All posts by Khabrain News

ملک میں 24گھنٹے میں کورونا سے ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
سربراہ این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک میں 24گھنٹے میں کورونا سے ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔2سال میں ملک میں پہلی بار کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
این سی اوسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 443 کیسز رپورٹ ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹے میں 34 ہزار 476 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.28 فیصد رہی۔ملک بھر میں 455 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
ملک بھر میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد30 ہزار 333 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 22 ہزار862ہو گئی۔

یوم پاکستان کی مرکزی تقریب جاری، صدر و وزیراعظم، مسلح افواج کے سربراہان شریک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ جاری ہے جس میں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ندیم رضا، مسلح افواج کے سربراہان اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا شریک ہیں۔
اسلام آباد کی شکرپڑیاں گراونڈ میں جاری تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اس سے قبل سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر نے ایف سولہ طیارہ اڑاتے ہوئے دو جے 10 طیاروں کے ہمراہ صدر مملکت کو سلامی دی۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر بلال رضا اور ونگ کمانڈر حسن انیس ان کے ہمراہ تھے۔ فلائی پاسٹ میں شامل جے 10 جدید ترین لڑاکا طیارے ہیں جنہیں حال ہی میں پاک فضائیہ میں شامل کیا گیا ہے۔
آج کی تقریب کی خاص بات او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کی شرکت ہے، او آئی سی کا فلوٹ بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ رواں سال یوم پاکستان کا تھیم “شاد رہے پاکستان” ہے، یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ “مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے۔

مزاراقبال پرگارڈز تبدیلی کی تقریب،پاک فضائیہ کے دستے نے فرائض سنبھال لئے

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر 82 ویں یوم پاکستان کے موقع میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار کے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل زبیرحسن خان تھے، گارڈز نے مہمان خصوصی کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔ 82 واں یومِ پاکستان ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
واضح رہے کہ23 مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک (اقبال پارک) میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن بنانے کا عہد کیا تھا۔ یہ وہ پودا ہے جس کا بیج سرسید احمد خان نے بویا، علامہ اقبال نے اس کا خواب دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اسے پاکستان کے نام سے تعبیر دی۔

پاکستان میں 2 سال بعد کورونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں تقریباً دو سال بعد آج پہلا روز ہے جب کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 34 ہزار476 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 443 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.28 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ 455 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ الحمدللہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ سے ملک میں کوئی موت نہیں ہوئی! یہ تقریباً 2 سال میں پہلی بار ہوا ہے۔

ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

قرار دادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 82 سال پورے ہونے پر ملک بھر میں ترقی، خوشحالی اور ملک کے مضبوط دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

یہ دن 23 مارچ 1940 کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے علیحدہ وطن کا ایجنڈا طے کیا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان تھے، پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سر انجام دیے۔

یومِ پاکستان پریڈ
اس دن کی اہم خصوصیت اسلام آباد میں ہونے والی شاندار فوجی پریڈ ہے جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے دستے مارچ پاسٹ جبکہ لڑاکا طیارے فضائی مشقوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

یومِ پاکستان کی خصوصی پریڈ کی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکر عارف علوی، وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزرا اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ سمیت او آئی سی تنظیم کے وزرائے خارجہ بھی شامل ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کا اعلان خصوصی بگل بجا کر کیا گیا جس کے بعد وہ روایتی بگھی میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں آئے۔

یوم تجدیدِ عہد وفا کے موقع کی خصوصی پریڈ کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے دستے نے خصوصی پریڈ کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی کو سلام پیش کیا۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے اور اس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا.

ان کے علاوہ تقریب میں اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور اپنے کاموں سے ملک کا نام روشن کرنے والے پاکستانیوں کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

چینی ساختہ جے 10 سی، جے ایف 17 اور میراج طیاروں سمیت مسلح افواج کے سامانِ حرب میں شامل مختلف طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا اور صدر پاکستان کو سلامی پیش کی۔

مختلف صوبوں کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرنے والے مختلف فلوٹس کا مارچ بھی پریڈ کا حصہ ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے معززین بھی بطور مہمان خصوصی یوم پاکستان پریڈ کا مشاہدہ کریں گے۔

یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تنظیموں اور محکموں نے سیمینارز، کانفرنسز اور مباحثے کے پروگراموں سمیت متعدد سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا ہے۔

اس کے علاوہ ٹیلی ویژن اور ریڈیو چینلز پر اس دن کی اہمیت اور سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کیے جارہے ہیں۔

82 واں یوم پاکستان آج، جے 10 کی گرج دشمن کا دل دہلائے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوم پاکستان 23 مارچ کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی سالگرہ کا سال ہونے کی وجہ سے 82 واں یوم پاکستان اور پریڈ منفرد و خاص اہمیت کی حامل ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ میں حسب سابق تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے پریڈ کا حصہ ہیں، آرمرڈ کور، آرٹلری، ایئر ڈیفنس انجنیئرز کے دستے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے سامان حرب کے ساتھ پریڈ شامل ہوں گے۔ میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہوں گے۔
اس سال کی ایک اور خاص بات جدید ترین جے 10 جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ ہے جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہو گا۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ اسی طرح جے 10 جنگی طیارے حال ہی میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بنے ہیں۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔
علاوہ ازیں دوست ممالک کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہونگے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے او آئی سی کا فلوٹ خصوصی طور پر شامل ہوگا۔ امسال یوم پاکستان کا تھیم “شاد رہے پاکستان”ہے۔ یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ “مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک مسحور کن ملی نغمہ بھی جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ قوم اور بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آئی ایس پی آر نے مختصر دورانیے کے پی ایس ایمز بھی جاری کی ہیں۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے “یوم پاکستان ” کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے، ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا، ملک کا استحکام اور ترقی کی کلید سخت محنت، دیانتداری اور اخلاقیات میں مضمر ہے، ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں، اس دن ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہئے، ہماری حکومت نے غربت کے خاتمے، انصاف کے فروغ کیلئے طویل المدت اصلاحات متعارف کرائیں، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز شدہ طبقہ، انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

امید ہے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان اسلام آباد روانگی کیلئے تیار ہونگے، فضل الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان اسلام آباد روانگی کے لیے تیار ہوں گے۔
امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے لانگ مارچ میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں ںے گزشتہ لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ ہوا تو کارکنان کی بڑی تعداد نے 14 دن اسلام آباد میں گزارے تھے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ چند روز قبل پارلیمنٹ لاجز میں ریاستی دہشت گردی کی گئی، پارلیمنٹ کے ممبران، ان کے مہمانوں اور جے یو آئی کے کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ پہلے کی طرح اس بار بھی آپ کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔

اسرائیل میں چاقو بردار شخص کا حملہ، 4 افراد ہلاک، ایک زخمی

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے شہر بیرشیوا میں ایک شاپنگ مال کے پاس چاقو بردار شخص نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور ایک گاڑی میں تیز رفتاری سے آیا اور شاپنگ مال کے قریب ایک سائیکل سوار کو ٹکر ماردی جس سے سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
حملہ آور پھر شاپنگ مال کے گیٹ پر گاڑی سے اترا اور 3 شہریوں پر چاقو سے حملہ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ایک فرد زخمی حالت میں بچنے میں کامیاب ہوگیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس سے پہلے کہ چاقو بردار مزید حملہ کرتا، قریب موجود ایک بس ڈرائیور نے اس پو فائر کردیے جس میں حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
اسرائیلی پولیس حکام کے مطابق حملہ آور عربی اور اسرائیلی شہری تھا جبکہ مقتول میں 3 عورتیں اور ایک مرد شامل ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آور کے ساتھ اس کا معاون ساتھی بھی موجود تھا جس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

بھارت میں فسادات پھوٹ پڑے؛ 10 افراد زندہ جلا دیئے گئے

کلکتہ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک سیاسی رہنما کے قتل کے بعد مخالفین کے گھروں کو آگ لگادی گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں ترمنول کانگریس کے مقامی رہنما قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد مشتعل افراد نے ایک گاؤں پر حملہ کرکے مخالفین کے گھروں کو نذر آتش کردیا۔
دس سے زائد گھر جل کر خاکستر ہوگئے جن میں سے 8 لاشیں نکالی گئیں جب کہ 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی اور درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دو گینگز کے درمیان جھگڑا ہے۔
دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گھروں کے جلنے کے باعث ہلاک ہونے والوں میں دو ایسے افراد بھی شامل ہیں جن پر ترمنول کانگریس کے رہنما کو قتل کرنے کا الزام تھا۔
ادھر دی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسٹ) کے ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ ان کے حامیوں کو گھروں کو آگ لگائی گئی ہے۔ بی جے پی کی مقامی قیادت کے مطابق فسادات ریاست میں صدارتی نظام لانے کی سازش ہے۔

ایگا سویٹیک نے انڈین ویلز ویمن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایگا سویٹیک نے انڈین ویلز ویمن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین ویلز ویمن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں پولش کھلاڑی نے یونانی حریف ماریہ سکاری کو شکست سے دوچار کیا۔
فیصلہ کن معرکے کا سکور چھ چار اور چھ ایک رہا۔