All posts by Khabrain News

کینیڈا کی مسجد میں ملزم کا کلہاڑی سے حملہ، متعدد افراد زخمی

کینیڈا : (ویب ڈیسک) کینیڈا کے شہر مسی ساگا کی مسجد میں ملزم کے کلہاڑی سے حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فجر کے وقت ایک شخص نے کلہاڑی سے حملہ کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ نمازیوں نے 24 سالہ حملہ آور کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مسجد پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پرتشدد واقعات کی کینیڈا میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

تحریک عدم اعتماد: قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا گیا

اسلام آباد: اپوزیشن کی کال پر قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کے گھر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام اور قانونی ماہرین  سے مشاورت کے بعد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلائے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروزجمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب بلائے جانے کے لیے 14 روز کی آئینی مدت 21 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔

تاہم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی اجلاس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں مرحوم ایم این اے کی دعائے مغفرت کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے بعد اجلاس کو آگے بڑھانے کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ اگر اسپیکر نے قومی اسمبلی کے 21 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے نہ بڑھائی تو ہم قومی اسمبلی میں ہی دھرنا دے دیں گے۔

اپوزیشن کے اس بیان کے بعد وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 کے بجائے 25 مارچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد، قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر سپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو دن گیارہ بجے طلب کرلیا۔
سپیکر اسد قیصر نے اسمبلی کا اجلاس آئین کی شق 54(3) اور شق 254 کے تحت تفویض اختیارات کو بروےکار لاتے ہوے طلب کیا ہے، اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس موجودہ قومی اسمبلی کا 41 واں اجلاس ھو گا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے 25 مارچ کو قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی وجوہات بھی اپنے حکم نامے میں بیان کر دیں ۔ 8 مارچ کو اجلاس بلانے کی ریکوزیشن اپوزیشن کی جانب سے موصول ہوئی، قومی اسمبلی نے او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس کے قومی اسمبلی ہال میں انعقاد کے لیے 21 جنوری کو قرار داد منظور کی تھی، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے لیے قومی اسمبلی چیمبر کو فروری کے آخر میں ضروری تزئین و آرائش کے لیے وزارت خارجہ کے سپرد کردیا گیا۔
اجلاس کی ریکوزیشن ملتے ہی سینیٹ سیکرٹریٹ سے سینیٹ ہال دینے کی درخواست کی گئی، سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی ہال کی تزئین و آرائش کے باعث چیمبر دینے سے انکار کر دیا، چئیرمین سی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی قومی اسمبلی اجلاس منعقد کرانے کے لیے کوئی موضوں جگہ تلاش کرنے کا کہا گیا، ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین سی ڈی اے نے بھی تحریری طور پر قومی اسمبلی اجلاس کے لئے کوئی موضوں جگہ نہ ہونے سے تحریری طور پر آگاہ کیا،تمام حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلانے کا فیصلہ کیا ۔

پاکستان کے محمد وسیم ورلڈ باکسنگ ٹائٹل کی اہم فائٹ ہار گئے

پاکستان کے باکسر محمد وسیم ورلڈ ٹائٹل کے لیے اہم فائٹ ہار گئے۔

دبئی میں ہونے والی فائٹ میں محمد وسیم کو ورلڈ چیمپیئن برطانیہ کے سنی ایڈورڈز نے شکست دی۔

محمد وسیم نے دفاعی چیمپئن سنی ایڈورز کو ٹف ٹائم دیا اور میچ ریفری نے فائٹ کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر کیا۔

سنی ایڈورز نے پاکستانی فائٹرز کو 111 کے مقابلے میں 115 پوائنٹس سے ہرایا اور میچ کے بعد دونوں باکسرز خوشگوار موڈ میں بھی نظر آئے۔

عوام نے عمران مافیا کو مسترد کر دیا ہے، شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے عمران مافیا کو مسترد کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ عوام نے آٹا، چینی، دوائی اور ان کی ترقی لوٹنے والے عمران مافیا کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت کو ایک منٹ مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں، ساڑھے تین سال میں 22 برس کے اپنے ہر دعوے پر یوٹرن لینے والے کا نام عمران نیازی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل بے ضمیری کا مظاہرہ کرنے والا آج اقتدار جاتا دیکھ کر ”اخلاق اور اصولوں” کے پیچھے چھپنے کی بزدلی دکھا رہا ہے

لاہور: غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ایئرپورٹ پر غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔
ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت نشاندہی کی اور کپتان کو رہنمائی فراہم کی۔ غیر ملکی ایئر لائن زیر تعمیر رن وے 18 لفٹ پر اترنے کے لیے اپروچ پر تھا۔
رن وے 18 مرمتی کام کی وجہ سے بند تھا جبکہ اپروچ اور ٹاور پر تعینات ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو لینڈنگ کرنے سے فوری طور پر روکا لیکن طیارہ زمین سے 200 فٹ سے بھی کم بلندی پر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی و قانونی شقوں سے روگردانی غداری، بغاوت کے زمرے میں آتی ہے، مریم اورنگزیب
اچانک ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر کپتان سے رابطہ کیا اور رہنمائی فراہم کی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے رن وے نمبر 18 رائٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

لوٹا نہیں ہوں ، پی ٹی آئی کی حکومت رہے گی تو میں رہوں گا، شوکت ترین

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ لوٹا نہیں ہوں ، پی ٹی آئی کی حکومت رہے گی تو میں رہوں گا ۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت رہے گی تو میں رہوں گا۔پی ٹی آئی نہیں رہے گی تو میں بھی نہیں رہوں گا۔معزرت کے ساتھ لیکن میں لوٹا نہیں ہوں۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے خوشی کے انڈیکس میں پاکستان سات درجے بہتر ہوا ہے۔پاکستان اگر 67 نمبر پرہے تو ایشیا میں پہلے 15 ملکوں میں ہے۔
ان کہنا ہے کہ ہمارے ہاں تاثر ہے کہ یہاں مارا ماری ہے، عذاب آگیا ہے۔عوام کے ناخوش ہونے کا تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیکن خوشی کے انڈیکس میں ترقی بہتری کو ثابت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مرچ، دال، انڈے، چینی اورآلو کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔جنوری میں مینوفیکچرنگ 8.2 فیصد بڑھی ہے۔ہماری گروتھ مضبوط ہے۔زراعت میں فصل بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ریزروز16.6 بلین ڈالرز پر کھڑے ہیں۔ہمارا کرنٹ اکاونٹ خسارہ 545 ملین پر آ گیا ہےہماری امپورٹس میں کمی ہوئی ہے، 5.2 بلین پر آ گئی ہے۔ معاشی اعشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی آرہی ہے۔حساس قیمتوں کا اعشاریہ 36 ماہ کی کم ترین سطح پر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پوچھا ہے پیٹرول پر ریلیف کا خسارہ کیسے پوراکریں گے۔ ہم نے ہوم ورک مکمل کیاہواہےان کودےدیں گے۔

شیری رحمان نے سپیکر قومی اسمبلی سے 21 مارچ کو اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے سپیکر قومی اسمبلی سے 21 مارچ کو اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا، شیری رحمان کاکہناہے کہ ریکیوزیشن کے بعد سپیکر 14 دن کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی ریکیوزیشن کی مدت 21 مارچ کو پوری ہو رہی ہے،اجلاس بلانے میں تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہے، سپیکر کے پاس اجلاس میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، سپیکر اپنی جماعت کی عددی پوزیشن پوری ہونے کے انتظار میں آئین کے خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔
شیری رحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو کا اجلاس بلانے اور عدم اعتماد ایجنڈا پر لانے کا مطالبہ جائز اور آئینی ہے، سپیکر قومی اسمبلی تحریک انصاف کے کارکن کا کردار ادا کر رہے ہیں، ہائوس کے کسٹوڈین کا نہیں، سپیکر وزیر اعظم کو بچانے کے لئے تحریک انصاف کے ٹائیگر فورس کا کردار ادا نہ کریں، وہ آئین کو پامال کرنے کے مجرم ہونگے اور ان پر آرٹیکل 6 لاگو ہوگا، سپریم کورٹ نے بھی حکم دیا ہے کہ عدم اعتماد کا معاملہ آئین کے مطابق ہونا چاہئے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کسی وزیراعظم کو ہٹانے کا آئینی راستہ ہے، سپیکر اس کو روکنے کے لئے غیر آئینی اقدامات نہ اٹھائیں، سپیکر عمران خان کو بچانے کے لئے آئین شکنی نہ کریں۔

آئینی و قانونی شقوں سے روگردانی غداری، بغاوت کے زمرے میں آتی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئینی و قانونی شقوں سے روگردانی غداری اور بغاوت کے زمرے میں آتی ہے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 54 کی کلاز 3 کے تحت ایک چوتھائی ارکان ریکوزیشن درخواست جمع کرائیں تو اسپیکر اجلاس بلانے کا پابند ہے۔ آئین کے آرٹیکل 54 میں لکھا ہے کہ اسپیکر 14 روز سے زائد تاخیر نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف نے 8 مارچ کو ریکوزیشن جمع کرائی تھی اور اس طرح سے آخری دن 22 مارچ بنتا ہے۔ اسپیکر نے 22 مارچ سے پہلے اجلاس نہ بلایا تو آئین شکنی ہو گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین شکنی کے بارے میں آرٹیکل 5 واضح ہے اور آرٹیکل 6 میں سزا لکھی ہوئی ہے جبکہ آرٹیکل 95 میں عدم اعتماد کی تحریک کا طریقہ کار واضح ہے۔ آئین اسپیکر کو تحریک جمع ہونے کے بعد 7 دن کے اندر کارروائی مکمل کرنے کا پابند کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک جمع ہونے کے بعد سپیکر 3 دن کے بعد اور 7 دن سے پہلے رائے شماری کرانے کا پابند ہے اور ایوان کو چلانے کے رول 37 تمام متعلقہ طریقہ کار کی مکمل وضاحت کرتا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ایوان کو چلانے کے لیے رول 37 تمام متعلقہ طریقہ کار کی مکمل وضاحت کرتا ہے۔ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت کے بعد اسپیکر اجلاس ملتوی نہیں کرسکتا۔ آئینی و قانونی شقوں سے روگردانی ملک سے غداری اور بغاوت کے زمرے میں آتی ہے۔

منحرف اراکین تا حیات نا اہل ہوں گے،فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ تمام منحرف اراکین تاحیات نااہل ہوں گے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔منحرف ارکان کو7دن کے اند رپوزیشن واضح کرنے کا کہا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے بعد ان کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی کارروائی ہوگی۔تمام اراکین تاحیات نااہل ہوں گے ۔مخصوص نشستوں پر نئے ممبران نامزد کیے جارہے ہیں۔