All posts by Khabrain News

حکومت پہلے دن سے ناکام ہے، آصف زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت تو پہلے دن سے ہی ناکام ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تو صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت فنانس بل پر ناکام ہو گی؟ جس پر سابق صدر نے کہا کہ حکومت تو پہلے دن سے ناکام ہے۔
یوریا کھاد کے بحران پر آصف علی زرداری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یوریا کھاد کی بوری کی قیمت کم ہونی چاہیئے لیکن حکومت نے غریب عوام اور کسانوں کی کمر توڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت اور زراعت کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے لیکن پیپلز پارٹی کسانوں اور غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

کراچی کو سمارٹ سٹی ڈکلیئر کرنا ہوگا: گورنر سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہر گلی میں پولیس اہل کار کو کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو سمارٹ سٹی ڈکلیئر کرنا ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کراچی جیسا شہر سمارٹ سٹی بنے بغیر کنٹرول نہیں ہو سکتا، جتنا جلد کراچی کو سیف سٹی ڈکلیئر کریں گے اتنا اچھا ہوگا۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ گلی گلی میں پولیس والے کو کھڑا کر دیں، پیپلز پارٹی کو چاہیے کراچی کو جلد از جلد اسمارٹ سٹی بنائیں۔
عمران اسماعیل نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ساڑھے 3 سال ہوگئے جبکہ یہ ساڑھے 3 ماہ میں ہی کہتے تھے کہ حکومت آج گئی کل گئی، لیکن اپوزیشن میں دم ہے نہ ہی پی ڈی ایم میں۔
گورنر سندھ نے کہا ہم نے پہلے بھی تاریخیں دیکھی ہیں، پی ٹی آئی 5 سال پورے کرے گی بلکہ دوبارہ بھی آئے گی، آج پاکستان جس حالت میں اس کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دور میں پیسہ لوٹا گیا، جس کی وجہ سے ہمیں چند ارب روپے کی خاطر آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔ اب یہ بے شرموں کی طرح کہتے ہیں کہ عمران خان نے مہنگائی کر دی ہے، جب کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہے امریکا میں 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔

مریم نے پرویز رشیدکی قیمہ نان کھاتے ہوئے تصویر شیئرکردی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی کے سینیئر رہنما پرویز رشید کی قیمہ نان کھاتے ہوئے تصویر شیئر کردی۔
ٹوئٹر پر مریم نواز نے تصویر پوسٹ کی ہے جس میں مریم نواز کے ساتھ گاڑی میں موجود پرویز رشیدکھانا کھا رہے ہیں۔
مریم نے ازراہ تفنن تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پرویز رشید لاہوری کھانا قیمہ نان کھا رہے ہیں، مریم نے مزید لکھا کہ بہت اچھے، پرویز رشید صاحب، مزے کریں۔

ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کی خبریں میڈیا گروپ کے ہیڈ آفس آمد امتنان شاہد سے ملاقات

لاہور (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے  خبریں میڈیا گروپ کے ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا اورچیف ایڈیٹر خبریں، سی ای او چینل فائیو  امتنان شاہد سے ملاقات کی،

شعیب اختر کی والدہ کا انتقال، تعزیت کیلئے شہباز شریف گھر پہنچ گئے

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی والدہ کی وفات پر ان کے گھر گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے گھر کا دورہ کیا اور ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
شہباز شریف نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ شعیب اختر نے تعزیت کے لئے آمد پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
لیگی صدر نے شعیب اختر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا عظیم اور پیارا رشتہ سانجھا ہوتا ہے، آپ کے غم کو سمجھ سکتا ہوں۔

ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں کی اکثریت پاکستان کا دورہ کرے گی: پیٹ کمنز پُرامید

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں کی اکثریت پاکستان کا دورہ کرے گی، تاہم اگر کوئی کھلاڑی دورے پر نہ جائے تو کپتان اس بات کو سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ کینگروز ٹیم نے رواں برس مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، جس میں مہمان ٹیم تین ٹیسٹ میچز، 3 ون ڈے اور ایک ٹی20 میچ کھیلے گی۔
شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 3 مارچ سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہونا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز 12 مارچ سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیمیں 21 مارچ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں پہلا ون ڈے 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ دو اپریل کو کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کا واحد ٹی20 میچ 5 اپریل کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کِرک انفو کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے 3 مارچ سے کراچی میں ٹیسٹ میچ سے شروع ہونے والے دورہ پاکستان کے لیے ابھی کھلاڑیوں کی حتمی رائے طلب نہیں کی۔
تاہم سلیکٹرز نے آئندہ دو مصروف مہینوں کے حوالے سے پلان ترتیب دینا شروع کردیا ہے، اس دوران آسٹریلیا، پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ اور ٹی20 سیریز اور سری لنکا کے خلاف پانچ ٹی20 میچز کھیلے گا جس کے بعد دورہ پاکستان اور پھر آئی پی ایل ہوگا۔ کھلاڑیوں اور سٹاف ممبرز کو 1998 کے بعد پہلے دورہ پاکستان اور وہاں سکیورٹی کی صورت حال پر ابتدائی بریفنگ دی جاچکی ہے۔
کینگروز ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ اس حوالے سے تھوڑا کام باقی ہے۔ تاہم ابھی تک حقیقتاً مثبت نظر آرہا ہے۔ پی سی بی نے دورے کے حوالے سے شاندار اقدامات کیے ہیں۔ دورے کو ترتیب دیا جارہا ہے، میں سب کے بارے میں سوچتا ہوں، اگر کچھ کھلاڑی نہ جانے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو کوئی بات نہیں کہ وہ وہاں نہیں ہوں گے، اس حوالے سے مزید کچھ معلومات اکٹھی کرنا ہیں۔
پیٹ کمنز کو بائیو ببل کے حوالے سے تحفظات ہیں، وہ سجھتے ہیں کہ کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے کھلاڑیوں کی آزادی محدود ہوجاتی ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر حزب اختلاف کا احتجاج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر حزب اختلاف کی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر حزب اختلاف کی جماعتوں کے احتجاج کے باعث مین گیٹ کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا تاہم حزب اختلاف کے کارکنان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پہنچے اور حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر مظاہرین سے خطاب بھی کیا۔
اس سے قبل شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا ہر روز ایک نیا حادثہ بتاتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ گندم، کبھی آٹا، چینی تو کبھی کھاد اور پٹرول کے بحران گھوم گھوم کر قوم پر نازل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی قانونی وانتظامی ذمہ داری ہے لیکن اگر بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی، پہلے سے خبردار کررہا ہوں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کردے گی
جے یو آئی کے رہنما مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ہم عوام کے حق کی جنگ ہر پلیٹ فارم پر لڑیں گے اور ہم اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ملک کا معاشی نظام آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ منی بجٹ پاس کروا لیں گے۔ چھوٹی گاڑیوں، نمک، مرچ، ڈبل روٹی اور دودھ پر ٹیکس ختم یا کم کر رہے ہیں۔ فنانس بل میں بچوں کے دودھ پر لگایا گیا ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔

مریم نواز کی بلال یاسین کی عیادت کیلیے رہائشگاہ آمد

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین کی عیادت کے لیے ان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین کے ساتھ ملاقات کے دوران مریم نواز نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، انہوں نے قائد مسلم لیگ ن کی طرف سے صحتیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
بلال یسین نے عیادت کیلئے مریم نوازشریف کی آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ بلال یاسین نے جس طرح نواز شریف سے وفاداری نبھائی وہ بہت سے لوگوں کیلئے مثال ہے جو لوگ پارٹی نظریے کے ساتھ ٹھہرے رہیں وہ نایاب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی دنیا بھر کو نظر آرہی ہے، سانحہ مری میں لوگ برف باری سے نہیں بلکہ انکی بے حسی اور نااہلی سے مرے ہیں، خاندانوں کے خاندان وفات پاگئے، حکمران ہیٹر چلا کر گھروں میں سوتے رہے، عوام کی مدد کیلئے چھتیس گھنٹے کوئی نہیں پہنچا، لوگوں کو خود معلوم ہے سچ کیا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کو عوام کے کہنے پر چلنا چاہئے۔

مشترکہ مفادات کونسل نے 7 ویں مردم شماری کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں 7 ویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان کی صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 49 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزرائے اعلٰیٰ، وفاقی وزراء کے علاوہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، چیئرمین نادرا، چیف کمشنر اسلام اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے مطالبات کے مطابق کونسل کے اجلاسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا، مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کے انعقاد کی منظوری دے دی جبکہ کونسل نے مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ مردم شماری سے قبل خانہ شماری کرائی جائے گی، کمیٹی مردم شماری کی سرگرمیوں کی نگرانی کریگی، مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جی آئی ایس مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس نے مالی سال 2020-21 کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ رپورٹ کی منظوری دی، مالی سال 2020-21 کے دوران مجموعی طور پر 6 اجلاس منعقد، 21 ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا، مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان موثر رابطہ کاری میں سہولت فراہم کرے گا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اجلاس میں کراچی کے لیے پانی کی اضافی ضروریات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور سیاسی اور تکنیکی سطح پر صوبوں کے موقف اور پانی سے متعلق مسائل پر مفاہمت کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی کراچی کے لیے پانی کی اضافی ضروریات کے معاملے کو دیکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت مردم شماری کا قابل اعتبار ڈیٹا رکھنا چاہتی ہے، یہ ڈیٹا شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے پالیسیوں اور منصوبوں کو شروع کرنے کے لیے استعمال ہوگا۔
وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام پر کونسل کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مستقل سیکرٹریٹ کا قیام وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے، وفاقی حکومت تمام وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قومی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم منی بجٹ کی منظوری کے سوال پر مسکرادیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے منی بجٹ کی منظوری سے متعلق صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا اور صرف مسکرادینے پر اکتفا کیا۔
قومی اسمبلی میں منی بجٹ کی منظوری کےلیے اجلاس جاری ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکمراں جماعت تحریک انصاف کو منی بجٹ کی منظوری کے معاملے میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری طرف حکومت کو اپنی عددی اکثریت پر بھروسہ ہے۔
وزیراعظم اجلاس میں شرکت کےلیے پارلیمنٹ پہنچے تو صحافی نے پوچھا کہ وزیراعظم صاحب کیا منی بجٹ پاس ہو جائے گا؟۔ عمران خان سوال کا جواب دینے کے بجائے مسکرا کر چل دیے۔