All posts by Khabrain News

یوکرین شاپنگ سینٹر پر روسی حملہ، 8 افراد ہلاک

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف کے شاپنگ سینٹر پر روسی فوج کے حملے 8 افراد ہلاک اور 10 ز خمی ہوگئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شاپنگ سنٹر کے آس پاس کی عمارتیں، جن میں سکول بھی شامل ہیں شدید متاثر ہوئے ہیں، رہائشیوں کو بمباری سے ہونے والی فضائی آلودگی کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔
روسی فوجی اب چار ہفتوں سے کیف پر گولہ باری کر رہے ہیں اور یوکرین کے دارالحکومت کو گھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو جنگ سے پہلے تقریباً 30 لاکھ افراد کا گھر تھا۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس ان کے ملک کو تباہ کررہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس خارکیف، ماریو پول اور دارالحکومت کیف پر قبضہ چاہتا ہے مگر عوام اور وہ خود کبھی ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
جبکہ یوکرین نے روس کی جانب سے ماریوپول شہر میں ہتھیار ڈالنے کے مطالبے کو بھی مسترد کردیا ہے۔ یوکرینی نائب وزراعظم نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور یہ بات روسیوں کو بتا چکے ہیں۔
یوکرین کی تجارت کے حوالے سے اہم ترین شہر ماریوپول کے رہائشی روسی محاصرے میں ہیں اور انہیں خوراک، پانی اور بجلی کی قلت کا سامنا ہے۔
روس کا کہنا تھا کہ ماریوپول شہر کا دفاع کرنے والے یوکرینی فوجیوں کو ہتھیار ڈالنے کی صورت میں محفوظ راستہ دیا جائے گا۔

شوبز کی ایک اور شادی ہوئی ناکام ماڈل آمنہ بابر نے طلاق کی تصدیق کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کی معروف ماڈل آمنہ بابر کو طلاق ہوگئی ہے جس کی تصدیق انہوں نے خود کردی ہے۔
آمنہ بابر نے تصدیق کی ہے کہ ان کی طلاق ہو چکی ہے، وہ اور ان کے سابق شوہر مشترکہ طور پر بیٹی کی پرورش کر رہے ہیں۔
آمنہ بابر نے فروری 2019 میں قریبی دوست زاہد نون کے ساتھ شادی کی تھی اور ان کے ہاں اسی سال دسمبر میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
شادی کے تین سال بعد اب ماڈل و اداکارہ نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے تصدیق کردی کہ ان کی طلاق ہو چکی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی طلاق کب ہوئی۔

آزاد کشمیر میں رمضان سے قبل مہنگائی، سبزی، پھل اور دودھ سمیت اشیائے خورونوش کی خریداری محال

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں رمضان کی آمد سے قبل گراں فروشوں نے آستینیں چڑھا لیں، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ایک طرف تو پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے حکام اس صورت حال پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے دیگر شہروں کے بازار ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی لہر کی زد میں ہیں تو خریداروں کے لئے سستی اور معیاری اشیائے خورونوش، سبزی، پھل اور دودھ کی خریداری کرنا محال ہوچکا ہے۔
مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہری حکام کی غفلت اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کمزور گرفت پر بھی نوحہ کناں ہیں۔ انتظامی اداروں کی جانب سے جاری کردہ نرخ ناموں کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے جس کے سبب بازاروں میں جاری خرید و فروخت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

لاہور ٹیسٹ کا دوسرا روز، آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
کینگروز نے 232 رنز 5 وکٹوں کے نقصان سے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا، کیمرون گرین اور ایلکس کیرے 89 اوورز کے اختتام پر 236 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا آج آغاز، وزیراعظم افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 2 روزہ اجلاس کا آج سے اسلام آباد میں آغاز ہو رہا ہے جس میں 48 ممبر ممالک کے وزرا شریک ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔
تاریخ ساز لمحہ آ گیا، پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کا آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انعقاد ہو رہا ہے جس میں 150 سے زائد قراردادیں منظور ہونے کا امکان ہے جو کشمیر، فلسطین، اسلام فوبیا، اُمّہ کے اتحاد سمیت مختلف مسائل و معاملات سے متعلق ہیں۔
مسئلہ کشمیر کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس ہو گا جس میں گذشتہ 7 دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی جائے گی۔
اجلاس میں شرکت کے لیے اسلامی سربراہی کانفرنس کے سیکرٹری جنرل، مصر، سعودی عرب اور چین کے وزرائے خارجہ سمیت کئی ممالک کے نائب وزرائے خارجہ اور عالمی اداروں کے سربراہان اور مندوبین پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر محمد سلیمان الجاسر، صومالیہ کے وزیر خارجہ عابدی سید موسیٰ علی، آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النورمحمدوف، مغربی افریقی ملک کوٹ ڈیو وا کی وزیر خارجہ کاندیا کمارا نی کامیسوکو، گیمبیا کے وزیرخارجہ ڈاکٹر میمدو تنگارا سمیت مختلف ممالک کے وفود بھی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ مالدیپ کے او آئی سی میں مستقبل مندوب محمد خلیل بھی اجلاس میں شرکت کے لیے وفاقی دارالحکومت میں موجود ہیں۔
کانفرنس میں شرکت کرنے والے معزز مہمانان گرامی کل یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ میں خصوصی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق گزشتہ روز گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں بارش ہوئی، آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہے گا، سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثرعلاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، زیارت میں درجہ حرارت 22، قلات اور کوئٹہ میں 25، گوادر میں 34، جیونی میں 32، نوکنڈی میں 31، سبی میں 40 اور تربت میں 37 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق، 228 نئے کیسز سامنے آ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید دو افراد دم توڑ گئے، 228 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد تیس ہزار تین سو تینتیس ہو گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد پندرہ ہزار دو سو نوے ہے، ملک میں پندرہ لاکھ بائیس ہزار چار سو اُنیس افراد کورونا سے متاثر ہوئے، چودہ لاکھ چھہتر ہزار سات سو چھیانوے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق دو سو اٹھائیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ آٹھ دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔

عالمی فورمز پر پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، چینی وزیر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ باہمی تعلقات کے مزید استحکام کا خواہاں ہے، چینی ہم منصب کے ساتھ علاقائی وعالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، افغانستان کی مدد کے معاملے پر بات چیت ہوئی اور چین کے ساتھ مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ چینی وزیرخارجہ پہلی مرتبہ اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے تشریف لائے ہیں،ان کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، چین نے ہمیشہ ہر فورم پر پاکستان کی معاونت کی ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت اور عوام کو ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کے ساتھ سی پیک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دینا چاہتے ہیں، چین عالمی فورمز پر پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، اوآئی سی اجلاس میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، پاکستان چین کا اہم تذویراتی شراکت دار ہے۔
قبل ازیں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام، چینی سفارتکاروں نے ہوائی اڈے پر چینی وزیر خارجہ کا استقبال کیا، وانگ ژی صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے اہم ملاقات کریں گے۔

ارجنٹائن: فٹبال میچ کے بعد تماشائیوں کے کھلاڑیوں پر بوتلوں سے وار

بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) ارجنٹائن میں فٹبال کی روایتی حریف ٹیموں کے میچ کے بعد بپھرے تماشائیوں نے کھلاڑیوں پر بوتلوں سے وار کر دیئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بوکا جونیئرز اور ریورز پلیٹ کے روایتی حریفوں کا میچ دیکھنے والے تماشائیوں کا فُل ہاؤس تھا، تابڑ توڑ حملوں کے باوجود پہلے ہاف میں کوئی گول سکور نہ ہو سکا، دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی سباسچین وِلا کے گول نے بوکا جونیئرز کو برتری اور پھر فتح دلائی، جس پر مدمقابل کے مداح آؤٹ آف کنٹرول ہو گئے اور ہلڑ بازی کرنے لگے۔
سٹینڈز میں آگ کے گولے برسائے اور پلیئرز کو بوتلوں سے نشانہ بنایا، جس پر پولیس اِن ایکشن ہوئی اور سکیورٹی کے حصار میں ڈریسنگ روم تک پہنچایا۔

جب حکومت بنانے کے لیے جہاز بھر بھر کر لائے گئے تب ضمیر کی آواز کہاں تھی؟ مولانا فضل الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جب حکومت بنانے کے لیے جہاز بھر بھر کر لائے جارہے تھے تب ضمیر کی آواز کہاں تھی۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک دورہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر اُن کا استقبال سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو سمیت دیگر قائدین نے کیا۔
جے یوآئی کے سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پیر کو کراچی پہنچتے ہی رات گئے جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی کا تعزیتی دورہ کیا اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے حال ہی انتقال کرجانے والے شیخ الحدیث اور دارلعلوم کراچی کے نائب رئیس دارالافتاء مفتی محمود اشرف عثمانی کے انتقال پر تعزیت کی۔
مولانا فضل الرحمان نے مرحوم مفتی محمود اشرف عثمانی کی علمی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان مختصر دورے کے دوران تحریک عدم اعتماد پر حمایت کے لیے حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد جائیں گے اور اُن سے حمایت مانگیں گے۔
کراچی میں مختلف وفود سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا موجودہ حکمرانوں نے عوام کا جینا محال کردیا اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ناجائز حکومت بن رہی تھی تب جہاز بھر بھر کے لائے جا رہے تھے تو اس وقت ضمیر کی آواز کہاں تھی۔
مولانا فضل الرحمان نے کارکنان لانگ مارچ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، ناجائز طریقے سے مسلط ہونے والے ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر کرکے دم لیں گے۔