All posts by Khabrain News

رنبیر کپور نے اپنے موبائل کے وال پیپر پر کس کی تصویر لگا رکھی ہے؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور کے موبائل کا وال پیپر کیمرے کی آنکھ میں قید ہوگیا جسے دیکھ کر مداح جذباتی ہوگئے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور اپنی دوست عالیہ بھٹ کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ پر نظر آئے جہاں موجود میڈیا فوٹوگرافرز نے ان کی تصاویر بنانا شروع کردیں اس دوران اداکار کے موبائل کا وال پیپر تصویر میں آگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنبیر کے موبائل وال پیپر پر ان کے مرحوم والد رشی کپور کی تصویر تھی جسے دیکھ کر ان کے پرستار بھی افسردہ ہوگئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
رشی کپور بھارت کے مشہور اداکار ہونے کے ساتھ ایک بہترین پروڈیوسر اور ہدایت کار بھی تھے، وہ 30 اپریل 2020 کو اپنے مداحوں کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر اس دنیا سے چلے گئے۔ ان کی یاد میں اکثر رنبیر کپور کی آنکھیں بھیگ جاتی ہیں۔
حالیہ دنوں ایک شوٹنگ کے دوران بھی اداکار اپنے والد کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئے تھے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل رہی اور مداحوں نے رنیبر کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کی۔

پب جی گیم کا ایک کردار عمران عباس کی ہو بہو کاپی

لاہور: (ویب ڈیسک) حال ہی میں عمران عباس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں پب جی گیم کے نئے کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔ ان میں سے ایک کردار عمران عباس کی نقل لگ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئے متعارف کردہ پب جی کے کرداروں میں ایک کردار بہت جانا پہچانا لگا ہے اور عمران عباس کے ساتھ غیر معمولی مشابہت رکھتا ہے جو یقیناً بین الاقوامی سطح پر ایک مشہور پاکستانی فنکار ہیں۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ میرے ویڈیو شیئر کرنے کے بعد کسی اور نے بھی مجھے یہ ویڈیو بھیجی جو میری ویڈیو سے کچھ زیادہ مختلف نہیں تھی، یہاں تک کہ کردار کے کپڑے بھی میرے جیسے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر عمران عباس کے مداحوں کا بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بھی یہ واضح مماثلت محسوس کی۔ انہوں نے عمران عباس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انٹرنیشنل اسٹار ہیں اس لیے ان کی نقل کی جاسکتی ہے۔

انوکھا ریسٹورینٹ جہاں بیرے بدتمیزی کرنے کا معاوضہ لیتے ہیں

سڈنی: (ویب ڈیسک) برطانیہ اور آسٹریلیا میں ’کیرنز ڈائنر‘ ریسٹورینٹس بڑے فخر سے اعتراف کرتے ہیں کہ ان کے یہاں کام کرنے والے بیرے بہت بدتمیز ہیں جنہیں گاہکوں کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آنے اور نخرے دکھانے کا معاوضہ دیا جاتا ہے۔
کیرنز ڈائنر نے ویٹرز اور ویٹریسز کی اسی بدتمیزی کو اپنا سلوگن ’بہترین کھانا، بدترین سروس‘ (Great Food, Terrible Service) بنایا ہوا ہے۔
سلوگن سے ظاہر ہوتا ہے کہ کیرنز ڈائنر میں ملازمت کےلیے بیرے کا بدتمیز ہونا ضروری ہے۔
اپنے بیروں کی بدتمیزی پر اعلانیہ فخر کرنے کے باوجود، کیرنز ڈائنر کا کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے۔
اکتوبر 2021 میں انہوں نے اپنا پہلا ریسٹوریانٹ سڈنی میں کھولا تھا، جبکہ برسبین میں ان کا ریسٹورینٹ اس سال اپریل تک کام شروع کردے گا۔ ان کا تیسرا ریسٹورینٹ ملبورن میں اسی سال کام شروع کردے گا۔
آسٹریلیا کے علاوہ برطانوی شہر شیفیلڈ میں کیرنز ڈائنر کا ایک ریسٹورینٹ اسی مہینے لانچ کردیا جائے گا جبکہ مانچسٹر میں ان کا دوسرا برطانوی ریسٹورینٹ بہت جلد متوقع ہے۔
کیرنز ڈائنر انتظامیہ کے مطابق، اگلے سال کے اختتام تک اس ادارے کے دس ریسٹورینٹ مختلف ملکوں میں کھولے جاچکے ہوں گے۔ ان میں امریکی شہر لاس اینجلس اور نیویارک بھی شامل ہیں۔
کیرنز ڈائنر سڈنی میں لنچ کرنے والی ایک مقامی خاتون نے مقامی اخبار کو بتایا کہ بیرے وہاں آنے والے گاہکوں پر چیخ رہے تھے اور ان کی میزوں پر مینیو پٹخ پٹخ کر رکھ رہے تھے۔
یہی نہیں بلکہ وہ بیہودہ فقروں کے ساتھ گاہکوں کے بالوں اور کپڑوں کا مذاق بھی اڑا رہے تھے۔
اگر گاہک غلطی سے کچھ پوچھ لے تو بیرے جواب میں انہیں برا بھلا کہنے لگتے ہیں اور گالیاں تک دیتے ہیں۔
یہ عجیب و غریب بلکہ بدتمیز ریسٹورینٹ، ایڈن لیون صاحب کے ذہن کی اختراع ہے جو ’’وائرل وینچرز‘‘ نامی ٹیکنالوجی کمپنی کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔
’’میں ریسٹورینٹ کو ایک ایسی جگہ بنانا چاہتا تھا جہاں آپ کچھ بھی کہہ سکیں، جو آپ کا دل چاہے کرسکیں اور کھانے کے علاوہ، آزادی کے ساتھ کچھ بھی کر سکنے کا مزا لے سکیں۔‘‘
یعنی اس ریسٹورینٹ میں صرف بیروں کو بدتمیزی کی اجازت نہیں بلکہ گاہک بھی بدتمیزی کےلیے مکمل آزاد ہیں۔

روبوٹک اسٹیشن کا حامل طوفانی بارش میں اڑنے والا ڈرون

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) عام ڈرون طوفانی بارش اور موسلا دھار بارش میں ڈگمگاجاتے ہیں۔ اب ایم 300 آر ٹی کے ڈرون نہ صرف اپنے ہی ہیلی پیڈ نما ڈاکنگ اسٹیشن سے پرواز کرتا ہے بلکہ تیزبارش اور برفباری میں بھی اپنی ہموار پرواز جاری رکھتا ہے۔
یہ ڈرون صنعتی اور فضائی معیارات کے تحت بنایا گیا ہے جسے ڈی جے آئی کمپنی نے بنایا ہے۔ یہ مکمل طور پر واٹر پروف ہے جسے موسم سے بچاؤ کے لیے ہرطرف سے بند کیا گیا ہے۔ ڈی جے آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کا نیا ڈرون ماڈل تیزبارش، بہت بلندی، طوفانی ہواؤں، برفباری اور ژالہ باری کے ساتھ ساتھ منفی 20 کی سردی اور 50 درجے کی گرمی میں آسانی سے کام کرسکتا ہے۔
گردوغبار اور پانی سے محفوظ اس ڈرون کی آئی پی 45 ریٹنگ ہے جس پر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بہت سے ڈرون اس سے بلند معیار کے ہیں تاہم یہ فولڈ ہونے والے ڈرون میں سب سے نمایاں اور بہترین مقام رکھتا ہے۔ ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد یہ مسلسل 41 منٹ تک پرواز کرسکتا ہے۔
دوسرا اہم پہلو روبوٹک ڈرون ان اے باکس ہے کیونکہ اس ڈرون کے ساتھ ڈاکنگ اسٹیشن بھی موجود ہے جو اس کی پرواز کو مکمل طور پر خودکار بناتا ہے۔ یہ باکس اتنا چھوٹا ہے کہ ڈبل کیبن گاڑی کے ڈالے میں آسانی سے رکھا جاسکتا ہے۔ ڈاکنگ اسٹیشن میں ایک چھوٹا موسمیاتی اسٹیشن ہے، کیمرے نصب ہیں، اینٹیناہے اور اس کی بیٹری 25 منٹ میں تیزی سے چارج ہوجاتی ہے۔ یہ سات کلومیٹر کے فاصلے تک ڈرون سے رابطے میں رہتا ہے۔
تاہم تمام خواص کے باوجود امریکہ میں اسے وہاں نہیں اڑایا نہیں جاسکتا جہاں پائلٹ بردار طیارے پرواز کرتے ہیں۔ ان سب کے باوجود اس کا خودکار نظام بہترین اور مؤثر ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کا اقدام فوری واپس لے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلم امہ میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ او آئی سی کانفرنس امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون و مددگار ہو گی۔
انہوں ںے یہ بات کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارت کی 9 لاکھ فوج نے کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، کشمیریوں کو تشدد اور جبری گمشدگیوں کا سامنا ہے، نہتے کشمیریوں کوپیلٹ گن سےنشانہ بنایا جاتا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ تسلط اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کے نام پربے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاجارہا ہے، کشمیری رہنماؤں کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے، بھارت کے غیر قانونی اور جابرانہ اقدامات خطے کی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں اور مسئلہ کشمیر خطے کے پائیدار امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
وزیر خارجہ نے او آئی سی رابطہ گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے پائیدار امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے لیکن بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے خطاب میں زور دے کر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کا اقدام فوری واپس لے۔

پی سی بی کا یوم پاکستان کرکٹ فینز کے ہمراہ منانے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے یوم پاکستان کرکٹ فینز کے ہمراہ منانے کا اعلان کردیا ہے۔
پی سی بی نے بینو قادر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کا تیسرے روز یوم پاکستان کے نام کردیا، 23 مارچ کی مناسبت سے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوگا، کھیل کے آغاز میں دونوں ٹیمیں قومی ترانے کے اعزاز میں گراؤنڈ میں کھڑی ہوں گی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں موجود تماشائیوں میں 2500 جھنڈے تقسیم کئے جائیں گے، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ خود کرکٹ فینز کو جھنڈے تقسیم کریں گے، ملکی اور غیرملکی کمنٹیٹرز یوم پاکستان کی مناسبت سے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان وائٹ بال سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے ٹیم ہوٹل میں رپورٹ کردیا، فخر زمان، آصف علی، آصف آفریدی، محمد حارث، حیدر علی، شاداب خان، خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر اور عثمان قادر کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
وائٹ بال سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو 25 مارچ سے پریکٹس کی اجازت ہوگی، آسٹریلیا وائٹ بال سکواڈ میں شامل کھلاڑی 24 مارچ کو لاہور پہنچیں گے۔

عمران کا احتساب کا مصنوعی بیانیہ ہر روز اپنی موت آپ مرتا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جو فارن فنڈنگ، آٹا، چینی، دوائی، بجلی اور گیس چوری میں خود مجرم ہے اُن کا احتساب اور الزامات کا مصنوعی بیانیہ ہر روز اپنی موت آپ مرتا ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عمران خان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ثبوت سات سال سے الیکشن کمیشن، آٹا، چینی اور قرضہ کمیشن میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جو فارن فنڈنگ، آٹا، چینی، دوائی، بجلی اور گیس چوری میں خود مجرم ہے اُن کا احتساب اور الزامات کا مصنوعی بیانیہ ہر روز اپنی موت آپ مرتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ الزام تراشی، تہمت زنی، نفرت اور انتشار سُن سُن کر عوام کے کان پک گئے ہیں، کہاں گئے وہ ٹاؤٹ جو سرکاری خرچ پر لندن جاکر براڈشیٹ میں رشوت مانگتے تھے؟ کاغذ لہراتے تھے؟ عمران خان کے جھوٹ کی عمارت زمیں بوس ہو چکی ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات قریبی، تاریخی روابط پر مبنی ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات قریبی اور تاریخی روابط پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں افغانستان اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال زیر بحث آئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔
اکتوبر 2021 میں اپنے دورہ سعودی عرب کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا
عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم کو اسلامی دنیا کے مقاصد کے لیے اہم پلیٹ فارم میں آگے بڑھانے کے لیے مملکت کے قائدانہ کردار کو سراہا اور امت کو درپیش بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے،اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زور دیا
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ کاز کے لیے مملکت کی مستقل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا، شہزادہ فرحان نے اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے پاک سعودی تعلقات کی خصوصی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات قریبی برادرانہ تعلقات، تاریخی روابط اور مجموعی سطح پر تعاون پر مبنی ہیں۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے عراقی وزیر خارجہ نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے عراق کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی جڑیں مشترکہ عقائد، مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں میں گہرے ہیں۔
عمران خان نے عراق کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔

پی آئی اے کا سعودی فضائی آپریشن کیلئے سوئس پورٹ ہینڈلنگ ایجنٹ مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب فضائی آپریشن کیلئے سوئس پورٹ کو ہینڈلنگ ایجنٹ مقرر کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئرپورٹ سروسز کے شعبے کے معروف نام سوئس پورٹ اور پی آئی اے کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے پر سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک اور سوئس پورٹ کے ریجنل ڈائریکٹر نے دستخط کئے، تقریب سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ای او پی آئی اے نے ریاض میں پی آئی اے کے نئے دفتر کا بھی افتتاح کیا، جدید سہولیات سے آراستہ دفتر پی آئی اے کے مہمانوں کو بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔

بڑی خوشخبری ؛ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کی اجازت

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں یومیہ کیسز میں نمایاں کمی کے بعد کورونا پابندیوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور اب دو سال بعد خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کی اجازت دیدی گئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس ماہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو عبادات اور اذکار سے سجانے کے لیے سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے اہم فیصلے کیے ہیں۔
ان فیصلوں کے تحت رمضان المبارک میں عمرہ اور عبادات کی بغیر کسی پابندی کے مکمل اجازت دیدی گئی ہے۔ اللہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تمام کورونا سفری پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔
دو سال سے فرزندگان توحید بیت الحرام اور روضہ نبوی ﷺ میں اعتکاف پر بیٹھنے کے لیے بے چین تھے تاہم اب یہ انتظار ختم ہوا اور سعودی حکومت نے اس سال اعتکاف کی اجازت دیدی ہے۔
قبل ازیں سعودی حکومت نے مقدس مساجد میں سماجی فاصلے سمیت تمام کورونا پابندیاں ختم کرکے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں پوری گنجائش کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت دیدی تھی۔