All posts by Khabrain News

او آئی سی اجلاس میں خصوصی دعوت دینے پر پاکستان کا مشکور ہوں: چینی وزیر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس میں خصوصی دعوت دینے پر پاکستان کا مشکور ہوں۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) کا 48واں اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، تنازعات اور ابھرتے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کا آغاز قومی ترانہ سے ہوا، احترام میں ہال میں موجود تمام مندوبین نشستوں سے کھڑے ہو گئے۔
کانفرنس سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ، اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سلیمان الجاسر، سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن السعود ، چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، قازقستان کے نائب وزیراعظم ، تیونس کے وزیرخارجہ کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دوستانہ تعلقات چین کی روایات کی بنیاد ہے، اجلاس میں خصوصی دعوت دینے پر پاکستان کا مشکور ہوں اور چین اقوام متحدہ میں اسلامی دنیا کی حمایت نہیں بھول سکتا۔ فلسطینی مسلمانوں کے لیے چین کی حمایت ہمیشہ غیرمتزلزل رہی اور چین دو ریاستی حل کے لیے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ نے ثابت کیا چین مسلم دنیا کا انتہائی مخلص دوست ہے، چین نے سوا ارب کووڈ-19 سے بچاؤ کی ویکسین خوراکیں 50 ممالک کو فراہم کیں اور اسلامی دنیا کو مزید 30 کروڑ ویکسین خوراکیں فراہم کرے گا۔ 54 مسلم ممالک نے ایک سڑک ایک راستہ منصوبے پر دستخط کیے ہیں اور چین مسلم دنیا میں 600 منصوبوں پر 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہذیبو‌ں کے مابین مذاکرات اور تصادم سے بچنے کے لیے آگے بڑھنا ہو گا اور چین تہذیبو‌ں کے مابین مذاکرات کا حامی ہے۔ چین اسلامی دنیا کے ساتھ مربوط تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی و استحکام اور ترقی کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے، ہمیں سلامتی اور استحکام میں اشتراک کے لیے آگے بڑھنا ہے۔

کاوے ایک سال قبل کہہ رہا تھا نوازکرپٹ ہے، رشوت آفر کی، وہ تب جھوٹا تھا یا اب؟ شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ کاوے کا بیان جج شمیم والے ڈرامے کی دوسری قسط ہے، ابھی اور کرائے کے گواہ پیدا کیے جائیں گے۔
شہباز گل نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ساری دنیا کی باتیں کر رہے ہیں، یہ نہیں بتا رہے کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آئے؟
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ نہیں ملیں گی تو رسیدیں نہیں ملیں گی اور مقصود چپڑاسی کا جواب نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل یہی کاوے کہہ رہا تھا نواز کرپٹ ہے اور اس نے مجھے رشوت آفر کی، کیا ہو گیا کہ ایک سال میں نواز کرپٹ رشوت آفر کرنے والے دودھ کے دھلے ہوگئے؟
شہبازگل نے استفسار کیا کہ تب جھوٹ تھا یا اب؟ کاوے ایک کرائے کا جاسوس ہے، مالی معاملات کی کھوج لگاتا ہے، ن لیگ ایسے پیش کر رہی ہے جیسے کوئی عدالت ہو۔

ویمن ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کو 5 وکٹ سے شکست

ماؤنٹ مانگنوئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ خواتین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر دو سو اکہتر رنز بنائے، وولوارڈٹ نوے رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
جوابی اننگز میں آسٹریلوی ٹیم نے پانچ وکٹ کے نقصان پر چھیالیسویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا، ایک سو پینتیس رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میگ لیننگ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں۔

لاہور ٹیسٹ، دوسرا روز ختم، پاکستان کے پہلی اننگز میں 1 وکٹ پر 90 رنز

لاہور: (ویب ڈیسک) تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالئے ہیں۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی ٹیم نے کینگروز کے پہلی اننگز 391 رنز کے جواب میں 1 وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالئے ہیں، اوپنر امام الحق 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اظہر علی 30 اور عبداللہ شفیق 45 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
اس سے پہلے آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 4،4 جبکہ نعمان علی، ساجد خان نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
قبل ازیں کینگروز نے 232 رنز اور 5 وکٹوں کے نقصان سے آج دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا، کیمرون گرین اور ایلکس کیرے نے طویل شراکت داری میں باالترتیب 79 اور 67 انفرادی رنز کا اضافہ کیا۔ ان کے بعد کوئی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ مچل سٹارک 13، ناتھن لیون 4، مچل سویپسن 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
گذشتہ روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر 7، مارنس لبوشین صفر پر پویلین لوٹ گئے، عثمان خواجہ ایک مرتبہ پھر نروس نائنٹی کا شکار ہوئے اور 91 رنز بناکر ساجد خان کا شکار بنے، سٹیو سمتھ 59 اور ٹریوس ہیڈ 26 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

کاوے موسوی کا نوازشریف سے معافی مانگنا حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے: شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ میں کاوے موسوی کا سابق وزیراعظم نوازشریف سے معافی مانگنا حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے، براڈ شیٹ سربراہ نے اعتراف کیا نیب نے غلط معلومات دیں، لیگی قائد اور ان کی فیملی کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے اجلاس میں مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔ ہمیں امید ہے کہ یہ کانفرنس افغانستان میں قحط سے نمٹنے کا حل تلاش کرے گی۔
کاوے موسوی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے سربراہ نے نواز شریف سے معافی مانگتے ہوئے کہا حکومت اور نیب کے کہنے پر باریک بینی سے تحقیقات کی اور ایک دھیلے کی کرپشن تلاش نہیں کی جاسکی۔ حرام کی کمائی سے بنایا گیا اثاثہ، غیر قانونی فنڈز اور کرپشن تلاش نہیں کر سکا۔
براڈ شیٹ کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں ان کا تقرر کیا گیا تھا، اتنے سالوں کی تحقیقات پر شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کرنے پر انہیں کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نیب کی جانب سے دی گئی تمام اطلاعات غلط تھیں اور یہ باتیں ہوا میں کی گئی تھیں۔ سمجھتا ہوں کاوے بالآخر ایک بڑا انسان ہے جس نے غیر مشروط معافی مانگی، معافی نیازی نیب گٹھ جوڑ کے منہ پر تھپڑ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی سابقہ ٹوئٹ پوری قوم کے سامنے ہیں جس میں وہ برادڈ شیٹ کے اقدامات بتایا کرتے تھے، آج اس کا ڈراپ سین ہوا ہے، اللہ آج نواز شریف کی نیک نامی کو روزِ روشن کی طرح سامنے لے کر آیا ہے۔ قوم کے سامنے عمران نیازی کا جھوٹ ایک بار پھر سامنے آگیا ہے ۔
لیگی صدر نے کہا کہ 20 سال کی پوری تحقیقات کے نتیجے میں نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں ملا، نواز شریف کے دور میں جو ترقیاتی منصوبے بنائے گئے 74 سال میں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی، ایک دھیلے کی کرپشن تو دور کی بات ہے نواز شریف نے منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ عمران نیازی نے نہ صرف نواز شریف کے خلاف سازش کی بلکہ قوم کے وسائل کو بھی ان کے خلاف استعمال کیا انہوں نے جو پروپیگنڈے پھیلائے ہیں اس کو ختم کرتے کرتے سال لگ جائیں گے۔
نواز شریف کے وطن واپس آنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انہیں اجازت دیں گے وہ وطن واپس آجائیں گے۔
ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ عدالتی جو کر رہی ہیں وہ عدالتوں کا کام ہے اس شخص کی معافی سامنے آئی ہے جسے جنرل مشرف نے مقرر کیا تھا، اب عدالتیں اس کو کس طرح لیتی ہیں وہ عدالتوں کا کام ہے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کا قافلہ 24 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا، اسکی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کریں گے اور یہ قافلہ پُر امن لیکن پُرجوش طریقے سے روانہ ہوگا۔
تحریک عدم اعتماد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیکر 14 ایام میں اجلاس بلانے کے پابند تھے، انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی، سپریم کورٹ میں کارروائی چل رہی ہے، اسپیکر کو 14 روز اجلاس بلا کر حکومت کی قوت ثابت کرنی چاہیے تھی۔

دل کے عارضے میں مبتلا اوپنر عا بد علی مکمل فٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) دل کے عارضے میں مبتلا اوپنر عا بد علی مکمل فٹ ہوگئے ہیں اور انہوں نے ڈاکٹرز کی اجازت سے باقاعدہ بیٹنگ پریکٹس کا بھی آغاز کردیا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے سے محروم رہنے والے اوپنر نے اب سری لنکا کے دورےپر نظریں لگالی ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے جولائی اگست میں سری لنکا میں دوٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچز کھیلنا ہیں۔ دائیں ہاتھ کے ریکارڈ ہولڈر اوپنر نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ایک گھنٹہ تک نیٹ میں بیٹنگ کی۔
عابد علی کے مطابق ان کی تمام رپورٹس کلیئر آئی ہیں، وہ اب مکمل فٹ اور کوئی تکلیف محسوس نہیں کررہے۔ چند روز پہلے رننگ کا آغاز کیاتھا،اب ڈاکٹرز نے انہیں ایک بار پھر کھیل کی ہر قسم کی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ عابد علی نے دسمبر میں آخری سیریز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی تھی جس میں وہ مین آف دی سیریز قرار پائے تھے۔
اٹھارہ دسمبر کو کراچی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے خلاف میچ میں بیٹنگ کے دوران انہیں دل کی تکلیف محسوس ہونے پر ہسپتال لیجایا گیا تھا، جہاں سرجری کے بعد دو اسٹنٹ ڈالے گئے تھے۔34 سالہ عابد علی سولہ ٹیسٹ میچوں میں چار سنچریوں کی بدولت ایک ہزار ایک سو اٹھاسی رنز اسکور کرچکے ہیں۔
چھ ایک روزہ میچز میں ان کے رنز کی تعداد دو سو چونتیس ہے۔ عابد علی نے اپنے تمام فینز اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیاہےجنہوں نے ان کی مکمل صحت یابی کے لیے دعائیں اورنیک خواہشات کا اظہارکیا۔

فضل الرحمان کی خالد مقبول سے ملاقات، ایک دوسرے کا ساتھ دینے پر اتفاق

کراچی: (ویب ڈیسک) جے یو آئی اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کیساتھ نہیں رہے۔
مولانا فضل الرحمان کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچے اور قیادت سے ملاقات کی۔ انہوں نے ایم کیو ایم کو اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی دعوت دی۔
فضل الرحمان نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی یقینی ہے، عمران خان اور ان کی جماعت کے لوگ غیر مناسب تقاریر کرتےہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی والوں کو امربالمعروف بولنا نہیں آتا اور وہ سرتاپا منکر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تنہا ہوچکے ہیں، ایم کیوایم دفتر سے مطمئن ہوکرجارہاہوں، موجودہ حالات پر اپوزیشن اور ایم کیوایم میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت کے دفاتر بند نہیں لیکن ہمارے ہیں، پی ٹی آئی حکومت سے ہمیں یہ امید تھی کہ کم از کم ہمیں حکومت میں رہنے کا جواز تو دیتی لیکن ہمیں معلوم ہوا کہ بہت سارے معاملات میں وزیراعظم کے پاس اختیارات ہی نہیں تو پھر ایسی جمہوریت کا ہمیں بھی کوئی شوق نہیں، مولانا ہمارے پاس آئے ہیں تو ہمیں امید ہے کہ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ، ملک کو مشکلات سے نکالنے کےلیے ہم ان کا اور وہ ہمارا ساتھ دیں گے۔

آئندہ وزیراعظم شہباز شریف ہونگے: منظو ر وسان کی پیشگوئی

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیر زراعت سندھ منظور وسان نے شہباز شریف کے آئندہ وزیراعظم بننے کی پیشگوئی کردی۔
ایک بیان میں منظور وسان نے ایم کیو ایم اور (ق) لیگ سے متعلق بھی پیشگوئی کی کہ پی ٹی آئی حکومت کے اتحادیوں نے مستقبل کا فیصلہ کرلیا ہے، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق)23 اور24 مارچ کے بعد حکومت سےالگ ہوکر اپوزیشن میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ 28 مارچ سے قبل عمران خان کے دن پورے ہونے والے ہیں، ان کو جیل بھیجنے کی تیاریاں ہورہی ہیں اور انہیں اڈیالہ جیل یا خیرپور سینٹرل جیل میں رکھا جائے گا۔
عدم اعتماد سے متعلق انہوں نے کہا کہ ممکن ہے عدم اعتماد کے بعد نگراں حکومت تشکیل دی جائے۔
منظور وسان نے کہا کہ ملک کے اگلے وزیر اعظم شہباز شریف بنیں گے جس کے بعد عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔

رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج کا معاملہ، 2 ایم پی ایز کی ضمانت منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج کے معاملے پر مقامی عدالت نے پی ٹی آئی کے 2 ایم پی ایز کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی جبکہ تین کارکنوں کو جیل بھیج دیا۔
کراچی کی مقامی عدالت میں اراکین سندھ اسمبلی شاہنواز جدون اور سعید آفریدی وکلا کے ہمراہ پہنچے، عدالت نے پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز کی 29 مارچ تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی، سعید آفریدی، شاہنواز جدون کو 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے گرفتا ر 3 کارکنوں کو بھی عدالت میں پیش کیا، پی ٹی آئی وکلا نے کہا عدالت ملزمان کو فوری رہا کرے، ملزمان نے کوئی جرم نہیں کیا، صرف احتجاج کا حق استعمال کیا۔
عدالت نے ملزموں کی فوری رہائی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تین کارکنوں کو جیل بھیج دیا، درخواست ضمانت پر 25 مارچ کیلئے نوٹس جاری کر دیئے، ملزمان فیاض، ناصر اور نعمان نے رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج کیا تھا، یکجہتی کیلئے حلیم عادل شیخ اور دیگر بھی سٹی کورٹ پہنچے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم پی ایز لوٹا گردی کے ملزمان ہیں، رمیش کمار عمران خان کے ٹکٹ پر کامیاب ہوا زرداری نے رمیش کمار کو خرید لیا، احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے، کارکنان کے گھر پر چھاپے مارے گئے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

’عمران 65 ملین پاؤنڈ خرچ کر کے نواز کیخلاف 65 روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا‘

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہاکہ عمران خان 65 ملین پاونڈز خرچ کرکے نوازشریف کے خلاف 65 روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا وزیراعظم 65 ملین پاونڈز خرچ کرکے نوازشریف کے خلاف 65 روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا۔نواز شریف کو تو اللّہ نے سرخرو کر دیا مگر موسوی کا معافی نامہ عمران خان کے خلاف چارج شیٹ ہے
مریم نواز نے کہا کہ اسکو بتانا ہو گا کہ قوم کا پیسہ اپنے انتقام کی آگ ٹھنڈی کرنے پر بہانے کا اختیار اسکو کس نے دیا؟