All posts by Khabrain News

عدم اعتماد: حکومت کے تاخیر حربے ناقابل برداشت ہیں، شہباز ،بلاول اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بجائے حکومت کے تاخیری حربے ناقابل برداشت ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اتفاق کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بجائے پی ٹی آئی حکومت کے تاخیری حربے ناقابل برداشت ہیں۔
پی پی چیئر مین اور لیگی صدر نے اتفاق کیا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے خلاف عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کسی صورت معاف نہیں کریں گی، عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

دنیا کے آلودہ ترین 100 شہروں میں 63 بھارتی ہیں، رپورٹ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) فضائی آلودگی پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے ’’آئی کیو ایئر‘‘ کی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں اس سال بھی اوّل نمبر پر بھارتی شہر براجمان ہے جب کہ 100 آلودہ ترین شہروں میں آدھے سے زیادہ بھارتی شہر ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی کیو ایئر نے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کردی ہے جس میں دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست مرتب کی گئی ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی سب سے بری صورت حال بھارت کی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں میں سے 63 بھارتی ہیں جب کہ پہلے 15 شہروں میں بھی 10 بھارتی شہر ہیں جن میں زیادہ تر ریاستوں ہریانہ اور اترپردیش کے شہر ہیں۔
صحت کے حوالے سے 2.5 پی ایم ذرّات کو انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ شدید بیماریوں سے لے کر اموات تک کی وجہ بنتے ہیں صرف نئی دہلی میں گزشتہ ایک سال کے دوران فضائی آلودگی کی وجہ سے اندازاً 54 ہزار اموات ہوئیں۔
واضح رہے کہ فضائی آلودگی کا تعین 2.5 مائیکرومیٹر یا اس سے بھی باریک ذرّات کی لمبے وقفے تک ہوا میں موجودگی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے بھی فضا میں پی ایم 2.5 ذرّات کی زیادہ سے زیادہ محفوظ حد 25 مائیکروگرام فی مکعب میٹر مقرر کی ہے۔

سوئیڈن کے اسکول میں2خواتین قتل،18سالہ طالب علم گرفتار

اسٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) سوئیڈن کے شہرمالمو کے ایک اسکول میں 2خواتین کوقتل کردیا گیا۔
غیرملکی خبرایجنسی نے پولیس حکام کوبتایا کہ سوئیڈن کے شہرمالموکے ایک اسکول میں 2خواتین پرحملہ کرکے انہیں قتل کردیا گیا۔قتل کے شبے میں 18سالہ طالب علم کوگرفتارکرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین اسکول میں کام کرتی تھیں۔خواتین کوچاقو اورکلہاڑی کے وارکرکے قتل کیا گیا۔
واقعہ کے وقت اسکول میں 50طلبا اوراساتذہ موجود تھے۔ایمرجنسی سروسزکے مطابق واقعہ میں 2افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔مزید تفتیش جاری ہے۔

پوٹن کیمیائی ہتھیاراستعمال کرسکتے ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدرجوبائیڈن نے خبردارکیا ہے کہ پوٹن کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیاراستعمال کرسکتے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدرجوبائیڈن نے کہا کہ ان کے روسی ہم منصب ولادیمیرپوٹن بندگلی میں پھنس گئے ہیں جس سے نکلنے کے لئے کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیاراستعمال کرسکتے ہیں۔
امریکی صدرکا مزید کہنا تھا کہ یقین ہے کہ روس نئے فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کررہا ہے۔
دوسری جانب یوکرین نے روس کی جانب سے ساحلی شہر ماریوپل میں ہتھیار ڈالنے کے بدلے شہریوں کو نکالنے کے لیے محفوظ راستہ دینے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ وہ اس اہم ساحلی شہر سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو گا۔
روس نے یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپل کا محاصرہ کر رکھا ہے جہاں اب لوگوں تک اشیائے ضرورت اور دوائیں بھی نہیں پہنچ رہی ہیں۔

ڈینئل ویٹوری آسٹریلیا کی وائٹ بال کوچنگ ٹیم کا حصہ بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینئل ویٹوری دورہ پاکستان کے لیے آسٹریلیا کی وائٹ بال کوچنگ ٹیم کا حصہ بن گئے، انہوں نے میبلورن میں وائٹ بال ٹیم کے کیمپ کو جوائن کرلیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے ڈینئل ویٹوری کی کوچنگ کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات لی ہیں، بائیں ہاتھ کے سابق اسپنرآسٹریلیا کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ساتھ پاکستان کے لیے سفر کریں گے۔
وائٹ بال کا اسکواڈ جمعرات کو لاہور پہنچ رہا ہے، جہاں وہ ایک دن کے روم آئسولیشن کے بعد اپنی پریکٹس کا آغاز کرے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 29 مارچ کوشیڈول ہے جبکہ دوسرا 31 مارچ کو کھیلا جائے گا اور تیسرا ون ڈے دو اپریل کو طے ہے۔ دورے میں شامل واحد ٹی ٹوئنٹی پانچ اپریل کو رکھا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر دورہ پاکستان کیلیے ون ڈے اسکواڈ سے باہر

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیم کے فاسٹ باؤلر کین رچرڈسن انجری کے باعث دورہ پاکستان کے لیے ون ڈے اسکواڈ سے باہر ہوگئے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کین رچرڈسن میلبورن میں ٹریننگ کے دوران ہمسٹرنگ کا شکار ہوگئے، انکی جگہ نیو ساؤتھ ویلز کے بین دوارشس پاکستان آئیں گے۔
اپنے بیان میں کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا کہ کین رچرڈسن کی انجری زیادہ سنجیدہ نہیں لیکن بہتر یہی ہے کہ فاسٹ باؤلر کو آرام دیا جائے۔
بین دوارشس پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں ڈیبیو کریں گے۔

فلم ’’گلی بوائے‘‘ کے معروف گلوکار دھرمیش پرمار انتقال کرگئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) فلم ’’گلی بوائے‘‘ کے معروف گلوکار دھرمیش پرمار 24 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا میں کہاجارہا ہے کہ دھرمیش پرمار المعروف ریپر ایم سی توڑ فوڑ کی ہلاکت کار حادثے میں ہوئی ہے۔ تاہم ابھی تک ان کی موت کی وجہ کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔
گلوکار کی موت نے ان کے مداحوں کو صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔ جب کہ اداکار رنویر سنگھ اور سدھانت چترویدی نے بھی دھرمیش پرمار کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گلوکار دھرمیش پرمار نے فلم ’’گلی بوائے‘‘ کے ساؤنڈ ٹریک ’’انڈیا91‘‘ کے لیے اپنی آواز دی تھی اس کے علاوہ وہ ایک میوزک بینڈ ’’سوادیسی‘‘ کا بھی حصہ تھے۔ فلم ’’گلی بوائے‘‘ 2019 کی کامیاب فلم تھی جس میں اداکار رنویر سنگھ اور سدھانت چترویدی نے ریپر گلوکار کے کردار نبھائے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گلوکاردھرمیش پرمار کی موت کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ایک میوزک پورٹل کے مطابق ریپر توڑ فوڑ کے گانوں کا بنیادی موضوع ’’کرپٹ اداروں‘‘ کے خلاف کھڑا ہونا تھا۔ اور وہ اپنی موسیقی سے ماحولیاتی اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھاتے تھے۔
ریپر توڑ فوڑ کا ایک ساؤنڈ ٹریک ’’دی وارلی ریوولٹ‘‘ جس کے لیے انہوں نے ایک سماجی کارکن پرکاش کے ساتھ اشتراک کیا تھا یہ گانا ممبئی کے آرے جنگل میں درختوں کی کٹائی کے خلاف تھا۔
ایک بیان میں ریپر توڑ فوڑ نے کہا تھا کہ ’’گلی ریپ وہی ہے جو میں کرتا ہوں۔ اور میں گلی ریپ کرتا رہوں گا۔ لیکن میں اس کے ساتھ اور بہت کچھ کرنے جا رہا ہوں۔‘‘

لازوال دھنوں کے خالق نثار بزمی کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) معروف موسیقار نثار بزمی کو دنیا سے رخصت ہوئے 15 برس بیت گئے لیکن ان کی تخلیق کی گئیں لازوال دھنیں آج بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھولتی ہیں۔
نثار بزمی 1924 میں بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے علاقے خاندیش کے قصبے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا اور کچھ ہی عرصے بعد بمبئی میں فلموں کی موسیقی دینا شروع کردی۔ بمبئی میں ان کا ستارہ اس قدر عروج پر تھا کہ لکشمی کانت پیارے لال جیسے موسیقار اُن کی معاونت میں کام کر چُکے تھے لیکن پاکستان فلم انڈسٹری کے معمار فضل احمد فضلی کے بلاوے پر انہوں نے بھارت چھوڑ کر پاکستان میں سکونت اختیار کرلی۔
نثار بزمی کی بطور موسیقار پاکستان میں پہلی فلم ’’ایسا بھی ہوتا ہے‘‘ تھی جس میں ان کے گیت’’محبت میں تیرے سر کی قسم ایسا بھی ہوتا ہے‘‘ پر احمد رشدی اور میڈم نور جہاں نے اپنی مدھر آوازوں کے جادو جگائے۔ جس کے بعد انہوں نے ’صاعقہ‘، ’انجمن‘، ’میری زندگی ہے نغمہ‘، ’خاک اور خون‘ اور ’ہم ایک ہیں‘ جیسی فلموں کی موسیقی تخلیق کی۔
نثاربزمی کو ان کی فنی خدمات کے باعث پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ عظیم موسیقار 22 مارچ 2007 کو اس دارفانی سے کوچ کر گئے لیکن ان کی تخلیق کردہ موسیقی آج بھی کروڑوں لوگوں کو مسحورکردیتی ہے۔

سجل علی نے سوشل میڈیا پر اپنے نام کے ساتھ لگا احد رضامیر کا نام ہٹادیا

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ سجل علی نے سوشل میڈیا پر اپنے نام کے ساتھ لگا احد رضامیر کا نام ہٹادیا۔
سجل علی اور احد رضامیر کی جوڑی پاکستانیوں کی اس وقت سے پسندیدہ جوڑی بن گئی تھی جب انہوں نے پہلی بار ایک ساتھ کام کیا تھا۔ بعد ازاں دونوں متعدد پراجیکٹس میں ساتھ نظر آئے اور پھر دونوں نے اپنی آن اسکرین محبت کو حقیقی زندگی میں بدلتے ہوئے شادی کرلی۔
احد رضامیر اور سجل علی کی شادی کی خبر سن کر ان کے مداح بھی بے حد خوش تھے۔ تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں منظر عام پر آرہی ہیں۔ یہاں تک کہ سوشل میڈیا پر دونوں کی علیحدگی کی خبریں بھی وائرل ہیں۔
لیکن ابھی تک سجل علی اور احد رضامیر یا پھر ان کے گھر والوں کی طرف سے ان دونوں کی علیحدگی کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ تاہم اب سجل علی نے سوشل میڈیا پر اپنے نام کے ساتھ لگا احد رضامیر کا نام ہٹا دیا ہے۔
شادی کے بعد سجل علی نے انسٹاگرام پر اپنے نام کے ساتھ اپنے شوہر احد رضامیر کے نام کا اضافہ کرلیا تھا۔ لیکن اب انسٹاگرام پر ان کے نام کے ساتھ لگا شوہر کا نام ہٹ چکا ہے اور صرف سجل علی لکھا ہوا نظر آرہا ہے۔ جس سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ سجل اور احد کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔ تاہم ابھی دونوں کی جانب سے علیحدگی کا باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا ہے۔

منیب بٹ نے ایمن خان کیساتھ فلم دیکھنے کیلئے پورا سینما بک کرالیا

دبئی: (ویب ڈیسک) اداکار منیب بٹ نے اپنی اہلیہ ایمن خان کے ساتھ فلم دیکھنے کے لیے پورا سینما ہی بک کرالیا۔
اداکار منیب بٹ ان دنوں اپنی بیوی اداکارہ ایمن خان اور بیٹی امل منیب کے ہمراہ دبئی میں چھٹیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور وہاں سے مداحوں کے لیے سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شیئر کررہے ہیں۔
گزشتہ روز منیب بٹ نے انسٹااسٹوری پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اور ان کی اہلیہ تھیٹر میں موجود ہیں جہاں اسکرین پر عالیہ بھٹ کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ چل رہی ہے۔
ویڈیو میں منیب بٹ ایمن خان کو بول رہے ہیں ’’ایمن تمہارے لیے پورا سینما بک کیا ہے، اب اگر گنکو بائی فلم اچھی نہیں ہوئی تو پھر یہ نا تھی ہماری قسمت کی آخری قسط دیکھیں گے‘‘۔ ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں منیب نے لکھا ’’پرائیوٹ شو گنگو بائی‘‘۔