All posts by Khabrain News

وزیراعظم کی عوامی رابطہ مہم، ملاکنڈ میں آج جلسے سے خطاب کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم ایک روزہ دورے پر آج ملاکنڈ جائیں گے جہاں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم جاری ، وزیراعظم ایک روزہ دورے پر آج ملاکنڈ جائیں گے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج درگئی میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ وزیراعظم عمران خان عوام سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم مالاکنڈ جانے سے قبل اجلاس کی صدارت کریں گے، حکومتی سیاسی کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں ہو گا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت ہو گی۔اجلاس میں ارکان اسمبلی اور اتحادیوں سے رابطوں پربھی بات ہو گی، صدارتی ریفرنس کی تیاری سے متعلق یھی آگاہ کیا جائے گا ۔
وزیراعظم نے 27 مارچ کو ڈی چوک میں ہونے والے جلسے کا لوگو بھی ٹویٹ کیا، اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ انشااللہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں امر بالمعروف کریں گے۔ حق کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہتے ہیں عوام کی حاضری کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں۔ سیاسی مافیاز کی طرف سے ان کی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کے لیے سیاست دانوں کو خریدنے کی مذمت کرتے ہیں۔

چین نے روس پر معاشی پابندیوں کو شرمناک قرار دے دیا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے نائب وزیرخارجہ “لی یوچینگ” نے یوکرین جنگ کے ردعمل میں روس پر معاشی پابندیوں کو شرمناک قرار دے دیا۔
چینی نائب وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ روس کے خلاف پابندیاں شرم ناک ہوتی جا رہی ہیں، روسی شہریوں کو بغیر کسی وجہ کے بیرون ملک اثاثوں سے محروم کیا جا رہا ہے۔
لی یوچینگ نے ماسکو کے نقطہ نظر کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کو مشرق کی طرف مزید توسیع نہیں کرنی چاہیے جس کی وجہ سے روس جیسی جوہری طاقت ’دیوار‘ سے لگنے پر مجبور ہو جائے۔

روس کا میکولائیو میں فوجی بیرکس پر حملہ، درجنوں یوکرینی فوجی ہلاک

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے شہر میکولائیو میں فوجی بیرکس پر روس کے تازہ حملے میں درجنوں یوکرینی فوجی ہلاک ہو گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے جنوبی شہر میکولائیو میں فوجی بیرکس میں 200 فوجی موجود تھے، روس کی جانب سے صبح سویرے ہونے والے حملے میں کم از کم 100 فوجیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب روس کے فوجی حکام نے کہا ہے کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں پہلی بار ہائپر سانک میزائل سے حملہ کیا گیا جس سے ایک اسلحہ ڈپو تباہ ہو گیا ہے۔

ملتان: واسا سکیموں کیلئے 8 ارب درکار، حکومت نے ایک ارب دے کر خاموشی سادھ لی

ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان میں واسا کی 9 پرانی اور 52 نئی سکیموں کیلئے 8 ارب روپے کا بجٹ درکار ہے ، حکومت نے ایک ارب دے کر خاموشی اختیار کر لی۔
تاریخی شہر ملتان میں تیرہ سو کلو میٹر کی لائن اپنی پینتیس سالہ میعاد پوری کر چکی ہے جس کی تبدیلی کیلئے حکومت نے 8 ارب روپے منظور کر کے صرف ایک ارب روپے فراہم کیے جس کی وجہ سے فنڈز کی قلت کو جواز بنا کر تا حال دو سو کلو میٹر کی لائن ہی تبدیل کی جاسکی ہے جس سے چونگی نمبر نو، پرانا شجاع آباد اور نواب پور میں سڑک بیٹھنے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں جس کا شہریوں اور تاجروں نے حکومت سے صورتحال کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ایم ڈی واسا کا موقف ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث محکمے کیلئے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے تاہم محدود وسائل مختلف شاہراہوں پر سیوریج لائن کی مرمت کا کام جاری ہے جس کیلئے حکومت سے سپلیمنٹری گرانٹ بھی مانگ لی ہے۔
فنڈز کی عدم دستیابی پر چونگی نمبر نو ڈسپوزل کی اپ گریڈیشن اور دریائے چناب پر واٹرٹریٹمنٹ کا منصوبہ تاحال شروع نہیں ہو سکا جس سے سیوریج کے مسائل بھی کافی حد تک بڑھ گئے ہیں۔

کراچی میں فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت تین اہلکار زخمی، ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں شہری نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او سمیت تین پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا، فائرنگ کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
کراچی کے علاقے شرافی کالونی میں شہری نے فائرنگ کر کے ایس ایچ او سمیت تین پولیس اہکاروں کو زخمی کر دیا ، فائرنگ کرنے والا ملزم مجید بھی پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے سہراب گوٹھ میں تعینات پولیس اہلکار ندیم اور مجید نامی شخص کے درمیان مجید کی جانب سے اسلحہ کی نمائش کرنے سے منع کرنے پر جھگڑا ہوا تو ملزم مجید نے ندیم پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او شرافی گوٹھ عدیل شاہ پولیس پارٹی کے ہمراہ پہنچے تو ملزم نے پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او عدیل شاہ اور اہلکار یاسر بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے ملزم کو خود کو قانون کے حوالے کرنے کا کہا لیکن ملزم اپنے گھر سے پولیس پر فائرنگ کرتا رہا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ملزم مجید شدید زخمی ہوا، اسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے ملزم کی لاش قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کردی ہے۔

وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک مقرر کر دیا گیا، ان کو 21 فروری سے اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک تقررکر دیا گیا، اعظم خان کی تقرری کا نوٹیفکیشن 21 فروری کو جاری کیا گیا۔ ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نوید کامران کی مدت ملازمت 30 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے ۔
اعظم خان کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک تقرری 4 سال کے لئے کی گئی ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک، خیبر پی کے اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چندمقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج خیبرپختونخوا میں چترال، سوات، ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، پنجاب ،سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔
کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی ہے۔

کورونا ہلاکتوں میں نمایاں کمی، ایک شخص جاں بحق، 375 افراد وائرس کا شکار

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے مزید ایک شخص دم توڑ گیا، 375 نئے مریض بھی سامنے آ گئے۔
کورونا کی پانچویں لہر میں کمی کے بعد مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ صفر چھ ریکارڈ کی گئی، مزید ایک مریض دم تو ڑگیا،جاں بحق افراد کی تعداد تیس ہزار تین سو انتیس ہوگئی۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 375 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا، متاثرہ افراد کی تعداد پندرہ لاکھ اکیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 286 مریض صحت یاب ہوئے، صحت پانے والے افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 75 ہزار 759 ہوگئی۔
گذشتہ روز 33 ہزار 225 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک بھر میں 2 کروڑ 71 لاکھ 45 ہزار 508 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا سے متاثر 506 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔=
صوبہ پنجاب میں تاحال 5 لاکھ 4 ہزار 393 کیسز پائے گئے ہیں، سندھ میں 5 لاکھ 73 ہزار 579 ، خیبرپختونخوا 2 لاکھ 18 ہزار 629 جبکہ بلوچستان میں 35 ہزار 458 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد ایک لاکھ 34 ہزار 951، اور گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 664 پائی گئی ہے، آزاد کشمیرمیں کورونا مریضوں کی تعداد 43 ہزار 214 تک پہنچ گئی ہے۔

’ہماری زمین پر قدم رکھنے کی اجازت نہیں‘: برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ منسوخ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے احتجاج کے باعث وسطی امریکا کے ملک بیلیز کا دورہ منسوخ کردیا۔
شاہی محل ’کینسنگٹن پیلس‘ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے نے دورہ کیریبیئن منسوخ کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شاہی جوڑے کا ارادہ کیریبیئن ممالک کے دورے کا تھا جس کا آغاز بیلیز سے ہونا تھا۔
اس دورے سے قبل مقامی لوگوں کی جانب سے احتجاج کے باعث صورتحال کشیدہ ہونے کا خدشہ تھا جس کے باعث شاہی جوڑے نے دورے کا ارادہ ملتوی کردیا۔
محل سے جاری اعلامیے میں تصدیق کی گئی کہ انڈین کرِیک کے لوگوں سے متعلق حساس مسائل کے باعث دورے کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ شاہی جوڑا اتوار سے آٹھ روزہ دورے پر پہلے دن کاکاؤ فارم میں گزارنے والا تھا۔
رپوٹس کے مطابق بیلیز کے قدیم مقامی باشندے طویل عرصے سے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور شاہی جوڑے کے دورے کے موقع پر شدید احتجاج کا امکان تھا۔
مقامی مایا قبیلے نے تصدیق کی ہے کہ اس دورے سے متعلق ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ انڈین کریک ویلج کے سربراہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے شاہی جوڑا ہماری سرزمین پر قدم رکھے، ہمارا انہیں واضح پیغام ہے کہ وہ کہی بھی جاسکتے ہیں لیکن انہیں ہماری زمین پر قدم رکھنے کی انہیں اجازت نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق شاہی جوڑے کا ارادہ تھا کہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر بیلیز، جمیکا اور بہاماس کا دورہ کریں۔

روس نے یوٹیوب کو خبردار کردیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی حکام نے ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم گوگل سے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیوب پر روسی شہریوں پر مختلف انداز میں دباؤ ڈالنا بند کیا جائے، اگر ایسا نہ گیا تو ملک بھر میں سروسز اس کی معطل کردی جائیں گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے روس میں موجود گوگل کے ترجمان نے تاحال کوئی مؤقف نہیں دیا۔
روسی ریگولیٹرز کا کہنا ہے کہ یوٹیوب پر اشتہارات کے ذریعے روس کے خلاف منفی پیغامات نشر کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ پلیٹ فارم روس مخالفت پر اتر آیا ہے۔ یوٹیوب انتظامیہ کے اقدامات دہشتگردی کے زمرے میں آتے ہیں جس کی وجہ سے روسی شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہیں۔
ریگولیٹرز نے واضح طور پر ایسی اشتہاری مہم کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گوگل یوٹیوب پر روس مخالف ویڈیوز نشر کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔
خیال رہے کہ یوٹیوب روس کے سرکاری میڈیا کو دنیا بھر میں بلاک کرنے کے بعد مواصلاتی ریگولیٹرز اور سیاسی رہنماؤں کے شدید دباؤ میں ہے۔
دوسری جانب حیرت انگیز طور پر میٹا کے پلیٹ فارمز پر سوشل میڈیا صارفین کو روس کے خلاف منفی پیغامات پوسٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جس کی وجہ سے ماسکو نے رواں ہفتے انسٹاگرام کو بلاک کردیا جبکہ روسی میڈیا کی سرگرمیاں محدود کرنے پر صارفین کی فیس بک تک رسائی بھی معطل کردی گئی تھی۔
رواں ماہ یوکرینی ہیکرز کی بڑی تعداد نے نئے اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں بیلاروس میں ریلوے نیٹ ورک بھی شامل تھا۔
ماسکو کا قریبی اتحادی بیلاروس روسی افراج کو یوکرین میں داخل ہونے کیلئے راستہ فراہم کررہا ہے