All posts by Khabrain News

کینو میں 2 کلو آئس چھپا کر سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والا گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے دو مشترکہ کارروائیاں کر کے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے سعودی عرب کے شہر دمام جانے والا شاطر مسافر منشیات مالٹوں میں بھر کر لے جارہا تھا جبکہ دوسرے نے ٹیلکم پاوڈر کے ڈبے اور ٹرالی بیگ میں بھی ہیروئن چھپائی تھی۔
حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے اپر دیر سے تعلق رکھنے والا لقمان خان سفر کے لیے ڈیپارچر لاؤنج پہنچا، جہاں اے این ایف اور اے ایس ایف کے مشترکہ سرچ کاؤنٹر پر مسافر کے سامان کو مشکوک قرار دیکر چیک کیا گیا اور اس دوران مالٹوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی دو کلو سے زائد آئس برآمد کی جس پر مسافر کو سامان سمیت تحویل میں لے لیا گیا۔
دوسری کارروائی میں ایئرپورٹ پر ہی خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو سے تعلق رکھنے والا زاہد اللہ نامی مسافر نجی ائیرلائن کی پرواز کے زریعے بحرین جانے کے لیے ائیرپورٹ پہنچا جہاں ڈیپارچر لاؤنج میں بریفنگ سے قبل اے این ایف اور اے ایس ایف کے عمل نے اسیکنگ کے دوران سامان میں رکھے بیگ کو مشکوک قراردیا جس کی تلاشی لی گئی تو بیگ اور بیگ میں رکھے ٹیلکم پاوڈر کے ڈبے سے آدھا کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔
حکام نے مسافر کو سامان سمیت تحویل میں لے لیا جبکہ دنوں ملزمان کو تھانہ اے این ایف منتقل کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

باجوڑ: امن دشمنوں کی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 2 جوان شہید، 4 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) باجوڑ میں امن دشمنوں کی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے 2 جوان اور 3 معصوم شہری شہید، جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں دہشتگردوں کی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے نائب صوبیدار اشتیاق اور سپاہی کامران وطن پر قربان ہوگئے، 44 سالہ نائب صوبیدار اشتیاق کا تعلق نوشہرہ، 21 سالہ سپاہی کامران کا تعلق ضلع اورکزئی سے ہے جبکہ شہریوں میں عصمت، الہام اور بہادر شامل ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے، مارے جانے والے دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ باردو برآمد کر لیا گیا، دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں، معصوم شہریوں کی قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔

او آئی سی اجلاس، عمران خان سے مصر، تاجکستان اور بوسنیا ہرزیگونیا کے وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسنوف، مصر، تاجکستان کے وزیر خارجہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین نے ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسنوف نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات پر گفتگو ہوئی جبکہ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت، سیاحتی رابطوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے آذربائیجان سے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہارکیا۔
وزیراعظم نے او آئی سی میں آذربائیجان کے تعاون کی تعریف کی، امن اور خوشحالی کے مقصد کے حصول میں آذربائیجان کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر دفاع حسنوف نے آذربائیجان کے صدر کی طرف سے وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ آذربائیجان کی مسلح افواج کا دستہ 23 مارچ 2022 کو پاکستان کے قومی دن کی پریڈ میں شرکت کرے گا۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان سے مصر کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کو دہرایا اور اقتصادی، تجارتی شعبوں میں دوطرفہ سیاسی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند روابط بڑھانے کی بڑی گنجائش اور امکانات موجود ہیں۔
وزیراعظم نے مصری وزیر خارجہ سے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا کرتے ہوئے بھارت کی جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو لاحق خطرات پر روشنی ڈالی، اقوام متحدہ کے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے عالمی دن قرار دینے کو سراہا، او آئی سی پلیٹ فارم کو دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے انصاف کے مقصد کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ادھر وزیراعظم عمران خان سے تاجکستان کے وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے تجارتی اور اقتصادی روابط کو بڑھانے کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، افغانستان میں پائیدار امن اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان سب کے مفاد میں ہے۔
قبل ازیں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان پر موجود اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایس ڈی بی کی دیرینہ اور قابل اعتماد شراکت داری کی تعریف کی، توانائی، مالیات، ٹرانسپورٹیشن، تعلیم اور صحت جیسے مختلف شعبوں میں اس کے کردار، کورونا ویکسینز کی خریداری کے لیے پاکستان کے لیے آئی ایس ڈی بی کے تعاون کو بھی سراہا۔
ڈاکٹر الجاسر نے وزیر اعظم کو آئی ایس ڈی بی کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی، افغانستان ہیومینٹیرین ٹرسٹ فنڈ کو فعال کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین نے کہا کہ فنڈ 19 دسمبر 2022 کو اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس کے ذریعے قائم کیا گیا تھا، افغان عوام جنہیں انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان آئی ایس ڈی بی کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان بینک سے مزید تعاون اور تعلقات کی مضبوطی کا منتظر ہے۔

عوام کو نااہل حکمرانوں سے نجات دلائیں گے، نوازشریف

لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو نااہل حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔
لندن میں نامور گلوکار وارث بیگ نے ن لیگ کے قائد نوازشریف سے ملاقات کی جہاں سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان کے سیاسی حالات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو نااہل حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔

فرانس نے روس کے اثاثے منجمد کردیے

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس نے روسی کاروباریوں کے تقریباً 850 ملین یورو کے اثاثے اور جائیدادیں منجمد کردی ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق وزیر خزانہ برونو لی مائیر نے فرانسیسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انفرادی کھاتوں میں 150 ملین یورو کو منجمد کیا ہے جس میں روس کی کریڈٹ لائنز اور ملک میں قائم کردہ روسی کاروبار شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے فرانسیسی رئیل اسٹیٹ میں روس کے 539 ملین یورو بھی منجمد کیے ہیں جو کہ تقریباً 390 جائیدادوں اور اپارٹمنٹس کی مالیت کے مساوی ہیں جبکہ اس کے علاوہ ہم نے ہم نے دو چھوٹے بحری جہازوں جس کی قیمت 150 ملین یورو ہے، اسے بھی ضبط کیا ہے۔
واضح رہے کہ روسی اثاثوں پر فرانس نے یہ حالیہ کریک ڈاؤن یوکرین پر روسی حملے کے بعد کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ روسی مالکان اپنے اثاثوں کو فروخت کرنے اور ان سے نفع اٹھانے سے قاصر ہیں۔

امریکا نے میانمار فوج کو نسل کشی اور انسانیت کا مجرم قرار دے دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سیکریٹری امریکی وزارت خارجہ انتھونی بلنکن نے باضابطہ طور پر میانمار کی فوج کو نسل کشی اور انسانیت کا مجرم قرار دے دیا ہے۔
امریکی نیوز چینل این بی سی کے مطابق بلنکن نے واشنگٹن میں ہولوکاسٹ میموریل میوزیم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہولوکاسٹ کے بعد تاریخ میں سات بار نسل کشی کے واقعات رونما ہوئے ہیں جبکہ آٹھواں واقعہ برما میں رونما ہوا۔
2017 میں روہنگائی مسلمانوں کیخلاف ملک گیر منظم مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی عصمت دری، بچوں اور بڑوں کا قتل اور گھروں کا جلاؤ گھیراؤ شامل تھا جس کے بعد سے 700,000 سے زائد روہنگیائی مسلمان اپنی جان بچانے کیلئے بدھ مت اکثریتی ملک سے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔
اس سے قبل میانمار کی حکومت و فوج اور بدھ مت کے متعصب راہبوں کو متعدد عالمی رپورٹس میں مسلمانوں کی نسل کشی اور ان کے ساتھ کیے گئے شرمناک سلوک کا مجرم قرار دیا جاچکا ہے۔

وزیراعظم کا اداروں اور افسران کے خلاف سوشل میڈیا مہم کا نوٹس، سخت کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اداروں اور افسران کے خلاف چلنے والی مہم کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے جاری مہم کا معاملہ زیر بحث آیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اداروں اور افسران کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کا نوٹس لیا اور مہم چلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

خان صاحب نے ہمیشہ لوگوں کو بندوق کی نوک پر رکھا ہے، قمرالزماں کائرہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمرالزماں کائرہ نے کہا ہے کہ خان صاحب نے ہمیشہ لوگوں کو بندوق کی نوک پر رکھا ہے۔
انہوں نے پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھی کہتے ہیں ہم انہیں اسمبلی میں جانے نہیں دیں گے، کہتے ہیں سندھ ہاؤ س میں منڈی لگ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپنی جماعت کے لوگ انہیں چھوڑ رہے ہیں، کہتے ہیں پیپلزپارٹی ان کے اراکین کو پیسے دے رہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ شہبازشریف وزیراعظم بنیں اور پیسے پیپلزپارٹی دے؟
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ 8 تاریخ کو ہم نے درخواست جمع کروائی، 7 دن کے اندر اجلاس بلانا چاہیے تھا جو انہوں نے نہیں بلایا۔
انہوں نے کہا کہ 15 مارچ سے قبل یہ مسئلہ حل ہو جانا چاہیے تھا، حکومت نے 21 مارچ کو اجلاس بلانے کی تجویز دی تھی۔
پی پی کے مرکزی رہنما قمرالزماں کائرہ نے پوچھا کہ آج سارا دن اسمبلی ہال خالی تھا تو اجلاس کیوں نہیں بلایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ ووٹنگ سے ایک دن پہلے دس لاکھ لوگ لے کر آئیں گے۔

اگلے چند دن پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے بہت اہم ہیں، حماد اظہر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ اگلے چند دن پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پرجاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان بمقابلہ چند کرپٹ خاندان ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والے اپنی حکومت بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ پاکستان کو واپس زرداری، شریف اور فضل الرحمان کے تاریک دور میں دھکیلا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کا چینی طیارے کے حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) وزیراعظم عمران خان نے چین میں مسافر طیارے کے حادثے میں ہونے والے المناک جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ غم کی اس گھڑی میں اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔خیال رہے کہ چینی ائیر لائن کا بوئنگ 737 طیارہ جنوبی چین میں گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 132 افراد سوار تھے۔چینی میڈیا کے مطابق اندرونی پرواز چین کے صوبے یننان سے گوانگڈونگ جا رہی تھی، طیارے کا ملبہ جنوبی چین کے پہاڑوں میں مل گیا ہے اور کسی کے بچ جانے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق طیارہ 29 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کر رہا تھا کہ اچانک دو منٹ کے اندر 3 ہزار فٹ کی بلندی پر آگیا اور پھر ریڈار سے غائب ہوگیا۔ریسکیو اہلکار طیارے کے ملبے تک پہنچ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔