تر ملک بنانا ہے۔

کراچی: یوم پاکستان کی مناسبت سے سی ویو پر میراتھن کا انعقاد، خواتین کی بھی شرکت

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے سی ویو پر میراتھن کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین نے بھی شرکت کی، شاہراہ فیصل پر وینٹج کار ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔
شہر قائد میں ویمنز پاور رن کے عنوان سے میراتھن کا انعقاد کیا گیا، میراتھن میں سپورٹس سٹارز، ایتھلیٹس اور دیگر خواتین شریک ہوئیں۔ میراتھن کا مقصد یوم پاکستان کے موقع پر ویمن ایمپاورمنٹ کا چہرہ دنیا کے آگے لانا تھا۔
دوسری جانب وینٹج کار ریلی کا انعقاد شاہراہ فیصل سے کیا گیا۔ کار ریلی شاہراہ فیصل کے بعد کلفٹن دو تلوار سے ہوتی ہوئی نشان پاکستان پہنچی، کار ریلی کا اختتام معین خان سٹیڈیم پر ہوا۔

یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ، جنگی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں مسلح افواج کی پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اسلام آباد کی شکرپڑیاں گراونڈ میں ہونیوالی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ندیم رضا، مسلح افواج کے سربراہان اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اس سے قبل سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر نے ایف سولہ طیارہ اڑاتے ہوئے دو جے 10 طیاروں کے ہمراہ صدر مملکت کو سلامی دی۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر بلال رضا اور ونگ کمانڈر حسن انیس ان کے ہمراہ تھے۔ فلائی پاسٹ میں شامل جے 10 جدید ترین لڑاکا طیارے ہیں جنہیں حال ہی میں پاک فضائیہ میں شامل کیا گیا ہے۔
پریڈ میں مسلح افواج کے بری، فضائی اور بحری دستوں کے علاوہ کمانڈوز، آرمڈ کور، ائیر ڈیفنس اور انجینئرز بٹالین سمیت ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے مواصلاتی دفاعی آلات کا بھی شاندار مظاہرہ کیا، جدید ترین میزائل، ٹینک اور توپخانہ بھی پریڈ کا حصہ بنائے گئے۔ دوست ممالک کی افواج کے دستے بھی پریڈ میں شریک ہوئے، ازبکستان کی مسلح فوج کا دستہ پہلی بار پریڈ میں شریک ہوا، آذر بائیجان کی بہادر افواج کے دستے نے بھی پریڈ میں شرکت کی، ترکی، بحرین اور سعودی عرب کے دستے بھی پریڈ میں شامل ہوئے۔
آج کی تقریب کی خاص بات او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کی شرکت ہے، او آئی سی کا فلوٹ بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ رواں سال یوم پاکستان کا تھیم “شاد رہے پاکستان” ہے، یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ “مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے۔

لاہور ٹیسٹ کا تیسرا روز، شاہین بلے بازوں عبداللہ شفیق اور اظہر علی کی نصف سنچریاں

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے، شاہین بلے بازوں عبداللہ شفیق اور اظہر علی نے نصف سنچریاں بنا لیں۔
پاکستان نے آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ شفیق اور اظہر علی 56 اوورز کے اختتام پر 137 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
گذشتہ روز شاہینوں نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر امام الحق صرف 11 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، اس سے قبل آسٹریلیا کی ساری ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز بنا پویلین لوٹ گئی تھی۔ کینگروز نے 232 رنز اور 5 وکٹوں کے نقصان سے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا تھا، کیمرون گرین اور ایلکس کیرے نے طویل شراکت داری میں باالترتیب 79 اور 67 انفرادی رنز کا اضافہ کیا۔ ان کے بعد کوئی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ مچل سٹارک 13، ناتھن لیون 4، مچل سویپسن 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 4،4 جبکہ نعمان علی، ساجد خان نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
آسٹریلیا کی کراچی میں کھیلنے والی ٹیم ہی لاہور ٹیسٹ کے لیے برقرار ہے البتہ پاکستان کے سکواڈ میں بابراعظم، محمدرضوان، شاہین آفریدی کے علاوہ عبداللہ شفیق، فوادعالم، اظہرعلی، نعمان علی اور ساجد خان ٹیم کا حصہ ہیں۔ امام الحق اور حسن علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ تیسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

آسٹریلیا کا ون ڈے اسکواڈ آج پاکستان پہنچے گا

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ آج پاکستان پہنچے گا۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے کہ وہ دورہ پاکستان کے لیے پرجوش ہیں۔
اس وقت آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم پاکستان میں موجود ہے جہاں وہ 3 میچز کی سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کےدرمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کے 2 ٹیسٹ میچز ڈرا رہوئے جبکہ تیسرا اور آخری میچ لاہور میں کھیلا جارہا ہے۔
پاکستان کے خلاف 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے آسٹریلیا کی محدود اوورز کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ اور دیگر کھلاڑی آج پاکستان پہنچیں گے۔
ایرون فنچ نے ٹوئٹر پر ٹریننگ کی تصاویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان جانے سے قبل میلبرن میں کچھ دن اچھی ٹریننگ کی۔
انہوں نے کہا کہ میں انتظار نہیں کر سکتا کہ پاکستان پہنچ کر جلدی سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لوں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز 29 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگی۔لاہور میں 3 ون ڈے میچز کے بعد ایک ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلا جائے گا۔

بھارت دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فضائی آلودگی کے لحاظ سے بھارت دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں میں سے 63 کا تعلق بھارت سے ہے۔
آئی کیو ایئر کے مطابق دنیا بھر میں ایشیائی ممالک میں آلودگی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں میں سے 63 بھارتی ہیں ۔
پہلے 15 شہروں میں بھی 10 بھارتی شہر ہیں جن میں زیادہ تر ریاستوں ہریانہ اور اترپردیش کے شہر ہیں۔
صحت کے حوالے سے 2.5 پی ایم ذرات کو انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ شدید بیماریوں سے لے کر اموات تک کی وجہ بنتے ہیں صرف نئی دہلی میں گزشتہ ایک سال کے دوران فضائی آلودگی کی وجہ سے اندازاً 54 ہزار اموات ہوئیں۔
واضح رہے کہ فضائی آلودگی کا تعین 2.5 مائیکرومیٹر یا اس سے بھی باریک ذرات کی لمبے وقفے تک ہوا میں موجودگی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی فضا میں پی ایم 2.5 ذرات کی زیادہ سے زیادہ محفوظ حد 25 مائیکروگرام فی مکعب میٹر مقرر کی ہے۔