All posts by Khabrain News

آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا، پرویز خٹک کی عمران خان پر شدید تنقید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں گیس بحران کے معاملے پر پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران گیس کے معاملے پر حماد اظہر اور پرویز خٹک کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے۔ جس کے بعد وزیر دفاع اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
اجلاس کے دوران پرویز خٹک اور وزیراعظم عمران خان بھی آمنے سامنے آئے، وزیردفاع نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم پر بھی تنقید کی۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔
اسی دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر آپ مجھ سے سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔ مجھے بلیک میل مت کرو، ووٹ نہیں دینا تو مت دو، میرے کوئی کارخانے نہیں ہیں، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا ،میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں، مجھے کوئی حکومت کا شوق نہیں، میری جنگ ملک کے مفاد کی جنگ ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ٹی وی دیکھ کر حیران ہو گیا کہ اتنا بڑا طوفان کھڑا کردیا گیا ہے، آپ لوگوں نے اتنا بڑا ہنگامہ کردیا، میڈیا کو کہتا ہوں اس کو روکے، میں سگریٹ پینے باہر گیا تھا، ہمارے صوبے میں گیس کا مسئلہ ہے، میرا سوال تھا ہماری گیس کی سکیمیں نہ روکی جائیں، ہماری اندرونی باتیں ہیں، پارٹی میں ہر طرح کی بات ہوتی ہے، ہم نے کوئی سخت بات نہیں کی، درخواست کی ہے کہ اسکیمیں نہ روکی جائیں، میں وزیراعظم کے خلاف نہیں، نہ ہو سکتا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو اپنے چیمبر میں طلب کرلیا اور پرویز خٹک سے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ہونے والی گفتگو پر بات چیت کی، اس دوران وفاقی وزیر عمر ایوب بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ اجلاس میں اراکین نے گیس سے متعلق سوالات کئے، اراکین کو سوالات پر مطمئن کرنے میں کامیاب رہا، وزیراعظم نے بتایا کہ ملک میں گیس کے ذخائر کم ہورہے، باہر سے گیس منگواکر گھریلو ضروریات پوری کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ایم کیو ایم نے منی بجٹ میں ٹیکس ترامیم پر گفتگو کی، اور مطالبہ کیا کہ بنیادی اشیاء ضروریہ پر ٹیکس نہ لگائیں، جس پر وزیراعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے، کوئی ایسا اضافی ٹیکس نہیں لگائیں گے جس سے عوام پر بوجھ پڑے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نور عالم نے بھی سخت سوالات کرئے ہوئے پوچھا کہ کیا سٹیٹ بینک کی خود مختاری سے سلامتی ادارے تو متاثر نہیں ہوں گے؟ کیا ہم سلامتی اداروں کے اکاونٹ کی تفصیلات بھی آئی ایم ایف کو دیں گے؟ کیا منی بجٹ سے ہمیں گیس پانی بجلی ملے گا؟
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، سلامتی اداروں کا تحفظ ہر صورت یقینی اور پہلی ترجیح ہے۔

بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے، پاکستان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے متنہہ کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچاسکتا ہے۔
اپنی ہفتہ بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے دوست ممالک کو آگاہ کردیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے، عالمی برادری بھارتی عزائم کا نوٹس لے، پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور دوستانہ ہمسائیگی کا خواہاں ہے، تاہم دونوں ممالک کے مابین معنی خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کاُ سلسلہ جاری ہے، پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر بحیثیت اہم فریق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو انتہائی خطرناک نہج پر لیجا رہا ہے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتا رہے گا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے خلاف مظالم کو نوٹس لے، مودی سرکار بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے۔
ترجمان نے بتایا کہ چین کی قیادت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 3 سے 5 فروری کو بیجنگ جائیں گے، وزیراعظم چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، پاکستان اور چین کے مابین سی پیک سمیت تمام امور پر گفتگو کی جائے گی

وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس،پی ٹی آئی و اتحادی ارکان شریک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہے۔ پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان شریک ہیں۔ منی بجٹ کی منظوری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا۔
ادھر مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ن لیگ گھبراہٹ کا شکار ہے، یہ جانتے ہیں نواز شریف کی واپسی پر جیل تیار ہے، اپوزیشن مقدمات سے توجہ ہٹانے کیلئے شور شرابہ کر رہی ہے، یہ ایک دوسرے کیخلاف لانگ مارچ کریں گے۔ ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہےکہ ٹیکس نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، امیروں پر ٹیکس لگا کر فوائد غریبوں تک پہنچائیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کا کہنا ہے ہمارے نمبرز پورے ہیں، ایجنڈے پر موجود تمام بلز منظور کرائیں گے، اپوزیشن روتی دھوتی رہ جائے گی، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری نے کہا ہے کہ عوام کے استعمال کی چیزوں پر ٹیکس نہ لگایا جائے، حکومت کوئی درمیانی راستہ نکالے۔ کشور کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے صرف موجودہ حکومت نے نہیں لیے بطور ایم این اے ہماری تنخواہیں کم ہیں۔ جب ہمارا گزارہ نہیں ہو رہا تو نچلے طبقے کا کیسے ہوگا،

نئے بلدیاتی قانون کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت کو نوٹس

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی ترمیمی قانون 2021 کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر سندھ حکومت، چیف سیکریٹری اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔
ہائیکورٹ میں بلدیاتی ترمیمی قانون 2021 کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ترمیمی قانون آئین کیخلاف ہے کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے حکومت، چیف سیکریٹری سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ 2021 کو چیلنج کیا ہے۔

سنی لیون کی نئی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی معروف اداکارہ سنی لیون کی نئی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
سنی لیون ان دنوں اپنی فیملی کے ہمراہ مالدیپ میں چھٹیاں گزار رہی ہیں۔ اداکارہ سوشل میڈیا اور خاص کر انسٹاگرام پر کافی متحرک رہتی ہیں۔
اداکارہ کی حالیہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر سب کی توجہ حاصل کرلی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سنی لیون سمندر کنارے بیٹھی ہیں اور ان کے اردگرد شارک مچھلیاں ہیں۔
ویڈیو دیکھ کر مداحوں کو اپنی پسندیدہ اداکارہ کی فکر لاحق ہوگئی۔ اسی وجہ سے بہت کم وقت میں سنی لیون کی ویڈیو کو ہزاروں مداحوں نے دیکھا اور اس پر تبصرہ کیا۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے سنی لیون نے لکھا کہ میں اس مقام سے پیار کرتی ہوں، جنگلی حیات کو محفوظ بنائیں۔ اداکارہ نے شارک کے گرد بیٹھنے کے تجربے کو ’شاہانہ‘ قرار دیا۔

سنجے دت نے فلم ’’کے جی ایف2‘‘ میں باڈی ڈبل استعمال کرنے سے انکار کردیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے فلم ’’کے جی ایف2‘‘ میں باڈی ڈبل استعمال کرنے سے انکار کردیا۔
بالی ووڈ کے منا بھائی ویسے تو ہر طرح کا کردار ادا کرنے کے لیے مشہور ہیں لیکن ایکشن میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔ ان کے کریڈٹ میں کئی یاد گار ایکشن فلمیں ہیں۔ اور اب وہ اپنی اگلی فلم میں بھی دھماکے دار ایکشن دکھانے والے ہیں۔
سنجے دت فلم ’’کے جی ایف چیپٹر2‘‘ کے ذریعے کناڈا فلموں میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں جس میں وہ ایک سپر ولن ’ادھیرا‘ کا کردار ادا کریں گے۔ سنجے دت نے اس کردار کے لیے کئی ماہ کی ٹریننگ لی ہے، جس کے بعد انہوں نے فلم کے یونٹ کو سخت ہدایات کردی ہیں کہ وہ فلم میں اپنے سارے ایکشن مناظر خود ہی فلمائیں گے اور ان سینز کے لیے باڈی ڈبل کا استعمال نہیں کریں گے۔
فلم کے یونٹ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فلم میں کئی ایکشن سینز ہیں۔ جب سنجے دت نے بتایا کہ وہ باڈی ڈبل کے بغیر ایکشن سینز کی عکس بندی کریں گے تو پروڈکشن ٹیم نے انہیں حفاظتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے روکنے کی کوشش کی۔ لیکن سنجے دت نے اپنا موقف برقرار رکھا۔ ان کا خیال ہے کہ اگر انہوں نے ایکشن سینز خود نہیں کیے تو فلم میں ولن ادھیرا کا خطرناک معیار ختم ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ ’’کے جی ایف2‘‘ کے علاوہ سنجے دت کرن ملہوترا کی اگلی فلم میں اداکار رنبیر کپور کے ساتھ نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ وہ اکشے کمار اور سونو سود کے ہمراہ بھی فلم میں کام کررہے ہیں۔

’قریبی ساتھی آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں؟‘، صحافی کے سوال پر وزیراعظم خاموش

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کےدرمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

قومی اسمبلی میں منی بجٹ ان دنوں زیر بحث ہے اور ضمنی مالیاتی بل کی منظوی سے قبل ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں معاملہ مزید بگڑ گیا، پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔

اجلاس کے بعد جب وزیراعظم جانے لگے تو میڈیا نے ان سے سوال کیا کہ آپ کےقریبی ساتھی آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

صحافی کے سوال پر وزیراعظم عمران خان خاموش رہے البتہ ان کے ساتھ موجود وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پلٹ کر صحافی سے ہی پوچھ لیا کہ کون سے ساتھی؟

مقبوضہ کشمیر میں حکام صحافیوں کو بڑے پیمانے پر ہراساں کر رہے ہیں، ہیومن رائٹس واچ

انسانی حقوق کے عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں صحافیوں کو حکام کی طرف سے بڑے پیمانے پر دھمکیوں اور خوف و ہراساں کا سامنا ہے جس میں دہشت گردی کے الزامات کے تحت چھاپے اور گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹ 2022جس میں 2021کے واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے کہا کہ بھارتی پولیس نے گزشتہ برس ستمبر میں چار کشمیری صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور ان کے فون اور لیپ ٹاپ ضبط کر لیے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس جون میں آزادی اظہار کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اور صوابدیدی حراست پر ورکنگ گروپ نے جموں و کشمیر کی صورتحال کو کور کرنے والے صحافیوں کی حراست اور دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ستمبر 2021 میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی وفات کے بعد بھارت نے ان کے جنازے میں بڑے پیمانے پر لوگوںکی شرکت کو روکنے کے لیے دو دن کے لیے تقریباً مکمل بلیک آؤٹ نافذ کیا۔

 سید علی گیلانی کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ انہیں آخری رسومات ادا کرنے کا حق نہیں دیا گیا۔

گزشتہ برس جولائی میںاقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چار ماہرین نے بھارتی حکومت کو خط لکھ کر محمد اشرف خان صحرائی کی دوران حریت وفات کی تحقیقات پر زور دیا تھا جنہیں جولائی 2020 میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔

گزشتہ برس مارچ میںاقوام متحدہ کے پانچ ماہرین کے نے بھارتی حکومت کو خط لکھ کر کشمیری سیاست دان وحید پری کی نظربندی، ایک دکاندار عرفان احمد ڈار کی حراست میں قتل اور نصیر احمد وانی کی جبری گمشدگی کے بارے میں معلومات طلب کیں۔

 انہوں نے جابرانہ اقدامات اور مقامی آبادی کے خلاف بنیادی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ دھمکیوں، تلاشیوں اور ضبطیوں کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ کہ فروری 2021 میں بھارتی حکومت نے بالآخر مقبوضہ جموں و کشمیر میں 18 ماہ سے نافذ انٹرنیٹ بندش ختم کر دی جو نئی اگست 2019 میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد نافذ کی گئی تھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کالا قانون آرمڈ فورسز ایکٹ جو مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں نافذ العمل ہے بھارتی فورسز اہلکاروں کو استثنیٰ فراہم کرتا ہے

منی لانڈرنگ کیس میں حریم شاہ کے خلاف ایک اور نوٹس

کراچی: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو بنانے اور پھر اس سے انکار کرنے پر نوٹس لیا ہے۔
گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے حریم شاہ کی ایک ویڈیو پر نوٹس لیا تھا جس میں حریم شاہ کہہ رہی تھیں کہ انہوں نے ایک بھاری رقم پاکستان سے لندن منتقل کی ہے لیکن انہیں کسی نے کچھ نہیں کہا۔
ایف آئی اے نے حریم شاہ کی اس ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایف آئی اے کے اس فیصلے کے بعد حریم شاہ اچانک اپنی بات سے مکر گئیں اور کہا کہ انہوں نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی ہے بلکہ انہوں نے تو وہ ویڈیو ’’مذاق‘‘ میں بنائی تھی۔
حریم شاہ کی جانب سے منی لانڈرنگ کا اعتراف کرنے اور پھر بعد میں اپنی ہی بات سے مکر جانے پر ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے ٹک ٹاکر کے خلاف ایک اور نوٹس لے لیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے حریم شاہ کی منی لانڈرنگ کے جرم کے اعتراف اور بعد میں اسے ’’تفریحی ویڈیو‘‘ قرار دیتے ہوئے انکار کرنے کی ویڈیوز کا نوٹس لے لیا ہے۔
عمران ریاض نے کہا یہ سائبر اسپیس کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کی تضحیک کرنے، خلل ڈالنے اور انہیں بدنام کرنے کا عمل ہے۔ اور یہ سائبر اسپیس میں منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا حریم شاہ کے خلاف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں انکوائری درج کرلی گئی ہے۔ اور حریم شاہ کے موقف کی وضاحت کے لیے انہیں باضابطہ نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیٹ پر وائرل ہو نے والی ویڈیو میں حریم شاہ نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار بھاری رقم لے کر لندن پہنچ گئیں ہیں اور انہیں پاکستان کے ایئرپورٹ پر کسی نے نہیں روکا اور نہ روک سکتا ہے۔ ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون صرف غریب کے لیے ہے۔

ہر ماہ بجلی مہنگی کرکے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے، فریال تالپور

پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ ہر ماہ بجلی مہنگی کر کے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل کا وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں فریال تالپور، صوبائی صدر نثار کھوڑو، وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ کے وزراء نے شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کونسل اجلاس میں اسلام آباد سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں 27 فروری کو مزار قائد سے لانگ مارچ کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

فریال تالپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس حکومت کی مہنگائی، بے روزگاری، ٹیکسز کی بھرمار سے بیزار ہوچکی ہے، ہر ماہ بجلی مہنگی کر کے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوریا کھاد کے بحران سے گندم کی فصل بہت کم ہوگی جس سے ایک اور بحران جنم لے گا، اس حکومت نے ایسے حالات پیدا کر کے خود عوام کو لانگ مارچ پر مجبور کردیا ہے مارچ میں خواتین بھی بھرپور شرکت کریں گی۔

پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں سے 30 جنوری تک درخواستیں طلب کی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے، پیپلز پارٹی کا اس عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے س نااہل حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی شروعات ہوگی اور اسلام آباد پہنچ کر اپنے مقاصد حاصل کرلیں گے، پیپلز پارٹی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر کے اس پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کو بے نقاب کر کے گھر بھیجے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک سنگین بحران سے دوچار ہے اور پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحران سے نکالے گی، اس بار بھی عوام اور پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان و رہنما آپس کے خلاف ختم کر کے ایک ہو کر آواز بنیں پھر کوئی ہمیں نہیں ہرا سکتا، پیپلز پارٹی ملک بھر بلدیاتی انتخابات سمیت عام انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک میں زراعت کے سیکٹر کے ساتھ ظلم کیا گیا ہے جس وجہ سے کسان مصیبت میں ہیں، کسانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے 21 جنوری 24 جنوری کو ملک بھر میں کسان مارچ ہوگا۔