All posts by Khabrain News

مریضوں کے جگر پر آٹوگراف کرنے والے ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں طبی تاریخ کا ایک عجیب وغریب واقعہ ہوا ہے جس میں ایک ممتاز سرجن کی رجسٹریشن کینسل کی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دورانِ علاج دو مریضوں کے جگر پر اپنا نام یا نام کے الفاظ بطور آٹوگراف کندہ کئے تھے۔
سرجن سائمن بریم ہال کا نام بھی طبی رجسٹریشن سے نکال دیا گیا ہے جس کے بعد وہ مزید کام نہیں کرسکتے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ مریضوں کے جگر کو اپنا برانڈ بنانا چاہتے تھے۔
تفتیش کے دوران سائمن نے اعتراف کیا کہ انہون ںے 2013 میں ایک خاص آرگون بیم مشین سے دو مریضوں کے جگر پر اپنے دستخط کئے تھے۔ یہ واقعہ برمنگھم کوئن ایلزبتھ ہسپتال میں پیش آیا تھا جس میں سائمن نے شعوری طورپر اپنے علاج کو ایک برانڈ بنانے کی کوشش کی۔
اس کے بعد ایک عرصے تک ان کا کیس چلتا رہا اور اب برطانیہ میں میڈیکل پریکٹیشنرز ٹرائبیونل سروس (ایم پی ٹی ایس) نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یہ فعل طبی غفلت اور خودپسندی کو ظاہر کرتا ہے۔ مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سےڈاکٹروں پر عوام کا اعتماد بھی کم ہوا ہے۔
پھر دسمبر 2017 میں سائمن نے اعتراف کیا کہ کام کے دوران انہوں نے دو مرتبہ لوگوں یا مریضوں پر حملے کئے جس کے بعد ان پر 10 ہزار پونڈ کا جرمانہ عائد کیا گیا اور برمنگھم کراؤن کورٹ نے یہ فیصلہ سنایا تھا۔ اس کے بعد 2020 میں ان پر پانچ ماہ اپنے کام سے دور رہنے کی سزا دی گئی تھی۔
اس کے بعد میڈیکل پریکٹیشنرز ٹرائبیونل سروس نے ان پر پابندی کی درخواست عائد کرتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کیا کہ اگرچہ جگر پر آٹوگراف کرنے سے مریضوں کو جسمانی طور پر تو کوئی نقصان نہیں ہوا لیکن اس سے دماغی صدمہ ضرور ہوا ہے۔
اس مؤقف کے بعد سائمن پر رحم کی اپیل مسترد ہوئی اور تمام خدمات کے باوجود ان کا طبی لائسینس منسوخ کردیا گیا ہے اور انہیں فوری طور پر سبکدوش کردیا گیا ہے۔ تاہم عدالت نے اتنا ضرور کہا ہے کہ وہ 28 روز میں اپیل کرسکتے ہیں۔

زیتون کا تیل دل اور دماغ کی حفاظت کرتا ہے، تحقیق

بوسٹن: (ویب ڈیسک) امریکی غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مکھن اور مارجرین کی جگہ زیتون کے تیل کی معمولی مقدار روزانہ استعمال کی جائے تو دل اور دماغ کی بیماریوں کا خطرہ بہت کم رہ جاتا ہے۔
یہ نتیجہ انہوں نے تقریباً ایک لاکھ امریکیوں کی غذائی عادات کا 28 سال تک جائزہ لینے کے بعد اخذ کیا ہے۔
جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ جن خواتین و حضرات نے روزانہ صرف 7 گرام (کھانے کے آدھے چمچے جتنا) زیتون کا تیل اوسطاً استعمال کیا، وہ دل اور دماغ کی مختلف بیماریوں سے زیادہ محفوظ رہے۔
یہی نہیں بلکہ مکھن اور مارجرین کے مقابلے میں زیتون کے تیل کو ترجیح دینے والے افراد میں سرطان (کینسر) سے اموات بھی بہت کم دیکھی گئیں۔
واضح رہے کہ صحت کے حوالے سے زیتون کے فوائد کوئی نئی بات نہیں۔ البتہ یہ پہلی مفصل اور طویل مدتی تحقیق ہے جس میں زیتون کا موازنہ مکھن، مارجرین اور مایونیز وغیرہ سے کرنے کے بعد محتاط نتیجہ حاصل کیا گیا ہے۔
ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول آف پبلک ہیلتھ، بوسٹن کے تحت ہونے والی اس تحقیق سے پتا چلا ہے کہ زیتون کا تیل بالکل بھی استعمال نہ کرنے والوں کے مقابلے میں جن افراد نے روزانہ اوسطاً کھانے کے صرف آدھے چمچے جتنا زیتون کا تیل باقاعدگی سے استعمال کیا تھا، ان میں دل کی کسی بھی بیماری سے موت کا خدشہ 19 فیصد کم تھا۔
علاوہ ازیں ان میں کینسر سے موت کا خطرہ 17 فیصد کم، دماغی و اعصابی بیماری سے موت کا خطرہ 29 فیصد کم، اور سانس کی تکلیف سے موت کا خدشہ 18 فیصد کم تھا۔
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ اگر مکھن اور مارجرین جیسی چکنائیوں کے استعمال میں صرف 10 گرام روزانہ جتنی کمی کرتے ہوئے ان کی جگہ اتنی ہی مقدار میں زیتون کا تیل استعمال کرلیا جائے تو کسی بھی طبّی سبب سے موت کے خطرے میں 8 سے 34 فیصد تک کمی واقع ہوجاتی ہے۔

سائنس فکشن جیسی اڑن کار کی دبئی میں کامیاب آزمائشی پرواز

لندن: (ویب ڈیسک) اس کار کو دیکھ کر آپ کچھ بھی کہیں لیکن یہ بیٹ مین کی گاڑی لگتی ہے اور اپنے جدید ترین ڈیزائن کی بنیاد پر رن وے کے بغیر سیدھا اوپر اٹھنے والے کار ہے جس کی کامیاب آزمائش دبئی میں کی گئ ہے۔
برطانوی کمپنی بیل ویدر نے اسے بنایا ہے اور اس کی نصف جسامت (ہاف اسکیل) ماڈل نے ٹیسٹ فلائٹ میں متوقع نتائج دکھائے ہیں جس کی ویڈیو دیکھ کرآپ خود حیرت میں ڈوب جائیں گے۔ اسے وولر ای وی ٹی او ایل کا نام دیا گیا ہے۔ ماہرین اسے ہائپرکار قرار دے رہے ہیں۔
نصف جسامت پر اڑنے کے باوجود اس نے سائنسدانوں اور انجینیئروں کا دل خوش کردیا ہے ۔ دیکھنے والے اس کے ڈیزائن ار خوبصورتی کے متعرف ہوگئے ہیں۔ نظری طور پر یہ 135 (215 کلومیٹر) میل فی گھنٹہ کی رفتار سے لگ بھگ 3000 فٹ کی بلندی پر جاسکتی ہے۔
ماحول دوست، برق رفتار اور بے آواز وولر کارمکمل طور پر برقی توانائی سے چلتی اور پرواز کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کا اولین نمونہ نومبر 2021 میں تیارہوچکا تھا۔ بس کمپنی بہترموقع کی تلاش میں تھی اور اب اسے دبئی میں اڑا کر اس کی پہلی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ یہ ویڈیو بی ویدر کے آفیشل یوٹیوب اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ہے۔
آٹوموبائل تجزیہ کار ماہرین نے اس کی ڈیزائننگ، افادیت اور کارکردگی کو متاثرکن اور امید افزا قرار دیا ہے۔ ویڈیو میں اسے اوپراٹھتے دیکھا جاسکتا ہے لیکن یہ ہوا میں سیدھی رہنے کی بجائے ادھر ادھر ڈولتی دکھائی دیتی ہے ۔ اس خامی کو شاید اگلے مراحل میں دور کیا جائے گا۔
تکنیکی طور پر وولر ملٹی کاپٹر سواری ہے جس کے پنکھے اس کے ڈیزائن کے اندر چھپائے گئے ہیں۔ لیکن اس میں اضافی پروپلشن کا معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ تاہم ڈیزائن سے دو دونشستی اڑن کار ہے۔ لیکن کمپنی کے مطاق اگلے ڈیزائن میں چار سے پانچ افراد بیٹھ سکیں گے۔ ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد یہ ڈیڑھ گھنٹے تک پرواز کرسکے گی۔
کمپنی نے اس کی کوئی قیمت نہیں بتائی ہے لیکن اتنا ضرور بتایا ہے کہ تجارتی تیاری 2028 میں شروع ہوجائے گی۔

ملک کی اپنی سیونگ نہیں ہوگی تو بیرونی قرض لینا ناگزیر ہوگا، رضا باقر

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیونگ ریٹ اب بھی بہت کم ہے لہٰذا ملک کی اپنی سیونگ نہیں ہوگی تو بیرون ملک سے قرض لینا ناگزیر ہوگا۔
نٹ شی گروپ اور مارٹن ڈاؤ گروپ کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں 2روزہ دی فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ہے جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر خاص مہمانوں میں شامل تھے۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ گزشتہ دو، تین سال میں پاکستان کی اہم اقدامات کیے گئے ہیں، سب سے پہلے کورونا وباکے حوالے سے کورونا تیزی سے پھیل رہا تھا اس دوران حکمت عملی تیار کی اور سخت معاشی فیصلے لیے گئے اور عوام کی پریشانی کا ادراک کرتے ہوئے عوام کے لیے احساس کیش پروگرام کے ذریعے عوام کو فوری ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیونگ ریٹ اب بھی بہت کم ہے، ملک کی اپنی سیونگ نہیں ہوگی تو بیرون ملک سے قرض لینا ناگزیر ہوگا۔
تقریب کے استقبالیہ میں سابق چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے سمٹ کے ابتدائیہ خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک مثبت سمت پر ہے اور جو لوگ دنیا کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں انھیں چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وبا کے دوران دنیا بند تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن سے اجتناب کیا جس کے نتیجے میں تنقید کا بھی سامنا رہا پھر وقت نے ثابت کیا کے عمران خان نے جو فیصلہ کیا درست تھا۔
چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اپنی انشورنس کمپنیوں کو پی ایس ایکس میں اندراج کرنا ہوگا، سال 2021 میں پی ایس ایکس کی کمپنیوں نے ریکارڈ منافع کمایا ہے جبکہ اسٹاک ایکس چینج میں اصلاحات کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو آسان موبائل اکاونٹ فراہم کرے گی۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس عبداللہ علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت بجلی کی پیداوار صلاحیت طلب سے زائد ہے، اب یہ موقع ہے کہ ہم اپنے پالیسی فریم ورک پر نظرثانی کریں اور ماضی کی پاور پالیسیوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر پالیسیاں بنائی جائیں،فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کے پہلے روز مختلف سیشنز سے ملک کے نامور کارپوریٹ سیکٹر کی شخصیات اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

فرانس: یہود مخالف بیان کا الزام لگا کر مسجد بند کر دی گئی

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں یہود مخالف بیان کا الزام لگا کر مسجد کو بند کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس کے شہر کین میں مسجد کو بند کیا گیا۔ فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینن نے مسجد کی بندش پر کہا کہ کین کی مسجد نے یہود مخالف بیانات دینے کے علاوہ حکومت کی جانب سے کالعدم کی گئی دو تنظیموں کی حمایت کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔
پیرس کے شمالی علاقے کین میں 2 ہفتے قبل امام مسجد کے خطبے کو بنیاد پرست قرار دے کر مسجد کو 6 ماہ کے لیے بند کر دیا گیا۔
سال 2020 میں فرانس کے ایک اسکول میں طالب علموں کے سامنے گستاخانہ خاکے دکھانے والے استاد کا سر قلم کردیا گیا تھا جس کے بعد فرانسیسی صدر نے اس واقعے اور اسی سے متعلق دیگر حملوں کے خلاف فرانسیسی سیکولرازم کی کھل کر حمایت کی اور متنازع بیانات بھی دیے تھے۔
اس وقت فرانس میں مساجد کے خلاف کریک ڈاؤن اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور بنیاد پرستی پھیلانےکے الزام میں متعدد مساجد کو بند کیا گیا ہے۔

آج عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج بیک وقت عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا اور عالمی مالیاتی ادارے (‎آئی ایم ایف) کی غلامی میں آج پارلیمان اور عوام کا قتل کرنے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‎پارلیمانی عمل بلڈوز کر کے 25 بل منظور کرانے پر یہ دن یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور عمران خان آج اپنی لوٹ مار، مافیاز اور اے ٹی ایمز کو این آر او دیں گے۔ عمران خان ججوں کی تقرری کا اختیار اپنے پاس لے کر آئین کی تضحیک کر رہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان آج طاقتور چوروں کو عوام سے لوٹ مار کرنے کا لائسنس دیں گے اور عمران خان آج جمہوریت، آئین اور قانون کے قتل کی تاریخ رقم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ‎فسطائیت کا بلڈزور چلا کر عمران خان قوم پر منی بجٹ مسلط کریں گے۔ ساڑھے 3 سال میں ایک قانون سازی بھی اتفاق رائے سے نہ کرا سکے اور آج پاکستان کا برانڈ بھیک، آئی ایم ایف کی غلامی، مہنگائی اور معاشی تباہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎پارلیمان کے جنگلے گرانے والے پارلیمان کے جمہوری عمل کو روند رہے ہیں اور آج پاکستان میں تاریخ کا مہنگا ترین بجٹ مسلط کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آج قوم کو رلانے کا بندوبست کر رہے ہیں اور ‎آج کے بعد عوام اب صرف ایک خودکشی کی منتظر ہے۔

معمر غریب خاتون اچانک مالدار ہو گئیں

امان: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد اردنی معمر غریب خاتون اچانک مالدار ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی نژاد اردنی معمر خاتون عذرا قدسیہ کفایت اللہ خان غربت اور افلاس سے تنگ آ کر مدد کے لیے سرکاری ادارے پہنچ گئیں اور مدد کی درخواست کر دی لیکن وہاں انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ میں تو اچھی خاصی رقم موجود ہے۔
اکاؤنٹ میں پیسوں کی موجودگی پر خاتون خود بھی حیران رہ گئیں اور ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
خاتون عذار قدسیہ لاعلم تھیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں 2008 سے پنشن کی رقم جمع ہو رہی ہے اور اب ان کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم موجود ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق عذرا قدسیہ 70 کی دہائی میں پاکستان سے اردن ملازمت کے لیے آئی تھیں جہاں وہ ایک اسپتالوں میں دائی کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں اور ریٹائر ہونے کے بعد بھی رضاکارانہ طور پر یہ خدمات انجام دیتی رہیں تاہم صحت کی خرابی کے باعث اب ان کے کام کرنا مشکل ہو گیا تھا۔
ریٹائر ہونے کے بعد اردن کی حکومت نے معمر خاتون کو ان کی 50 سالہ خدمات کے اعتراف میں شہریت دے دی تھی تاہم عذرا قدسیہ کو یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ ان کی پنشن ہر مہینے بینک اکاؤنٹ میں آ رہی ہے۔ انہیں اردن کے پینشن سسٹم کا علم ہی نہیں تھا۔
دو روز قبل انہوں نے اردن کے صوبے المفرق کے حکام سے رابطہ کیا اور مدد کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ اب میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہی ہوں اور صحت کی خرابی کے باعث مزید کام کرنے کی ہمت نہیں رہی۔ اس لیے گزر بسر کے لیے مدد کی جائے۔
درخواست جمع ہونے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ سال 2008 سے ان کے اکاؤنٹ میں باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ پنشن آ رہی ہے اور اب وہ رقم اتنی ہے کہ وہ انتہائی اچھی زندگی گزار سکتی ہیں۔
حکام نے معمر خاتون کو بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 45 ہزار اردنی دینار جمع ہیں۔

شہباز شریف کیخلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کیخلاف درخواست خارج

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کیخلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے بد نیتی پر تحقیقات شروع کیں، جیل میں شامل تفتیش بھی کیا گیا، تحقیقات میں اب تک شہباز شریف کا کوئی بے نامی اکاؤنٹ سامنے نہیں آیا، ایک ہی معاملے کی دو انویسٹی گیشن ایجنسیز تحقیقات نہیں کر سکتیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نیب کا معاملہ دیکھے بغیر کیسے کہہ سکتے ہیں کہ معاملہ ایک ہی ہے۔ وکیل شہباز شریف نے درخواست نئے سرے سے دائر کرنے کیلئے واپس لے لی۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

پڑھے لکھے فنکاروں نے مقابلے کا رجحان بڑھا دیا: مریم نور

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ مریم نور شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں پڑھے لکھے فنکاروں کے آنے سے مقابلے کا رجحان بڑھ گیا ہے اور اب اپنا نام بنانے کیلئے کڑی محنت درکار ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پرانے دور میں بہت عظیم فنکار گزرے لیکن اس وقت مقابلے میں بہت کم لوگ ہوتے تھے اور صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملتا تھا، موجودہ دور میں مقابلہ بہت سخت ہے اور خود کو ثابت کرنے کیلئے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ ایک ناقص پرفارمنس آپ کو مقابلے کی ڈور سے باہر کرسکتی ہے، میں کسی بھی آفرکو قبول کرنے سے پہلے سکرپٹ ضرور پڑھتی ہوں۔

کیا اومیکرون ہر شخص تک پہنچے گا ؟

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ میں وبائی امراض کے اعلیٰ ترین ماہر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا ویریئنٹ اومیکرون ہر شخص تک پہنچے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کے چیف میڈیکل ایڈوائزر اور ماہر وبائی امراض انتھونی فاؤچی نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اومیکرون ویریئنٹ منتقلی کی غیر معمولی صلاحیت کے ساتھ ہر شخص تک پہنچے گا۔
امریکی سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا اس وائرس کو ختم کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے کیونکہ یہ تیزی سے پھیلتا ہے اور اس میں نیا ویرینٹ بننے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک ممکنہ طور پر اومیکرون میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گا تاہم امید ہے آبادی میں اس کے خلاف تحفظ ممکن ہو گا اور ادویات بھی موجود ہوں گی تاکہ اگر کسی پر وائرس کے اثرات آ بھی جائیں اور وہ شدید خطرے سے دوچار ہو تو علاج کرنا بھی آسان ہو۔
ماہر وبائی امراض نے کہا کہ شاید اب ہم اس مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جہاں عالمی وبا کے حوالے سے ہم تبدیلی کے دہانے پر خود کو کھڑا پائیں۔