All posts by Khabrain News

آسٹریلیا کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھ رہی ہے اور ہم نے اس ٹیسٹ کے لیے کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن آسٹریلیا کو جلدی آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔

اداکارہ آمنہ ملک نے ثنا جاوید کے بعد دیگر اداکاراؤں کی اصلیت بے نقاب کر دی

اداکارہ آمنہ ملک نے شوبز انڈسٹری کے حالیہ تنازع پر کھل کر بات کی اور پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں سے متعلق چند انکشافات کیے ہیں۔

گزشتہ کچھ روز میں اداکارہ ثنا جاوید کے خلاف کئی میک اپ آرٹسٹس اور ماڈلز سامنے آئیں جنہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ ثنا جاوید کا رویہ سیٹ پر کافی غیر اخلاقی ہوتا ہے، وہ لوگوں کو خود سے کم تر سمجھتی ہیں اور کئی میک اپ آرٹسٹس کو نوکری سے فارغ کروا چکی ہیں۔

تاہم اب آمنہ ملک نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا اور انکشاف کیا کہ انڈسٹری میں ثنا وہ واحد اداکارہ نہیں ہیں جن کا معاون اداکاروں یا جونیئر اسٹاف کے ساتھ نامناسب رویہ ہوتا ہے۔

آمنہ نے کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ صرف ثنا بدتمیز ہیں، ایسا نہیں ہے یہ تو ایک ماڈل نے ہمت دکھائی اور ان کے ساتھ جو ہوا اسے بیان کیا، بعدازاں جو جو بھی اس سے متاثر تھے سب نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعات شیئر کیے۔

اداکارہ نےکہا کہ میں نام نہیں لوں گی لیکن ہماری انڈسٹری میں معروف اداکاراؤں کی اکثریت ایسا ہی کرتی ہے اور  وہ ایسے ہی بدتمیزی سے پیش آتی ہیں لیکن انہیں ایسا کرنے کا موقع کون دیتا ہے، انہیں بڑی اسٹارز کون بناتا ہے؟ یہ سب ہمارے ڈراموں کے ڈائریکٹرز اور  پروڈکشن ہاؤسز کرتے ہیں۔

آمنہ نے کہا کہ پروڈکشن والے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ان اداکاراؤں کو کچھ نہ کہو ورنہ یہ کام نہیں کریں گی اور ہمارا ڈرامہ رک جائے گا، ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کو چاہیے کہ ان لوگوں کو کام دینا بند کر دیں پھر دیکھیں، یہ بالکل ٹھیک ہو جائیں گی اور سیٹ پر بھی وقت پر آئیں گی۔

بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) نے بجلی 5 روپے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی درخواست کر دی۔

سی پی پی اے نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

سی پی پی اے کے مطابق فروری میں پانی سے 18.22 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ کوئلےسے 31.70 فیصد اور فرنس آئل سے 6.51 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق مقامی گیس سے 11.36 فیصد اور ایل این جی سے 15.16 فیصد بجلی پیدا ہوئی، اس کے علاوہ جوہری ایندھن سے بھی 12.53 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق فروری کے لیے ریفرنس فیول لاگت 4 روپے 25 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، سی پی پی اے نے فی یونٹ بجلی 4 روپے 99 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے جس پر سماعت 31 مارچ کو ہو گی۔

میں نے کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا نہ مجھےکوئی دو نمبر کہے گا،چوہدری نثار

سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے چکری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے عہدوں کی جتنی آفر مجھے ہوتی ہےکسی کونہیں ہوتی،لوگ تو اقتدار کیلئے جوتیاں اٹھانےکو تیار ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چار سال سے اقتدار کا روزہ رکھا ہوا ہے،اب لگ رہا ہے بہت جلد اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ روزہ کھولوں گا۔
چوہدری نثار کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ حلقے کے عوام کو میرے لئے ووٹ مانگنے پر کبھی شرمندگی نہیں ہو گی، میں نے کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا نہ مجھےکوئی دو نمبر کہے گا۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین سنجے دت کو ’’دہشت گرد‘‘ کیوں کہہ رہے ہیں؟

بھارتی سوشل میڈیا صارفین بالی ووڈ کے سنجو بابا اداکار سنجے دت کو ’’دہشت گرد‘‘ کہہ رہے ہیں۔
چند روز پہلے اداکار سنجے دت اور سابق پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی۔
تصویر میں سابق صدر پرویز مشرف کو وہیل چیئر پر بیٹھے جا سکتا ہے جب کہ سنجے دت ان کے برابر میں کھڑے ہوکر کوئی بات کرر ہے ہیں۔ دونوں نے جم کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں جس سے یہ ظاہر ہورہا ہے دونوں کسی جم میں ہیں۔ تاہم یہ تصویر کب کی ہے اس حوالے سے فی الحال کوئی تفصیل منظر عام پر نہیں آئی۔
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں دونوں کی ملاقات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں بلکہ حادثاتی طور پر ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا پر سابق پاکستانی صدر اور بالی ووڈ اداکار کی تصویر وائرل ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین سنجے دت اور جنرل پرویز مشرف کی ملاقات پر غصے کا اظہار کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سنجے دت اور سابق صدر پرویز مشرف کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
ایک ٹوئٹر صارف نے تو اس عام سی ملاقات کو ایک الگ ہی رنگ دیتے ہوئے سنجے دت کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دے دیا۔ ایک ٹوئٹر صارف نے کہا حیرت ہے کیا اس ملاقات کے بارے میں سیکیورٹی ایجنسیز کو معلوم ہے؟
کچھ بھارتی صارفین تو اتنے برہم نظر آئے کہ بھارتی ریاست ارونا چل پردیش کی حکومت سے سنجے دت کو ریاست کے برانڈ ایمبیسیڈر سے ہی ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ سنجے دت اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے دونوں کی وائرل تصویر کے بارے میں مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

لاہور ائیرپورٹ پر بحرین سے آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر غیرملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ائیرٹریفک کنٹرولرنے بروقت کارروائی کی جس کے باعث غیرملکی طیارہ حادثےسےبال بال بچ گیا۔
ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کے کپتان نے بحرین سے لاہور پہنچنے والی پرواز کو زیر تعمیر رن وے پر اتارنے کی کوشش کی جس پر ائیر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو لینڈنگ کرنے سے فوری طور پر روکا۔

عدم اعتماد آئینی حق ہے، جو آئین توڑےگا اسے آرٹیکل6 کاسامنا کرنا پڑیگا، شاہد خاقان

مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ عدم اعتماد ایک جمہوری اور آئینی حق ہے، جو آئین توڑےگا وہ اسپیکر ہو، وزیراعظم ہویا کوئی اور اسے آرٹیکل6 کاسامنا کرنا پڑے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی، جمہوری اور پارلیمان کاعمل آئین کےمطابق ہونا ضروری ہے، حکومت کو آئین، جمہوری قدروں اورپارلیمان کی پرواہ نہیں، اجلاس14دن کےاندرنہ بلاکرثابت کردیا گیاکہ وہ ہرحیلہ بہانہ کریں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کولٹکایا نہیں جاسکتا، آپ کو سامنا کرنا ہوگا، جو لوگ عمران خان سے منحرف ہیں انھوں نے ہی عمران خان کو اقتدار دیا تھا، کنٹینر کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے، یہ نہ تو سینیٹ الیکشن ہے اور نہ ہی جی بی الیکشن جہاں پیسوں کا استعمال ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ اقتدار کو چھوڑ کر اپوزیشن میں شامل ہونا چاہتے ہیں، اسپیکر پہلے دن سے جانبدار تھا، آج بھی جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں منی لانڈرنگ کی سب سے بڑی مثال فارن فنڈنگ کیس ہے، آج نیب اور ایف آئی اے خاموش ہے، عمران خان بتائیں شہزاد اکبر نامی شخص کہاں ہے؟

متحدہ عرب مارات کا شامی صدر کی میزبانی کرنا مایوس اور پریشان کن ہے، امریکا

شام کے صدر بشار الاسد سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے اور ملک کے حکمرانوں سے ملاقات کی تاہم امریکا نے اپنے اتحادی ملک امارات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 10 سالہ خانہ جنگی کے بعد شام کے صدر بشارالاسد پہلی بار متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچ گئے تاہم امریکا کو اس دورے سے زیادہ خوشی نہیں ہوئی۔
شام کے صدر نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم اور ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔
شامی صدر کے امارات کے دورے پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم بشار الاسد کو قانونی حیثیت دینے کی اس واضح کوشش سے سخت مایوس اور پریشان ہیں۔
ترجمان نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ صدر بشار الاسد ہزاروں شامی شہریوں کے قتل عام، لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے اور ہزاروں کے معذور ہونے کے ذمہ دار اور جواب دہ ہیں۔

طالبان نے 3 صحافیوں کو رہا کردیا.

طالبان حکومت نے طلوع ٹی وی سے تعلق رکھنے والے تین صحافیوں کو رہا کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا کریک ڈاؤن کے دوران طالبان حکام نے مقامی ٹیلی وژن ’’طلوع نیوز‘‘ پر چھاپہ مارا اور تین صحافیوں کو گرفتار کرکے لے گئے تھے تاہم اب صحافیوں کو رہا کردیا گیا۔
ترجمان طالبان نے کہا کہ 2 صحافیوں کو گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ہی رہا کردیا گیا تھا جن میں ڈائریکٹر نیوز اور قانونی مشیر شامل تھے تاہم نیوز اینکر کو آج 2 روز بعد رہا کیا گیا۔
طلوع نیوز کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ان صحافیوں کو طالبان کی جانب سے غیرملکی ڈراموں کو نشر نہ کرنے کے حکم کی خبر کو بریک کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دوسری جانب طالبان کی خفیہ سروس نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ وہ کسی کو بھی اسلامی اصولوں کی خلاف ورزی اور افغان عوام کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کچھ میڈیا ہاؤسز شر پسند اور شیطانی عناصر کے ہاتھوں میں کھیل کر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ایسے میڈیا ہاؤسز اپنا قبلہ درست کرلیں

چین میں وبا پر قابو پانے کے دعوے کے باوجود کورونا سے 2 ہلاکتیں

کورونا وائرس کی جائے پیدائش چین میں ایک سال بعد 2 افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے شکار 2 مریض دوران علاج جان کی بازی ہار گئے۔ چین میں ایک سال سے زائد عرصے بعد کورونا سے پہلی بار ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی عمریں 60 سال کے لگ بھگ ہے۔ چین میں اس وقت کورونا سے 30 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں تاہم سب میں معمولی علامات ہیں۔ 2 افراد کی ہلاکت کے بعد چین میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 638 ہوگئی ہے۔
چند روز قبل ہی چین کے ٹیکنالوجی کے حب شینزین میں کورونا میں یومیہ کیسز میں اضافے کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس سے ایک کروڑ سے زائد آبادی گھر میں قید ہوکر رہ گئی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سب سے پہلے چین میں 2019 کو سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ مہلک وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا اور اب تک مجموعی طور پر 60 لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔