All posts by Khabrain News

لاہور ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے، بابر اعظم

لاہور : (ویب ڈیسک) کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ لاہور ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے، تیرہ سال بعد لاہور میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پر جوش ہیں۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نےپری میچ ورچوئل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیرہ سال بعد ہم لاہور میں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ تمام کھلاڑی پرجوش ہیں ۔ہوم گراونڈ میں کھیلنے کا مزہ اپنا ہی ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میچ جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ جیتنےکی پوری کوشش کریں گے نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ ٹاس جیتنے والی ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے۔ پاکستان ٹیم نے تگڑا کھیلا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز جیتنے سے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ آخری میچ سے کھلاڑیوں کو بہت اعتماد ملا ہے۔ فائنل الیون سے متعلق آج میٹنگ کے بعد فیصلہ ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور کی وکٹ ایک جیسی لگ رہی ہے، مجھے لگتا ہے کہ وکٹ اسپن ہوگی۔ وکٹ پر چھوٹے چھوٹے کریکس ہیں۔ باولنگ صرف اس لیے کرتا ہوں کہ پارٹنرشپ توڑ سکوں۔ رضوان نےنیٹس میں جو باولنگ کی وہ صرف کھلاڑیوں کو مدد کرنے کے لیے کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اظہر علی اچھے کھلاڑی ہے، ہم ان کو نہیں بیٹھا سکتے، کھلاڑیوں پر تنقید ہوتی رہتی ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے ٹیسٹ میچ کے دوران تحمل کا مظاہرہ کیا۔

سری لنکا میں پیپرز کی کمی، امتحانات ملتوی

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں پرنٹنگ پیپر نہ ہونے کے باعث ہزاروں اسکولوں کے امتحانات منسوخ کر دیئے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے پاس درآمدات کے لیے ڈالرز کی کمی کی وجہ سے کاغذ کی کمی کا مسئلہ پیدا ہوا۔
شعبہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ امتحانات جو پیر کو شروع ہونا تھے انہیں منسوخ کر دیا گیا۔ اسکولوں کے پرنسپل امتحانات نہیں لے پا رہے کیونکہ چھاپہ خانے ضروری کاغذ اور سیاہی درآمد کرنے کے لیے زرمبادلہ کی کمی کا شکار ہیں۔
حکام کے مطابق پرنٹنگ کے کاغذ کی قلت کی وجہ سے ملک بھر کے 45 لاکھ طلبہ میں دو تہائی متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کو سنگین معاشی صورتحال کا سامنا رہا ہے اور اس کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے ملک کے لیے کھانے پینے کی بنیادی اشیا، ایندھن اور دوائیوں جیسی اشیا کا حصول ایک چیلنج بن گیا ہے۔
پیسوں کی کمی کے شکار سری لنکا نے رواں ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ بدترین معاشی بحران سے نکلنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا بیل آؤٹ پیکج لے گا جبکہ سری لنکا کی جانب سے چین سے قرضے کی درخواست کی گئی تھی تاہم چین نے سری لنکا کو کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے تصدیق کی کہ وہ سری لنکن صدر کی بیل آؤٹ پیکج کی درخواست پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔

افغانستان میں خوراک کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ ہو چکا

افغانستان : (ویب ڈیسک) افغانستان میں خوراک کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ شدید ہونے لگا۔
اقوام متحدہ کی فوڈ ایجسنی نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جنگ کہ وجہ سے عالمی اقتصادیات کو نقصان ہو رہا ہے۔ جس کے بالخصوص غریب اور تنازعات کے شکار ممالک پر شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی ترجمان شیلی ٹھاکرال نے بتایا کہ صرف افغانستان میں خوراک کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ افغانستان میں گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ایک بلین ڈالر خرچ کر چکا ہے لیکن اسے مزید ڈیڑھ بلین ڈالر کی ضرروت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد غریب ممالک میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔

روس فوری طور پر تازہ مذاکرات شروع کرے ، یوکرینی صدر کا مطالبہ

یوکرین : (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس فوری طور پر تازہ مذاکرات شروع کرے۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ تاخیر کے بغیر تازہ مذاکراتی عمل شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہی واحد راستہ ہے، جس سے روس اپنی غلطیوں سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کر سکتا ہے۔
انہوں نےروسی جارحیت کی وجہ سے یوکرین میں ہونے والی تباہی کو قابل افسوس قرار دیا۔زیلنسکی نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ماسکو حکومت یوکرین کی خودمختاری اور سالمیت کو تسلیم کر لے۔
صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ اس وقت آپ سب مجھے سنیں، خاص طور پر ماسکو کے لوگ۔ ملاقات کا وقت آ گیا ہے، بات چيت کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ یوکرین کی علاقائی سالمیت اور انصاف کو بحال کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا توروس کا نقصان اتنا زیادہ ہو گا کہ اس نقصان کو پورا کرنے میں آپ کو کئی نسلیں لگ جائیں گی۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکراتی عمل جاری ہے تاہم جنگ بندی کے حوالے سے ابھی تک کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔

غیر ویکسین شدہ افراد بھی عمرہ ادا کرسکیں گے

سعودی عرب: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے غیر ویکسین شدہ افراد کو عمرہ کرنے اور مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وبا کی صورتحال مستحکم ہے جس کے باعث اب غیر ویکسین یافتہ افراد کو بھی عمرہ ادا کرنے اور مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق صرف ان غیر ویکسین یافتہ افراد کو عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی جو اس سے پہلے کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوئے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ صرف انہیں غیر ویکسین یافتہ افراد کو عمرہ کی اجازت ہو گی جنہوں نے کورونا کے شکار کسی مریض سے میل جول نہ کیا ہو۔

شعیب کی سادگی پسند آئی تھی، ثانیہ مرزا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ مجھے شعیب کی سادگی پسند آئی تھی۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی محبت کے آغاز سے متعلق بتا دیا۔ پروگرام میں ازدواجی زندگی سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر ثانیہ مرزا بول پڑھیں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا سے جب سوال کیا گیا کہ آپ کی خوبصورت محبت کی کہانی کا آغاز کب ہوا ؟ تو شعیب ملک نے اپنے ہاتھ کھڑے کر لیے اور کچھ بھی کہنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ثانیہ سے ہی پوچھیں۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ ہم پہلی بار 2004 یا 2005 میں بھارت میں ملے تھے۔ شعیب ملک ٹور پر بھارت آئے تھے اور ہماری پہلی ملاقات دہلی میں ہوئی لیکن یہ ملاقات ایک بہت عام سی تھی جس میں ہم نے عام سی باتیں کیں لیکن اس ملاقات کے بعد ہماری بات چیت شروع ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں ہماری محبت کا آغاز 2009 میں ہوا تھا اور مجھے شعیب کی سادگی پسند آئی تھی۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ انہیں ثانیہ کی خوبصورتی پسند آئی تھی جبکہ ثانیہ سے پہلی ملاقات کے بعد ہی امی ابو کو کال ملائی تھی اور انہیں اپنی پسندیدگی کے حوالے سے بتایا تھا۔ ثانیہ سے بات چیت کے 4 ماہ بعد ہم نے شادی کر لی۔

پاک آسٹریلیا تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا کل سے لاہور میں آغاز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک آسٹریلیا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے لاہور میں شروع ہو گا، صبح 10 بجے قذافی سٹیڈیم میں کرکٹ ایکشن شروع ہوگا۔سیریز کے پہلے دونوں ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہو گئے تھے۔
2009 کے بعد قذافی سٹیڈیم ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے لیے تیار ہے جہاں پاکستان اور آسٹریلیا تیسرے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ آئی سی سی اکیڈمی کے چیف کیوریٹر کی زیر نگرانی پچ بھی تیار کر لی گئی، اہم مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کی بھرپور پریکٹس جاری ہے۔
کراچی میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دینے والی ٹیم پاکستان نے لاہور ٹیسٹ میں جیت پر نظریں جما لی ہیں، دوسری جانب مہمان ٹیم نے بھی فیصلہ کن مقابلے میں فتح حاصل کر کے سیریز اپنے نام کرنے کی ٹھان لی ہے۔
سیریز کے پہلے دونوں ٹیسٹ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگئے تھے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کی پہلی اور پاکستان کی دوسری پوزیشن ہے ۔

وزیرخارجہ سے مصری ہم منصب کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے مصر کے ہم منصب نے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا 48 واں اجلاس 22 مارچ کو اسلام آباد میں شروع ہو گا جس کیلئے وزرائےخارجہ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مصر کے وزیرخارجہ سامع شکری آج اسلام آباد پہنچے جہاں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے مہمان کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ او آئی سی کا اجلاس 2 روز جاری رہے گا جس میں 48 رکن ممالک کے وزرا شرکت کریں گے، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے ارکان 23 مارچ کو منائے جانے والے 75 ویں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب مسلح افواج کی پریڈ میں بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

نہیں چاہتا ثانیہ کبھی عدنان صدیقی کے ساتھ کام کرے: شعیب ملک

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ اگر ثانیہ پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرتی ہیں تو کبھی نہیں چاہوں گا کہ وہ اداکار عدنان صدیقی کے ساتھ کام کریں۔

شعیب ملک نے اپنے خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام میں کیا جہاں ثانیہ اور شعیب کو بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا۔

پروگرام میں اسپورٹس کی اس جوڑی سے ذاتی زندگی سمیت ان کے کیرئیر سے متعلق متعدد سوالات کیے گئے جن کا دونوں نے جواب دیا۔ اسی دوران شعیب ملک سے ان کی بالی وڈ کی پسندیدہ اداکارہ کے بارے میں سوال پوچھاگیا۔

اس سے پہلے کہ شعیب جواب دیتے، ثانیہ نے یکدم کہا کہ کرینہ کپور جس پر کرکٹر نے تائید    کی اور بتایا کہ انہیں کرینہ خاصی پسند ہیں۔

میزبان نے شعیب ملک سے پاکستان کی پسندیدہ اداکارہ کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ گو وہ مجھ سے بہت چھوٹی ہیں لیکن انہیں پسند کرتا ہوں اور وہ ہیں ہانیہ عامر، لیکن اگر میں نے کبھی شوبز میں ڈیبیو کیا تو اپنی بہترین دوست اشنا شاہ کے ساتھ کرنا چاہوں گا۔

وزیراعظم نے 27 مارچ کو ڈی چوک جلسے کے عنوان کا لوگو ٹویٹ کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو ڈی چوک میں جلسے کا لوگو ٹویٹ کر دیا۔
وزیراعظم کا 27 مارچ کو ڈی چوک جلسے کے حوالے سے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ انشااللہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں امر بالمعروف کریں گے۔ حق کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہتے ہیں عوام کی حاضری کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں۔ وزیراعظم نے جلسے کےعنوان کا لوگو بھی ٹویٹ کیا۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر عمران خان کی عوامی رابطہ مہم جاری ہے جس کے تحت وہ مختلف شہروں میں بڑے عوامی جلسے کر رہے ہیں، وزیراعظم ایک روزہ دورے پر آج ملاکنڈ جائیں گے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج درگئی میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ وزیراعظم عمران خان عوام سے خطاب کریں گے۔