All posts by Khabrain News

شمالی کوریا نے متعدد راکٹ لانچرز فائر کردیے

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے گزشتہ روز متعدد راکٹ لانچر فائر کیے گئے، خطے میں اشتعال بڑھانے کے لیے جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک کی یہ تازہ ترین اشتعال انگیزی ہے۔

 پیونگ یانگ کی جانب سے رواں سال ممنوع ہتھیاروں کا ایک سلسلہ شروع کرتے ہوئے ان کا تجربہ کیا گیا اس سے متعلق انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک ’ریکنیسنس سیٹلائٹ‘ کے اجزا ہیں۔

تاہم سیول اور واشنگٹن نے اسے نیا آئی سی بی ایم (انٹر کانٹیننٹل بیلسٹک میزائل) سسٹم قرار دیا۔

تفصیلات بتائے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری افواج نے دفاعی تیاری کو برقرار رکھتے ہوئے اس سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھی ہوئی ہے‘۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’یونہاپ‘ نے ایک نامعلوم عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی صوبہ پیانگ یانگ کے غیر متعین مقام سے صبح 7 بج کر 20 منٹ سے ایک گھنٹے کے دوران مغربی پانیوں میں 4 شاٹس فائر کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ راکٹ لانچر فائر کرنے کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

صدارتی بلیو ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل کی جانب سے ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ سخت تیاری کے ساتھ ’حکومت کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی خلا پیدا ہونے سے روکا جاسکے‘۔

9 مارچ کے انتخابات میں کامیابی کے بعد نو منتخب صدر یون سوک یول 10 مئی کو عہدہ سنبھالیں گے۔

پیانگ یانگ کے پاس آرٹلری فائر کے ساتھ سیول کو تباہ کرنے کی بڑی طاقت موجود ہے، جو ان سے صرف 60 کلو میٹر کے سرحدی فاصلے پر واقع ہے۔

انسانیت کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے:وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے دعویٰ ہے پہلے کسی حکومت نے ہیلتھ کارڈ جیسا منصوبہ نہیں دیا۔ انسانیت کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم نے پمز کےنئےشعبہ حادثات وایمرجنسی اسپتال کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیر اعظم عمران خان نے سنگ بنیاد کے موقع پر کہا ہے کہ پہلی بار پمز ایمرجنسی کا دورہ کیاتو ٹھیک نہیں تھی۔آج خوشی ہے کہ ہم شعبہ حادثات وایمرجنسی اسپتال کی طرف گئے۔شعبہ وایمرجنسی کےلیے اسپیشل آرکیٹکٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ان  کا کہنا ہے کہ اسلام آباد آبادی کی وجہ سے تیزی سے بڑھتا جارہاہے۔آبادی بڑھتی ہے تو وسائل کم اور مسائل میں اضافہ ہوجاتاہے۔ہم نے آباد ی کے تناسب سے وسائل میں بھی اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دعویٰ ہے پہلے کسی حکومت نے ہیلتھ کارڈ جیسا منصوبہ نہیں دیا۔ہم نے ابتدائی طور پر محدود اور پھر تمام صوبوں کے لیے ہیلتھ کارڈ منصوبہ میں توسیع کی۔فلاحی ریاست اور اس میں انسانیت کی خدمت میری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آ ج شہری ملک کے کسی بھی اسپتال میں علاج کرواسکتےہیں۔کسی اسپتال کے سربراہ کا فون آیا اور کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے مزدورکا دل کا آپریشن کیا۔مجھے خوشی ہے ملک کے ہر ادارے میں اصلاحات کے لیے کچھ نہ کچھ کیاگیا۔انہوں نے کہا ہے  کہ انگریزی زبا ن تعلیم کے بجائے کلاس سسٹم اختیارکیا گیا۔انگریزی زبا ن تعلیم کے لیے استعمال ہوناچاہیے تھا لیکن یہ لوگوں کی احساس کمتری بن گیا۔ہم نے تعلیم کے یکساں نصاب کے لیے کوششیں کیں اور کامیاب ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی سے نوجوان کو تربیت ، شعور بیدار ہوگا اور آگاہی ملے گی۔ہیلتھ بورڈ کو میرٹ نظام پر عمل کرنے کےلیے بھاری ذمہ داری ہے ۔لوگوں کو سینئر اور جونیئر کے بجائے میرٹ کی بنیاد پر آگے لایاجائے۔

او آئی سی کی میزبانی کا اعزاز پاکستان کو ملنا عمران خان کی کاوشوں کا ثمر ہے:وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کل سے شروع ہونے والے اجلاس میں 100 قراردادوں پر غور کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم برادر اسلامی ممالک سے کل کلیدی خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کل 48وین اجلاس میں شریک ہوگی جس کی تیاریاں مکمل ہیں۔ میزبانی کا اعزاز پاکستان کو ملنا عمران خان کی کاوشوں کا ثمر ہے۔بیان کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کا بانی رکن ہونے کی حیثیت سے ہر دورِ حکومت میں کردار ادا کرتا رہا۔ چین کے وزیرِ خارجہ آج تشریف لائیں گے۔ مصر کے وزیر خارجہ آچکے۔ بیشتر دیگر وزرائے خارجہ بھی آج پہنچیں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ 23 مارچ کو قومی دن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی پریڈ ملاحظہ کریں گے۔ عمران خان کے خطاب کے علاوہ او آئی سی اجلاس میں مسلم امت کو درپیش موضوعات پر گفتگو ہوگی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں 100قراردادوں پر غور اور گفت و شنید ہوگی۔ ایک سال کیلئے او آئی سی کی سربراہی پاکستان کو منتقل کردی جائے گی۔ ان شاء اللہ ملک و قوم کے وقار میں اضافہ متوقع ہے۔ سائیڈ لائنز پر دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہونگی۔دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ جانے والےوزرائے خارجہ سے آج میری ملاقات ہوگی۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس مسلسل جاری ہیں۔ حکومت تصادم نہیں چاہتی۔صدارتی ریفرنس دائر کرنے کے بارے میں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سپریم کورٹ سے ہارس ٹریڈنگ پر رہنمائی مطلوب ہے۔ کیا منحرف ممبران تاحیات نااہل ہوں گے؟ بلاول بھٹو زرداری کی باتوں پر ہنسی آتی ہے۔پی پی پی چیئرمین سے کہتا ہوں خدا کیلئے بڑے ہوجائیں۔  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی طریقے سے کرے گی۔ کسی ممبر کو ووٹ کا حق استعمال کرنے سے روکا نہیں جائے گا۔ نمبرز پورے کرنے کی ذمہ داری اپوزیشن پر عائد ہوتی ہے اور مخالفین ضمیر فروشی پر اتر آئے ہیں۔

’آپ ہمارے دلوں کی امید ہیں‘، شان کا وزیراعظم کے نام پیغام

پاکستان کے سینئر اداکار شان شاہد نے وزیر اعظم عمران کی حمایت میں ٹوئٹ کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شان شاہد نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ نے ہمیں بدعنوانوں کے خلاف آواز اٹھانے کے خوف سے نجات دلائی۔

شان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان آپ نے ہمیں کرپٹ افراد سے سوال کرنے کی ہمت دی، آپ نے ہمیں غلامانہ نیند میں سوئی ماضی کی حکومتوں کے خلاف جگایا ،آپ ہمارے دلوں میں رہنے والی امید ہیں۔

اداکار نے وزیراعظم کے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آپ سے لڑتے ہوئے یہ نہیں جانتے ہیں کہ ہم سب آپ کے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اداکار منیب بٹ اور بلال قریشی عمران خان  کے حق میں بیان جاری کرچکے ہیں۔

11 حلقوں کے ووٹر سپریم کورٹ جانے کو تیار، تحریک انصاف کے ووٹروں اور جماعت نے حکمت عملی مرتب کرلی: ذرائع

ذرائع کاکہناہے کہ تحریک انصاف کے ووٹروں اور جماعت نے تازہ صورتحال میں نئی حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے 11حلقوں کے ووٹر سپریم کورٹ جانے کو تیار ہوگئے ہیں۔ یہ ووٹر سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریںگے جس میں موقف اختیار کیاجائے گاکہ ہم نے ووٹ تحریک انصاف کودیئے تھے ‘ہمارے منتخب نمائندے ہماراووٹ کسی اور کو بیچ رہے ہیں۔ہم ان پرعدم اعتماد کرتے ہیں لہٰذا انہیں ڈی سیٹ کیا جائے۔تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ہرحلقے سے 20سے 25ہزار ووٹروں کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کیلئے پٹشنربنایاجائے گا‘ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیاہے۔ آئینی ماہرین کاکہناہے کہ یہ رٹ پٹیشنز حکومت کی درخواست کے ساتھ بھی منسلک ہوسکتی ہیں‘ لاکھوں ووٹر استدعالے کرسپریم کورٹ جائیںگے تو ان کی بات ضرورسنی جائے گی ۔

او آئی سی اجلاس کا کل سے آغاز، 150 سے زائد قراردادیں پیش ہونے کا امکان

پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کل پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں شروع ہو گا، دو روزہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر، مسلم امہ کو درپیش معاشی، سیاسی اور ثقافتی چیلنجز کیساتھ اسلامو فوبیا کے حوالے سے بھی غورکیا جائے گا۔ کانفرنس میں 150 سے زائد قراردادیں منظور ہونے کا امکان ہے۔
پاکستانی کی میزبانی میں 48 ویں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں حجاب ، مسئلہ کشمیر، پاکستان، بھارت امن عمل، کورونا، اسلامو فوبیا، مسلم اقلیتوں کے مسائل، افغانستان کی صورتحال سرفہرست ہوں گے، او آئی سی کی ازسرنو تشکیل اور چارٹر کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ افغانستان، او آئی سی اجلاس میں خصوصی انتظام کے تحت شرکت کرے گا جبکہ شام کی رکنیت تاحال معطل ہے۔ افغانستان کی صورتحال پر نمائندہ خصوصی کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ افغانستان میں او آئی سی کا غیرفعال دفتر بھی کھول دیا گیا ہے۔
او آئی سی سیکرٹری جنرل کی جانب سے حریت رہنماوں میر واعظ عمر فاروق، نصرت عالم اور دیگر کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم بھارت کی جانب انہیں پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ او آئی سی نے پاکستان میں موجود غلام محمد صفی، سید فیض حسین اور صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو بھی دعوت دی ہے۔
او آئی سی اجلاس کے دوران رابطہ گروپ برائے کشمیر کا وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس بھی ہو گا اور رابطہ گروپ کا اپنا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں 15 ممالک بحیثیت مبصر یا خصوصی حیثیت میں شرکت کریں گے، اب تک او آئی سی وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے 675 مبصرین نے تصدیق کر دی ہے۔ معاشی، معاشرتی، سیاسی، ثقافتی، قانونی امور بھی وزارتی کونسل اجلاس میں دیکھے جائیں گے۔

آرٹیکل 63 اے کی تشریح کا صدارتی ریفرنس، صدرعارف علوی نے منظوری دیدی

ہارس ٹریڈنگ کیخلاف صدارتی ریفرنس دائر کرنے کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے حوالے سے صدارتی ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی، ریفرنس سپریم کورٹ میں کل الصبح دائر کیا جائے گا۔
ریفرنس میں پوچھا گیا ہے کہ جب پارٹی ممبران واضح طور پر ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہوں، پیسوں کے بدلے وفاداریاں تبدیل کریں تو ووٹ کی قانونی حیثیت کیا ہو گی، معاشی مفادات کی وجوہ پر ایسے منحرف ارکان کی نااہلیت تا عمر ہوگی یا دوبارہ انتخاب لڑ سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق ریفرنس کو روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ سنانے کا مطالبہ بھی سپریم کورٹ سے کیا جائیگا۔
اس سے قبل ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی تھی، عمران خان کے مشیر برائے پالیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی ہدایت پر سمری وزارت پارلیمانی امور نے ارسال کی تھی۔ جسے وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے منظور کیا تھا اور یہ سمری صدر کو ارسال کر دی گئی تھی۔

آسٹریلیا کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھ رہی ہے اور ہم نے اس ٹیسٹ کے لیے کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن آسٹریلیا کو جلدی آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔

اداکارہ آمنہ ملک نے ثنا جاوید کے بعد دیگر اداکاراؤں کی اصلیت بے نقاب کر دی

اداکارہ آمنہ ملک نے شوبز انڈسٹری کے حالیہ تنازع پر کھل کر بات کی اور پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں سے متعلق چند انکشافات کیے ہیں۔

گزشتہ کچھ روز میں اداکارہ ثنا جاوید کے خلاف کئی میک اپ آرٹسٹس اور ماڈلز سامنے آئیں جنہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ ثنا جاوید کا رویہ سیٹ پر کافی غیر اخلاقی ہوتا ہے، وہ لوگوں کو خود سے کم تر سمجھتی ہیں اور کئی میک اپ آرٹسٹس کو نوکری سے فارغ کروا چکی ہیں۔

تاہم اب آمنہ ملک نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا اور انکشاف کیا کہ انڈسٹری میں ثنا وہ واحد اداکارہ نہیں ہیں جن کا معاون اداکاروں یا جونیئر اسٹاف کے ساتھ نامناسب رویہ ہوتا ہے۔

آمنہ نے کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ صرف ثنا بدتمیز ہیں، ایسا نہیں ہے یہ تو ایک ماڈل نے ہمت دکھائی اور ان کے ساتھ جو ہوا اسے بیان کیا، بعدازاں جو جو بھی اس سے متاثر تھے سب نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعات شیئر کیے۔

اداکارہ نےکہا کہ میں نام نہیں لوں گی لیکن ہماری انڈسٹری میں معروف اداکاراؤں کی اکثریت ایسا ہی کرتی ہے اور  وہ ایسے ہی بدتمیزی سے پیش آتی ہیں لیکن انہیں ایسا کرنے کا موقع کون دیتا ہے، انہیں بڑی اسٹارز کون بناتا ہے؟ یہ سب ہمارے ڈراموں کے ڈائریکٹرز اور  پروڈکشن ہاؤسز کرتے ہیں۔

آمنہ نے کہا کہ پروڈکشن والے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ان اداکاراؤں کو کچھ نہ کہو ورنہ یہ کام نہیں کریں گی اور ہمارا ڈرامہ رک جائے گا، ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کو چاہیے کہ ان لوگوں کو کام دینا بند کر دیں پھر دیکھیں، یہ بالکل ٹھیک ہو جائیں گی اور سیٹ پر بھی وقت پر آئیں گی۔

بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) نے بجلی 5 روپے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی درخواست کر دی۔

سی پی پی اے نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

سی پی پی اے کے مطابق فروری میں پانی سے 18.22 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ کوئلےسے 31.70 فیصد اور فرنس آئل سے 6.51 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق مقامی گیس سے 11.36 فیصد اور ایل این جی سے 15.16 فیصد بجلی پیدا ہوئی، اس کے علاوہ جوہری ایندھن سے بھی 12.53 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق فروری کے لیے ریفرنس فیول لاگت 4 روپے 25 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، سی پی پی اے نے فی یونٹ بجلی 4 روپے 99 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے جس پر سماعت 31 مارچ کو ہو گی۔